Home » 2017 » January » 10

Daily Archives: January 10, 2017

’دنگل‘نے ’پی کے‘کا ریکارڈ توڑ دیا

17دن میں ہی ’دنگل‘ نے مچادی ہلچل، کمائی کے اکھاڑے میں عامر خان نے سب کو چاروں شانے چت کردیا، ’دنگل‘ نے 17 دن میں 345 کروڑ روپے سمیٹ کر بالی وڈ کی سب سے کامیاب فلم ہونے کا ’پی کے‘ کا ریکارڈ توڑ دیا ۔

باکس آفس کے اکھاڑے میں پہلے ’سلطان‘، پھر ’بجرنگی بھائی جان‘ اور اب ’پی کے‘ کو بھی پچھاڑ ڈالا،کمائی کے ’دنگل‘ میں عامر خان نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔

ریسلر کی زندگی پر بننے والی فلم ’دنگل‘ نے 17 دن میں 345 کروڑ روپے30 لاکھ روپے کما کر بالی وڈ کی اب تک کی کامیاب ترین فلم ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

اس سے پہلے یہ ریکارڈ 340 کروڑ 8لاکھ روپے کمائی کے ساتھ ’پی کے‘ کے پاس تھا،صرف یہی نہیں،’ دنگل‘ ساڑھے تین سو کروڑ کلب میں شامل ہونے والی بھی پہلی فلم ہوگی۔

دنگل کی ریکارڈ بریکنگ کامیابی پر مہاویر پھوگٹ نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ سوہا علی کا پروڈیوسر پر جنسی زیادتی کا الزام

لاہور:  اداکارہ سوہا علی نے پروڈیوسر ارشد چوہدری کے خلاف جنسی زیادتی کی درخواست جمع کرائی ہے۔

اداکارہ سوہا علی نے سی سی پی او لاہور کے دفتر میں ایک درخواست جمع کرا ئی ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ پروڈیوسرارشد چوہدری مجھے زیادتی کا نشانہ بنانے  کے بعد سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں جب کہ پروڈیوسر نے کہا ہے کہ اگرپولیس کو اس حوالے سے بتانے کی کوشش کی تو وہ ان کے اکلوتے بیٹے کو قتل کردے گا۔

ایکسپریس ٹریبون سے بات کرتے ہوئے سوہا علی نے الزام عائد کیا کہ پروڈیوسر ارشد چوہدری نے شوبز انڈسٹری میں متعارف کرانے کے نام پر کئی لڑکیوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا، حکام نے تصدیق کی ہے کہ اداکارہ سوہا علی کی جانب سے ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے تاہم اداکارہ کی جانب سے اب تک کسی کے خلاف باضابطہ طور پر مقدمہ درج نہیں کرایا گیا۔

دوسری جانب لاہور پولیس کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ سوہا علی کی درخواست آنے کے بعد معاملے کو دیکھا جارہا ہے تاہم اداکاراؤں کی جانب سے اس قسم کے الزامات لگانا لاہور تھیٹر کمیونٹی میں عام ہیں لیکن پھر بھی معاملے کی مکمل تحقیقات کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فوجی عدالتوں سے دہشت گردی کم ہوئی ،کورکمانڈر کانفرنس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج قومی سلامتی کے لیے تمام ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا جی ایچ کیو راولپنڈی میں انعقاد کیا گیا، آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کور کمانڈر کانفرنس میں اتفاق پایا کہ فوجی عدالتوں سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی عدالتوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ان عدالتوں کے باعث دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے ۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے فوجی عدالتوں کی کارکردگی کو خوب سراہا، سب کا اتفاق تھا کہ فوجی عدالتوں نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

آرمی چیف نے کروز میزائل بابر تھری کے کامیاب تجربے پر اسٹریٹجک اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں۔

آرمی چیف نے ہدایت کی کہ دہشت گردی سے پاک علاقوں میں امن و استحکام برقرار رکھا جائے اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی کے لیے ہرممکن کوششیں کی جائیں۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں قومی سلامتی اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا جب کہ آپریشن ضرب عضب اور اس کے مثبت اثرات پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

