Home » 2017 » April » 13

Daily Archives: April 13, 2017

آئی پی ایل میں کولکتہ اور پنجاب آج مدمقابل

کولکتہ نائٹ رائیڈرزکو گوتم گھمبیر ،ٹرینٹ بولٹ ،ڈیرن براوو کی خدمات حاصل ہیںتو دوسری طرف ہاشم آملہ ،گپٹل ،ڈیرین سیمی اور میکس ویل موجود ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پرکنگز الیون پنجاب پہلے جبکہ کولکتہ پانچویں نمبر پر ہے ،میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینز نے سن رائزرز حیدرآباد کو باآسانی چار وکٹ سے ہرادیا۔ سن رائزرز حیدرآباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹ پر 158رنز بنائے۔

جواب میں ممبئی انڈینز نے ہدف آٹھ گیندقبل ہی پورا کرتے ہوئے چار وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔

فاسٹ بولر محمد عامر آج 25 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر آج اپنی 25 ویں سالگرہ منارہے ہیں اور انہیں ان کی اہلیہ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے مبارکباد دی گئی ہے۔ 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر آج اپنی 25 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ان کی اہلیہ نرجس عامر اور آئی سی سی نے سوشل میڈیا پر ان کو سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔ نرجس عامر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ”دنیا کے بہترین شوہر کو سالگرہ مبارک! اللہ تعالیٰ آپ کی حفاظت فرمائے اور آپ کو خوشیاں عطا فرمائے۔“ آئی سی سی کی جانب سے بھی انہیں سالگرہ مبارک کا پیغام دیا گیا ہے۔

محمد عامر نے 25 ٹیسٹ میچز میں 33.72 کی اوسط سے 81 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 546 رنز بھی بنا رکھے ہیں۔ 32 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 27.14 کی اوسط سے 50 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ 2 نصف سنچریز کی مدد سے 269 رنز بھی بنا رکھے ہیں۔ ان کا بہترین سکور 73 رنز ناٹ آﺅٹ ہے۔ 31 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 23.79 کی شرح سے 34 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔

سرفراز کو ٹیسٹ کپتانی سے دور رکھنا ہی بہتر ہوگا، راشد لطیف

ایسے وقت میں جب سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان ویسٹ انڈیز میں ٹی 20سیریز کے بعد ون ڈے سیریز کی ٹرافی اٹھائی ہے اور مستقبل میں وہ طویل دورانیے کی ٹیسٹ کرکٹ میں مصباح الحق کی جگہ قومی ٹیم کی کمان سنبھالنے کیلئے تیار ہیں، سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر راشد لطیف کا خیال ہے کہ سرفراز کیلئے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا یہ مناسب وقت نہیں ہوگا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 130 اور ون ڈے کرکٹ میں بحیثیت وکٹ کیپر 220شکار کرنے والے سابق کپتان کہتے ہیں کہ کپتانی اور پاکستان کرکٹ ہمیشہ ایک مشکل اور کٹھن کام رہا ہے اور میں اس تجربے سے بخوبی واقف ہوں۔

پاکستان کے لیے 6ٹیسٹ میں کپتان کی حیثیت سے 4ٹیسٹ جیتنے والے راشد لطیف کہتے ہیں کہ اہم بات ہے کہ سرفراز ابھی صرف 29سال کا ہے،البتہ باوجود اس کے اسے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دینے میں جلدی پاکستان کرکٹ کے لیے نقصان کا سبب بن سکتی ہے، وجہ سیدھی ہے،مصباح اور یونس کے جانے کے بعد اس ٹیم کو نئی شروعات کا چیلنج درپیش ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ سرفراز ٹی 20میں فتوحات سمیٹ رہا ہے، البتہ ون ڈے کرکٹ میں اسے بہت سیکھنے کے عمل سے گزرنا ہوگا، کیوں کہ اس کی کپتانی میں مختصر فارمیٹ کی جھلک نمایاں ہے۔

راشد لطیف کا خیال ہے کہ سرفراز کی کپتانی کو لے کر کمنٹری بکس سے ہونے والے تبصرے ان کے لیے حیران کن ہیں جن کے بارے میں وہ سمجھتے ہیں کہ یا تو کمنٹری کرنے والوں کی سوچ محدود ہے یا پھر وہ کسی سوچے سمجھے ایجنڈے کے ساتھ سرفراز کو موضوع بحث بنا کر غیر ضروری انداز میں نئے کپتان پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

سرفراز احمد کپتانی میں کتنی دور جائیں گے اس بارے میں راشد لطیف کا کہنا ہے کہ کچھ کہنا مشکل ہوگا، البتہ وکٹ کیپر کو غیر ضروری دباؤ سے بچنا ہوگا جو وکٹ کیپنگ اور کپتانی کے ساتھ اتنا آسان ہرگز نہیں ہوگا۔

سن2003ء کے ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے راشد لطیف کا خیال ہے کہ سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اسد شفیق کو دینا قدرے مناسب فیصلہ ہوگا۔

پی سی بی کی عزت درکار نہیں مداحوں کا پیار کافی ہے، شاہد آفریدی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم نے اچھا پرفارم کیا۔ بہترین کپتانی پر سرفراز احمد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ ہے نہ ہی کسی سیاسی پارٹی سے تعلق ہے، سیاستدانوں کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے اور میں یہ کام اپنی فاﺅنڈیشن کے ذریعے کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ تیز ہو گئی ہے ہمیں وقت کے ساتھ چلنا ہو گا، نئے ٹیلنٹ کو آگے لانا چاہیئے، پاور ہٹرز کی تلاش کیلئے سندھ میں کیمپ لگاﺅں گا۔

