Home » 2017 » April » 14

Daily Archives: April 14, 2017

کمانڈر 10کور کا کنٹرول لائن کا دورہ

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق کمانڈر 10کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے باغ سر سیکٹر میں اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں کی تیاری اور مستعدی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے جوانوں کے جذبے اور حوصلے کو سراہا، جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں اورمعصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نواز شریف کو افغان صدر اشرف غنی کا خط

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاک افغان پارلیمانی رابطوں کی اشرف غنی کی تجویز اسپیکر ایاز صادق اور دفتر خارجہ کو بھجوا دی ہے۔

اسپیکر نے اس سلسلے میں پالیمانی جماعتوں سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی پارلیمانی وفد وزارت خارجہ کے حکام کے ساتھ جلد افغانستان کا دورہ کرے گا۔

ہوا سے براہِ راست پانی بنانے والی مشین

میساچیوسٹس: امریکی سائنسدانوں نے ایک ایسا آلہ ایجاد کرلیا ہے جو سورج کی روشنی سے توانائی حاصل کرتا ہے اور ہوا میں موجود نمی کو براہِ راست پانی میں تبدیل کردیتا ہے۔

اگرچہ اس طرح کے آلات اور طریقے بہت پہلے سے دنیا میں موجود ہیں لیکن یا تو ان کی کارکردگی بہت کم ہے یا پھر وہ ہوا سے پانی ’چوسنے‘ کے لیے بہت زیادہ توانائی استعمال کرتے ہیں تاہم ایم آئی ٹی اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کے ماہرین کی یہ مشترکہ ایجاد اس لحاظ سے مروجہ مشینوں اور آلات کے مقابلے میں بہتر ہے کیونکہ یہ اپنی توانائی کی ضرورت سورج کی روشنی سے پوری کرتی ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ یہ شدید گرمی کے ماحول اور صرف 20 فیصد نمی والی ہوا سے بھی پانی کشید کرسکتی ہے۔

’’سولر پاورڈ ہارویسٹر‘‘ نامی یہ آلہ ہوا میں موجود آبی بخارات جذب کرکے انہیں مائع پانی میں تبدیل کرنے کےلیے ’’میٹل آرگینک فریم ورک‘‘ (ایم او ایف) کہلانے والے مادّے سے استفادہ کرتا ہے۔ فی الحال اس آلے کا پروٹو ٹائپ تیار کرلیا گیا ہے جس میں 1 کلوگرام ایم او ایف استعمال کیا گیا ہے اور وہ 20 فیصد نمی والی ہوا سے 12 گھنٹے میں 2.8 لیٹر پانی حاصل کرسکتا ہے۔

اس پروٹوٹائپ کی موجودہ کارکردگی 20 فیصد ہے لیکن ’ایم او ایف‘ کو مزید بہتر بنا کر اسے 40 فیصد تک پہنچانے پر کام جاری ہے۔ ایم او ایف میں سالمات کی ساخت کچھ ایسی ہوتی ہے:

یہ آلہ ایجاد کرنے والی ٹیم کے ایک رکن عمر یاغی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں شمسی توانائی کی اضافی صلاحیت سے لیس ہونے کے بعد یہ آلہ 24 گھنٹے مسلسل کام کرسکے گا اور کیونکہ اس میں کوئی متحرک پرزہ نہیں اس لیے حرکت کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا خطرہ بھی نہیں۔

اگرچہ دنیا میں پانی کی کوئی کمی نہیں اور سطح زمین کا دو تہائی سے زیادہ رقبہ سمندروں پر مشتمل ہے وہ نمکین ہے یعنی انسانی استعمال کے قابل نہیں۔ دوسری جانب اس وقت دنیا کی دو تہائی آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں جبکہ یہ آبی قلت انسانی آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہی جارہی ہے۔

عمر یاغی کے بقول ان تمام مسائل کے باوجود اچھی بات یہ ہے کہ کرہ زمین کی ہواؤں میں مجموعی طور پر 13,000,000 ارب لیٹر پانی (آبی بخارات کی شکل میں) ہر وقت موجود رہتا ہے اور اگر کوئی ایسا طریقہ ایجاد کرلیا جائے جو اسے پینے کے قابل (مائع) پانی میں تبدیل کرسکے تو یہ انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہوگی۔ سولر واٹر ہارویسٹر بھی ایسی ہی ایک کوشش ہے جس کی تفصیلات ہفت روزہ تحقیقی جریدے ’’سائنس‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔

