Home » 2018 » May » 07 (page 2)

Daily Archives: May 7, 2018

افغانستان: بھارت کے 7 انجینئرز کو اغوا کرلیا گیا

افغانستان کے صوبے بغلان میں سات بھارتی باشندوں کو ان کے افغان ڈرائیور سمیت اغوا کر لیا گیا۔

صوبائی گورنر کے ترجمان محمود حقمل کا کہنا تھا کہ بغلان کے مرکزی شہر پلی خرمی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی الیکٹریکل انجینئرز کو اغوا کیا جو پاور اسٹیشن کی طرف جارہے تھے۔

بھارتی انجینئرز کے اغوا کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم صوبے میں افغان طالبان کا گہرا اثر رسوخ ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی مختلف گروپ وسطی ایشیا سے کابل جانے والے الیکٹریکل سپلائی کو کاٹتے رہے ہیں تاہم اس مرتبہ الیکٹریکل انجینئرز کو اغوا کیا گیا ہے۔

ووٹر رجسٹریشن سینٹر پر بم دھماکا

افغان حکام کے مطابق صوبہ خوست میں ووٹر رجسٹریشن سینٹر کے طور پر زیر استعمال ایک مسجد میں بم دھماکا کیا گیا جہاں 12 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہو گئے۔

صوبائی محکمہ صحت کے سربراہ حبیب شاہ انصاری نے ہلاکتوں کے حوالے سے ابتدائی طور پر آنے والی خبروں کی تصدیق کی۔

ووٹر رجسٹریشن سینٹر میں ہونے والے اس دھماکے کی ذمہ داری بھی کسی نے قبول نہیں کی تاہم طالبان کے علاوہ افغانستان میں دہشت گردی میں ملوث دولت اسلامیہ (داعش) نے ملک میں انتخابات کے عمل کو مسترد کردیا تھا۔

داعش کی جانب سے اس سے قبل بھی عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کی گئی تھی۔

خوست میں داعش کی موجودگی کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں ہیں لیکن حالیہ برسوں میں دیگر علاقوں میں اپنے حلقے کو وسیع کردیا ہے۔

گورنر خوست کے ترجمان طالب منگل اور پولیس ترجمان بصیر بینا نے نہ صرف حملے کی تصدیق کی تھی بلکہ ہلاکتوں کی تعداد کی بھی تصدیق کی تھی۔

یاد رہے کہ داعش نے گزشتہ ماہ کابل میں ایک ووٹر سینٹر میں حملہ کیا تھا جہاں 60 افراد جاں بحق اور 130 کے قریب شہری زخمی ہوئے تھے۔

فاریاب میں دھماکا

افغانستان کے شمالی صوبے فاریاب میں مارکیٹ جانے والی دکانداروں کی گاڑی سڑک کنارے ہونے والے بم دھماکے کی ذد میں آئی جس کے نتیجے میں کم ازکم 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے ترجمان کریم یوریش کا کہنا تھا کہ اس حملے میں کئی شہری زخمی ہوگئے ہیں جہاں پر طالبان اور داعش دونوں سرگرم ہیں۔

دوسری جانب مشرقی صوبہ پکتیا میں کار بم دھماکے میں دو افراد جاں اور 3 زخمی ہوگئے۔

گورنر کے ترجمان عبداللہ حسرت نے کہا کہ رات گئے ہونے والے حملے کا نشانہ صوبائی سربراہ حضرت محمد رودوال تھے جو زخمیوں میں شامل ہیں تاہم اس حملے کی ذمہ داری طالبان کی قبول کی تھی۔

وزیر داخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی، حملہ آور گرفتار

ناروال: وزیر داخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے انہیں بازو اور پیٹ میں گولی لگی جس پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

