Home » کالم » وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی

وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی

گیلپ پاکستان کی جانب سے کئے گئے تازہ ترین سروے کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت یعنی58فیصد شہریوں نے عمران خان کی انفرادی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت وزرائے اعلی سندھ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مقابلے بہترین قرار پائے گئے ۔ گیلپ پاکستان نے تازہ ترین سروے میں عوام سے سوال کیا کہ وہ کس صوبے کے وزیراعلی کی کارکردگی سے کتنا مطمئن ہیں ۔ اس سوال کے جواب میں 37 فیصد عوام نے عثمان بزدار، 34 فیصد نے محمود خان، 30 فیصد نے جام کمال اور 27 فیصد نے مراد علی شاہ کے حق میں فیصلہ دیا ۔ سروے کے دوران ووٹوں (بہت اچھا،اچھا اور مناسب)کی مجموعی شرح کے لحاظ سے 60 فیصد پاکستانیوں نے وزیر اعلی پنجاب پر اعتمادکا اظہار کیا ۔ 67 فیصد خواتین اور 58 فیصد مردوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کو اطمینان بخش پایا ۔ نوجوان آبادی کے بڑے حصہ یعنی 65 فیصد نوجوان نے وزیراعلیٰ بزدار کی صلاحیتوں اور پرفارمنس پر پورے اعتماد اور تسلی کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان کرپشن سے پاک پاکستان کا وژن لے کر آئے ہیں ۔ برسوں کی کرپشن ایک دو دن میں ختم نہیں ہوتی ۔ پورے نظام کو بدلنا پڑتا ہے ۔ اقتدار میں بیٹھے کرپٹ لوگوں کو ان کے انجام تک پہنچانا نہایت مشکل کام ہے کیونکہ کلیدی عہدوں پر انہی کے تعینات کیے گئے افراد اب ان کےلئے سہولت کار کا کام سر انجام دے رہے ہیں ۔ پھر بھی عوام نے دیکھا کہ عمران خان نے سابقہ حکمرانوں کی کرپشن کو سب کے سامنے بے نقاب کیا ۔ اسی وجہ سے جہاں عمران خان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے وہاں عوام کا وزیر اعظم پر اعتماد بھی بڑھا ہے ۔ جہاں تک پنجاب کا تعلق ہے تو وزیر اعظم عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب پر پورا اعتماد ہے ۔ عمران خان شروع دن سے انہیں اپنا وسیم اکرم کہتے آئے ہیں ۔ اب یہ وسیم اکرم اپنی بھرپور فارم میں ہیں اور اپنی شاندار باوَلنگ سے جہاں مخالفوں کی وکٹیں اڑارہے ہیں وہاں عوامی مفاد اور بہبود کے کاموں میں چھکے بھی لگا رہے ہیں ۔ ان کے عوامی بھلائی کے کارنامے پورے پنجاب میں پھیل رہے ہیں ۔ ایک عوامی آدمی ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے جنوبی پنجاب اور دیگر ترقی پذیر علاقوں کے مسائل حل کرنے میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ۔ اسی وجہ سے عوام میں ان کی قدر و منزلت بڑھ رہی ہے ۔ پنجاب میں عثمان بزدار کی حکومت نے 9 ماہ میں عوام کی خدمت کی ہے اور ان کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔ یہ بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں ۔ عوام کی خدمت کا مشن لے کر آئے ہیں اور مشن مکمل کر کے ہی دم لیں گے ۔ کام کرنے والے افراد نمائشی منصوبوں اور بلند و بانگ دعووَں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں ۔ وہ سب جانتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی کارکردگی اور چابکدستی کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے ایک ہی دن میں تین اضلاع کے دورے کیے اور رمضان بازاروں ، ہسپتالوں سمیت دیگر پراجیکٹس کا جائزہ لیا ۔ ان کی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ۔ پسماندہ علاقوں کے رمضان بازاروں میں بغیر اطلاع کے پہنچ گئے ۔ وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر شہریوں کا رش لگ گیا ۔ وزیراعلیٰ رمضان بازار میں قائم سستی چینی اور آٹے کے سٹالز پر بھی گئے اور شہری کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان بازاروں میں چینی کا مسئلہ فوری حل ہو جائے گا ۔ اسی سلسلے میں صوبہ بھر میں چینی اور گندم ذخیرہ کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاوَن کیا گیا ۔ چینی اور گندم ذخیرہ کرنیوالوں کے خلاف صوبے کے 12اضلاع میں کارروائی کی گئی ۔ 10روز میں کارروائی کے دوران ذخیرہ کی گئی 1لاکھ60ہزار من چینی اور 25لاکھ من گندم قبضے میں لے لی گئی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب آئے روز مختلف شہروں میں جا کر ہسپتالوں کے دورے کرتے ہیں ۔ مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں وزیراعلیٰ نہیں عوام کا خدمت گار ہوں ۔ چھوٹے شہروں اور قصبوں میں جہاں آبادی بہت زیادہ ہے اور ہسپتال کی سہولیات ناکافی ہیں وہاں ہسپتالوں کی توسیع کا حکم دیا ۔ شہروں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے ۔ عوامی مسائل کے ادراک اور ان کے حل کےلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں دو دن گزاریں گے اور نہ صرف عوامی خدمت پر مامور سرکاری ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے بلکہ عوام سے براہ راست مل کر ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش بھی کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کو صحت انصاف کارڈزدیتے وقت متعلقہ ا داروں کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں خصوصی افراد کا ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ خصوصی افراد کو صحت انصاف کارڈز کے اجراء کے حوالے سے اقدامات کئے جا سکیں ۔ حکومت خصوصی افراد کی دیکھ بھال، بحالی اور علاج معالجے کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور صحت انصاف کارڈز کے اجراء کے اقدام سے خصوصی افراد اور ان کے اہل خانہ کو بہت سہولت ملے گی جوکہ پنجاب حکومت کا منفرد اقدام ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کررہے ہیں ۔ ان کی وطن سے محبت ،عوامی خدمات اورکچھ کر کے دکھانے کے جذبے کو سراہتے ہوئے عوام نے انھیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ گیلپ سروے میں سب سے زیادہ ووٹ لے کر پورے ملک میں اول نمبر پر آئے ہیں ۔ آگے چل کر وہ نہ صرف مزید عوامی محبتیں سمیٹیں گے بلکہ عوام کے دکھ درد بھی دور کریں گے ۔ ایسے سروے باقاعدگی سے ہونے چاہئیں کیونکہ ان سے ایک طرف تو حکمرانوں کو اپنی کارکردگی بڑھانے کا موقع ملتا ہے اور دوسری طرف عوام بھی حکمرانوں کی کارکردگی جانچ سکتے ہیں ۔ اگر حکمرانوں نے عوامی فلاح و بہبود کے اچھے کام کیے ہوں گے تو جواباً عوام بھی ان پر اپنی محبتیں نچھاور کریں گے ۔ جیسا کہ مذکورہ سروے میں عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور انہیں تمام ملک میں سب سے بہتر وزیر اعلیٰ کا درجہ دیا ۔

About Admin

Google Analytics Alternative