الوداعی میچ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے پی سی بی کی عزت کی ضرورت نہیں، مداحوں کی جانب سے ملنے والا پیار میرے لئے کافی ہے۔ کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کی وجہ سے ہے، میں نے کھلاڑیوں کو اچھے انداز میں رخصت کرنے کا ٹرینڈ سیٹ کرنے کی کوشش کی، مصباح اور یونس نے بہترین فیصلہ کیا اور ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ سینئر کرکٹرز کو اچھے انداز میں رخصت کیا جانا خوش آئند ہے۔

پاک بھارت مذاکرات سے کلبھوشن کی جان بچ سکتی ہے، سابق بھارتی وزیر مانی شنکر

نئی دلی: بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رکن اور سابق وزیر مانی شنکر کا کہنا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات سے بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی جان بچ سکتی ہے۔

بھارتی اخبار کو انٹر ویو دیتے ہوئے بھارت کی راجیہ سبھا کے رکن مانی شنکر کا کہنا تھا بھارت کو پاکستان سے مذاکرات کے لئے سگنلز دینے ہوں گے کیونکہ پاک بھارت مذاکرات سے کلبھوشن یادیو کی جان بچ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری رہتے تو کلبھوشن کو سزا نہ ہوتی۔

مانی شنکر کا مزید کہنا تھا کہ اگر بھارت کے پاس بھی کلبھوشن یادیو جیسا قیدی ہو تو پاکستان سے ڈیل ہو سکتی ہے جب کہ کلبھوشن یادیو کا کیس لڑنے کے لئے پاکستان میں عاصمہ جہانگیر یا اعتزاز احسن جیسے وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی فوجی عدالت نے 2 روز قبل بلوچستان سے گرفتار ’’را‘‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی تھی جس کے رد عمل میں بھارت نے پاکستان کی دو خواتین قیدیوں کی رہائی آخری مراحل میں روک دی تھی جب کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ کلبھوشن کی رہائی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

لندن: 24 گھنٹوں میں 3 افراد چاقو کے وار سے قتل

دن دیہاڑے بس میں چاقوسے حملے کا یہ واقعہ شمال مغربی لندن کےعلاقے اسٹوک نیونگٹن میں پیش آیاجہاں بہادر مسافرنے چاقوبردارشخص کو قابو کرکے اسکا چاقوچھین لیا ۔ چاقوہاتھ سے جانے پر حملہ آور بس سے باہر بھاگنے پر مجبور ہوگیا۔

بس میں موجود مسافر یہ دہشت ناک منظردیکھتے رہ گئے، چاقوچھیننےکےدوران 20 برس کے نوجوان کو کئی جگہ زخم آئے تاہم وہ اپنی اور مسافروں کی جان بچانے میں کامیاب رہا۔

نوجوان نےحملہ آورکاپیچھا کرنے کی بھی کوشش کی اور کہا کہ وہ افریقی ہےاوردوبارہ کبھی اس کی جان لینے کی ہمت نہ کرے۔ اسی علاقےمیں چند روز پہلےہی ایک خاتون کو بھی چاقو مار دیا گیا تھا۔

افغان فورسز کی پاکستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں کارروائی،داعش کے 50 دہشت گرد ہلاک

کابل: افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج کی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں شدت پسند کالعدم داعش کے 3 کمانڈروں سمیت 50 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پاکستانی سرحد کے قریب افغان صوبے ننگر ہار کے ضلع اچین میں فضائی بمباری اور جھڑپوں میں کالعدم داعش کے 3 کمانڈروں سمیت 50 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مشرقی افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کے تعاون سے جاری آپریشن حمزہ کے تحت رات کو کی جانے والی فوج کی انسداد دہشت گردی کی  کارروائیوں میں یہ 50 ہلاکتیں پاکستان کی سرحد کے قریب واقع صوبہ ننگرہار کے ضلع اچین میں ہوئیں جو داعش کا گڑھ ہے۔ افغان فوج کے علاقائی ترجمان  کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 12 غیر ملکی بھی شامل ہیں تاہم ان کی شہریت کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

خواتین کے نکاح پڑھانے میں شرعی قباحت نہیں، سعودی عالم دین

سعودی عرب کے ممتاز عالم دین شیخ عبداللہ المنیع نے کہا ہے خواتین کو بطور نکاح خواں مقرر کرنے میں کوئی شرعی قباحت نہیں ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی علماء سپریم کونسل کے رکن وممتاز عالم دین شیخ عبداللہ المنیع نے سرکاری ٹی وی پر آن لائن فتوی دیتے ہوئے کہا کہ شریعت میں نکاح خواں کے بغیر بھی شادی ہوسکتی ہے بشرط کہ دلہن کا ولی اور گواہان موجود ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ عام طور پر نکاح خواں کو قاضی یا عالم دین ہونا ضروری سمجھا جاتا ہے حالانکہ نکاح خواں کا اصل کام شادی کو رجسٹرڈ کرنا ہے نہ کہ شادی کرانا۔ اس لحاظ سے خواتین کا نکاح خواں بننے میں کوئی شرعی قباحت نہیں ہے۔ شیخ عبداللہ المنیع کے فتوے سے مملکت میں ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے۔

معترضین کا خیال ہے کہ عورت کے نکاح خواں بننے کے بعد اسے مردوں کے درمیان بیٹھنا پڑے گا جو خلاف شریعت ہے۔ جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ با پردہ خاتون کے مردوں کے درمیان بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں ہے اور ایسا ہوٹلوں، محفلوں، بازاروں اور سفر کے دوران ہوتا ہے۔

Google Analytics Alternative