واقعہ نارووال کے علاقے قصبہ کنجروڑ میں پیش آیا جہاں وزیر داخلہ احسن اقبال ایک کارنر میٹنگ میں شریک تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ  ایم پی اے رانا منان  کے ڈیرے پر کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا، کارنر میٹنگ کے اختتام پر احسن اقبال جب ڈیرے سے باہر آرہے تھے کہ اس دوران مجمع میں شریک ایک مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی ایک گولی احسن اقبال کے بازو اور ایک پیٹ میں لگی۔

احسن اقبال لاہور کے سروسز اسپتال منتقل

احسن اقبال کو زخمی حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لایا گیا جہاں احسن اقبال کا آپریشن کیا گیا بعد ازاں انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسپتال منتقل ہونے کے بعد احسن اقبال نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ بہت مہربان ہے میں اپنے تمام دوستوں اور خیر خواہوں سے درخواست کرتا ہوں کہ مجھے اپنے خاص دعاؤں میں یاد رکھیں۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، ملزم کا نام عابد حسین ہے اور اس کی عمر 21 سال ہے۔ ڈی پی او کے مطابق گولی احسن اقبال کے دائیں بازو میں لگی، ملزم نے 30 بور کے پستول سے فائرنگ کی۔

احسن اقبال کے کزن رانا ایم پی اے منان نے ایکسپریس کو بتایا کہ احسن اقبال ایک تقریب میں شریک تھے، تقریب سے واپسی پر ان پر حملہ ہوا حملہ آور نے دو گولیاں فائر کیں ایک گولی بازو میں لگی، حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ملزم کا تعلق اسی گاؤں سے ہے

ایکسپریس نیوز گوجرانوالہ کے بیورو چیف شاہد منیرکے مطابق ملزم کا تعلق اسی گاؤں کنجروڑ سے ہے، پولیس تحقیقات کررہی ہے کہ ملزم کا تعلق کس گروہ یا کس سیاسی جماعت ہے، احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر ہے وہ ہوش میں ہیں اور لوگوں سے باتیں کررہے ہیں، پولیس کی طرف سے موقف ہے کہ احسن اقبال پر کارنر میٹنگ سے باہر نکل ہر حملہ ہوا ہے یہ حملہ آور میٹنگ میں موجود نہیں تھا باہر کھڑا تھا۔

احسن اقبال کو دو گولیاں لگیں، ایکسرے کی تصاویر موصول

ایکسپریس نیوز کو احسن اقبال کے ایکسرے کی تصاویر موصول ہوگئیں جس کے مطابق انہیں ایک گولی بازو اور دوسری پیٹ میں لگی۔

x-ray-of-ahsan-iqbal-3x-ray-of-ahsan-iqbal-2x-ray-of-ahsan-iqbal

صدر، وزیراعظم، آرمی چیف اور سیاسی رہنماؤں کا اظہار مذمت

صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور دیگر رہنماؤں نے احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

