Home » 2017 » March » 11

Daily Archives: March 11, 2017

عام عدالتیں فیصلے کریں تو خصوصی عدالتوں کی ضرورت نہیں پڑے گی، چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ

لاہور: 

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصورعلی شاہ کا کہنا ہے کہ اگرعام عدالتیں فیصلے کریں تو خصوصی عدالتوں کی ضرورت نہیں پڑے گی.لاہورمیں تقریب سے خطاب کے دوران چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے کہا کہ معاشرے میں جب تک انصاف نہ ہو بہتری نہیں آسکتی، بارکے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتے ہیں، پنجاب بھرمیں 37 ہزارسیشن ٹرائل التوا میں پڑے ہیں، اگر وکیل سیشن ٹرائل میں مصروف ہوگا توہائی کورٹ میں زیرسماعت مقدمہ التوا کا شکارہوگا۔ اگر عام عدالتیں فیصلے کریں تو خصوصی عدالتوں کی ضرورت نہیں پڑے گی، ہمیں کوئی نئی چیزنہیں کرنی صرف قانون پر عمل درآمد کرنا ہے۔

جسٹس سید منصورعلی شاہ کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ لاہورڈسٹرکٹ جوڈیشل میں مصالحتی سینٹرکا افتتاح ہوا ہے ، اس ماڈل پراجیکٹ سے پتہ چلتا ہے کہ صرف نیت صاف کرنے کی ضرورت ہے، نیت صاف ہو اورارادہ ہو تو سب کچھ ہوسکتا ہے، ایک ماہ میں 751سیشن ٹرائل مکمل ہوئے جب کہ گزشتہ برس ستمبرسے اب تک صوبے بھرمیں 80 ہزار مقدمات نمٹائے جاچکے ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنا تیزی سے انصاف فراہم کیا جا رہا ہے، مقدمات کے جلد ٹرائل کے لیے سسٹم کو مزید بہتر بنارہے ہیں۔

کاربن ڈائی آکسائیڈ سے عالمی درجہ حرارت میں اضافہ نہیں ہوا، سربراہ ماحولیاتی تنظیم

واشنگٹن: 

ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی (ای پی اے) کے نئے سربراہ اسکاٹ پروئٹ نے کہا ہے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ نہیں البتہ اپنے اس دعوے کی تصدیق کے لیے انہوں نے کسی سنجیدہ سائنسی تحقیق کا کوئی حوالہ نہیں دیا۔

امریکی ٹیلی ویژن چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں پروئٹ کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ طے نہیں ہوسکا ہے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ اور اس نوعیت کی دوسری (گرین ہاؤس) گیسیں دنیا کے ماحول کو گرمانے کی وجہ ہیں یا نہیں اور اسی لیے وہ اس بات سے بھی اتفاق نہیں رکھتے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ کاربن ڈائی آکسائیڈ ہے۔

ان خیالات کے جواب میں امن اور ماحول سے متعلق امریکی سائنسدانوں کی غیر منعفت پسند تنظیم ’’یونین آف کنسرنڈ سائنٹسٹس‘‘ (تشویش زدہ سائنسدانوں کا اتحاد) المختصر ’’یو سی ایس‘‘ نے کہا ہے کہ پروئٹ نے سائنسی حقائق کو سمجھنے اور بیان کرنے میں ’’بدترین غلطی‘‘ کا مظاہرہ کیا ہے۔ اپنے جوابی بیان میں یو سی  ایس کا کہنا ہے کہ زمینی ماحول کے درجہ حرارت میں اضافے کے پس پشت سائنس مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار ہے جو حقیقت کا درجہ رکھتی ہیں۔