ملیریا سے بچاؤ کی نئی ویکسین کے حوصلہ افزا نتائج برآمد

واشنگٹن: نئی نسل کی ایک ملیریا ویکسین کی انسانوں پر چھوٹے پیمانے پر آزمائش کے بعد اس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
اس نئی ویکسین نے ملیریا کی وجہ بننے والے طفیلیے (پیراسائٹ) پلازموڈیئم فیلکی پیرم کے خلاف بھرپور کارکردگی دکھائی ہے۔ اگرچہ اسے انسانوں کی کم تعداد پر آزمایا گیا ہے لیکن افادیت کی وجہ سے اس کی رپورٹ سائنس ٹرانسلیشنل میڈیسن میں شائع ہوئی ہے۔
ویکسین نے انسانی جسم میں ملیریا پیراسائٹ آنے کے بعد انہیں ختم کرنے والی اینٹی باڈی کی تیزی سے تیاری میں مدد دی۔ اس ویکسین میں پیراسائٹ کو کمزور کرکے شامل کیا گیا ہے اور اس کے لیے تین اہم جین نکالے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں چوہوں پر جب اصل پیراسائٹ ڈالا گیا تو وہ ملیریا سے محفوظ رہے تھے۔

اگلے مرحلے میں اسے انسانوں پر آزمایا گیا اور انہیں ویکسین دینے کے بعد ملیریا پھیلانے والوں مچھروں سے درجنوں مرتبہ کٹوایا گیا۔ ان میں سے سب لوگ ملیریا سے محفوظ رہے اور کوئی سائیڈ افیکٹ بھی نہیں دیکھا گیا۔
ویکسین کا دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ اس کی ایک خوراک نہ صرف ملیریا سے بچاتی ہے بلکہ جسم کے قدرتی دفاعی نظام کو بھی قوت دے کر ملیریا سے دیر تک لڑنے کے قابل بناتی رہتی ہے۔ اس لحاظ سے ماہرین ایک بہت مؤثر ملیریا ویکسین کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اس اہم پیش رفت کو ملیریا پر کام کرنے والے عالمی ماہرین نے بھی سراہا ہے۔

کراچی میں چکن گنیا کے مرض کو روکا نہ جاسکا

ڈینگی پر یوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتےشہرکے مختلف اسپتالوں کی او پی ڈیز میں5ایسے مریضوں کو لایا گیا جو ڈینگی سے متاثر تھے جبکہ12 مریضوں کو ڈینگی کی شکایت پر مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ۔

یہ وہ کیسز ہیں جو رپورٹ ہوئے ہیں رپورٹ نہ ہونے والے ڈینگی اور ملیریا کے کیسز درجنوں میں ہیںواضح رہے کہ گزشتہ سال صوبے میں ڈینگی اور ملیریا کےہزاروں کیسز سامنے آئے تھے جبکہ درجنوں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں لیکن ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام اور ملیریا کنٹرول پروگرام کی غیر فعالیت کے باعث ان کیسز کو روکنے کےلئے نہ کوئی واضح حکمت عملی بنائی گئی نہ ہی خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ۔

دوسری جانب صوبائی محکمہ صحت کی عدم توجہ کے باعث چکن گنیا کے مشتبہ مریض شہر کے دیگر علاقوں سے بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔0

وزیر داخلہ چوہدری نثار:سلمان حیدر کی گاڑی کو دو گاڑیوں نے فالو کیا

وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ سلمان حیدر کی گاڑی کو دو گاڑیوں نے فالو کیا تھا، حساس اداروں سے بات کی ہے، ان کے جلد گھر واپس آنے کی امید ہے۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار نے سینیٹ میں حالیہ دنوں میں لاپتہ ہونے والے 4 افراد کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اغوا کے 2واقعات ہوئے، ایک کے گھر پیغام آیا کچھ لوگوں کو بھیج رہا ہوں، لیپ ٹاپ دیدیں، سویلین ٹوپیاں پہنے 2افراد گھر آکر اہل خانہ سےلیپ ٹاپ لے گئے، لوگوں کو لاپتہ کرنا حکومتی پالیسی نہیں، اغوا میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

چوہدری نثارعلی خان نے بتایا ہے کہ 4 واقعات میں سے 3 پنجاب میں اور ایک اسلام آباد میں پیش آیا، تین ایف آئی آر پنجاب میں درج ہوئیں۔