بھارتی فوج کی مزید درندگی

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے جنت نظیر وادی میں بڑے پیمانے پر نئے فوجی آپریشن کا آغاز کردیا۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری ظلم و جبر میں تیزی آگئی ہے۔ قابض فوج نے ضلع شوپیاں کے 20 سے زائد دیہات کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیاجب کہ آپریشن میں ہیلی کاپٹرز کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ظلم و ستم کی انتہا کرتے ہوئے اشتعال انگیز فائرنگ کر کے4 کشمیری نوجوان طلباء کو شہید کر دیا۔ درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا۔تین نوجو۲انوں کو سرینگر کے علاقے چھتہ بل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ شہادت کے بعد احتجاج کا سلسلہ وسیع ہوتا گیا۔کشمیری مظاہرین نے بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔حریت پسند رہنما بھی گھروں میں نظر بند ہیں۔اس سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار بھی اسی علاقے میں ایک حملے میں زخمی ہوا تھا۔ چھتہ بل اور اس کے مضافات میں لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ سرینگر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی فورسز کی ایک گاڑی نے جان بوجھ کر ایک اور نوجوان عادل احمد کو ٹکر مار کر شہید کر دیا۔ عادل کو زخمی حالت میں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ راستے ہی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہسپتال کے باہر بھارتی پولیس نے لوگوں سے نوجوان کی میت چھین لی ۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کو صورتحال کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی۔ اسلامی کانفرنس تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرنے کہا ہے کہ ہندوستانی حکومت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم فوری بند کرائے۔ او آئی سی کے رکن ممالک کشمیر کاز کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ کشمیر کا تنازعہ اوآئی سی کے ایجنڈے پر بہت پرانا ہے۔تنازعہ کشمیر حل کرنے کیلئے ہندوستان کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرتے ہوئے اہل جموں و کشمیر کو انکا جائز حق دے تاکہ خطے میں دیر پا امن قائم ہو سکے۔ سیکریٹری جنرل نے اس امر کی بھی یقین دہانی کروائی کہ او آئی سی اہل کشمیر کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ گزشتہ 70 برسوں سے جموں و کشمیر میں نہتے عوام پر ہندوستانی مسلح افواج نے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ ہندوستانی افواج اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اہل کشمیر پر انسانیت سوز مظالم ڈھارہی ہیں۔عالمی حقوق انسانی کی تنظیمیں ان مظالم کو روکنے کے لئے فوری مداخلت کریں۔ نہتے کشمیریوں پر ہندوستانی افواج کی جانب سے جو ظلم و ستم ڈھایا جا رہا ہے وہ کسی سے چھپا ہو ا نہیں۔ ہندوستان نے اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے لاکھوں کی تعداد میں مسلح افواج کو جموں و کشمیر میں تعینات کیا ہوا ہے۔ 70 برس گزر جانے کے باوجود وہ اس حقیقت کو تسلیم نہیں کر رہا کہ اہل کشمیر اس کے ظالمانہ قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ ہندوستان نے 27 اکتوبر 1947 کو اپنی مکارانہ چال سے جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ کر نے کے بعد وہاں کی آبادی کو بزور قوت اپنا مطیع بنانے کی ہر ممکن کو شش کی مگر اسے ہر محاذ پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ جب ہندوستان نے اقوام متحدہ میں قضیہ کشمیر کی دہائی دی تو وہاں بھی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اقوام متحدہ میں واضح طور پر قرار داد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ یہ کشمیریوں کا حق ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ اقوام متحدہ نے متفقہ طور پر منظور شدہ قرار داد میں کہا کہ ہندوستان کشمیریوں کو انکا حق خوداردیت دے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا تعین کر سکیں۔ مگر ہندوستان نے آج تک اس پر عمل نہیں کیا۔ ہندوستان کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو پابند سلاسل کر نے کیلئے جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ مرتب کیا گیا جس کے تحت وہ کسی بھی آزاد شخص کو بغیر کوئی وجہ بتائے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیتے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیمیں اس سیاہ قانون کو ختم کروائیں جس کی وجہ سے ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو انکے گھروں سے غائب کر دیا گیا ہے۔ بھارتی ظلم و ستم کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا۔ آرپار کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہے اور جدوجہد آزادی کومنطقی انجام تک پہنچانے کے لئے اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں اور اس کے لئے کسی قر بانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول کے لئے قر بانیوں کی لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔مقبول بٹ ،افضل گورو اور بر ہان وانہ شہید سمیت لاکھوں کشمیری شہدا نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے حق خود ارادیت کی تحریک کو ایک نئی جہت عطا کی ان عظیم شہدا کی قر بانیوں سے مقبو ضہ کشمیر کے عوام کو ایک نیا عزم و حو صلہ عطا کیا۔کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ممتاز مجاہد کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد پورے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے باوجود احتجاجی مظاہرین پر گولیاں برسائی جا رہی ہیں اور اس خونی ھولی میں سینکڑوں کشمیری نوجوان شہید اور بے شمار زخمی ہو چکے ہیں اور ظلم کی انتہا یہ ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال لے جانوں والوں پر بھی تشدد کیا جاتا ہے۔ اس ظلم و ستم کے باوجود لوگ ہزاروں کی تعداد میں ریلیاں نکال رہے ہیں کشمیرکی آزادی کے لئے پر عزم ہیں ہم آزادی کے ان متوالوں کو سلام پیش کرتے اور ان نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے ظلم و ستم کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔
*****