’’یو سی ایس‘‘ کے مطابق پروئٹ کا نقطہ نظر بین الاقوامی اور امریکی سائنسی اداروں بشمول ناسا اور ’’نوآ‘‘ (نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن) کی طویل اور بھرپور تحقیق سے حاصل کیے گئے نتائج سے متصادم ہے جو یہ بتاتے ہیں کہ انیسویں صدی کے اختتام سے لے کر اب تک زمینی کرہ ہوائی کا درجہ حرارت 1.1 درجے سینٹی گریڈ (2.0 فیرن ہائیٹ) بڑھ چکا ہے جس کی وجہ انسانی سرگرمیوں کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دوسری گرین ہاؤس گیسوں کا مسلسل بڑھتا ہوا اخراج ہے۔

 

’آلٹر نیٹ میڈیسن سینٹر‘مریضوں کی خدمت میں پیش پیش

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسے امراض موجود ہیں جن کا علاج تاحال دریافت نہیں ہو ااور اگر ہے تو اتنا مہنگا کہ ہر کسی کی جیب برداشت نہیں کرسکتی ۔ایسے میںکراچی میں آلٹر نیٹ میڈیسن سینٹر گزشتہ ڈیڑھ سال سےبائیو ریسونیس ویوز کے ذریعے مریضوں کو شفا فراہم کررہا ہے۔

کینسر میں مبتلا کئی افراداسپتالوں میں چکر لگاتے ہیں،لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود انہیں شفاء نہیں ملتی ۔ جدید ٹیکنالوجی اور پختہ عزم نے ان مریضوں کے چہروں پر زندگی کے رنگ بکھیرے ہیں ۔

آلٹرنیٹ میڈیسن کے اس وقت کراچی میں دو سینٹرز کام کررہے ہیں جہاں الیکٹر و میگنیٹک ریزکو ساؤنڈ ویوز میں تبدیل کرکے علاج کیا جارہا ہے۔

ان سینٹرز میںجہاں ڈاؤن سنڈرومُ ،مسود اور کینسر جیسے دیگر لاعلاج مرض میں مبتلا مریض شفاء کی طرف بڑھ رہے ہیں وہیں پاکستان میں اس جدید ٹیکنالوجی کو وسعت بھی مل رہی ہے۔

کنڈیارو: خسرہ سے 2بچے جاں بحق

کنڈیارو تعلقے میں خسرہ کی وبا تیزی سے پھیلنے گئی،جس کے باعث 2روز میں 2کم سن بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کنڈیارو کے مختلف علاقوں میں خسرہ کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔ گزشتہ 2روزمیں 2کم سن بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

گوٹھ امام بخش منگریو کے رہائشی خالد منگریو کا4سالہ بیٹا میثم عباس منگریو خسرہ کی بیماری میں مبتلا رہنے کے باعث فوت ہوگیا۔

دریں اثناءایک روز قبل نواحی علاقےگوٹھ علن کلیری میں خسرہ کی بیماری میں مبتلا 5ماہ کی کم سن بچی سمیہ بنت مشتاق کلیری فوت ہوگئی تھی۔

مذکورہ علاقوں میں تاحال محکمہ صحت کی کوئی بھی ٹیم نہ پہنچ سکی ہے۔

سندھ میں گندم کی سرکاری خریداری 15 مارچ سے شروع ہوگی

سندھ میں گندم کی نئی فصل کی سرکاری خریداری15 مارچ سے شروع ہو جائے گی اس سال بھی گندم کا سرکاری ریٹ 1300 روپے فی من( 40 کلوگرام) برقرار رکھا گیا ہے۔ اس سال 12 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

سندھ میں اس سال11لاکھ 66 ہزارہیکٹرز پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے۔ ڈگری سب ڈویژن سمیت میرپورخاص ڈویژن میں گزشتہ ماہ فروری کے آخری ہفتے سے گندم کی نئی فصل تیار ہو چکی ،جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی تقریبا گندم کی نئی فصل تیار ہو چکی ہے۔

محکمہ خوراک کی جانب سے تاحال گندم کی سرکاری خریداری کے مراکز قائم نہیں کئے جا سکے ہیں،جس کے باعث چھوٹے آباد گارکم ریٹ پر اپنی فصل فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ آباد گار بورڈ نے گندم کے آباد گاروں کے اس اہم مسئلے پر 13 مارچ کو آبادگاروں کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔

