Home » 2017 » April » 17

Daily Archives: April 17, 2017

پی سی بی نے خالد لطیف اورشاہ زیب کو بازپرس کیلیے دوبارہ طلب کرلیا

لاہور: پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی نے خالدلطیف اور شاہ زیب حسن کو بازپرس کیلیے دوبارہ طلب کر لیا۔

بورڈ کی  جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شق 4.3 کے تحت تحقیقات اور کوڈ آف کنڈکٹ کی مزید ممکنہ خلاف ورزیوں کا سراغ لگانے کیلیے دونوں کھلاڑیوں کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، معاملہ حساس نوعیت کا ہونے کی وجہ سے اس معاملے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ خالد لطیف 26 اور شاہ زیب حسن 27اپریل کو اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونگے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل شرجیل خان اور خالد لطیف نے بکی کے رابطے پر پی سی بی کو مطلع نہ کرنے کے سوا تمام الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا، اب ان کا کیس جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سربراہی میں قائم اینٹی کرپشن ٹربیونل کررہا ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیلسی کو دو صفر سے ہرادیا

پریمیئر لیگ کے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے لیگ کی نمبر ون ٹیم کے خلاف دو گول داغے، جس کے نتیجے میں چیلسی کو دو صفر سے شکست ہوئی۔

کیا زحل کے چاند پر خلائی مخلوق ہے؟

ہیوسٹن: مختلف بین الاقوامی اخبارات اور مشہور نیوز ویب سائٹس پر امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’’ناسا‘‘ کے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ زحل کے ایک چاند ’’اینسیلاڈس‘‘ پر زندگی موجود ہوسکتی ہے۔

ان خبروں سے قطع نظر، حقیقت یہ ہے کہ 13 اپریل کے روز ’ناسا‘ نے اپنی تازہ خلائی تحقیقات سے متعلق ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں کہا گیا تھا کہ زحل پر بھیجے کے خلائی کھوجی ’’کیسینی‘‘ سے وابستہ سائنسدانوں کا ایک تحقیقی مقالہ ریسرچ جرنل ’’سائنس‘‘ میں شائع ہوا ہے۔ اس مقالے میں بتایا گیا ہے کہ زحل کے چاند اینسیلاڈس (Enceladus) پر ایسی کیمیائی توانائی موجود ہونے کا قوی امکان ہے کہ جس پر زندگی کا گزارہ ہوسکتا ہے۔

قدرے آسان الفاظ میں یوں کہا جاسکتا ہے کہ زحل کے چاند اینسیلاڈس پر زندگی کےلیے سازگار حالات موجود ہیں جن کے تحت زندگی بتدریج پروان چڑھتے ہوئے ارتقاء کی منزلیں بھی طے کرسکتی ہے۔ لیکن یہ صرف ایک امکان ہے کیونکہ کیسینی خلائی کھوجی پر کام کرنے والے سائنسدانوں نے یہ ہر گز نہیں کہا کہ انہوں نے اینسیلاڈس پر زندگی دریافت کرلی ہے۔

واقعہ یہ ہے کہ اینسیلاڈس کی سطح کے نیچے سمندر موجود ہیں اور سائنسدانوں نے ان ہی سمندروں سے خارج ہوتی ہوئی ہائیڈروجن گیس دریافت کی ہے جو زندگی کےلیے درکار کیمیائی توانائی فراہم کرسکتی ہے۔

اس طرح کی سرگرمی زمینی سمندروں کی اتھاہ گہرائی میں سمندری تہہ (اوشن فلور) پر بھی ہوتی ہے جسے ’’جیو تھرمل وینٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ سمندری تہہ میں واقع ایسے مقامات ہوتے ہیں جہاں زمین کی بالائی پرت ’قشرِ ارض‘ (Crust) بہت پتلی ہوتی ہے جس میں مختلف جگہوں پر شگاف پڑجاتے ہیں۔ ان شگافوں کے راستے زمین کی نچلی پرت یعنی ’مینٹل‘ (Mantle) سے نکلنے والا گرم اور پگھلا ہوا مادّہ باہر خارج ہو کر تیزی سے ٹھنڈا ہوتا رہتا ہے۔

