Home » 2017 » March » 04

Daily Archives: March 4, 2017

بیٹی ترشلا اداکارہ بنتی تو ٹانگیں توڑ دیتا، سنجے دت

ممبئی: بالی ووڈ کے منا بھائی اداکارسنجے دت کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے قبل ان کی بیٹی ترشلا دت اداکارہ بننا چاہتی تھیں اوراگروہ اداکارہ بن جاتی تو میں ترشلا کی ٹانگیں توڑ دیتا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارسنجے دت کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی ترشلا دت بھی بالی ووڈ میں انٹری کے خواب دیکھنے لگی تھیں، ترشلا اداکارہ بننا چاہتی تھی اوراگر وہ اداکارہ بن جاتی تومیں اس کی ٹانگیں ٹور دیتا۔ اداکارنے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی بہترین تعلیم کے لیے بہت وقت اورتوانائی صرف کی ہے، بیٹی کے بہترین کرئیرکے لیے اچھے کالج میں داخلہ دلایا جہاں اس نے بہترین کارکردگی دکھائی، بیٹی نے فارنزک سائس میں تعلیم حاصل کی ہے جو میرے خیال میں اس کے لیے بہترین فیلڈ ہے۔

سنجے دت نے کہا کہ اداکاربننا آسان نہیں ہوتا خاص طورپرترشلا کے لیے جسے ہندی زبان پرصحیح طرح عبوربھی حاصل نہیں، اگروہ اداکارہ بننا بھی چاہتی تھی تواسے ہندی پربہت محنت کرنا پڑتی کیونکہ انگریزی زبان کا اس انڈسٹری میں کوئی کام نہیں اوریہ سب ترشلا کے لیے بہت مشکل ہوتا۔ اداکارسے جب بچوں کے ساتھ ان کے تعلقات کے حوالے سے پوچھا گیا توان کا کہنا تھا کہ میرا بچوں کے ساتھ خوبصورت رشتہ ہے جب کہ مجھے والد سنیل دت کی یہ بات اکثریاد آجاتی ہے کہ میں تمہارا دوست نہیں بلکہ باپ ہوں۔

اداکارنے کہا کہ انڈسٹری کے ساتھ ان کا تجربہ بہترین ہے، جب  وہ جیل میں سزا کاٹ رہے تھے توانہیں ہرپل انڈسٹری بہت یاد آتی تھی، مجھے انڈسٹری میں ایک عام ٹیکنیشئین سے لے کر اداکاروہدایتکاروں کی بہت زیادہ یاد آئی اورجب جیل سے واپس آیا تو مجھے لگا کہ میں واپس اپنے خاندان سے جڑگیا۔

دلہا نے پی ایس ایل فائنل کیلئے شادی ملتوی کردی

اوچ شریف کے دلہا نے پی ایس ایل کے فائنل کے لیے شادی ملتوی کر دی، کاشف کہتا ہے کہ شادی تو بعد میں بھی ہوجائے گی، ایسا فائنل دیکھنے کا موقع پتہ نہیں پھر ملے نہ ملے، ذرا یہ پی ایس ایل ہولے تو اس کے بعد دیکھیں گے ۔

پانچ مارچ کو کاشف حسین کی شادی طے تھی، کارڈ بٹ چکے تھے، تمام تیاریاں بھی مکمل تھیں ، مگر ہاتھ میں پی ایس ایل فائنل کا ٹکٹ بھی تھا۔

اوچ شریف کے دلہا نے دلہنیا کو لانے کے بجائے ،پی ایس ایل فائنل دیکھنے لاہور جانے کا فیصلہ کیا ، کاشف کا کہنا تھا کہ شادی تو ہو ہی جائے گی، مگر یہ موقع پھر ہاتھ نہیں آئے گا ۔

کاشف کا حجلہ عروسی سجا ہوا ہے،تمام تیاریاں بھی مکمل ہیں ، مگر دلہا کے سر میں تو پی ایس ایل فائنل کا سودا سمایا ہوا ہے ، اس لیے اب کاشف حسین کی شادی پی ایس ایل فائنل کے بعد ہی ہوگی۔

سیمی کا پی ایس ایل فائنل جیتنے پرٹیم اور انتظامیہ سمیت سرمنڈوانے کا اعلان

دبئی: پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے  پی ایس ایل کا فائنل جیتنے کی صورت میں پوری ٹیم اور انتظامیہ سمیت سر منڈوانے کا اعلان کردیا۔

ملک میں طویل عرصے سے ویران میدانوں میں  ایک بار پھر کرکٹ کا میلہ سجنے والا ہے اور پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن  کا  فائنل کل لاہورمیں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ ملک بھر میں پی ایس ایل کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے لیکن اسی جوش و جنون میں مد مقابل ٹیموں کے کھلاڑی بھی جیت کی صورت میں خوشی کے مارے طرح طرح کے اعلان کررہے ہیں۔

پشاور زلمی کی ٹیم اور منیجمنٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائر ل ہورہی ہے جس میں زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں  نظر آرہے ہیں جب کہ  ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زلمی کے کپتان نے ٹیم مینٹور یونس خان اور مالک جاوید آفریدی کی موجودگی میں فائنل جیتنے پرٹیم اور انتظامیہ سمیت سر منڈوانے کا اعلان کیا جس پرزلمی کے مالک پریشانی کا اظہار کرتے نظر آئے تاہم اب دیکھنا ہے کہ فائنل میں جیت پر ایسا  ہوتا بھی ہے یا صرف مذاق کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں۔

پی ایس ایل فائنل کیلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں 5 نئے غیرملکی کھلاڑی شامل

