Home » 2018 » May » 03

Daily Archives: May 3, 2018

جانئے آج آپ کا دن کیسا رہے گا

حمل:
21مارچ تا21اپریل

عشق و محبت کے سبز باغ ابھی نہ دیکھیں ورنہ آپ کو خزاں اپنی لپیٹ میں لے لے گی، تصوراتی محلوں کو خیالات کے ہی ذریعے مسمار کر دیں آپ کی موجودہ جھونپڑی ہی چھوٹی سی جنت ہے۔

ثور:
22اپریل تا20مئی

کاروباری معاملات کو خود طے کیجئے دوسروں کے سہارے بیٹھے رہنا سخت نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، آپ سے عقلی طور پر ایسی غلطیاں بھی سرزد ہو سکتی ہیں جس کا انجام کسی بھی لحاظ سے خوشگوار نہیں نکل سکتا۔

جوزا:
21مئی تا21جون

آپ کی نئی کاروباری سکیم کامیاب ثابت نہیں ہو سکتی۔ اس کو سردست عملی شکل نہ دیں۔ اپنے افسران کو ناراض ہونے کا موقع نہ دیں یہی آپ کے حق میں بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔

سرطان:
22جون تا23جولائی

غیر ملکی سفر کے سلسلے میں پڑی ہوئی رکاوٹ کا خاتمہ کسی دوست یا رشتہ دار کی خصوصی مدد وغیرہ کے سبب ہو سکتا ہے، اگر کاروبار مشترکہ ہے تو پھر شریک کار پر ضرورت سے زیادہ بھروسہ نہ کریں۔

اسد:
24جولائی تا23اگست

خود کو مزاجی طور پر قدرے سرد ہی رکھنے کی کوشش کریں۔ اپنے شریک حیات کو ناراض ہونے موقع نہ دیں تاکہ گھریلو گاڑی متوازن طریقے سے اپنی منزل کی جانب گامزن رہ سکے۔

سنبلہ:
24اگست تا23ستمبر

آپ کو وہ سب کچھ حاصل نہیں جو کہ دوسروں کو حاصل ہے لیکن اسکا یہ مطلب نہیں کہ معمولی سی پریشانی پر اپنا راستہ بدل دیا جائے ممکن ہے کہ جو نیا راستہ آپ اختیار کریں وہ آپ کو تباہی کے کنارے پر پہنچا دے۔

میزان:
24ستمبر تا23اکتوبر

آپکے گھریلو حالات تقریباً بہتر رہیں گے، شریک حیات کی وفاداری اور خلوص پر شک نہ کیا کریں اس طرح آپ اپنی وقعت کم کر بیٹھیں گے، اپنے قریبی عزیزوں سے بھی دور رہنے کی کوشش کریں۔

عقرب:
24اکتوبر تا22نومبر

کئی ایسے دوستوں سے تعلقات استوار ہو سکتے ہیں جن سے گزشتہ خاصا جھگڑا رہا ہے خصوصاً رشتہ دار آپ سے کچھ حاصل کرنے کے لیے ہی سہی تعلقات ازسرنو مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے ۔

قوس:
23نومبر تا22دسمبر

بلا وجہ معصوم لوگوں کا دل دکھا کر ان کی بد دعائیں نہ لیا کریں شاید آپ اس اٹل حقیقت سے واقف نہیں کہ بعض دکھے دلوں سے نکلنے والی پکار عرش کو بھی ہلا کر رکھ دیتی ہے۔

جدی:
23دسمبر تا20جنوری

جو ہو چکا اسے بھول جایئے تاکہ آپ کا دماغ نت نئی لاحاصل سوچوں کے چنگل سے کلی طور پر آزاد ہو کر کوئی بہتر و قابل عمل سکیمیں مرتب کر سکیں، غیر شادی شدہ افراد کو غیر معمولی احتیاط رکھنے کی ضرورت ہے۔

دلو:
21جنوری تا19فروری

ہم یہ رائے ضرور دیں گے کہ واقعات اگر کوئی غلط رخ بھی اختیار کرلیں تو پھر بھی محتاط رہنے کی کوشش کریں یعنی مخالفین سے جھگڑا فساد ہر گز نہ کریں ورنہ زیادہ نقصان آپ ہی کا ہو سکتاہے۔

حوت:
20 فروری تا 20 مارچ

اخراجات بڑھانے کے بجائے گھٹا دیں تاکہ گھریلو ماحول سازگار رہ سکے، ہم نے تو دونوں ہی راستے آپ کو دکھا دیے ہیں اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کون سا راستہ اختیار کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی قوم سے مذاق کر رہی ہے، نوازشریف

