Home » 2017 » March » 06

Daily Archives: March 6, 2017

اسلام آباد میں فوج کے قیام میں مزید 90 روز کی توسیع

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں پاک فوج کے قیام میں مزید 90 روز کی توسیع کردی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فوج کے قیام میں مزید 90 روز کی توسیع کردی گئی ہے جو چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر کی گئی۔

اسلام آباد میں پاک فوج کے 350 دستے تعینات ہیں جنہیں 2014 میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت طلب کیا گیا تھا جب کہ مختلف مواقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاک فوج کے قیام میں توسیع کی جاتی ہے۔ آئین کے اس آرٹیکل کے تحت سول انتظامیہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر فوج کو کسی بھی موقع پر طلب کرسکتی ہے۔

منی لانڈرنگ سے عالمی برادری کو سالانہ اربوں ڈالر کا نقصان

امریکی وزارت خارجہ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ تجارتی ذرائع سے منی لانڈرنگ کی وجہ سے عالمی برادری کو سالانہ اربوں ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کی بین الاقوامی منشیات کنٹرول اسٹریٹجی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر رقوم ملک سے باہر بھیجنے میں روس، بھارت، میکسیکو اور چین سر فہرست ہیں۔

امریکی رپورٹ کے مطابق اس قسم کی منی لانڈرنگ کی وجہ سے پاکستان کو بھی سالانہ 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔

رپورٹ میں جائز کاروبار کی آڑ میں غیر قانونی رقوم کو چھپانے کا خصوصی حوالہ دیا اور کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کی وجہ سے بھارت کو سالانہ تقریباً 51 ارب ڈالر، چین کو 139 ارب ڈالر اور روس کو 52٫8 ارب ڈالر کا نقصان پہنچتا ہے۔

افغانستان کے حوالے سے امریکی رپورٹ میں نوٹ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی فنانسنگ، منی لانڈرنگ اور رقوم کی وسیع پیمانے پر اسمگلنگ کی وجہ سے افغانستان کی سلامتی اور ترقی مسلسل خطرات سے دوچار ہے، افغانستان اب بھی افیون کا سب سے بڑا پیداکار ملک ہے، جس کی ترقی کی راہ میں کرپشن سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

تنہا سفرکرنے والے لوگ زیادہ ذہین ہوتے ہیں، ماہرین

لندن: برطانوی نفسیاتی سوسائٹی کے ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ وہ لوگ جو تنہائی پسند ہوتے ہیں اور عام طور پر اکیلے سفر کرتے ہیں وہ دوسروں کے مقابلے میں زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔

اسی مطالعے میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ زندگی کی طرف سے بے اطمینانی اور زیادہ میل جول سے گریز بھی ذہانت میں اضافے کی وجہ بنتے ہیں جب کہ دیہاتوں اور قصبوں میں رہنے والوں کی نسبت شہر کے باسیوں میں یہ بے اطمینانی زیادہ ہوتی ہے۔

کم آبادی والے علاقوں میں جہاں کے رہنے والے ایک دوسرے سے زیادہ میل جول رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں زیادہ شریک رہتے ہیں وہاں خوشی اور مطمئن زندگی کا تناسب تو شہروں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے لیکن یہی بات ذہانت کی نشوونما میں رکاوٹ بھی بن جاتی ہے۔ البتہ بلند تر ذہانت رکھنے والے لوگوں میں یہ دیکھا کیا گیا ہے کہ انہیں جب بھی موقعہ ملتا ہے وہ چند دن کےلئے اکیلے ہی سفر پر نکل جاتے ہیں جس دوران وہ نت نئے تجربات سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور بہت کچھ سیکھ کر اپنی معمول کی زندگی میں واپس آجاتے ہیں۔

فیس بک نے میسنجر میں ’’ڈس لائیک‘‘ بٹن کی آزمائش شروع کردی

سان فرانسسكو: سوشل میڈیا کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک نے اپنے میسنجر میں ناپسندیدگی یعنی ’’ڈس لائک‘‘ کا بٹن متعارف کرادیا لیکن اس کی فی الحال آزمائش کی جارہی ہے۔  

گزشتہ سال جولائی تک فیس بک میسنجر پر ایک ارب افراد موجود تھے جب کہ پورے فیس بک سسٹم کو 2 ارب افراد استعمال کررہے تھے۔ فیس بک کی جانب سے اس میسنجر کو 2011 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے صارفین اپنے دوستوں کو ذاتی پیغامات، چیٹ، مفت کالز اور گروپ چیٹ کرسکتے ہیں۔

پھر میسنجر میں دھیرے دھیرے احساسات بیان کرنے والی تصاویر اور ایموجی پیش کیے گئے جس میں پیار، غصہ اور اداسی وغیرہ سمیت 6 احساسات شامل ہیں۔ لیکن ان میں لوو یعنی محبت کا ایموجی سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے اور اب تک 300 ارب افراد اسے استعمال کرچکے ہیں۔

فیس بک کے نزدیک ’’ڈس لائک‘‘ کا بٹن کسی گفتگو سے عدم اتفاق کو ظاہر کرے گا۔ فیس بک چاہتا ہے کہ ڈس لائیک کو کسی گروپ چیٹنگ یا معاملے پر ووٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ اس سے قبل بھی فیس بک پر تھمبرڈاؤن بٹن کا مطالبہ کیا جاتا رہا تھا لیکن فیس بک کسی منفی جذبے کو پروان چڑھانے سے کترارہا تھا۔

فیس بک کے ایک آفیشل کے مطابق اس کی آزمائش جاری ہے اور ان کا کہنا ہےکہ وہ فیس بک میسنجر کو ہمیشہ دلچسپ اور متاثر کن بنانے کے خواہاں رہے ہیں، توقع ہےکہ کامیابی کی صورت میں اسے باقاعدہ طور پر فیس بک کا حصہ بنادیا جائے گا۔