سماجی کارکن سلمان حیدر کے حوالے سے وزیر داخلہ نے ایوان کو بتایاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے مدد ملی ہے، سلمان حیدر کی کار کو ایک ویگو گاڑی فالو کر رہی تھی، پھر وہ گاڑی غائب ہوئی، کچھ دیر بعد دوبارہ رونما ہوئی اور راولپنڈی کی طرف چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ ان واقعات کے پیچھے جو بھی ہے اس کا پیچھا کریں گے، کچھ شواہد ایسے ہیں جو ابھی ایوان کو نہیں بتاسکتا۔

چوہدری نثار کا کالعدم تنظیموں سے ملاقات کے حوالے سے سینیٹ میں کہنا تھا کہ پچھلے دور میں تو کالعدم تنظیمیں ایوان صدر آئیں، ان کے ساتھ بیٹھے، میرے پاس تو دفاع پاکستان کونسل آئی تھی،جس کی تصاویر بھی میرے پاس ہیں،فرقہ وارانہ تنظیموں کو دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ نہیں کھڑا کیا جاسکتا۔

اپوزیشن نے چوہدری نثار کے اس بیان کے خلاف سینیٹ سے واک آؤٹ کیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں لاپتہ افراد کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا، جس میں ہیومن رائٹس واچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

ملتان: بوسن روڈ پر عمارت گر گئی، متعدد افراد دب گئے

ملتان کے بوسن روڈ پر3 منزلہ عمارت گر گئی، متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، ایک لاش اور 15زخمیوں کو نشتر اسپتال پہنچادیا گیا ہے، ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

عمارت گرنے کے مقام پر امدادی کام شروع کردیا گیا ہے، ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹایا جارہا ہے، ٹریفک اور رش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ملتان کے نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،عمارت میں موجود لوگوں کی درست تعداد کا اب تک اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے۔

ملتان میں عمارت بالائی منزل پر دیواریں توڑنے کی وجہ سے گری،بالائی منزل پر 6 دکانوں کو ایک کرنے کےلیے دیواریں توڑی جارہی تھیں۔

بھارت کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈز کے لیے 4 پاکستانی فنکار نامزد

ممبئی: بھارت کے سب سے مستند فلمی ایوارڈز فلم فیئر میں مختلف شعبوں میں چار پاکستانی فنکاروں کو نامزد کیا گيا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈز فلم فئیر کے لئے ایوارڈز کی مکمل نامزدگیاں جاری کردی گئی ہیں جس میں پاکستانی اداکار فواد خان کو فلم ‘کپور اینڈ سنز’ میں بہترین معاون اداکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان کے مقابلے میں بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رشی کپور ہیں جو بطور معاون اداکار اسٹار اسکرین ایوارڈ اور اسٹار ڈسٹ ایوارڈ کے اعزازات حاصل کرچکے ہیں جبکہ فواد خان کو گذشتہ سال فلم ‘خوبصورت’ کے لیے ‘بیسٹ میل ڈبیو’ کا ایوارڈ مل چکا ہے۔

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو فلم ‘رستم’ کے گیت ‘تیرے سنگ یارا’ کے لیے مقابلے میں شامل کیا گیا ہے اور راحت فتح علی خان کو سلمان خان کی معروف فلم ‘سلطان’ کے گیت ‘جگ گھومیا’ کے لیے نامزدگی ملی ہے۔ راحت فتح علی خان کو  2011 میں فلم ‘عشقیہ’ کے گيت ‘دل تو بچہ ہے جی’ کے لیے  ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ جبکہ پہلی بار نامزد ہونے والی پاکستانی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کو فلم ‘پنک’ کے گیت ‘کاری کاری’ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ رواں برس مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورت حال  اور ایک فوجی ہیڈکوارٹر پر حملے کے بعد بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے کام کرنے پر پابندی ہے اور ہندو انتہا پسندوں سے خوف زدہ ہوکر اسٹار اسکرین ایوارڈز کا انعقاد ہوا جس میں پاکستانی اداکاروں کو نامزد نہیں کیا گیا جب کہ  اسٹار ڈسٹ ایوارڈز کی انتظامیہ نے بھی  پاکستانی فنکاروں کو نامزد  نہیں کیا۔

Skip to toolbar
Google Analytics Alternative