چیمبر آف ایگر یکلچر کے رہنماؤں نے بھی سرکاری خریداری مراکز نہ کھولنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ خوراک نے صوبے میں 15 مارچ سے گندم کی سرکاری خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور اس سال گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف 12 لاکھ ٹن( ایک کروڑ 20 لاکھ بوری) مقرر کیا ہے۔

گزشتہ سال 11 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی گئی تھی۔جبکہ اس سال 12 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے لئے انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔ اس سال گندم کے ریٹ میں اضافہ نہیں کیا گیا اور گزشتہ سال کا ریٹ 1300 سو روپے فی من کا ریٹ ہی برقرار رکھا گیا ہے۔

محکمہ خوراک سندھ کے ڈائریکٹر محمد بچل راھپوٹو کے مطابق لوئر سندھ میں15 مارچ سے گندم کے آباد گاروں کو بادانہ فراہم کر کے گندم کی خریداری شروع کر دی جائے گی،جبکہ یکم اپریل سے اپر سندھ گندم کی خریداری شروع ہو جائے گی۔معلوم ہوا ہے کہ سندھ کے صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو آئندہ چند روز میں گندم کی سرکاری خریداری کا باقاعدہ اعلان کر دینگے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نئے مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز پیش

پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے نئے مالی سال کے لئے بجٹ تجاویز دے دیں ، لسٹڈ کمپنیوں کا ٹی کریڈٹ اور شیئرز پر کپیٹل گین ٹیکس 5 سال کرنے ،ریٹس کے رینٹل انکم پرٹیکس ختم کرنےاور بروکرز کے ریفنڈز کی فوری ادائیگی سے متعلق تجاویز شامل ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کی بجٹ تجاویز پر اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم کےمشیر برائے ریونیو ہارون اختر ، چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد،چیئرمین پی ایس ایکس ، ایم ڈی پی ایس ایکس اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی ۔

پی ایس ایکس کی ٹیکسیشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالقادر میمن نے بجٹ تجاویز پیش کیں، جن میں کہا گیا کہ لسٹڈ کمپنیوں کے بونس شیئرز پر ٹیکس چھوٹ دی جائے۔

انہوں نے تجاویز میں کہا کہ نئی لسٹڈ کمپنیوں کا ٹیکس کریڈٹ 2 سال سے بڑھا کر 5 سال کیا جائے،کیپٹل گین ٹیکس 7اعشاریہ5 فیصد غیر معینہ مدت کے لئے تھا، اس کی مدت 5 سال مقرر کی جائے ۔

رئیل اسٹیٹ انوسیٹمنٹ ٹرسٹ کی رینٹل انکم کو ٹیکس چھوٹ دی جائے،پی ایس ایکس کی آمدنی ابھی منی مارکیٹ کے حوالے سے لی جاتی ہے۔

نئے بجٹ میں اسے اسٹاک فنڈ کے طور پر لینے کی تجویز کی گئی ہےاور ساتھ ہی ایف بی آر میں بروکرز کے پھنسے ہوئے ریفنڈ فوری ریلیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔

سرفراز نے ورلڈکپ تک رسائی کیلئے ویسٹ انڈیز کو ہدف بنالیا

قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اگلے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کے لئے ویسٹ انڈیز کا دورہ بہت اہم ہے۔ ٹیم کو 2019 ون ڈے ورلڈکپ تک براہ راست رسائی دلانا ہدف ہے جس کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہوگی۔

فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں کو دفاعی انداز بدل کر جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ خیال رہے کہ پی سی بی نے دورے کیلئے ٹریننگ کیمپ کیلئے 31 کھلاڑیوں کو منتخب کیا جو ہفتے سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تربیت کا آغار کریں گے۔

اظہر علی کی جگہ ون ڈے قیادت سنبھالنے والے سرفراز نے اس حوالے سے ایک انٹریو میں کہا کہ قومی ٹیم کا کپتان مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ پی سی بی حکام نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر ان کا شکرگذار ہوں، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے دوبارہ کامیابیوں کے سفر پر گامزن کروں۔

