Home » بین الاقوامی » امریکا میں مسلح شخص نے چار بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی

امریکا میں مسلح شخص نے چار بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی

فلوریڈا: فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں مسلح شخص نے چار بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اورلینڈو کی ایک رہائشی عمارت میں گھریلو تنازعے پر ایک مسلح شخص نے رات گئے ایک خاندان کو یرغمال بنالیا۔ پولیس نے گھر کا محاصرہ کرکے اغوا کار کو ہتھیار ڈالنے کا کہا جس پر مسلح شخص نے پولیس پر فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو زخمی کردیا۔ اور ساری رات اہل خانہ کو یرغمال رکھنے کے بعد صبح سویرے چار بچوں کو قتل کرکے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کردیا۔

گھر کے اندر سے گولیاں چلنے کی آوازیں آنے کے بعد پولیس گھر میں داخل ہوئی تو چار بچوں کی لاشیں زمین پر پڑی تھیں جن کی عمریں 1 سال، 6 سال، 10 سال اور 11 سال کے لگ بھگ ہیں جب کہ مسلح شخص کی لاش بھی قریبی کمرے میں موجود تھی۔ پولیس نے مذکورہ شخص کا موبائل اور اسلحہ ضبط کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گھر کی مالکن نے مسلح شخص کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہونے کے بعد پولیس کو اطلاع دی تھی کہ اس کے گھر پر قبضہ ہوگیا ہے۔ قتل ہونے والے چار بچوں میں سے دو بچے انہی خاتون کے ہیں جب کے دیگر دو بچوں کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ قاتل کے بچے تھے۔

About Admin

Google Analytics Alternative