Home » 2017 » April » 06

Daily Archives: April 6, 2017

سرفراز ہی ٹیسٹ کپتان ہوں گے ،شہریار نے عندیہ دیدیا

شاہد خان آفریدی کے بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد ٹی ٹونٹی کے کپتان بنے ،اب تک کھیلی جانے والی تینوں ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کیں ۔

اظہر علی ون ڈے کے کپتانی سے دستبراد ہو ئے تو ون ڈے کی کپتانی کا تاج بھی وکٹ کیپر کے ہی سر سجا اور اب ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے تو ایسے میں سرفراز احمد کو ٹیسٹ ہی کی کپتانی سونپی جائے گی ۔

غیر رسمی گفتگو میں شہریار خان نے کہا کہ حال ہی میں تینوں فارمیٹ کا کپتان بنانے کا تجربہ کامیاب نہیں رہا، اس لیئے اب مختلف کپتان رکھنا کوئی اچھا فیصلہ نہیں ہو گا اس لیئے تینوں فارمیٹ کا اب ایک ہی کپتان ہو گا۔

مصباح الحق نے بھی سرفراز احمد کے حق میں ووٹ دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ کپتانی کا بٹوارا نہیں ہونا چاہیئے ایک ہی کپتان کو سپورٹ کرنا چاہئے۔

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسلی کشی نہیں ہورہی، آنگ سان سوچی

نیپی دیا: میانمار کی حکمراں آنگ سان سوچی نے روہنگیا مسلمانوں کی نسلی کشی کی تردید کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے امن کی نوبل انعام یافتہ میانمار کی حکمران آنگ سان سوچی نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ریاست راکھنی میں کارروائیوں کو نسل کشی کا نام دینا غیرمناسب ہوگا تاہم آپریشن کے نتیجے میں پڑوسی ملک جانے والے لوگوں کو کھلے ہاتھوں قبول کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے گروپ نے راکھنی ریاست میں فوج کے کریک ڈاؤن کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا تھا تاہم آنگ سان سوچی نے سیکیورٹی فورسز کا دفاع کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ راکھنی ریاست میں کچھ مسائل ہیں لیکن انہیں نسل کشی کا نام نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ راکھنی میں لوگوں کی آپس میں دشمنیاں ہیں جس کی وجہ سے اکثریت مسلمانوں کی ہلاک ہوئی تاہم اب وہاں کے لوگ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ میانمار کی فوج کی جانب سے مسلمانوں کی نسل کشی اور خواتین کی عصمت دری کے بڑھتے واقعات کے بعد حالیہ چند ماہ کے دوران 70 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان پڑوسی ملک بنگلادیش منتقل ہوچکے ہیں جب کہ اقوام متحدہ نے گزشتہ ماہ راکھنی میں پیش آئے واقعات کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا تاہم حکومت نے اقوام متحدہ کو اس کی اجازت نہیں دی۔

جنوبی روس : عمارت میں دھماکا،ایک شخص زخمی

غیرملکی میڈیا کے مطابق زوردار دھماکا ایک رہائشی عمارت میںہوا ہے، اطلاعات جمعرات کی صبح جنوبی روس کے علاقے روستوو میں ایک اسکول کی عمارت کے قریب ایک مشکوک بیگ کو ایک شخص نے جیسے ہی کھولا تو زوردار دھماکا ہو ا جسکے نتیجے میں مذکورہ شخص زخمی ہوگیا۔جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے وہاں پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس سے قبل پولیس نے بدھ اور جمعرات کی صبح سینٹ پیٹرزبرگ میٹرودھماکے میں ملوث ملزمان کی تلاش میں پولیس نے چھاپے مارکر کئی افراد کو تفتیش کےلیے حراست میں لے لیا ۔

سلامتی کونسل میں شام کیخلاف قرارداد پر ووٹنگ روس کی دھمکی کے باعث ملتوی

نیو یارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کے خلاف قرارداد پر ووٹنگ روس  کی جانب سے ویٹو کی دھمکی کے باعث ملتوی ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں کیمیائی حملے کے خلاف امریکا، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے سلامتی کونسل میں قرارداد جمع کروائی گئی تھی جس میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم روس کی جانب سے ویٹو کی دھمکی کے باعث سلامتی کونسل میں شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف قرارداد پر ووٹنگ پر ملتوی کر دی گئی۔

