Home » 2017 » January » 05

Daily Archives: January 5, 2017

ایف بی آر آج 93 ہزار افراد ٹیکس آڈٹ کیلیے منتخب کرے گا

 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے جمعرات کو نئی آڈٹ پالیسی 2016کے تحت پیرا میٹرز کی بنیاد پر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ججز،جرنیلوں،صحافیوں،اینکر پرسنز،بیوروکریٹس سمیت دیگر تمام تنخواہ دار ملازمین و کاروباری ٹیکس دہندگان میں سے مجموعی طور پر 93 ہزار سے زائد افراد کو آڈٹ کے لیے منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئی آڈٹ پالیسی کے تحت ٹیکس دہندگان کو آڈٹ کے لیے منتخب کرنے کے حوالے سے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی تقریب آج شام 3 بجے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی، تقریب میں صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز زبیر طفیل ،آئی کیپ کے رہنما و سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف، آل پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر محسن ندیم، پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے میاں عبدالغفار کے علاوہ ایف پی سی سی آئی اور چیمبرز سمیت دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیدار بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تقریب سے چیئرمین ایف بی آر نثار محمد اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کے علاوہ دیگر رہنما خطاب کریں گے جس کے بعد 4 بجے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہوگی جس کے ذریعے مجموعی طور پر 93 ہزار سے زائد انفرادی ٹیکس دہندگان ، کمپنیوں اور ایسوسی ایشن آف پرسنز سمیت دیگر ٹیکس دہندگان کو ٹیکس ایئر 2015 کے آڈٹ کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت آڈٹ کے لیے ٹیکس دہندگان کا انتخاب اگرچہ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا مگر اس کی بنیاد پیرامیٹرز ہونگے جو ایف بی آر کی جانب سے آڈٹ کے انتخاب کے لیے واضع کیے گئے ہیں۔ ان پیرا میٹرز کی بنیاد پر سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے اور کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی میں انہی پیرامیٹرز پر پورا اترنے والے ٹیکس دہندگان کے نام منتخب ہوسکیں گے، قرعہ اندازی سے انکم ٹیکس آڈٹ کے لیے 84 ہزار کے لگ بھگ ٹیکس دہندگان کو منتخب کیا جائے گا جبکہ سیلز ٹیکس آڈٹ کے لیے ساڑھے 8 ہزار سے 9ہزار جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے آڈٹ کے لیے 50 سے 55 کے ٹیکس دہندگان کو منتخب کیا جائے گا ، یہ تعداد ایف بی آر کے ٹیکس دہندگان کا7.5 فیصد ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نئی آڈٹ پالیسی میں چونکہ تنخواہ دار ملازمین کو آڈٹ سے چھوٹ ختم کردی گئی ہے لہٰذا ججز، جرنیل، صحافی، ارکان پارلیمنٹ، بیورو کریٹس سمیت تمام سرکاری و نجی اداروں کے تنخواہ دار ملازمین پر مشتمل ٹیکس دہندگان بھی اس کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی میں شامل ہونگے اور انھیں مقررہ پیرامیٹرز کے مطابق آڈٹ کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

تاجروں اور صنعتکاروں کے برعکس انہی کی زیادہ تعداد کے انتخاب کا امکان ہے کیونکہ تاجروں و صنعت کاروں کے دباؤ پر ہی تنخواہ دار ملازمین کی آڈٹ چھوٹ ختم کی گئی ہے، منتخب ہونے والوں کو ٹیکس سال 2015 کے آڈٹ کے لیے نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کی سیکشن177، سیکشن 214ڈی کے تحت پہلے سے ٹیکس ایئر 2015کے آڈٹ کے لیے منتخب کیے جانے والے اس آڈٹ انتخاب میں شامل نہیں کیے جائیںگے۔ دستاویز کے مطابق انکم ٹیکس کے علاوہ سیلز ٹیکس ایکٹ1990 کی سیکشن 25 اور 28اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ایکٹ 2005کی سیکشن46 کے تحت منتخب ہونے والوں کابھی نئی پالیسی کے تحت آڈٹ نہیں کیاجائے گا۔

پیٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں اضافہ

ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں اضافہ ہوگیا، مالی سال کے چھ مہینوں میں پیٹرول کی فروخت 21 فیصد بڑھ گئی۔

آئل کمپنی ایڈوائزی کونسل کے مطابق دسمبر میں پیڑول اور ڈیزل کی فروخت بالترتیب 5 لاکھ اور 7 لاکھ ٹن رہی۔

کونسل کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں پیٹرول کی سیلز 33 لاکھ ٹن جبکہ ڈیزل کی 42 لاکھ ٹن رہی۔

ایک ریسرچ رپورٹ کے مطابق آٹو فنانسنگ بڑھنے کی وجہ سے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی طلب بڑھتی رہےگی۔

جولائی سے دسمبر کے دوران 25 لاکھ ٹن پیٹرول اور 18 لاکھ ٹن ڈیزل درآمد کیا گیا-

یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کے تمام میزبان ملکوں میں سنچریز بنانے والے واحد بیٹسمین بن گئے

سڈنی: یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کرنے والے تمام ملکوں میں سنچریز بنانے والے واحد بیٹسمین بن گئے۔

یونس خان نے یہ سنگ میل سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز عبور کیا، سینئر بیٹسمین ٹیسٹ کھیلنے والے تمام ملکوں پاکستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا، بنگلا دیش اور زمبابوے کے ساتھ نیوٹرل وینیو متحدہ عرب امارات میں بھی تھری فیگر اننگز کھیل چکے ہیں۔

اس سے قبل بھارتی راہول ڈریوڈ کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے تمام ملکوں میں سنچری بنانے کا ریکارڈ حاصل تھا لیکن وہ یواے ای میں نہیں کھیلے۔

ماہرہ اور شاہ رخ کی فلم ’’رئیس‘‘ کا گانا ریلیز کردیا گیا

معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اورشاہ رخ خان کی فلم رئیس کا گانا ریلیز کردیا گیا ہے، او ظالما گانے نے شاہ رخ اور ماہرہ کے مداحوں کے دل جیت لیے، سب بے چینی سے فلم کی ریلیز کا انتظار کرنے لگے۔

گانے میں ماہرہ خان کی پرفارمنس نے بالی ووڈ نگری کو بھی تعریف کرنے پر مجبور کردیا ہے،ماہرہ خان اور شاہ رخ خان اسٹارر فلم رئیس 25 جنوری کو ریلیز کی جارہی ہے،اس فلم میں ماہرہ خان پہلی بار بالی ووڈ کے کنگ خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

42 انچ چوڑی ٹچ اسکرین تیار

لاس ویگاس: کینیڈا کی ایک کمپنی نے دنیا کی سب سے بڑی ٹچ اسکرین تیار کرلی ہے جس کی چوڑائی 42 انچ ہے اور اسے دیوار پر کسی وائٹ بورڈ کی طرح لٹکایا جاسکتا ہے۔

یہ دیوقامت ٹچ اسکرین کیلگری، کینیڈا کی ’’کوئرک لاجک‘‘ اور امریکا کی ’’ای انک‘‘ نامی کمپنیوں میں تین سالہ تحقیقی تعاون و اشتراک کا نتیجہ ہے جسے آج یعنی 5 جنوری 2017 سے لاس ویگاس میں شروع ہونے والے ’’کنزیومر الیکٹرونکس شو‘‘ (سی ای ایس) میں پہلی بار نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

کوئیلا (Quilla) کہلانے والی اس ٹچ اسکرین کو ’’اسمارٹ وائٹ بورڈ‘‘ بھی کہا جارہا ہے کیونکہ ایک طرف تو یہ انٹرنیٹ سے متصل ہوتی ہے اور دوسری جانب ایک خاص برقی مارکر یا پھر صرف انگلی کے ذریعے اس پر لکھا بھی جاسکتا ہے۔