اس وقت ٹیم کو 2019 ورلڈکپ کوالیفکیشن سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں 300رنز کا ہدف بھی محفوظ نہیں، ہماری ٹیم کا ہدف کے تعاقب میں ریکارڈ اچھا نہیں، کھلاڑیوں کو کھیلنے کا انداز بدلنا ہوگا۔ دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز سے سرزمین پر سامنے کرنے کے لئے اپنی تیاری ہفتے سے شروع کرے گی۔

کیمپ کے اختتام پر دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے ٹریننگ کیمپ میں طلب کیے جانے کو انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی زندگی سے تعبیر کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ میرے نئی زندگی اور انٹرنیشنل کیریئر کیلئے امید کی نئی کرن ہے۔ میں نے اس موقع کے حصول اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے کیلئے بہت سخت محنت کی اور کیمپ کیلئے منتخب کرنے پر میں سلیکٹرز کا شکر گزار ہوں۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے کے بعد پی ایس ایل میں بھی عمدہ کارکردگی کیلئے بے چین تھا اور میں اس کارکردگی کا سہرا کپتان ڈیرن سیمی اور کوچ محمد اکرم کے سر باندھتا ہوں جنہوں نے مجھے اوپر کے نمبروں پر کھلایا ۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کپتان کی موجودگی میں اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا اوراور موقع ملا تو ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کے کامران اکمل 353 رنز بنا کر پی ایس ایل ٹو کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے تھے۔ انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 12 شکار بھی کئے۔

ون ڈے رینکنگ: پہلی پوزیشنز پر جنوبی افریقہ کا قبضہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کردی، اے بی ڈی ویلیئرز ایک بار پھر نمبر ون بن گئے ہیں۔ون ڈے انٹر نیشنل رینکنگ میں جنوبی افریقی بیٹسمین ڈی ویلیئرز 875 پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ نمبر ون بن گئے، انہوں نے ڈیوڈ وارنر کو نمبر 2 پر دھکیل دیا ہے۔

ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر آ گئے، جوئے روٹ چوتھے، فاف ڈوپلیسی اور کوانٹن ڈی کاک ایک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ مارٹن گپٹل ساتویں، کین ولیمسن آٹھویں اور پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ 9 ویں نمبر پرآگئے جب کہ اسٹیو اسمتھ دسویں نمبر پر ہیں۔

ون ڈے ٹیموں کی درجہ بندی میںپاکستان کیلئے بظاہر کوئی تبدیلی نہیں ہے اور بدستور آ ٹھویں پوزیشن پر ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ون ڈے سیریز جیت گئی تو ورلڈ کپ 2019ء میں براہ راست کوالیفائی کیلئے کرنے کی جانب ایک اور قدم بڑھے گا ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے پوائنٹس 89 ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے پوائنٹس 84 ہیں اور اگر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز جیت لی تو ورلڈکپ 2019میں براہ راست کوالیفائی کرنے کی راہ مزید ہموار ہو جائے گی جبکہ ویسٹ انڈیز شدید مشکلات سے دوچار ہو جائے گا۔

نئی درجہ بندی میں جنوبی افریقی ٹیم نے آسٹریلیا سے پہلی پوزیشن چھین کر اس پر قبضہ کرلیا نمبر ون ٹیم آسٹریلیا دوسرے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، پاکستان آٹھویں، ویسٹ انڈیز نوویں اور افغانستان دسویں نمبر پر موجود ہے۔

دوسری جا نب پاکستان پوائنٹس ٹیبل پرآٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کا نواں نمبر ہے۔ بولنگ میں عمران طاہر بدستور سرفہرست ہیں، پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں، محمد عرفان ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن ٹاپ پر موجود ہیں جب کہ محمد حفیظ کی چوتھی پوزیشن برقرارہے۔

Skip to toolbar
Google Analytics Alternative