Home » انٹر ٹینمنٹ » کراچی کنگز کی تقریب میں فہد مصطفیٰ کے نامناسب رویے پر صحافی سراپا احتجاج

کراچی کنگز کی تقریب میں فہد مصطفیٰ کے نامناسب رویے پر صحافی سراپا احتجاج

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب تنازع کا شکار ہوگئی جہاں پروگرام کے میزبان فہد مصطفیٰ کی جانب سے صحافی سے تضحیک آمیز رویہ اختیار کرنے پر صحافی برداری نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب ہفتے کو نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں ٹیم کا نیا ترانہ بھی جاری کیا گیا جسے معروف گلوکار شہزاد رائے نے اپنی آواز دی ہے۔

پروگرام کے دوران میزبان فہد مصطفیٰ نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں وسیم اکرم کے بعد محمد عامر سب سے بہترین باؤلر آئے ہیں۔

اس موقع پر نجی ٹی وی سما کے صحافی شعیب جٹ نے سوال کرنا چاہا تو وہ میزبان فہد کو غلطی سے ’فواد‘ کہہ گئے جس پر فہد مصطفیٰ نے نہ صرف اپنے نام کی تصحیح کی بلکہ ساتھ ساتھ مضحکہ خیز انداز میں یہ بھی کہہ دیا کہ ’اسی لیے تم لوگوں کو تنخواہ نہیں ملتی‘۔

شعیب جٹ نے اپنا سوال جاری رکھتے ہوئے فہد مصطفیٰ کی کرکٹ سے لاعلمی کی نشاندہی کی اور انہیں کہا کہ اگر آپ کرکٹ کے بارے میں معلومات رکھتے تو ایسا نہیں کہتے لیکن پروگرام کے میزبان ان کی بات کا برا مان گئے اور ان کا مائیک بند کرنے کا حکم دے دیا

اس موقع پر صحافی نے بات کرنے کا موقع نہ دینے پر احتجاج کیا جس پر فہد مصطفیٰ نے ایک مرتبہ پھر اُن پر جملہ کستے ہوئے کہا کہ ’پرائی شادی میں آ کر بربادی کرتے ہو تم لوگ‘۔

واضح رہے کہ ملک کے کئی میڈیا ہاؤسز میں صحافیوں اور دیگر ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں جبکہ بعض نجی چینلز نے اپنے کئی ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا ہے اور کئی کی تنخواہوں میں کٹوتی بھی کردی گئی ہے۔

صحافتی تنظیموں نے نتخواہوں کی عدم ادائیگی اور صحافیوں کو ملازمت سے فارغ کرنے پر بطور احتجاج چند نجی ٹی وی چینلز پر نیوز کانفرنس کی کوریج کرنے پر پابندی بھی لگارکھی ہے۔

صحافی سے نامناسب رویے پر صحافیوں نے سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے رویے پر احتجاج کیا۔

مذکورہ تقریب میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال، چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق وصی، کپتان عماد وسیم، کوچ مکی آرتھر اور ڈائریکٹر وسیم اکرم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

پاکستان سپر لیگ کا پہلا میچ 14فروری کو لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

About Admin

Google Analytics Alternative