فلم ’وجود‘ میں تھرل، ایکشن اور انٹرٹینمنٹ سب ملے گا، جاوید شیخ

معروف اداکار جاوید شیخ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “وجود” میں پہلی مرتبہ سپر اسٹار ندیم، شاہد اور جاوید شیخ ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

فلم ’وجود‘ جاوید شیخ کی ہدایتکاری میں بننے والی آٹھویں فلم ہے جو عید الفطر پر ریلیز ہوگی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ یہ ایک بہترین فیملی فلم ثابت ہوگی جس میں تھرل، ایکشن اور انٹرٹینمنٹ سب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ فلم ’وجود‘ سے اس بار عیدالفطر کا مزہ دوبالا ہوجائے گا کیونکہ یہ فلم لوکیشن کے حوالے سے بھی کافی اچھی ہے۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ فلم کا ٹریلر ایک دو روز میں جاری کردیا جائے گا جو مداحوں کو ضرور پسند آئے گا، فلم کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار وہ اداکار ندیم اور شاہد کے ساتھ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہونگے جو فلم بینوں کے لیے خوش آئند ہوگا۔

اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ فلم کی پوری کاسٹ نے بھرپور محنت کی ہے جس میں ندیم، شاہد سمیت اداکار دانش تیمور، سعیدہ امتیاز، فریحہ الطاف اور بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ بھی شامل ہیں۔

فلم کے اب تک دو ٹیزرز ریلیز ہو چکے ہیں لیکن کہانی واضح نہیں ہوئی ہے البتہ مرکزی کردار نبھانے والے اداکار دانش تیمور پائلٹ کے روپ میں نظر آرہے ہیں جب کہ اداکار جاوید شیخ منفی کردار نبھاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارفین اپنا پاس ورڈ فوری بدل لیں

اگر آپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں تو اپنا پاس ورڈ فوری بدل لیں۔

یہ وہ مشورہ ہے جو کمپنی کی جانب سے صارفین کو دیا گیا ہے۔

اپنے کروروں صارفین کو ٹوئٹر کی جانب سے پاس ورڈ بدلنے کا مشورہ اس وقت دیا گیا جب ایک ایسا بگ پکڑا گیا جو صارفین کے اسٹور پاس ورڈز کو ان ماسک کررہا تھا۔

کمپنی کے مطابق بگ کو فکس کرلیا گیا ہے اور کسی قسم کے غلط استعمال کا عندیہ بھی نہیں ملا مگر پھر بھی صارفین احتیاطاً اپنے پاس ورڈ تبدیل کرلیں۔

یہ مسئلہ 4 مئی کو سامنے آیا تھا۔

ٹوئٹر عام طور پر صارفین کے پاس ورڈ اپنے سسٹم میں انکرپٹڈ رکھنے کے لیے ہیشنگ الگورتھم استعمال کرتی ہے اور ان پاس ورڈز کو کمپنی خود بھی نہیں پڑھ سکتی مگر بگ کے نتیجے میں وہ پاس ورڈ سامنے آگئے۔

ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کے مطابق یہ مسئلہ بگ کی وجہ سے ہوا اور اس پر قابو پانے کے ساتھ ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جو آئندہ ایسا نہ ہونے دیں۔

