Home » تازہ ترین » آرمی چیف کی ہدایت پر شمالی وزیرستان میں جرگہ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی شرکت

آرمی چیف کی ہدایت پر شمالی وزیرستان میں جرگہ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی شرکت

آرمی چیف کے حکم پر شمالی وزیرستان میں مقامی افراد کے روزگار کی بحالی سے متعلق عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر اور دیگر نے شرکت کی ہے۔

پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کے مطابق ایجنسی کے صدر مقام میرانشاہ میں مقامی عمائدین کے جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، جی او سی شمالی وزیرستان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا اور پولٹییکل ایجنٹ، صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ سمیت تاجروں رہنماؤں نے شرکت کی۔

جرگے میں شمالی وزیرستان ایجنسی کے متاثرہ دکان داروں کے معاوضے کے معاملے کو زیر غور لایا گیا جب کہ مالی نقصان کے تخمینے کے لیے پولیٹیکل ایجنٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، نقصان کے ازالے تک کمیٹی ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے گی۔

جرگہ آرمی چیف کی ہدایت پر منعقد ہوا، میجر جنرل آصف غفور

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ یہ جرگہ آرمی چیف کی ہدایت پر منعقد ہوا، روزگارکی بحالی کے لیے دکانوں کے اندر سامان کا مسئلہ تھا، ایسا کوئی بھی مسئلہ نہیں جو بات چیت کے ذریعے حل نہ ہوسکے، ریاست، حکومت اور سیکیورٹی فورسز سے زیادہ کوئی اور مسائل کے حل کے لیے فکر مند نہیں ہو سکتا۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ پاک فوج نے آپریشنز پلاننگ کے تحت کیے پہلے مرحلے میں علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنا تھا، قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کر قیام امن کے لیے بڑی قربانیاں دیں اور ان ہی قربانیوں کے باعث فاٹا میں امن قائم ہوا۔

About Admin

Google Analytics Alternative