Home » کھیل » پاکستان نے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی وائٹ واش کردیا

پاکستان نے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی وائٹ واش کردیا

دبئی: تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کردیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں فہیم اشرف نے کولن منرو کو بولڈ کردیا۔

کیویز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کولن ڈیی گرینڈ ہوم تھے جنہیں عثمان خان شینواری نے رن آؤٹ کیا۔

96 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ  کی تیسری وکٹ ولیم سن کی گری جو 60 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے، شاداب خان کے اسی اوور میں گلین فلپس 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کے اوور میں مارک چیپمین 2 اور سیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

ٹم ساؤتھی بھی بغیر کھاتا کھولے رن آؤٹ ہوئے اور راس ٹیلر 7 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا لیکن 29 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 11 رنز بناکر فرگوسن کا شکار بنے جس کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے بہترین کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنائے۔

پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 79 رنز بناکر گرینڈ ہوم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے اسی اننگز میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔

پاکستان کی تیسری وکٹ شعیب ملک کی گری جو 19 رنز بناکر گرینڈ ہوم کا شکار بنے جب کہ محمد حفیظ 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بابر اعظم اور محمد حفیظ کے شاندار کھیل کے بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گرینڈ ہوم نے 2 اور فرگوسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جب کہ پاکستان اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے وقاص مقصود کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی گئی اور ان کے ساتھ  عثمان شنواری پلیئنگ الیون میں شامل ہیں، نیوزی لینڈ کی جانب سے بھی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں۔

پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔

کیویز کے خلاف سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستان نے مسلسل 11 ویں ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی اچھی کارکردگی کے لیے تمام کھلاڑیوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ کیویز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیں گے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔

About Admin

Google Analytics Alternative