کمپنی نے واضح نہیں کیا کہ یہ بگ کتنے عرصے سے متحرک تھا۔

ٹوئٹر کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ‘ ہم یقین دلاتے ہیں کہ یہ ہیکنگ کا معاملہ نہیں اور ہماری تحقیقات میں پاس ورڈز کا غلط استعمال بھی سامنے نہیں آیا۔ ہم یہ معلومات اس لیے شیئر کررہے ہیں تاکہ لوگ اپنے اکاﺅنٹ کی سیکیورٹی کے لیے مناسب فیصلہ کرسکیں’۔

ٹوئٹر کی جانب سے صارفین کی فیڈ پر نظر آنے والا پیغام — اسکرین شاٹ
ٹوئٹر کی جانب سے صارفین کی فیڈ پر نظر آنے والا پیغام — اسکرین شاٹ

یہ پھل گرمیوں میں موٹاپے سے نجات کے لیے مددگار

موسم گرما کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گرمیوں کے پھل بھی ملنا شروع ہوجاتے ہیں۔

یہ موسم اپنے رنگارنگ پھلوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے جیسے آم، تربوز، آلوبخارے، خوبانی، آڑو، فالسے اور لیچی۔

اور اگر آپ موٹاپے سے نجات چاہتے ہیں تو یہ موسم مثالی وقت ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ زیادہ پسینہ بہنے اور صبح جلداٹھنے میں آسانی سے ہٹ کر رنگارنگ غذائیں اس مقصد کو آسان بناتی ہیں۔

اور لیچی موٹاپے اور توند سے نجات کے لیے اس لیے فائدہ مند ہے کیونکہ اس میں کیلوریز نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ صحت کے لیے فائدہ مند اجزا بہت زیادہ ہیں۔

تاہم ذیابیطس کے مریضوں کو یہ پھل ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کرنا چاہئے کیونکہ اس میں مٹھاس موجود ہوتی ہے۔

اور ہاں اس پھل کو اعتدال میں ہی کھانا چاہئے جیسے روزانہ 10 سے 12، اس سے زیادہ نہیں۔

جسمانی وزن میں کمی

یہ پھل موٹاپے اور توند سے نجات میں فائدہ مند ہے جس کی وجہ اس میں موجود فائبر اور دیگر اجزا ہیں۔ جسمانی وزن کم کرنے کے دوران ایسی غذاﺅں اور پھلوں کی ضرورت ہوتی ہے جو چربی گھلانے میں مدد دے سکیں اور لیچی اس میں مددگار پھل ہے۔

نظام ہاضمہ

چونکہ اس میں فائبر موجود ہے تو اسے ہضم کرنا آسان ہوتا ہے، جسمانی وزن میں کمی کی کوششوں میں ایک بڑا مسئلہ قبض کا ہوسکتا ہے جس کی وجہ غذا میں فائبر کی مناسب مقدار نہ ہونا ہوتی ہے۔ تو صحت مندانہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے یہ پھل فائدہ مند ہے اور نظام ہاضمہ بہتر ہونے سے غذاﺅں کو ہضم کرنا بھی آسان ہوجاتا ہے۔

بلڈ پریشر

لیچی پوٹاشیم سے بھرپور پھل ہے جبکہ اس میں سوڈیم کی مقدار بہت کم ہوتی ہے، جس سے بلڈ پریشر کی سطح متوازن رہتی ہے۔ بلڈ پریشر کے شکار افراد میں کولیسٹرول کی سطح بڑھنے سے موٹاپے کا امکان بڑھتا ہے، لیچی کھانے سے اس مسئلے سے بچا جاسکتا ہے۔

مضبوط جسمانی دفاعی نظام

اگر جسمانی دفاعی نظام کمزور ہو تو اس سے بھی جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے، لیچی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مفید پھل ہے جس کی وجہ اس میں موجود وٹامنز اور منرلز ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

