Home » 2018 » May » 12

Daily Archives: May 12, 2018

جانئے آج آپ کا دن کیسا رہے گا

حمل:

21مارچ تا21اپریلگھریلو والعہ کی بناء پر کسی قریبی عزیز سے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں، جذباتیت کا مظاہرہ کرنے کی بجائے حقیقی تصویر بننے کی کوشش کیجئے یقینا آپ کی غلط فہمی دور ہو سکتی ہے۔

ثور:
22اپریل تا20مئی

اگر آپ نے حالات کا اندازہ لگاتے ہوئے بھی اپنا طرز عمل وہی رکھا جو کہ ہے تو پھر شریک حیات ناراض ہو سکتے ہیں، چاہیے تو یہ تھا کہ آپ گزشتہ واقعات سے کچھ سبق لے کر آئندہ غلطیاں نہ کرنے کا تہیہ کر لیتے۔

جوزا:
21مئی تا21جون

حالات خواہ کسی بھی قسم کے سامنے آئیں جذباتی نہ بنئے بلکہ پورے حوصلے و اعتماد کے ساتھ ان کا مقابلہ کیجئے، اپنے دوستوں کی قربت سے ذرا زیادہ ہی پرہیز کریں، رشتہ داروں سے تعلقات کشیدہ ہو سکتے ہیں۔

سرطان:
22جون تا23جولائی

دوستوں کی تعداد تو لازمی بڑھ سکتی ہے لیکن دوست نوازی کا یہ چکر اب ختم کر دیجئے تاکہ آپ حقیقی راہ پر گامزن رہ کر زندگی کا مشن پورا کر سکیں، شریک حیات کی پرخلوص محبت آپ کو حاصل رہے گی۔

اسد:
24جولائی تا23اگست

خطرات بہت حد تک ٹل گئے ہیں لیکن خود پر کسی بھی واقعہ کو قبل از وقت مسلط نہ کیا کریں جو کچھ آپ محسوس کرتے ہیں ضروری نہیں کہ ایسا ہی ہو، لہٰذا وقت سے پہلے سوچ کر مبتلائے اذیت رہنا کہاں کی عقلمندی ہے۔

سنبلہ:
24اگست تا23ستمبر

اپنے مزاج کی ہر وقت بھڑکتی ہوئی بے مقصد آگ کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کریں تاکہ باقی رہ جانے والی چند خوشیاں بھی راکھ نہ ہو جائیں یہ آتش مزاج آپ کے لیے نقصان دہ ہے۔

میزان:
24ستمبر تا23اکتوبر

ہم حالات کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ رائے ضرور دیں گے کہ واقعات اگر کوئی غلط رخ بھی اختیار کر جائیں پھر بھی صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں حالات بفضل خدا بہتر ہو سکیں گے۔

عقرب:
24اکتوبر تا22نومبر

آپ کے قریبی رشتہ دار کسی بھی سلسلے میں آپ کی مخالفت پر آمادہ ہو سکتے ہیں ان کے ساتھ الجھ کر اپنا قیمتی وقت ضائع نہ کریں جو یہ کرنا چاہتے ہیں انھیں کرنے دیں ‘ صبر کریں۔

قوس:
23نومبر تا22دسمبر

اپنی آنکھیں کھلی رکھ کر حالات کو حقیقت کے آئینے میں دیکھنے کی کوشش کریں، یقینا آپ کسی کا حقیقی چہرہ دیکھنے میں کامیاب ہو جائیں گے اپنے دوستوں سے بھی دور رہیں، نزدیکی سفر شوق سے کریں۔

جدی:
23دسمبر تا20جنوری

جو کچھ ہو چکا اسے بھول جائیں تاکہ آپ کا دماغ لاحاصل سوچوں سے آزاد ہو جائے اور آپ کوئی بہتر سکیمیں بنا سکیں، سوئی ہوئی صلاحیتیں پورے طور پر بیدار ہونے سے آپ کو دوبارہ پہلا مقام حاصل ہو سکے گا۔

دلو:
21جنوری تا19فروری

کوئی دیرینہ آرزو پوری ہو سکتی ہے، دوستوں سے جھگڑا ہو سکتا ہے لہٰذا محتاط رہ کر وقت گزارنے کی کوشش کیجئے فضول قسم کی سوچوں کا دماغ پر غلبہ ہو سکتا ہے محبوب سے وابستہ توقعات پوری ہو سکتی ہیں۔

حوت:
20 فروری تا 20 مارچ

آپ اپنے مذہب میں خصوصی دلچسپی لیں عبادت الٰہی کے ساتھ دکھی لوگوں کی مدد کرنا بھی اپنا شعار بنا لیں تاکہ پریشانیوں کے لمحوں میں کسی کی دعائیں آپ کے لیے نجات کا سبب بن سکے۔

