Home » قومی » گورنر سندھ سعید الزمان صدیقی انتقال کرگئے

گورنر سندھ سعید الزمان صدیقی انتقال کرگئے

جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی عمر 79سال تھی، وہ کافی عرصے سے علیل تھے، ان کے سینے میں تکلیف اور سانس لینے میں دشواری تھی جبکہ نجی اسپتال میں ان کا مسلسل علاج جاری رہا۔

گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی میت نجی اسپتال سے گھر منتقل کی گئی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم میاں نواز شریف نے گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر انتہائی افسوس اور غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور غیرجمہوری قوتوں کے خلاف مزاحمت کے لیے سعید الزمان صدیقی کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

نئے گورنر سندھ کی تقرری تک اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سعید الزمان صدیقی نے عشرت العباد خان کے استعفے کے بعد 11 نومبر 2016ء کو گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعیدالزماں صدیقی دسمبر 1937ء میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم انہوں نے لکھنؤ، حیدرآباد دکن اور ڈھاکا میں حاصل کی، یونیورسٹی آف ڈھاکا سے انٹرمیڈیٹ کرکے وہ کراچی منتقل ہوگئے جہاں کراچی یونیورسٹی سے1954ء میں فلسفے میں بی اے کیا اور1958ءمیں کراچی یونیورسٹی سےہی ایل ایل بی کیا۔

1960ء میں قانون میں ڈاکٹریٹ کیا، جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی 1963ء میں ایڈووکیٹ ہائیکورٹ اور 1969ء میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان بنے،5مئی1980ء کوسندھ ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے اور 5نومبر 1990کوسندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے منصب پر فائز ہوئے۔

23مئی1992ء کوسپریم کورٹ کے جج مقرر کر دئیے گئے، یکم جولائی1999ء کو چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھایااوریکم دسمبر2005ء تک اس منصب پر فائز رہے۔

جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی نے پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا، 2008ءکے صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ ن نے انہیں سابق صدر آصف علی زررداری کے مقابلے پر امیدوار نامزد کیا تھا

About Admin

Google Analytics Alternative