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں 5 غیر ملکیوں سمیت 6 متبادل کھلاڑی شامل کرلئےہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے آخری معرکے تک سب سے پہلے رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل کے لئے 5 غیرملکی کھلاڑیوں کے نام فائنل کرلئے ہیں جب کہ عمرگل کی جگہ اعزاز چیمہ کا نام بھی دے دیا ہے۔

متبادل کھلاڑیوں میں بنگلہ دیش کے انعام الحق، جنوبی افریقا کے مورنی وین وائک،  زمبابوے کے شان اپروین اور الٹن چیم گمبورا اور ویسٹ انڈیز کے ریاد ایمریت شامل ہیں جب کہ فاسٹ بولر عمر گل کی جگہ اعزازچیمہ کو منتخب کیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے قواعد و ضوابط کے تحت کوئی بھی ٹیم صرف 4 غیر ملکی کھلاڑیوں کو منتخب کرسکتی ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  اب فائنل میچ کے لئے فائنل کئے گئے 5 ناموں میں سے 4 کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔

پی ایس ایل فائنل،منچلوں کیلئے انتظار مشکل ہوگیا

لاہورمیں پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، منچلوں کے لیے انتظار کے لمحات مشکل ہوگئے، نوجوانوں نے پُش اپ لگائے، بھنگڑے ڈالے اور گانے گا کر اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔

لاہور یوں کےلیے پی ایس ایل کے انتظار کی گھڑیاں کٹھن ہیں، پنجاب یونیورسٹی کے گراؤنڈ میں بھی پی ایس ایل دُھنوں کی گونج، کرکٹ میلا بھی سج گیا، نوجوان پی ایس ایل کا جشن ایک روزپہلے ہی منانے لگ پڑے۔

منچلوں کا کہنا ہے کہ وہ میچ کا انتظار بے تابی سے کر رہے ہیں، ا سٹیڈیم جائیں گے اور ایسا بھرپورجشن منائیں گی کہ ہر کھلاڑی پاکستان آنے کی خواہش کرے گا۔

کرکٹ کے متوالے اپنی پسندیدہ ٹیموں کی شرٹس پہن کر ان کی سپورٹ کر رہے ہیں، منچلوں کا کہنا ہے کہ جب تک فائنل میچ شروع نہیں ہوجاتا اُن کے جشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔

فاٹا اصلاحات پر افغانستان کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے

کابل: وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں قبائلی علاقوں (فاٹا) کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے سے متعلق سفارشات کی منظوری پر افغانستان کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے ہیں۔

فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کے مجوزہ منصوبے پر افغانستان کے قائم مقام وزیر برائے قبائلی امور غفور لیوال نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کی حیثیت میں کسی بھی تبدیلی سے پہلے افغانستان سے اس بارے میں بات ہونی چاہیے تھی۔

غفور لیوال نے واضح کیا کہ فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا کا حصہ بنانے سے دونوں ملکوں کے درمیان سرحد یعنی ڈیورنڈ لائن کے بارے میں افغانستان کا مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔

افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرحد کی لمبائی تقریباً 2600 کلومیٹر ہے جسے ڈیورنڈ لائن کہا جاتا ہے کیونکہ اس حد بندی کا تعین 1893 میں اس زمانے کے افغان بادشاہ امیر عبد الرحمٰن خان اور برصغیر میں برطانوی حکومت کے وزیر خارجہ مورٹمر ڈیورنڈ کے درمیان ایک معاہدے کے بعد کیا گیا تھا لیکن افغانستان نے آج تک ڈیورنڈ لائن کو پاکستان کے ساتھ اپنی سرحد کے طور پر تسلیم نہیں کیا بلکہ وہ قیامِ پاکستان ہی سے یہاں کے قبائلی علاقوں پر اپنی ملکیت کا دعویدار ہے۔ اس کے برعکس پاکستان کا کہنا ہے کہ ڈیورنڈ لائن ایک طے شدہ معاملہ ہے جس کی رُو سے فاٹا، پاکستان میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز وفاقی کابینہ نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کےلیے پیش کردہ اصلاحات کی منظوری دی تھی جن کے تحت فاٹا کو آئندہ پانچ سے آٹھ سال کے دوران خیبر پختونخواہ کا حصہ بناتے ہوئے وہاں پاکستانی آئین اور قانون نافذ کیے جائیں گے۔

پاکستانی خواتین نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا : شہباز شریف

پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت اور محنت سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، انہیں معاشی اورسماجی طور پر بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کا کہناتھاکہ پنجاب حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں، یہ اقدامات خواتین کو ان کا حق دیا گیا ہے۔

شہباز شریف سے مختلف اضلاع کے منتخب نمائندوں نے بھی ملاقات کی،اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ 2017ء کا پاکستان محفوظ، روشن اور معاشی طور پر مضبوط ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر چل رہا ہے، یکجہتی، اتحاد اور اتفاق کے ذریعے ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔

کوئٹہ میں 2 سرچ آپریشن، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

 

ملک بھر میں آپریشن رد الفسادکامیابی سے جاری ہے،کوئٹہ میں دوسرچ آپریشن کیے گئے جن کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے چوٹ کیمپ اور کاہان میں سرچ آپریشن کیا گیا جہاں سے ایف سی بلوچستان نےبڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔

برآمد کیے گئے اسلحے میں چوبیس دستی بم ، چارہزارنوسو راؤنڈزسمیت مختلف اقسام کا اسلحہ شامل ہے۔

Google Analytics Alternative