Home » انٹر ٹینمنٹ » ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ 700 کروڑ کمانے کے باجود چھٹے نمبر پر

’ٹو پوائنٹ زیرو‘ 700 کروڑ کمانے کے باجود چھٹے نمبر پر

بھارتی سپر اسٹار رجنی کانت اور بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی سپر میگا بجٹ فلم ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ اگرچہ اپنے بجٹ سے زیادہ کمائی کر چکی ہے اور اس نے کئی فلموں کے ریکارڈ بھی توڑے ہیں۔

تاہم یہ فلم ریکارڈ کمائی کرنے کے باوجود 14 دسمبر تک بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود تھی۔

’ٹو پوائنٹ زیرو‘ نے 14 دسمبر تک دنیا بھر سے 700 کروڑ روپے کما لیے تھے اور یہ فلم ریلیز کے ابتدائی 2 ہفتوں میں اتنی کمائی کرنے والی پہلی فلم بھی ہے۔

ٹائمز ناؤ کے مطابق ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ نے دنیا بھر سے 700 کروڑ روپے کما کر بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں چھٹی پوزیشن حاصل کرلی۔

فلم کو ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ
فلم کو ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ

فلم نے ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے ‘باہو بلی ون’ کو پیچھے چھوڑ دیا اور ان سے چھٹا نمبر چھین کر اسے ساتویں نمبر پر پہنچا دیا، تاہم یہ فلم ’باہو بلی 2‘ کا ریکارڈ توڑنے میں تاحال ناکام ہے۔

اگرچہ فلم نے ریکارڈ کمائی کی ہے اور اپنے بجٹ سے کروڑوں روپے زائد بھی بٹور چکی ہے، تاہم فلم بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں سے پیچھے ہیں۔

اکشے کمار کے روپ نے سب کو حیران کیا—اسکرین شاٹ
اکشے کمار کے روپ نے سب کو حیران کیا—اسکرین شاٹ

بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پانچ بڑی فلموں میں 3 مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان، ایک دبنگ ہیرو سلمان خان اور ایک ’باہو بلی 2‘ ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 دن میں ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ عامر خان کی پی کے اور سلمان خان کی بجرنگی بھائی جان سے آگے نکل کر چوتھے یا تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گی۔

فلم میں 67 سالہ رجنی کانت 26 سالہ ایمی جیکسن سے پیار کرتے دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
فلم میں 67 سالہ رجنی کانت 26 سالہ ایمی جیکسن سے پیار کرتے دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

بھارت کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم عامر خان کی دنگل ہے، جب کہ دوسرے نمبر پر باہوبلی 2، تیسرے نمبر پر سیکریٹ سپر اسٹار، چوتھے پر پی کے، پانچویں پر بجرنگی بھائی جان اور چھٹے نمبر پر ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ آگئی ہے۔

رجنی کانت اور اکشے کمار کی اس فلم کو 550 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کیا گیا تھا، تاہم یہ فلم صرف سینما گھروں سے ہی 700 کروڑ کمانے میں کامیاب گئی ہے۔

علاوہ ازیں اس فلم نے سیٹلائیٹ اور ٹی وی رائلٹی کی مد میں بھی 350 کروڑ روپے کمالیے ہیں۔

یہ فلم 2010 میں ریلیز ہونے والی رجنی کانت کی فلم ’روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے، اس بار فلم میں جہاں ایشوریا رائے کی جگہ ایمی جیکسن کو کاسٹ کیا گیا ہے، وہیں فلم میں اکشے کمار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فلم میں اکشے کمار طاقتور ولن جب کہ رجنی کانت روبوٹ ہیرو کے روپ میں نظر آئے ہیں اور ایمی جیکسن بھی اس کا ساتھ دیتی نظر آتی ہیں۔

About Admin

Google Analytics Alternative