صادق آباد: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قوم سے مذاق کر رہی ہے، انہیں کرکٹ کھیلنےکے علاوہ کوئی کام نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آج صادق آباد جاگ رہا ہے، جنوبی پنجاب کا دل جاگ رہا ہے، میں بہت خوش نصیب ہوں عوام کی یہ محبتیں آسانی سے نہیں ملتیں، زندگی بھر صادق آباد کے لوگوں کا پیار یاد رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نکال دیا کہ نوازشریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ کے ساتھ ہمارا کوئی مقابلہ نہیں آپ تو کوئی شے ہی نہیں ہو، زرداری صاحب نوازشریف کا آپ کے ساتھ بھی کوئی مقابلہ نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ اگلے 70 سال ایسے نہیں ہوں گے جیسے گزشتہ 70 سال گزرے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عوام کی خدمت کی، اندھیرے دور کیے، دہشتگردی ختم کی، موٹر ویز بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹروے پشاور سے اسلام آباد اوراسلام آباد سے لاہور ہم نے پہنچائی۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں دہشت گردی ختم کی اور کراچی کا امن بھی بحال کیا۔اس سے قبل نواز شریف کی صاحبزادی نے جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ اس مرتبہ لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی ہے۔

اس سے قبل جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ لوگ خواجہ آصف کی قدر اس لیے کرتے ہیں کہ وہ وفادار آدمی ہیں اور عوام اپنے ہر دل عزیز لیڈر پر محبتیں نچھاور کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو نااہل کیا تو خواجہ آصف کی آمد پر شہر امڈ آیا کیوں کہ خواجہ آصف وفادار آدمی ہیں اور انہوں نے نوازشریف سے وفا نبھائی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی کیوں کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ آئندہ لوگ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا یہ قصور تھا کہ اس نے جھکنے اور اوپر والوں سے آڈر لینے سے انکار کر دیا تھا۔

انہوں نے پوچھا کہ کیا بلوچستان کی حکومت نواز شریف نے ختم کی تھی اور زرداری عمران گٹھ جوڑ بھی نواز شریف نے کرایا تھا۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ ان ساری سازشوں کا جواب ووٹ کی پرچی سے دینا اور 2018 کے الیکشن میں مہروں کو عبرت کا نشان بنا دینا۔

عمران خان نے عوام کو بتایا کہ اصل جمہوریت کیا ہوتی ہے، فواد چوہدری

دوسری جانب پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ لوگ پاکستان کے عوام کا خون پی رہے تھے، عمران خان نے عوام کو بتایا کہ اصل جمہوریت کیا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان میں جرات ہے تو نام لیں کہ کن سے ان کا مقابلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج عدلیہ ان سے کرپشن کے سوالات نہ پوچھیں تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، صرف اپنی ذات کو سامنے رکھ کر یہ تقاریر کرتے ہیں۔

اس مرتبہ انتخابات میں سیاسی لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی، مریم نواز

صادق آباد: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ اس مرتبہ سیاسی لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی جب کہ پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔

صادق آباد میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے مقدمے کا فیصلہ نہیں ہوا اور 3 بار سزا سناچکے، ہم اب تک 70 پیشیاں بھگت چکے ہیں جب کہ جہانگیرترین پر کرپشن ثابت ہونے کے باوجود مقدمہ نیب کو نہیں بھیجا گیا اور لاڈلے کے جعلی کاغذات بھی راستے کی رکاوٹ نہیں بنتے لیکن بیٹے سے تنخواہ لینا جرم بن جاتا ہے، کرپشن ثابت نہ ہونا نواز شریف کا قصور بن گیا ہے جس سے نا انصافی ہوئی اس سے سوال پوچھے جارہے ہیں یہ نوازشریف کو ملک سے نکالنے والے سے پوچھا جانا چاہیے تھا۔

مریم نواز نے سوال کیا کہ کیا زرداری اورعمران خان کا گٹھ جوڑ نوازشریف نے کرایا، کیا بلوچستان کی منتخب حکومت نوازشریف نے ختم کی، عوام پر واضح ہوچکا کہ دھرنوں، سازشوں اور احتساب کی آڑ میں انتقام کا ہدف صرف نوازشریف ہیں، نوازشریف سے ہونے والی نا انصافی اور زیادتیوں کے خلاف کھڑے ہوں، 2018 کے الیکشن میں مہروں کو عبرت کا نشان بنا دینا، ساری سازشوں کا جواب ووٹ کی پرچی سے دینا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگ خواجہ آصف کی قدر اس لیے کرتے ہیں کہ وہ وفادار آدمی ہیں انہوں نے نوازشریف سے وفا نبھائی ہے لیکن اس مرتبہ سیاسی لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی، پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔

فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے کا عمل اسی ماہ مکمل کرلیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت اور انہیں اعتماد میں لے کر فاٹا کو اسی ماہ قومی دھارے میں شامل کرنے کا عمل مکمل کرلیں گے۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فاٹا میں امن کے لیے مسلح افواج اور مقامی لوگوں نے بڑی قربانیاں دیں، فاٹا میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے نظام کو بڑھادیا گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے آج کچھ فیصلے کیے گئے ہیں اور ان فیصلوں پر عملدرآمد کے ٹائم فریم کا تعین قومی رہنمائوں سے مشاورت سے طے کریں گے،امید ہے فیصلوں پر عملدرآمد اسی دور حکومت میں ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اصلاحات مقامی عوام کی ضرورت ہے اور فاٹا اصلاحات کا نفاذ سب کی خواہش ہے اس لیے چاہتے ہیں تمام جماعتیں متحد ہوکر فاٹا اصلاحات کو مکمل کریں، انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2018 سے پہلے فاٹا میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں گے جب کہ فاٹا کے لیئے ایجنسی ڈویلپمنٹ فنڈ ختم کر دیا ہے تاہم فاٹا کی ترقی ملک کے دیگر حصوں کی طرح کرنے کے لیے فنڈز دستیاب کیئے جائیں گے اور 10 سالوں میں ایک ہزار ارب روپے فاٹا کی ترقی پر خرچ ہوں گے۔

نواز شریف عوامی عہدہ رکھتے ہوئے لندن فلیٹس کے مالک تھے، نیب تفتیشی افسر

 اسلام آباد: نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران بتایا ہے کہ نواز شریف عوامی عہدہ رکھتے ہوئے لندن فلیٹس کے مالک تھے۔

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی، مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی غیر حاضری پر ان کے معاون نسیم ثقلین اپنی موکلہ کی جانب سے پیش ہوئے۔

ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے استغاثہ کے گواہ کےطور پر اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ موسیٰ غنی اور طارق شفیع کو 16 اگست 2017 جب کہ نوازشریف، مریم نواز اور دیگر ملزمان کو 18 اگست 2017 کو طلبی کے سمن جاری کیے تھے، نوٹس میں تحریر تھا کہ اگروہ پیش نہ ہوئے تو یہ تصور کیا جائے گا کہ ملزمان کے پاس دفاع کے لیے کچھ نہیں۔

عمران ڈوگر نے بتایا کہ لندن کے فلیٹس 1993 سے نوازشریف اور دیگر نامزد ملزمان کے زیراستعمال ہیں۔ تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے نواز شریف پبلک آفس ہولڈ کرتے ہوئے لندن فلیٹس کے مالک تھے، یہ فلیٹس نواز شریف نے ہی نیلسن اور نیسکول لمیٹڈ نامی آف شور کمپنیوں کے ذریعے بے نامی دار کے نام پر خریدے۔ مریم ، حسن اور حسین نواز بے نامی دار ہوتے ہوئے جرم کے ارتکاب میں نواز شریف کے مدد گار رہے۔ مریم نواز نے جو ٹرسٹ ڈیڈز جے آئی ٹی میں جمع کرائیں وہ جعلی ثابت ہوئیں جب کہ دوران تفتیش نواز شریف بھی اس جائیداد کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ نیب آرڈیننس 1999 کے تحت کرپشن اور بدعنوانی کی غرض سے اٹھائے گئے اقدام قابل گرفت جرم ہے۔ تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حسن، حسین، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے نواز شریف کی کرپشن میں معاونت کی، ملزمان کرپشن میں معاونت کرنے پرنیب قوانین کے تحت سزا کے حقدار ہیں۔

وفاقی بجٹ غیرآئینی ہے جسے مسترد کرتے ہیں، خورشید شاہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وفاقی بجٹ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس بجٹ پیش کرنے کا مینڈیٹ ہی نہیں تھا کیونکہ حکومت کی مدت ختم ہونے میں ایک ماہ رہ گیا ہے اور موجودہ حکومت نے پورے سال کا بجٹ پیش کردیا ،ایک ماہ باقی رہنے والی حکومت ہم سے ایک سال کا بجٹ منظور کرانا چاہ رہی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ بجٹ کے دو حصے ہیں، ریوینیو تو ٹھیک ہے لیکن خرچے آپ ایک سال کے سائن کرارہے ہیں اور اوور بجٹ پر بھی ہم سے انگوٹھا لگوا رہے ہیں، یہ بجٹ غیر آئینی ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں، اگر مینڈیٹ کا احترام نہ کیا جائے تو حالات ایسے رخُ پر چلے جائیں گے جہاں سے واپس آنا مشکل ہوجائے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے دعویٰ کیا کہ سندھ صحت کی خدمات میں سب سے آگے ہے، سندھ 100 ارب روپے سے زائد صحت کی مد میں خرچ کرتا ہے جب کہ پنجاب میں 22 اور خیبر پختونخواہ 30 ڈالر فی کس خرچ کرتا ہے حالانکہ (ن) لیگ نے اپنے 2013 کے انتخابی منشور میں دعویٰ کیا کہ صحت کا بجٹ جی ڈی پی کے دو فیصد تک لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 31 مئی کو اسمبلیاں تحلیل ہوں گی اور 90 روز کے بعد الیکشن نہیں ہو سکتے۔

