Home » 2017 » March » 05

Daily Archives: March 5, 2017

پی ایس ایل فائنل ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

لاہور: 

آج کل سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے تجزیوں اور تبصروں کی بھرمار نظر آ رہی ہے اور پاکستان میں پی ایس ایل فائنل ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، طویل عرصے کے بعد ملک میں انٹرنیشل طرز کی کرکٹ کی بحالی کی جانب قدم نے عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں اور پی ایس ایل کا آخری معرکہ زبان ذد عام ہے۔ شائقین کرکٹ نے اپنے تمام ضروری کام ملتوی کر کے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ مل کر میچ دیکھنے کے پروگرام بنا رکھے ہیں جب کہ عوام کی بڑی تعداد ٹکٹس نہ ملنے کی وجہ سے مایوس بھی نظر آ رہے ہیں لیکن براہ راست میچ سے محظوظ ہونے کے لئے مختلف شہروں میں بڑی اسکرینوں کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میچ پر تبصروں اور خوشی کے اظہار کے لئے عوام کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا سہارا لیا جارہا ہے اور اس وقت پی ایس ایل کا آخری معرکہ ٹویٹر کا ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔

شہری دل کھول کر پی ایس ایل فائنل پر اپنےخیالات کا اظہار کر رہے ہیں، ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں شہری ایونٹ کے کامیاب اور پُر امن انعقاد کے لئے دعا گو ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ تمام تر مخالفت کے باوجود اور دہشت گرد حملوں کو شکست دے کر پاکستان میں کرکٹ واپس آگئی اور فائنل کا دن پاکستان کرکٹ کی فتح کا دن ہے۔

تیزی سے چارج اور 3 گنا زیادہ بجلی بچانے والی بیٹری تیار

آسٹن، ٹیکساس: 

امریکی اور پرتگالی ماہرین کی ایک ٹیم نے ایسی ماحول دوست سالڈ اسٹیٹ بیٹری تیار کرلی ہے جو نہ صرف تیزی سے چارج ہوسکتی ہے بلکہ مروجہ لیتھیم آئن بیٹریز کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ بجلی ذخیرہ بھی کرسکتی ہے۔یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن میں لیتھیم آئن بیٹری کے موجد اور 94 سالہ تحقیق کار جان گڈاینف کی رہنمائی میں دوسرے ماہرین نے مکمل طور پر سالڈ اسٹیٹ مادّوں والی ایسی بیٹری تیار کرلی ہے جس کے برقیرے (الیکٹروڈز) شیشے پر مشتمل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بیٹری زیادہ لمبے عرصے تک کارآمد رہنے کے علاوہ ہزاروں مرتبہ ری چارج بھی کی جاسکتی ہے جب کہ اس کی تیاری میں درکار مادّے بھی خاصے کم خرچ ہیں۔

جان گڈاینف ضعیف العمری کے باوجود بھی یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن میں مختلف تحقیقی گروپوں کی نگرانی کررہے ہیں۔

تیزی سے چارج ہونے اور کم جگہ میں زیادہ چارج محفوظ کرنے کی صلاحیت کے باعث یہ مستقبل میں اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپ کمپیوٹرز وغیرہ کو جلدی چارج ہوجانے اور لمبے عرصے تک چارج رہنے کے قابل بنائے گی۔ علاوہ ازیں اسی ٹیکنالوجی کی مدد سے بڑی بیٹریاں بھی بنائی جاسکیں گی جن کے باعث آنے والے برسوں میں ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد طویل فاصلوں تک سفر کرنے والی برقی کاریں بھی تیار ہوسکیں گی۔

تجربات کے دوران اس بیٹری کو 1200 مرتبہ چارج اور ڈسچارج کیا گیا جس کے بعد بھی اس کے الیکٹروڈز کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ اسے ایجاد کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ سالڈ اسٹیٹ بیٹری منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ پر بھی بخوبی کام کرسکتی ہے یعنی اسے انتہائی سرد ماحول میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

اس ایجاد کی تفصیلات ریسرچ جرنل ’’انرجی اینڈ اینوائرونمنٹل سائنس‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں جب کہ یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن میں آفس آف ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن نے اس بیٹری کے لیے پیٹنٹ کی درخواست بھی دائر کردی گئی ہے۔

دوسری جانب اس ٹیکنالوجی کو تجارتی پیمانے پر متعارف کروانے کے لیے مختلف اداروں سے رابطے شروع کردیئے گئے ہیں تاکہ اس مقصد کے لیے مطلوبہ سرمایہ حاصل کیا جاسکے۔