تھرمل وینٹس کی شکل سمندری تہہ میں بنی ہوئی چمنیوں جیسی ہوتی ہے اور ان سے خارج ہونے والے مواد میں سمندری جانداروں کےلیے غذائیت بخش مادّوں کے علاوہ ہائیڈروجن بھی شامل ہوتی ہے۔ سمندر کی گہری تہہ میں رہنے والے جاندار کسی تھرمل وینٹ کے ارد گرد گرم پانی میں پہلے سے موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ اور ہائیڈروجن کو آپس میں ملا کر مختلف نامیاتی مرکبات (آرگینک کمپاؤنڈز) تیار کرتے ہیں اور انہیں بھی اپنی غذا کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

کیسینی خلائی کھوجی سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اینسیلاڈس کے پوشیدہ سمندروں کی تہہ میں بھی ایسے ہی تھرمل وینٹس موجود ہوسکتے ہیں جن سے یہ ہائیڈروجن خارج ہورہی ہے۔ یعنی یہ امید کی جاسکتی ہے کہ اگر اینسیلاڈس پر زندگی موجود ہوئی، تو وہ اس چاند کی اندرونی گرمی، پانی میں حل کاربن ڈائی آکسائیڈ اور خارج ہونے والی ہائیڈروجن کی مدد سے اپنے لیے خود ہی غذا تیار کرتے ہوئے اپنا وجود برقرار رکھنے اور شاید ارتقاء پذیر ہونے کے قابل بھی ہوگی۔

ملاحظہ کیجیے کہ کیسی خبر تھی اور میڈیا نے نمک مرچ لگا کر اسے کیسا بنادیا۔

بیرونی سرمایہ کاری حجم میں 116 فیصد اضافہ ہوا، اسٹیٹ بینک

مرکزی بینک کے جاری کردہ اعدا د کے مطابق جولائی سے مارچ کے دوران ملک میں 2 ارب 23 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کی گئی جو گذشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر زیادہ رہی۔

مرکزی بینک کے مطابق 9 ماہ میں براہ راست سرمایہ کاری 12فیصد اضافے سے 1 ارب 60 کروڑ ڈالر رہی،جبکہ اس دوران اسٹاک مارکیٹ سے 36 کروڑ ڈالر کا انخلاء ہوا۔

مرکزی بینک ذرائع کے مطابق ملکی سرکاری شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری 99کروڑ ڈالر رہی۔

سنجے دت 15 سال پرانے مقدمے میں عدالت میں پیش

ممبئی: اندھیری کی مجسٹریٹ کورٹ نے بالی ووڈ اسٹار سنجے دت کے عدالت میں پیش ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے۔

سنجے دت ہمیشہ سے ہی مشکلات اور تنازعات میں رہے ہیں اور اب جیل سے اپنی سزا پوری کرنے کے بعد بھی ان کے 15 سال پرانے  مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے تھے۔

ممبئی کی اندھیری مجسٹریٹ کورٹ کی جانب سے 2002 میں فلمساز شکیل نورانی کو دھمکیاں دینے کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے  کے بعد آج سنجے دت خود عدالت میں پیش ہوئے جہاں وہ 10 منٹ تک کمرہ عدالت میں موجود رہے جب کہ اس دوران اداکار کے چہرے پر پریشانی  کے تاثرات نمایاں تھے تاہم عدالت نے سنجے دت کے خود پیش ہونے پر ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے 500 کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عدالت نے شکیل نورانی کو دھمکیاں دینے کے مقدمے میں سنجے دت کو بار بار سمن جاری کرنے کے باوجود عدم پیشی پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

بالی ووڈ فلم ’رابطہ ‘کاپہلا ٹریلر جاری

شاہ رخ خان اور کاجول کی رومانٹک بالی ووڈ فلم ’دل والے‘سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کریتی سینن اور اداکار سوشانت سنگھ کے ساتھ ایک بار پھر سلور اسکرین پر تہلکہ مچانے آرہی ہیں۔