عدالتی نظام کے مختلف امور پر دو روزہ جوڈیشل کانفرنس کا شیڈل جاری

مقدمات میں تاخیر اورزیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور اور علاقائی معاشی روابط اور تنازعات کے حل کا موثر طریقہ سمیت مختلف عدالتی امور پر دو روزہ آٹھویں جوڈیشل کانفرنس 2018 کا آغاز 5 مئی کو ہو گا جس کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار دو روزہ جوڈیشل کانفرنس کا افتتاح کریں گے جہاں کانفرنس کے دوسرے روز پانچ سیشن ہوں گے جس میں مختلف موضوعات پر بحث ہوگی۔

کانفرنس کے جاری شیڈول کے مطابق گروپ ون کی سربراہی جسٹس گلزار کریں گے، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منصور علی شاہ ان کے ساتھ ہوں گے جہاں علاقائی معاشی روابط اور تنازعات کے حل کا موثر طریقہ کے حوالے سے ہوگا۔

پہلے گروپ کے پینلسٹ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی اور پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی ہوں گے۔

گروپ ٹو تنازعات کے حل کا متبادل نظام کے حوالے سے ہوگا جس کو جسٹس عظمت سعید چیئر کریں گے اور ان کے ساتھ جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس مظہر عالم ہوں گے۔

تیسرا گروپ مقدمات میں تاخیر اورزیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کرے گا جس کو جسٹس آصف سعید کھوسہ چیئر کریں گے ان کے ہمرا جسٹس سردار طارق ہوں گے۔

گروپ تین کے پینلسٹ میں چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ ایم تبسم آفتاب ہوں گے۔

گروپ چار قانون کی تعلیم اور پاکستان بھر میں جوڈیشل افسران کے انتخاب کے معیار پر ہوگا جس کو جسٹس مقبول باقر چیئر کریں گے، ان کے ہمراہ جسٹس منصور علی شاہ ہوں گے۔

گروپ چار کے پینلسٹ میں چیف جسٹس گلگت بلتستان جسٹس وزیر شکیل احمد ہوں گے۔

جسٹس قاضی فائز عیسائی کی چیئر میں گروپ پانچ معاشی اور سیاسی استحکام کے لیے فوجداری نظام میں ازسر نوبہتری کے حوالے سے ہوگا جس میں جسٹس منظور احمد ملک ان کے ہمراہ ہوں گے۔

گروپ پانچ کے پینلسٹ میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس یاور علی ہوں گے۔

ہرش وردھن کپور بولی وڈ کے نئے سپر ہیرو

بولی وڈ اداکار ہرش وردھن کپور کی فلم ’بھاویش جوشی سپرہیرو‘ کا ٹریلر جاری ہوگیا ہے، جسے دیکھ کر ایسا کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وہ بولی وڈ کے نئے سپر ہیرو بن چکے ہیں۔

اس سپر ہیرو فلم کے ٹریلر کا آغاز تین دوستوں سے ہوتا ہے، جن میں سے ایک دوست نے ممبئی کے پہلے سپر ہیرو پر ناول لکھا ہے، تاہم بعدازاں یہ دوست خود سپر ہیرو بن کر جھوٹ کو سامنے لانے کی جدوجہد میں لگ جاتے ہیں، تاہم ان میں سے دو دوستوں کو قتل کردیا جاتا ہے۔

تاہم بعدازاں ہرش وردھن خود اصل ہیرو بن کر ان لوگوں سے اپنے دوستوں کی موت کا بدلہ لینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو انصاف دلانے کی جدوجہد کرتے ہیں۔

ٹریلر کے آخر میں ہرش وردھن نے کہا کہ ’ہیرو پیدا نہیں ہوتا بنتا ہے‘، جس کا مطلب وہ اس فلم میں کوئی فکشن کردار ادا نہیں کررہے بلکہ خود محنت کرکے سپر ہیرو بنیں گے۔

انیل کپور کے بیٹے ہرش وردھن کپور کی فلم 25 مئی کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

Google Analytics Alternative