دماغ کی کارکردگی کو بہتراوراحساسات نوٹ کرنے والا ہیڈ فون

سان فرانسسکو: 

امریکی کمپنی نے ایک جدید اور انوکھا ہیڈ فون بنایا ہے جو  نہ صرف دماغ کا جائزہ لیتا ہے بلکہ دماغی توجہ اور ارتکاز کو بھی بہتر بناتا ہے۔اس ہیڈفون کو ’’مائنڈ سیٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ بھی یہی ہے کہ اس سے دماغی کارکردگی بڑھتی ہے۔ یہ ہیڈ فون پہننے والے کے سر کی الیکٹرواینسفیلوگرافی (ای ای جی) کیفیت کونوٹ کرتی رہتی ہے جس سے پہننے والا ایک خاص کیفیت میں چلاجاتا ہے اور یہ دماغ سے مضر عادات کوروکنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

پورے ہیڈ بینڈ میں پانچ  ای ای جی سینسر لگے ہیں  اور ای ای جی  گزشتہ 50 برس سے اسپتالوں میں دماغی جائزے کے لیے استعمال ہورہی ہے۔ کک اسٹارٹر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ای ای جی ہیڈ فونز مرگی کی شناخت، دماغی چوٹ کے علاوہ خلانوردوں اور کھلاڑیوں کی ذہنی کیفیت کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔

ہیڈفون دماغی برقی سرگرمیوں کو نوٹ کرتا ہے اور جیسے ہی پہننے والے کی توجہ بھٹکتی ہے ہیڈفون اسے خبردار کرتا ہے۔  ہیڈ فون دھیرے دھیرے دماغ کو تربیت دے کر توجہ اور ارتکاز کو بہتر بناتا رہتا ہے اور یوں دماغ کو ایک راہ پر لے آتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ہیڈفون کو کئی افراد پر آزمایا گیا ہے ۔ پھر ایک عرصے تک کئی ڈیزائن بناکر بہترین ڈیزائن پیش کیا گیا ہے۔

ہیڈ فون جذبات اور احساسات کو نوٹ کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ پہننے والا خوش ہے یا اداس اور اس سے انسانی موڈ سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ کمپنی کے مطابق ہیڈفون اتارنے کے بھی کافی دیر بعد اس کی بہتر کیفیت برقرار رہتی ہے۔ یہ پہلا مائنڈ سیٹ ہیڈ فون اس سال دسمبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے اور خام تیل میں فروخت کا رجحان

امریکی شرح سود میں اضافے کی توقعات پر عالمی مارکیٹ میں سونے اور خام تیل میں فروخت کا رجحان غالب رہا۔

عالمی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 32 ڈالر کم ہو 1226 ڈالرہوگئی، ہفتے کے دوران خام تیل کی فی بیرل قیمت 70 سینٹ کم ہوکر 53 ڈالر 33 سینٹس ہوگئی۔

عالمی سطح پر سونے اور خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کی سربراہ جینٹ یلن کے عندیہ کو قرار دیا جارہا ہے۔

یلن نے بے روزگاری اور مہنگائی کی شرح فیڈ کے ہدف میں رہنے کی صورت میں شرح سود بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔ فیڈ شرح سود کا تعین مارچ کے اختتام پر کرےگا۔

پاکستان میں ہائی بلڈپریشر اور امراض قلب کے مریضوں میں اضافہ

پاکستان میں ہائی بلڈپریشراور امراض قلب کے مریضوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہاہے ، ملک کی 40فیصد شہری آبادی کو ہائی بلڈ پریشرکا مرض لاحق ہے،یہ پاکستان ہائپرٹینشن لیگ کی سالانہ کانفرنس میں انکشاف سامنے آیا ۔

پاکستان ہائپرٹینشن لیگ کی بیسیویں سالانہ کانفرنس کا انعقاد کوئٹہ میں ہوا، جس کا افتتاح اسپیکر بلوچستان اسمبلی مس راحیلہ حمید درانی نےکیا۔

کانفرنس میں ملک بھر سے سینئرماہرین قلب اور فزیشنز نے شرکت کی،اپنے مقالہ جات میں ماہرین قلب کاکہنا تھا کہ ہائی بلڈ پریشر یا بلندفشارخون کےمرض میں روزبروز خطرناک حدتک اضافہ ہورہاہے۔