پاکستان اسٹاک،100 انڈیکس میں 373 پوائنٹس کی کمی

پاکستانی شیئرز بازار میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی شیئرز فروخت کرنے کا رجحان رہا۔

کاروبار کے دوران 7 ارب روپے مالیت کے 12 کروڑ 57 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، کاروبار کے دوران آئل اینڈ گیس، انجینئرنگ، سیمنٹ اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے شعبے سرگرم رہے۔

امریکا نے پہلی مرتبہ افغانستان میں نان نیوکلئیر بم گرا دیا

واشنگٹن: امریکا نے افغانستان میں 16 سالہ جنگ کے دوران پہلی مرتبہ نان نیوکلئیر بم کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔

پینٹاگون کے ترجمان ایڈم اسٹمپ کے مطابق امریکی فوج نے پہلی مرتبہ افغانستان میں نان نیوکلئیر بم کا استعمال کیا جسے داعش کے ٹھکانے کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے ضلع ایچن کی پہاڑیوں پر 11 ٹن بارودی مواد سے لیس جی بی یو 43 نامی بم سے داعش کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک ہوگئے۔

پینٹاگون کے مطابق نان نیوکلئیر بم کا مختصر نام ’’مدر آف آل بمز‘‘ ہے جب کہ فضائیہ میں اسے میسو آرڈیننس ایئر بلاسٹ بم کہا جاتا ہے۔

امریکا نے جی بی یو 43 بم کا عراق جنگ سے قبل 2003 میں پہلی مرتبہ کامیاب تجربہ کیا تھا جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ تجربے کے دوران 32 کلومیٹر دور تک آسمان پر گہرے بادل چھا گئے تھے تاہم افغانستان میں بم کے گرائے جانے کے بعد ابتدائی طور پر کسی بھی نقصان کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ جی بی یو 43 بم 9 ہزار 797 کلو گرام وزنی ہے جسے کار گو طیارے سی 130 کے ذریعے ضلع ایچن کی پہاڑیوں پر گرایا گیا۔

دوسری جانب افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن کا کہنا ہے کہ نان نیوکلیئر بم پہاڑیوں پر داعش کے ٹھکانوں پر گرایا گیا اور داعش کے خلاف جارحانہ اقدامات اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے یہ مناسب قدم ہے۔

پاکستان ہاکی کی تباہی کے ذمہ دار سابق اولمپئنز ہیں، حنیف خان

ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، پاکستان ہاکی سنہری یادوں سے بھرا پڑا ہے، ماضی میں ہاکی کا کون سا عالمی اعزاز تھا جو گرین شرٹس نے نہیں جیتا۔

پاکستان نے ورلڈ کپ 4مرتبہ، اولمپکس کا گولڈ میڈل 3بار اور چیمپینز ٹرافی کا اعزاز 3مرتبہ جیتا، لیکن افسوس آج پاکستان ہاکی کا دامن خالی ہے، پاکستان کے پاس نہ صرف کوئی عالمی اعزاز نہیں بلکہ اب تو یہ وقت ہے کہ ماضی کے ورلڈ چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ اور اولمپکس کے لیے حالیہ عرصے میں کوالیفائی تک نہ کر سکی۔

اس بارے میں قومی ہاکی ٹیم کے مینیجر اولمپئن حنیف خان کہتے ہیںکہ پاکستان ہاکی کی زوال کی اہم وجوہات میں سابق اولمپئنز کا بھی اہم کردار ہے،جو عہدوں کے علاوہ اس کھیل کی بقاء کے لئے اہم کردار ادا کر نے سے قاصر رہیں۔

حنیف خان کا مزید کہنا تھا کہ اب ہمیں نئے لڑکوں کی طرف دیکھنا ہوگا، درست کہ ہم آسڑیلیا میں چار ٹیسٹ ہار گئے، البتہ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ رینکنگ میں بہتر نمبر کی ٹیم نیوزی لینڈ کو ہم نے اس کے گھر میں اسی ٹیم کے ساتھ شکست دی ہے۔

قومی ٹیم کے منیجر نے امید ظاہر کی کہ انگلینڈ میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں ٹیم بہتر نتائج دے گی۔