روسی وزارت خارجہ کا کا کہنا ہے کہ شام کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد ناقابل قبول ہے، مسودے میں تبدیلی نہ کی گئی تو اسے ویٹو کر دیں گے۔ روس کی جانب سے ویٹو کی دھمکی کے باعث قرارداد پر دوبارہ رائے شماری آج ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا کہنا ہے کہ روس شامی صدر بشارالاسد کی حمایت سے متعلق دوبارہ غور کرے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل شام  کے صوبے ادلب میں کیمیائی حملے میں بچوں سمیت 72 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے جس کا ذمہ دار امریکا، برطانیہ، فرانس اور اقوام متحدہ نے شامی صدر کو قرار دیا تھا۔

اوباما ،فنڈریزنگ تقریب میں شرکت کیلئے اسکاٹ لینڈجائیں گے

برطانوی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر بارک اوباما26مئی کواسکاٹ لینڈ کے صدر مقام ایڈنبرامیںمنعقد فنڈریزنگ تقریب میں بزنس لیڈرزسےخطاب کریں گے،اسکاٹ لینڈمیں منعقد فنڈریزنگ تقریب میں شرکت کیلئےٹکٹ کی قیمت5سوپاونڈمقرر کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس فنڈریزنگ تقریب سےحاصل ہونےوالی رقم اسکاٹ لینڈ میں بچوں کی فلاح اوراوبامافاونڈیشن میں جائےگی۔

آئی جی سندھ کو ہٹانے سے متعلق حکم امتناع ختم کرنےکی استدعا مسترد

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کو ہٹانے سے متعلق حکم امتناعی ختم کرنےکی استدعا مسترد کرتے ہوئے اللہ ڈنو خواجہ کو مقدمے کے حتمی فیصلے تک کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کو ہٹانے کے خلاف درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت عالیہ کو اللہ ڈنو خواجہ کی بر طرفی سے متعلق صوبائی کابینہ کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے استدعا کی کہ کیس میں آئی جی سندھ کو ہٹانے پر حکم امتماع ختم کیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کو ہٹانے سے متعلق حکم امتناعی ختم کرنےکی استدعا مسترد کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے کابینہ کمیٹی کے اجلاس کا ایجنڈا اور اس کی تفصیلات طلب کرلیں۔ عدالت نے حکم امتناعی برقرار رکھتے ہوئے حکم دیا کہ کیس کے فیصلے تک اللہ ڈنو خواجہ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں۔ کیس کی مزید سماعت 11 اپریل کو ہوگی۔

جے یو آئی صد سالہ تقریبات ، امام کعبہ کل نمازجمعہ پڑھائینگے

جے یو آئی کی صد سالہ تقریبات کےسلسلے میں نوشہرہ میں کل سے اجتماع کا آغاز ہو رہا ہے، جس میں امام کعبہ خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے مطابق تین روزہ عالمی اجتماع کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پرامام کعبہ خطبہ جمعہ دیں گےاورنماز پڑھائیں گے، امام کعبہ کی پاکستان آمد پوری قوم کیلئے باعث ِ سعادت ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی ہے کہ ہماری سرزمین پرحرمین شریفین کی اہم شخصیات آرہی ہیں۔

دوسری جانب امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد ابراہیم الطالب پشاور پہنچ گئے ، ان کے ہمراہ سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور الشیخ صالح بن عزیز آل شیخ بھی ہیں۔

کراچی کے علاقے گلشن غازی میں گھر پر پہاڑی تودہ گرنے سے 5 افراد جاں بحق

کراچی: گلشن غازی کے علاقے میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں  بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

کراچی کے علاقے گلشن غازی میں ایک مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ پہاڑی تودہ رات دیر گئے ضمیر نامی شخص کے گھر پر گرا جس کے نتیجے میں مکان مالک ضمیر، ان کی بیٹی اقرا اور بیٹا عبداللہ موقع پر ہی جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے، بعد ازاں ایک خاتون اور ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا اور تمام متاثرین کو سول اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کی شناخت 7 سالہ یسرا، 10 سالہ مسکان اور 13 سالہ رومہ شامل ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس گھر میں مدرسہ قائم تھا اور اگر صبح یا دوپہر کے اوقات میں اس قسم کا واقعہ رونما ہو جاتا تو زیادہ اموات ہو سکتی تھیں۔ مقامی افراد نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تودے کو ہٹانے کے لئے ہیوی مشینری بھیجی جائے تاہم پیچیدہ اور تنگ راستہ ہونے کے باعث ہیوی مشینری کا وہاں پہنچنا نا ممکن دکھائی دیتا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر پہاڑی تودہ مزید سرکا تو 10 سے 12 دیگر مکانات بھی اس ک زد میں آ سکتے ہیں لہذا فوری طور پر تودے کو ہٹانے کا کام شروع کیا جائے۔

Google Analytics Alternative