سونم کی شادی کی تقریبات کل شروع ہوں گی

بولی وڈ کی فیشن آئکن سمجھی جانی والی اداکارہ سونم کپور کی شادی کی تقریبات کا آغاز کل یعنی 7 مئی کو دوپہر سے ہوگا، جس کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک طرف مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف اداکارہ کے مداح اس پریشانی میں مبتلا ہیں کہ فیشن آئکن اداکارہ کس ڈیزائنر کا تیار کردہ جوڑا زیب تن کریں گی۔

اگرچہ سونم کپور نے تاحال اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی کہ وہ شادی کی تقریبات اور رخصتی کے وقت کس ڈیزائنر کا تیار کردہ جوڑا پہنیں گی۔

تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ مہندی اور سنگیت کے پروگرام میں الگ اور رخصتی کے وقت کسی اور ڈیزائنر کا تیار کردہ لباس پہنیں گی۔

دکن کیرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق سونم کپور مہندی کی تقریبات کے دوران سادہ لباس زیب تن کریں گی، جس کی ڈیزائن انارکلی کے لباس کی طرح ہوگی۔

مہندی کی تقریبات میں ممکنہ طور پر اداکارہ یہ لباس پہنیں گی—فوٹو: دکن کیرونیکل
مہندی کی تقریبات میں ممکنہ طور پر اداکارہ یہ لباس پہنیں گی—فوٹو: دکن کیرونیکل

ساتھ ہی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سونم کپور مہندی کی تقریبات کے دوران گلابی رنگ کے چپل پہنیں گی۔

ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبر میں بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ سونم کپور کے لیے عروسی جوڑا ان کی دوست ڈیزائنر انامیکا کھنہ تیار کریں گی۔

ساتھ ہی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امکان ہے کہ سونم کپور اور ان کے خاندان کی جانب سے دی جانے والی شادی کی پارٹی میں وہ برطانوی فیشن ہاؤس ’رالف اینڈ روسو‘ کا تیار کردہ لباس پہنیں گی۔

سونم شادی کے عشائیے میں ممکنہ طور پر برطانوی فیشن ہاؤس کا تیار کردہ لباس پہنیں گی—فوٹو: رالف اینڈ روسو انسٹاگرام
سونم شادی کے عشائیے میں ممکنہ طور پر برطانوی فیشن ہاؤس کا تیار کردہ لباس پہنیں گی—فوٹو: رالف اینڈ روسو انسٹاگرام

یہ وہی فیشن ہاؤس ہے، جس کے لیے اطلاعات ہیں کہ وہ برطانیہ کے شہزادے ہیری کی دلہن میگھن مارکل کا بھی لباس تیار کرے گا۔

این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سونم کپور کے ہونے والے شوہر آنند آہوجا فیشن ڈیزائنر رگھنوندرا راٹھوڑ کا تیار کردہ لباس پہنیں گے۔

سونم ممکنہ طور پر اپنے پسندیدہ فیشن ڈیزائنر کے لباس پہنیں گی—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ
سونم ممکنہ طور پر اپنے پسندیدہ فیشن ڈیزائنر کے لباس پہنیں گی—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ

کپور خاندان کے مرد حضرات کے حوالے سے بھی اطلاعات ہیں کہ وہ ان کے تیار کردہ لباس پہنیں گے۔

بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سونم کپور کس ڈیزائنر کا تیار کردہ لباس پہنیں گی، تاہم امکان ہے کہ وہ بھارت کے معروف اور اپنے پسندیدہ ڈیزائنرز انامیکا کھنہ، ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ کے لباس پہنیں گی۔

سونم کی بڑی کزن جھانوی ممکنہ طور پر منیش ملہوترا کا لباس پہنیں گی—فوٹو: بولی وڈ لائف
سونم کی بڑی کزن جھانوی ممکنہ طور پر منیش ملہوترا کا لباس پہنیں گی—فوٹو: بولی وڈ لائف