دوسری طرف پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان فلائنگ ہارس سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ غلط پالیسیوں اور نا اہل عہدیداروں کی سیاست کے سبب آج پاکستان ہاکی اس حال میں پہنچ گئی ہے، البتہ وہ مایوس نہیں ہیں، انہیں لگتا ہے کہ پاکستان ہاکی کا مستقبل تابناک ہو گا۔

مشعال کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ میں قابل اعتراض چیز نہیں ملتی

اگر مشعال کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نظر ڈالیں تو کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملتی، مشعال خان ایک جذباتی نوجوان نظر آتا ہے جو معاشرے کے جھوٹ اور فریب سے بیزار ہے۔۔

مشعال خان نے اتوار کو اپنی پروفائل تصویر تبدیل کی،جمعے کو بھی اپنی تصویر تبدیل کی اور لکھا سب کو صبح بخیر،5اپریل کو مشعال خان نے فیس بک پر موسم کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا آج کا موسم بھی حسین ہے اور یہ رہیں کچھ تصاویر امید ہے سب کو پسند آئیں گی۔

چار اپریل کو مشعال خان نے اپنی ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ایک چھوٹی سی دعا لکھی کہ ’’اے رب مجھے بے خبروں کی بے فکری عطا کر یا علم کو سنبھالنے کی طاقت عطا فرما‘‘۔

تین اپریل کو مشعال خان نے لکھا کہ ’’میری تاریکی اور تمہاری تاریکی میں فرق ہے، میں اپنی خرابی کو دیکھ سکتا ہوںاور اسے قبول بھی کرسکتا ہوں جبکہ تم آئینے کو سفید چادر سے ڈھانپنے میں مصروف ہو،تمھارے گناہوں اور میرے گناہوں میں فرق ہے، میں گناہ کرتاہوں تو میں آگاہ رہتا ہوں جبکہ تم درحقیقت اپنے ہی بنائے ہوئے تصورات کا شکار ہو،میں ایک پکار ہوں، جل پری ہوں، مجھے معلوم ہے میں خوبصورت ہوں، جب میں سمندر کی لہروں پر تیرتا ہوںاور سمندر کی تہہ میں بیٹھ کر بھی کھاسکتا ہوں، تم ایک سفید چڑیل ہو، جادوگر ہو،تمہارے منتر ہیرا پھیری ہیں اور تمہارا کڑھاؤ جہنم سے آیا ہےلیکن تم پھر بھی اپنے آپ کو سفید چادر میں لپیٹتے ہو اورچاندی کا تاج پہنتے ہو‘‘۔

تین اپریل کو روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ کے زیر زمین ٹرین اسٹیشن پر بم دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اکتیس مارچ کو مشعال نے اپنی ایک تصویر کے ساتھ شعر لکھا

راہ چلتے ہوئے اکثر یہ گماں ہوتا ہے
وہ نظر چپکے سے مجھے دیکھ رہی ہوجیسے

تیس مارچ کو اپنی تصویر کے ساتھ بھوت کا لفظ لکھا۔

اٹھائیس مارچ کو مشعال نے کسی کو کوٹ کیا’’ جو شمع تم دوسروں میں جلانا چاہتے ہو پہلے وہ خود میں جلاؤ‘‘۔

ستائیس مارچ کو مشعال خان نے لکھا کہ ’’جتنا میں لوگوں کو جانتا جاتا ہوں، اپنے کتے سے محبت بڑھتی جاتی ہے‘‘۔

مشعال خان پر توہین مذہب کا الزام لگانے والوں نے ہاسٹل کے جس کمرے میں اسے گولی ماری اور تشدد کیا، اس کمرے کی دیوار پر مشعال خان نے خود لکھا ہے کہ ’’اللہ سب سے بڑا اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے رسول ہیں‘‘۔

مسیحی برادری کے لئے سرکاری اداروں میں پیر کو چھٹی کا اعلان

 اسلام آباد: وزارت داخلہ نے مسیحی برادری کے لئے پیر کو سرکاری اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔

وزارت داخلہ نے ایسٹر کے موقع پر پیر کو مسیحی برادری کے لئے تمام سرکاری اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے جب کہ چھٹی کا فیصلہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق پیر کو چھٹی کا اطلاق ملک کے سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے والے مسیحی برادری پر ہوگا۔

Google Analytics Alternative