Home » تازہ ترین » شریف فیملی کی شوگر ملز ہٹانے کے خلاف اپیلیں مسترد

شریف فیملی کی شوگر ملز ہٹانے کے خلاف اپیلیں مسترد

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شریف فیملی کی شوگر ملز ہٹانے کے فیصلے کے خلاف اپیلیں خارج کردیں۔

سپریم کورٹ میں شریف فیملی کی شوگر ملز واپس منتقل کرنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے حسیب وقاص، اتفاق اور چوہدری شوگر ملز کو دو ماہ میں واپس اپنے پچھلے اور اصل مقام پر منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے شریف خاندان کی اپیل مسترد کردی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ مالکان نے پاور پلانٹ کا کہہ کر شوگر ملیں لگادیں، یہ تو عدلیہ اور حکومت کے ساتھ فراڈ تھا، 2006 میں جنوبی پنجاب میں شوگر مل بنانے پر مکمل پابندی تھی، پابندی والے علاقے میں شوگر مل منتقل کرنا بھی نئی مل لگانے کے مترادف ہے۔

عدالت نے عبداللہ شوگر مل سے متعلق اپیل منظور کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین متفق ہیں کہ عبداللہ شوگر مل کبھی دوسری جگہ منتقل نہیں ہوئی، ہائی کورٹ نے حقائق جاننے میں غلطی کی ہے۔ عدالت نے عبداللہ شوگر مل کی حد تک لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ شریف خاندان نے اپنی تین شوگر ملز ٹوبہ ٹیک سنگھ سے جنوبی پنجاب رحیم یار خان منتقل کی تھیں حالانکہ نئی شوگر ملز لگانے پر پابندی عائد تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ سال شریف خاندان کی شوگر ملوں کی منتقلی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ ان شوگر ملز کو 3 ماہ کے اندر واپس اسی جگہ منتقل کیا جائے جہاں یہ پہلے لگائی گئی تھیں۔

About Admin

Google Analytics Alternative