ساتھ ہی بتایا گیا کہ سونم کپور کا بھارت کے علاوہ پسندیدہ فیشن ہاؤس برطانیہ کا ’رالف اینڈ روسو انٹرنیشنل‘ ہے، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اس فیشن ہاؤس کا لباس بھی زیب تن کر سکتی ہیں

دوسری جانب بولی وڈ لائف نے اپنی خبر میں بتایا کہ سونم کپور کی شادی کی تقریبات کے آغاز ہونے سے ایک دن قبل ہی سونم کپور کی کزنز یعنی معروف آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹیوں جھانوی اور خوشی کپور کو فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کے دکان سے خریداری کرتے دیکھا گیا۔

سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور بھی منیش ملہوترا کا لباس پہنیں گی—فوٹو: بولی وڈ لائف
سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور بھی منیش ملہوترا کا لباس پہنیں گی—فوٹو: بولی وڈ لائف

امکان ہے کہ جھانوی اور خوشی کپور سمیت ان کی سوتیلی بہن انشلا کپور منیش ملہوترا کے ڈیزائن کردہ لباس پہنیں گی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سونم کپور کی شادی کے سنگیت میں نہ صرف جھانوی کپور رقص کرتی نظر آئیں گی، بلکہ اس تقریب میں انیل کپور اور سونم کپور خود بھی ڈانس کریں گی۔

سری دیوی کی سوتیلی بیٹی انشلا کپور بھی منیش ملہوترا کا لباس پہنیں گی—فوٹو: بولی وڈ لائف
سری دیوی کی سوتیلی بیٹی انشلا کپور بھی منیش ملہوترا کا لباس پہنیں گی—فوٹو: بولی وڈ لائف

علاوہ ازیں سنگیت کی تقریب میں کوریوگرافر فرح خان کی کوریوگرافی پر فلم ساز کرن جوہر، ورن دھون، جیکولین فرنانڈس، ارجن کپور اور انوپم کھیر سمیت دیگر اسٹارز بھی رقص کرتے نظر آئیں گے۔

سونم کپور ہر تقریب میں منفرد اور نیا لباس پہنیں گی—فوٹو: انسٹاگرام
سونم کپور ہر تقریب میں منفرد اور نیا لباس پہنیں گی—فوٹو: انسٹاگرام

نواز شریف خلا میں جا کر خلائی مخلوق سے مقابلہ کریں، بلاول بھٹو

لاہور: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے تو وہ راکٹ پکڑیں اور خلا میں جا کر ان کا مقابلہ کریں۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے گڑھ ٹھوکر نیاز بیگ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی ساری تاریخ ووٹ کی بے حرمتی سے بھری پڑی ہے انہوں نے ہر وہ کام کیا جس سے جمہوریت اور ادارے کمزور ہوئے، (ن) لیگ نے پانچ برس میں بلوچستان کو نظر انداز کیا اس لیے وہاں ان کی حکومت ختم ہوئی۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مسئلہ نواز شریف ہے اور نواز شریف کا مسئلہ عمران خان ہے ان دوںوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں، نواز شریف نے ہر پندرہ دن بعد اپنا موقف تبدیل کیا کبھی مجھے کیوں نکالا، کبھی ووٹ کو عزت دو اور کبھی خلائی مخلوق، نواز شریف نے ہر حکومت کے خلاف سازش کی ہے اور اداروں کو کمزور کیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے ان کی مینار پاکستان پر  کی گئی دوگھنٹے کی تقریر میں صرف ’میں‘ کےعلاوہ کچھ نہیں تھا، تقریر میں صرف میں، میں اور میں تھا، عمران نے گیارہ نکات پیش کیے لیکن ایک بھی نکتہ خیبر پختونخواہ میں نظر کیوں نہیں آیا؟ عمران خان نے کبھی دھرنا تو کبھی اداروں پر حملہ تو کبھی یوٹرن لیا یہ وزیر اعظم بننے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔

Google Analytics Alternative