ناانصافی کرنے والوں کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے، نواز شریف

ملتان: مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کردیا گیا 2018ء کے انتخابات میں عوام ہی مجھے اس ظلم سے نجات دلائے گی۔

ملتان قاسم باغ اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آج میں 66 ویں پیشی بھگت کر آرہا ہوں لوگوں کا جذبہ دیکھ کر لگتا ہے کہ پورا ملتان ہی یہاں امڈ آیا ہے، 2018ء میں پورا ملک نواز شریف کے ساتھ یہ پیغام لے کر کھڑا ہوگا کہ تمہارے ساتھ ناانصافی ہوئی، یہ عوام ہی نواز شریف کو اس ظلم سے نجات دلائے گی کیوں کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کردیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب ہمارے ساتھ ہے، 2018ء کے انتخابات میں جنوبی پنجاب نوازشریف کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف کھڑا ہوگا، آج 11 مئی ہے اور آپ لوگوں نے 11 مئی کو ہی مجھے ووٹ دے کر وزیر اعظم بنایا تھا آج نواز شریف پھر آپ کے سامنے کھڑا ہے اور اس وقت کیا گیا ایک ایک وعدہ پورا کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم نے میٹرو ٹرین کے منصوبے کب کے مکمل کردیے اور عمران خان سے پشاور کی میٹرو ٹرین نہیں بن رہی، یہ کیا نیا پاکستان بنائیں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے بھی مانا ہے کہ نااہلی کا فیصلہ کمزور ہے اور اسی بنیاد پر مجھے پارٹی صدارت اور زندگی بھر کے لیے انتخابی سیاست کے لیے نااہل کردیا گیا، ناانصافی کرنے والوں کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے، کیس میں کچھ نہیں ہے ایک دھیلے کی کرپشن بھی نہیں ہے لیکن یہ لوگ پھر بھی مجھے سزا دلوانا چاہتے ہیں لیکن جنوبی پنجاب والوں اور سب کو میرا ساتھ دینا ہوگا، عوام ن لیگ کو اقتدار دلائیں تاکہ نااہلی کے فیصلے کے خلاف ہم پارلیمنٹ میں قانون سازی کریں۔

جاوید ہاشمی نے نواز شریف کو ایک بار پھر قائد قبول کرلیا

ملتان: سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے ایک بار پھر سابق وزیر اعظم نواز شریف کو قائد قبول کرنے کا اعلان کردیا۔

ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ’میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان نہیں کروں گا کیونکہ میں تو ہوں ہی مسلم لیگی، کچھ وقت دوسری جگہ گزرا لیکن آج نواز شریف کی قیادت قبول کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جس کی حکومتیں گرائی گئیں وہ آج عوام کے حقوق کے لیے لڑ رہا ہے، ایسا رہنما تاریخ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، ووٹ کی جس تحریک سے پاکستان بنا تھا نواز شریف اس کی حرمت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ وہ میرے قائد تھے، ہیں اور رہیں گے۔‘

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنی اولاد کو وصیت کی ہے کہ مجھے مسلم لیگ کے پرچم میں دفن کریں۔‘

واضح رہے کہ لگ بھگ دو دہائیوں تک پاکستان مسلم لیگ (ن) میں رہنے والے جاوید ہاشمی کو پارٹی قیادت نے آہستہ آہستہ نظر انداز کرنا شروع کردیا تھا۔

2007 میں جب انہیں جیل سے رہا کیا گیا تو بہت مختصر تعداد میں پارٹی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا تھا۔

مخدوم جاوید ہاشمی اور شریف برادران کے درمیان آہستہ آہستہ اختلافات بڑھتے چلے گئے، انہیں بدستور پارٹی اجلاسوں سے دوررکھا جانے لگا، اس کی وجہ شاید یہ بھی تھی کہ کئی مواقعوں پر انہوں نے پارٹی پالیسی پر کھل کر اختلافِ رائے کیا تھا۔

انہوں نے سزا پر معافی مانگ کر جلاوطنی اختیار کرنے کے معاملے پر نواز شریف سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ وہ اس فیصلے پر قوم سے معافی مانگیں۔

بعد ازاں مخدوم جاوید ہاشمی نے نواز لیگ کو خیر باد کہتے ہوئے 2011 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

پی ٹی آئی نے عام انتخابات 2013 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کے خلاف دارالحکومت اسلام آباد میں 126 روز تک دھرنا دیا تھا، جسے 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔

دوران دھرنا یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ جاوید ہاشمی فوج کے بطور ثالث کردار ادا کرنے کے معاملے پر پارٹی قیادت سے ناراض ہو کر اسلام آباد سے ملتان روانہ ہوگئے تھے۔