دنیش وجان کی ہدایت کاری میں بننے والی نئی رومانٹک ڈرامہ فلم ’رابطہ ‘کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں کریتی سینن اور سوشانت سنگھ راجپوت مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جبکہ دیگر کاسٹ میں ورون شرما، نیدھی سوبائیش، جم سربھ اور کرن سنگھ چھابرا بھی شامل ہیں ۔

فلم میں دپیکا پڈوکون خاص کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔واضح رہے یہ فلم رواں سال9جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

 

سلمان خان کی اذان کے احترام والی ویڈیو وائرل ہوگئی

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کی مشہور رئیلٹی شو’’بگ باس‘‘ سیزن 8 کے دوران اذان کے احترام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے لگی۔

بالی ووڈ گلوکار سونو نگم کے فجر کی اذان سے متعلق نازیبا ٹوئٹس کے بعد فلم نگری کے سپر اسٹار سلمان خان کی مشہور رئیلٹی شو’’بگ باس ‘‘سیزن 8 کی تشہیری مہم کے دوران ہونے والی اذان کے احترام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’’بگ باس ‘‘ سیزن 8 کی افتتاحی تقریب میں سلمان خان اورجیٹ ایئرویز کے حکام اسٹیج پر شو سے متعلق بات چیت کررہے تھے کہ قریبی مسجد سے اذان کی آواز سنائی دیتی ہے جس پر سلومیاں میزبان کواذان کے احترام میں خاموش رہنے کا اشارہ کرتے ہیں لیکن وہ دوبارہ بولنا شروع کردیتے ہیں جس پر سلمان انہیں غصے میں خاموش رہنے کا کہتے ہیں اور شو کی تقریب اذان کے احترام میں روک دی جاتی ہے۔

اس دوران سلمان خان بھی اذان مکمل ہونے تک احتراماً ہاتھ باندھے کھڑے رہتے ہیں اوراذان مکمل ہونے پر ایک بار پھر میزبان کو اپنی بات وہیں سے شروع کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔

سلمان خان کی اذان کے احترام کی یہ ویڈیو ڈھائی سال پرانی ہے لیکن سونو نگم کی جانب سے اذان سے متعلق نازیبا ٹوئٹس  کے بعد ویڈیو یک دم سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان نے ممکنہ 15رکنی ٹیم منتخب کرلی

سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ سابق ون ڈے کپتان اظہر علی کو انگلش کنڈیشنز میں اوپنر کی حیثیت سے احمد شہزاد کے ساتھ موقع دینے پر متفق ہوگئے ہیں۔

البتہ کامران اکمل کے چھوٹے بھائی عمر اکمل کو یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاور ہٹر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ عمر اکمل کو خراب فٹنس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز جانے والی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم سے اوپنر کامران اکمل ، بیٹسمین آصف ذاکر اور لیفٹ آرم اسپنر محمد اصغر کو ڈراپ کردیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پندرہ رکنی ٹیم کی فہرست آئی سی سی کو بھیج دی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر اس ٹیم میں تبدیلی 24مئی تک کی جاسکتی ہے۔24مئی سے ٹیمیں انگلینڈ پہنچنا شروع ہوجائیں گی جہاں وہ وارم اپ میچ کھیلیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد پندرہ رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اس فہرست میں کامران اکمل،آصف ذاکر اور محمد اصغر کا نام شامل نہیں ہے۔ جبکہ اظہر علی کو اوپنر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔

اظہر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کےدورے کے بعد کپتان سے ہٹا کر سرفراز احمد کو کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

اظہر علی ویسٹ انڈیز جانے والی ون ڈے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے تھے۔ اظہرعلی نے 31 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی جن میں سے ٹیم نے12میچ جیتے، 18 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔

ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے سری لنکا، زمبابوے، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتیں جبکہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف وہ فتح حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اب ان کو کامران اکمل کی جگہ ملی ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان کے پندرہ ممکنہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، عماد وسیم، جنید خان، محمد عامر، وہاب ریاض، جنید خان، محمد حفیظ ، اور شاداب خان شامل ہوں گے۔

Google Analytics Alternative