کوئیلا کے استعمال سے مختلف دفتری کاموں خصوصاً منصوبہ بندی میں جدت لائی جاسکتی ہے کیونکہ ایک بار اسکرین بھر جانے کے بعد مٹانے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ یہ ساری معلومات میموری میں محفوظ کرلی جاتی ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر دوبارہ سے اسکرین پر ظاہر کیا جاسکتا ہے۔

اس پر ہاتھ سے لکھی گئی تحریر کو نہ صرف بڑا کرکے دور تک بیٹھے ہوئے لوگوں کے لیے نمایاں کیا جاسکتا ہے بلکہ ڈیجیٹل حروف میں تبدیل کرکے میموری کی بچت بھی کی جاسکتی ہے۔ علاوہ ازیں انٹرنیٹ یا کمپیوٹر پر موجود تصاویر اور نقشے وغیرہ بھی اس کی بڑی اسکرین پر ڈسپلے کرائے جاسکتے ہیں۔ ویسے تو یہ عموماً بلیک اینڈ وائٹ رہتی ہے لیکن بہ وقتِ ضرورت اسے اسمارٹ فون/ ٹیبلٹ اسکرین کی طرح رنگین بھی بنایا جاسکتا ہے۔

بازار میں پہلے ہی ’’مائیکروسافٹ ہب‘‘ کے نام سے ایک اور اسمارٹ اسکرین دستیاب ہے جس کی جسامت کوئیلا کے مقابلے میں خاصی کم ہے لیکن اس کی قیمت 7 ہزار  ڈالر ہے جو خاصی زیادہ ہے تاہم کوئیلا اپنی صلاحیتوں میں اس سے بھی کہیں بہتر ہے۔

کوئرک لاجک اور ای انک کا مقصد بڑی جسامت والی اسمارٹ اسکرینز/ اسمارٹ وائٹ بورڈز کو کم خرچ اور خوب سے خوب تر بنانا ہے تاکہ دفتروں سے لے کر درس و تدریس تک کے شعبوں میں اس سے فائدہ اٹھایا جاسکے اور روایتی وائٹ بورڈ کو جدت دے کر اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

اس کی قیمت کے بارے فی الحال کچھ نہیں بتایا گیا ہے لیکن اتنا ضرور ہے کہ لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے ساتھ ہی کوئیلا میں سنجیدہ دلچسپی رکھنے والے افراد اور اداروں کی رجسٹریشن شروع کردی جائے گی جو اس سال کے اختتام تک اس کے ابتدائی پیداواری ماڈل خرید سکیں گے۔

اوباما کی فوجیوں سے آخری ملاقات ، ایک اہلکاربے ہوش

صدر اوباما کی فوجیوں سے ملاقات کی آخری تقریب میں امریکی فوج کا ایک اہلکار گر کر بے ہوش ہوگیا۔

رخصت ہونے والے صدر اوباما نے آرلنگٹن کے جوائنٹ بیس میں امریکی فوجیوں سے بطور کمانڈر ان چیف آخری خطاب کیا۔

تقریب کے دوران آرمی آنر گارڈ کا اہلکار زمین پر گرا اور بے ہوش ہوگیا، اہلکار کی بے ہوشی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

تقریب میں صدر اوباما کو کمانڈر ان چیف کی خدمات سرانجام دینے پر میڈل بھی پیش کیا گیا

ضرب عضب کی طرح ضرب قلم کی ضرورت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نواز شریف نےکہا ہے کہ ادیبوں کی رہنمائی میں آپریشن ضرب قلم کی بھی شدید ضرورت ہے ، دیکھنا چاہیے کہ کس طرح علمی و ادبی سرگرمیوں کو فروغ دے کر انتہا پسندی اور عدم برداشت کے رویے پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔

اسلام آباد میں اکادمی ادبیات کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد دہشت گردی کا ایندھن بنے، آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، دھرتی سے دہشت گردی کو پاک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے دنیا بھرکے لوگوں کو خودی کا درس دیا اور اس خطے کی کئی قوموں نے علامہ اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنایا،کئی قوموں نےعلامہ اقبال کی شاعری سےانقلاب پیداکیے، علم وادب سےمحروم ہوئے تو پستی اورغلامی کا شکار ہوئے۔

وزیراعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ نئی نسل کے دلوں میں امید و یقین کی شمعیں روشن کرنا ہوں گی ۔

بھارت کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے مقابلے میں پاکستان کی مدد کریں گے،چین

نئی دلی / بیجنگ: چین کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بنانے کا سلسلہ بند نہ کیا تو بیجنگ بھی اسلام آباد کو اسی قسم کے میزائلوں کی تیاری میں مدد فراہم کرے گا۔

بھارتی میڈیا نے چین کے سرکاری جریدے ’گلوبل ٹائمز‘ کے ایک حالیہ اداریے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر سلامتی کونسل کو بھارت کے آئی سی بی ایم بنانے پر کوئی اعتراض نہیں تو پھر پاکستان کے جوہری میزائلوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چین کا یہ بیان واضح اشارہ ہے کہ اگر بھارت نے بین البراعظمی میزائل بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تو بیجنگ بھی خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کےلئے اسلام آباد کو اسی طرح کے میزائل کی تیاری میں مدد فراہم کرے گا۔

گلوبل ٹائمز کے اداریے کے مطابق اگر مغربی ممالک بھارت کو ایک نیوکلیئر ریاست تسلیم کرتے ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری جوہری اسلحے کی دوڑ کے معاملے میں بے حسی کا شکار ہیں تو ایسی صورت حال میں چین یہ ضروری نہیں سمجھتا کہ عالمی جوہری قوانین کی پاسداری کرتا رہے۔ چین کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو بھی جوہری ترقی کے ذیل میں ویسی ہی مراعات حاصل ہونی چاہئیں جو بھارت کو حاصل ہیں۔

مزید یہ کہ چین کو بھارت کی جانب سے ایٹمی ہتھیار لے جانے والے میزائل کا تجربہ کرنے پر کوئی پریشانی نہیں اور نہ ہی چین بھارت کو اپنا دشمن تصور کرتا ہے لیکن اگر بھارت حد سے آگے بڑھتا ہے تو چین بھی آرام سے نہیں بیٹھے گا۔ بھارت بھی اچھی طرح جانتا ہے کہ اگر عالمی سیاسی شعبدہ بازی کے نتیجے میں اس کے بیجنگ سے تعلقات اچھے نہیں رہتے تو نئی دلی کو اس کا زیادہ فائدہ نہیں پہنچے گا۔

چینی جریدے کے مطابق بھارت جوہری میزائلوں کی تیاری کے حوالے سے بھی اقوام متحدہ کے قوانین کی پاسداری نہیں کر رہا جبکہ امریکا اور بعض مغربی ممالک نے بھی جوہری توانائی کے حصول کے حوالے سے اپنے قوانین میں ردوبدل کر لیا ہے۔ بھارت اپنی جوہری صلاحیت سے بالکل بھی مطمئن نہیں اور ایسے  بین البراعظمی بیلیسٹک میزائل حاصل کرنا چاہتا ہے جو دنیا میں کہیں بھی اپنے ہدف کو نشانہ بناسکیں تاکہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 5 مستقل اراکین کے برابر آجائے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین کے سرکاری جریدے کا اداریہ بھارت کی جانب سے اگنی فائیو بین البراعظمی بیلیسٹک میزائل کے حالیہ تجربے کا ردِ عمل ہے، جو 5 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یعنی یورپ اور شمالی چین کے متعدد علاقوں کو نشانہ بناسکتا ہے۔

Google Analytics Alternative