کراچی کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہائی پرٹینشن کے مرض میں اضافہ ہورہا ہے،ملک کی شہری آبادی کاچالیس فیصد ہائپرٹینشن کاشکارہے۔

ماہرین کےمطابق بلند فشار خون کے مریضوں میں دل اور گردے سمیت پیچیدہ امراض پیدا ہورہے ہیں،تاہم بہتراورمتوازن خوراک ، ورزش اورسادہ طرز زندگی اختیار کرنےسےان امراض سے نجات ممکن ہے۔

صدر پاکستان ہائپرٹینشن لیگپروفیسر ڈاکٹرعبدالحفیظ چودھری کے مطابق ہمیں اپنی خوراک کا خیال رکھنا اور واک کرنا چاہیے۔

ماہرین نے بلوچستان سمیت اندرون ملک ہائی بلڈ پریشر کی روک تھام کےلیےموثر آگہی کےعلاوہ امراض قلب کےعلاج معالجے کے جدید مراکز کےقیام کی ضرورت پر زوردیاہے۔

لاہور: قذافی اسٹیڈیم کے باہر رات بھر شائقین کا رش

شائقین کرکٹ پر پاکستان سپر لیگ کا جادو ایسا چلا کہ دن اور رات کا فرق ہی ختم ہوگیا ۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور کے باہر رات بھر شائقین کرکٹ کا رش لگا رہا۔ کوئی کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو سپورٹ کرنے پہنچا تو کسی نے پشاور زلمی کے حق میں نعرے لگائے۔

کر کٹ کے دیوانے پوری طرح تیارہیں ، لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کیلئے اب چند گھنٹوں کا انتظارہے۔ شائقین کرکٹ نے قذافی اسٹیڈیم کے باہر آج کی رات ایسے گزاری جیسے چاند رات ہو۔

اپنی اپنی ٹیموں کی سپورٹ کے لیے شائقین ساری رات قذافی اسٹیڈیم کی طرف آتے اور جاتے رہے ۔ پشاور زلمی کی سپورٹ کے لیے آنیوالے شائقین نے نعرے بازی بھی کی ۔بچے بھی پشاور زلمی کو سپورٹ کرتے نظر آئے ۔

پاکستان سوپر لیگ کا ٹائٹل کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے سر سجے گا یا پشاور زلمی یہ اعزاز اپنے نام کرے گی اس کا فیصلہ تو آج رات کو ہوگا ۔

فی الحال کراچی کے ٹائیگر نے پشاور زلمی اور کوئٹہ کے چکور نے گلیڈی ایٹرز کے حق میں فیصلہ سنادیاہے۔

قذافی اسٹیڈیم اور اس کے اطراف برقی قمقموں اور لائٹوں سے سجے دھجے نظر آئے۔

پی ایس ایل فائنل: امپائرز اور میچ ریفری کا اعلان کر دیا گیا

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپرلیگ کے فائنل کے لیے امپائرز اور میچ ریفری کا اعلان کر دیا گیا۔

پی ایس ایل کے فائنل میں میچ ریفری روشن ماہانامہ ہوں گے۔ رنمورے مارٹنز اور شوزاب رضا آن فیلڈ ایمپائر ہوں گے۔

فائنل میچ کے لیے احسن رضا ٹی وی امپائر ہوں گے جبکہ چوتھے امپائر احمد شہاب ہوں گے۔

پاکستان ویسٹ انڈیز کیخلاف2 کےبجائے4 ٹی20 میچز کھیلے گا

ویسٹ انڈیز نے پاکستان سے مزید دو ٹوئنٹی کھیلنے کا اعلان کردیا، قومی ٹیم اب دورہ ویسٹ انڈیزمیں چار ٹی ٹوئنٹی ، تین ٹیسٹ اور تین ون ڈے کھیلے گی۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کےمنیجر رولینڈہولڈر کا کہناہےکہ ٹی ٹوئنٹی فارمٹ میں عوام کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے دو میچز بڑھا دیے گئےہیں، جس کے بعد ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان 4ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گے۔

سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی 26 مارچ، دوسرا 30 مارچ ، تیسرا یکم اور چوتھا دو اپریل کو کھیلا جائےگا۔

قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کےخلاف پہلا ون ڈے 7 اپریل، دوسرا 9 اور تیسرا 11 اپریل کو کھیلے گی، جبکہ ٹیسٹ سیریز کا آغاز 22اپریل سے ہوگا، دوسرا ٹیسٹ تیس اپریل ، اور چوتھا دس مئی کو ہوگا۔

Skip to toolbar
Google Analytics Alternative