Home » بین الاقوامی » جوہری معاہدے کی توثیق کیلئے ایران کا عالمی برادری سے رابطہ

جوہری معاہدے کی توثیق کیلئے ایران کا عالمی برادری سے رابطہ

بیجنگ: ایرانی وزیر خارجہ محمد جاوید ظریف نے امید ظاہرکی ہے کہ چین اور دیگر ممالک کا دورہ، تہران کے ساتھ جوہری معاہدے کو قائم رکھنے کے لیے مثبت ثابت ہوگا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین میں اپنے ہم منصب وینگ یو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تہران ‘تمام ممکنہ امور کے لیے تیار’ ہے۔

نیم سرکاری نیوز ایجنسی آئی ایس این اے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ‘اگر جوہری معاہدہ جاری رہا تو ایرانی عوام کے مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا’۔

واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اتحادی ممالک کی تجاویز اور مشوروں کو رد کرتے ہوئے 8 مئی کو ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا جو 2015 میں اس وقت کے امریکی صدر باراک اوباما نے دیگر عالمی طاقتوں بشمول برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی، روس اور امریکا کے مابین طے پایا تھا۔

معاہدے میں شامل دیگر ممالک کی جانب سے امریکی صدر کے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، اس حوالے سے بیان دیتے ہوئے یورپی یونین کی سفارتکار فیڈریکا نے کہا کہ یورپی ممالک ایران سے کیے گئے جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کرتا رہے گا اس وقت تک یورپی یونین کی جانب سے بھی معاہدے کے نفاذ کی پاسداری کی جاتی رہے گی۔

امریکا کی جانب سے جوہری معاہدہ منسوخ کیے جانے پر چین اور روس سمیت یورپی ممالک نے برہمی کا اظہار کیا۔

گزشتہ روز امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے یورپی ممالک کے ساتھ مل کر تہران کے ساتھ نیا جوہری معاہدہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے ملاقات کے بعد ‘مربوبط حکمت عملی پر مشتمل شراکت داری’ پر اتفاق رائے کا اظہار کیا تھا۔

اس حوالے سے چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘ہمیں امید ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کا مختلف مملک کا دورہ، ایران کے جائز مفاد، خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگا’۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ‘انتہاپسند انتظامیہ’ نے جوہری معاہدہ منسوخ کیا لیکن عالمی برادری نے معاہدے کو ضروری قرار دیا جو یقیناً سفارتی فتح ہے’۔

About Admin

Google Analytics Alternative