دورہ ویسٹ انڈیزکے لئے مصباح ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان نے تصدیق کی ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مصباح الحق کپتان ہوں گے۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے مصباح الحق کو قومی ٹیسٹ سکواڈ کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے تصدیق کی ہے کہ مصباح الحق دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے دستیاب ہیں اور وہی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اظہر علی کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم کی نائب کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد سرفراز احمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

پرفارمنس دکھانے کی کوشش کی، کامران اکمل

وکٹ کیپر اور بیٹسمین کامران اکمل کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نےکہا تھا کھیلو اور پرفارمنس دو، بہت محنت کی اور پرفارمنس دکھانے کی کوشش کی۔

کامران اکمل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ میرا کام پرفارمنس دینا تھا، بطور بیٹسمین ٹیم میں شامل کرنا سلیکٹر کا کام ہے،گزشتہ دو تین سال میں پاکستان ٹیم کی سلیکشن میں کئی تجربات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مایوسی ہوتی تو یہ پرفارمنس نہ ہوتی، افسوس ہوتا ہے کہ اب کلب کرکٹ نہیں ہوتی، خوشی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹرز پاکستان آئے۔

کامران اکمل کا مزید کہنا ہے کہ ٹیم میں تجربات سے پاکستان ٹیم کی رینکنگ نیچے گئی، بلاول بھٹی میں ابھی جان ہے، ڈومیسٹک میں کھیلنے والا عباس زبردست بولر ہے۔

ۭآزاد ہانگ کانگ اور تائیوان بطور الگ ملک قابل قبول نہیں، چینی وزیراعظم

بیجنگ: چین نے اپنی سالانہ اقتصادی شرح پیداوار کو گزشتہ برس کے مقابلے میں کم کر دیا ہے۔

چینی وزیر اعظم نے نیشنل پیپلز کانگریس کے شرکا سے خطاب کے دوران اقتصادی و تجارتی و ماحولیاتی حکومتی ترجیحات کی وضاحت کی، چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تائیوان کی مکمل علیحدگی کو کسی طرح بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔

نیشنل پیپلز کانگریس کے سالانہ اجلاس کے ابتدائی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے لی کی چیانگ نے یہ بھی واضح کیا کہ ہانگ کانگ کی آزادی کی تحاریک بے فائدہ ہیں، نیشنل پیپلز کانگریس کا سالانہ اجلاس گزشتہ روز سے شروع ہوا ہے اور یہ 15 مارچ تک جاری رہے گا، اجلاس میں کانگریس سے حکومت کے تمام منصوبوں کی منظوری حاصل کی جائے گی، نیشنل پیپلز کانگریس کے رواں برس کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لی کی چیانگ نے زور دے کر کہا کہ ایسی کارروائیوں کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا جن کا مقصد تائیوان کو اس کے مادر وطن سے علیحدہ شناخت دینا ہو۔

اپنی تقریر میں چینی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت تائیوان کے ساتھ رابطوں میں اضافے کی پالیسی جاری رکھے گی، اس میں دو طرفہ پروازوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ فضائی آلودگی کا خاتمہ حکومت کی خاص ترجیحات میں شامل ہے، 2900 اراکین کانگریس کے سامنے انھوں نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلیے مختلف منصوبوں کا اعلان کیا، اس موقع پر چین کو درپیش ماحولیاتی مسائل سے متعلق ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

چینی وزیراعظم نے ملکی پارلیمنٹ کے اراکین پر واضح کیا کہ اگلے برس سے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تجدید نو کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ ماحول کو نقصان پہنچانے والے زہریلے ذرات اور سبز مکانی گیسوں کے اخراج کو کم کیا جا سکے، لی کی چیانگ نے رواں برس کیلیے چینی اقتصادی پیداوار کی شرح میں کمی کا اعلان کیا۔

علاوہ ازیں چینی وزیراعظم کے مطابق عالمی اقتصادی و تجارتی عدم استحکام کی صورت حال میں ان کا ملک مضبوط انداز میں قدم جمانے کی کوشش میں ہے، بیجنگ حکومت نے اس کمی کے بعد رواں برس کے لیے اقتصادی پیداوار کی شرح 6.5 مقرر کی ہے، یہ اعلان چین کی سست ہوتی اقتصادیات کے تناظر میں کیا گیا ہے، اس سے قبل2017 کے لیے اقتصادی پیداواری شرح کا ہدف 6.7 مقرر کیا گیا تھا جبکہ 2016 میں چین کی سالانہ شرح پیدوار کا حجم 11 ٹریلین ڈالر کے قریب تھا، چین دنیا کی دوسری بڑی اقتصادیات کا حامل ملک ہے۔

چین نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے فوج کی تربیت کومزید مضبوط بنائیں گے۔

فرانس میں پولیس تشدد کے خلاف ایک بار پھر احتجاج

مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے بینرز تھے جن پر سیاہ فام شہریوں کے خلاف فرانسیسی پولیس کے تشدد کے خلاف نعرے لکھے ہوئے تھے۔مظاہرین نے بائیس سالہ اس سیاہ فام شہری سے اپنی ہمدردی کا بھی اظہار کیا جسے پچھلے دنوں فرانسیسی پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑ پیں بھی ہوئیں اور فرانسیسی پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

واضح رہے کہ فرانسیسی پولیس نے جب سے بائیس سالہ سیاہ فام شہری کو جارحیت اور جنسی تشدد کا نشانہ بنایا ہے، فرانس کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں اور فرانسیسی پولیس کے اس اقدام پر اس ملک کے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

Skip to toolbar
Google Analytics Alternative