Home » کھیل » آئی سی سی نے ‘فیڈرر’ کو عالمی نمبر ایک بلے باز قرار دے دیا

آئی سی سی نے ‘فیڈرر’ کو عالمی نمبر ایک بلے باز قرار دے دیا

عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر اور ٹینس کے عظیم ترین کھلاڑی راجر فیڈرر بہترین دوست تصور کیے جاتے ہیں اور عالمی شہرت یافتہ بھارتی بلے باز اپنے دوست فیڈرر کی کرکٹ کی صلاحیتوں کے بھی معترف ہیں۔

دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کو سراہنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، ٹنڈولکر تو کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن فیڈرر کا کیریئر عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ مزید طوالت اختیار کرتا جا رہا ہے اور ٹنڈولکر اپنے دوست کے کھیل کو بھرپور انداز میں سراہتے ہیں۔

راجر فیڈرر ان دنوں سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم ومبلڈن اوپن میں مصروف ہیں اور دفاعی چیمپیئن عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے کوارٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

تاہم پری کوارٹر فائنل میچ میں ایڈرین منارینو کے خلاف میچ میں فیڈرر نے ایک شاٹ کھیلا جسے ٹنڈولکر ٹوئٹ کیے بغیر نہ رہ سکے۔

فیڈرر کا شاٹ کورٹ کے باہر گرنے کے سبب منارینو کو پہلے ہی پوائنٹ ملا چکا تھا اور جب ان کے حریف نے ان کی جانب گیند واپس پھینکی تو اس موقع انہوں نے خوبصورت دفاعی شاٹ کھیل کر گیند کو بال بوائے کی جانب کھیل دیا۔

بھارتی بلے باز نے اس شاٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیشہ کی طرح ہاتھ اور آنکھ کا بہترین تعامل، اور راجر فیڈرر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ 9واں گرینڈ سلیم جیت لیں گے تو ہم ٹینس اور کرکٹ پر نوٹس آپس میں شیئر کریں گے۔

ومبلڈن نے بھی اس ٹوئٹ کا نوٹس لیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا کہ ‘اس بہترین فارورڈ دفاعی شاٹ پر فیڈرر کو کتنی ریٹنگ دی جانی چاہیے۔

آئی سی سی نے بھی ٹینس کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس میں سوئس اسٹار کو عالمی نمبر ایک بلے باز قرار دیا گیا۔

دفاع چیمپیئن راجر فیڈر کا کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن سے مقابلہ ہو گا۔

About Admin

Google Analytics Alternative