Home » تازہ ترین » پاک لین کمپنی کیس؛ آصف زرداری اور بلاول نے نیب میں جواب جمع کرادیا

پاک لین کمپنی کیس؛ آصف زرداری اور بلاول نے نیب میں جواب جمع کرادیا

راولپنڈی: پاک لین کمپنی کیس میں نامزد ملزمان سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نیب راولپنڈی میں جواب جمع کرادیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو پاک لین کمپنی میں شیئر رکھنے کے الزام میں آج طلب کررکھا تھا تاہم دونوں رہنماؤں نے نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کے بجائے اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے جواب جمع کرادیا ہے۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی جانب سے فاروق ایچ نائیک اور نیئر بخاری نیب رالپنڈی میں پیش ہوئے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب محمد وقار کی سربراہی میں نیب کی 3 رکنی ٹیم کے سامنے جواب جمع کرایا۔

نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا پاک لین کمپنی کے معاملات سے براہ راست کوئی تعلق نہیں، اراضی کی حد بندی کا معاملہ محکمہ مال کے زیر التوا ہے، پاک لین کمپنی نے 2016 سے سنگجانی میں 2 ہزار 760 کنال اراضی سے متعلق حد بندی کی درخواست دے رکھی ہے تاہم ابھی تک حد بندی نہیں کی گئی، چیئرمین نیب سے درخواست ہے کہ اس کیس کو ختم کریں۔

سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ پاک لین اراضی معاملہ دیوانی نوعیت کا کیس ہے، اس پر نیب کا نوٹس پیپلز پارٹی کو ہراساں کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔

About Admin

Google Analytics Alternative