بعد ازاں انہوں نے ڈھائی سال تک تحریک انصاب میں رہنے کے بعد عمران خان اور تحریک انصاف کو بھی خیر باد کہہ دیا تھا۔

چند ماہ قبل جاوید ہاشمی نے 2014 کے دھرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ‘فوج کے غیر مطمئن عناصر ہر حال میں جنرل راحیل شریف کو بھی ناکام کرنا چاہتے تھے اور عمران خان کے ذریعے پارلیمانی نظام میں بھی تباہی لانا چاہتے تھے اور ایسا ملک میں ایک مرتبہ نہیں ہوا۔‘

مسلم لیگ (ن) کا چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت پارٹی کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی، اجلاس میں پارٹی کے صدر شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزراء اور مجلس عاملہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پرحملے کی مذمت کی گئی اوران کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کرائی گئی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، نیب مقدمات اورچیئرمین نیب کے حوالے سے آئندہ کی سیاسی و قانونی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے نیب کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا اور مطالبہ کیا کہ چیئرمین نیب فوری مستعفیٰ ہوں۔ اس موقع پر نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ادارہ جانبدار اور متعصب ثابت ہوچکا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے آئندہ الیکشن کے لئے پارلیمانی بورڈ ، الیکشن سیل کے قیام اور مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور کی تیاری کے لئے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

امریکی سفارتی پابندیوں کا جواب، پاکستان نے بھی امریکی سفارتکاروں پر پابندی لگادی

اسلام آباد: امریکی سفارتی پابندیوں کے جواب میں پاکستان نے بھی امریکی سفارتکاروں پر پابندی لگادی۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پاکستانی ایئر پورٹس پر امریکی سفارتخانے کے سامان کی ترسیل کو ویانا کنونشن کے مطابق دیکھا جائے گا، امریکی سفارتکاروں کو پاکستان میں نقل وحمل سے پہلے متعلقہ پاکستانی حکام سے اجازت لینا ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتخانےکی اپنی  یا کرائے پر لی گئی گاڑیوں پر کالاشیشہ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ زیر استعمال گاڑیوں پر اصلی نمبر پلیٹ لگانا لازمی ہوگا۔ امریکی سفارتخانےکی آفیشل گاڑیوں پر نان ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ کرائے کی عمارتوں کے حصول اور تبدیلی کے لیے این او سی لینا ہوگا،امریکی سفارتکاروں کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کےبغیر فون سمز جاری نہیں کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کے سفارتی عملے پر پابندیاں لگائی ہیں جن کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے ، ان پابندیوں کے تحت پاکستانی سفارتی اہلکار سفارتخانے سے 25 میل کے فاصلے کے اندر رہیں گے اور اگر اُنہیں 25 میل سے باہر جانا ہو تو امریکی محکمہ خارجہ سے خصوصی اجازت حاصل کرنا لازمی ہو گا۔

شاہد خاقان عباسی کو سپریم کورٹ کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، ترجمان وزیرِاعظم آفس

اسلام آباد: وزیر اعظم آفس کے ترجمان نے سپریم کورٹ سے وزیرِ اعظم کی طلبی کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

ترجمان وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اداروں کو آئین اور قانون کی حدود میں رہتے ہوئے اختیارات کا استعمال کرنا چاہیے، وزیرِ اعظم قانون کی عمل داری پر یقین اور عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، عدالت کی جانب سے  کسی بھی مسئلے پر بلائے جانے پر وزیر اعظم  ضرور پیش ہوں گے، لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے کیس کی اگلی پیشی میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بطور سی ای او ایئربلیو حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔

امریکا کی ایرانی معاہدے سے دستبرداری ترکی کیلئے موقع

ترکی کے وزیر تجارت نے ایران سے تجارت کم کرنے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جوہری معاہدے سے دستبرداری ترکی کے لیے ایک ‘موقع’ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے ہی ان کے یورپی اتحادیوں کی جانب سے احتجاج اور منانے کی کوششوں کے باوجود ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبر دار ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

ٹرمپ نے معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر نئی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

ترک وزیر نیہات زیبکجی کا کہنا تھا کہ ‘میں اس کو ترکی کے لیے ایک موقع کے طور پر دیکھ رہا ہوں اور میں ایران کے ساتھ تجارت کو جاری رکھوں گا’۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اقوام متحدہ کی جانب سے ایران کے حوالے سے جوہری سرگرمیوں اور دیگر معاملات پر کوئی فیصلے آتا ہے تو ان کے ساتھ تجارت کو ہر صورت جاری رکھی جائے گی۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردگان نے روسی صدر ویلادیمیرپیوٹن سے فون پر معاملے پر گفت شنید کی اور دونوں رہنماوں نے اس فیصلے کو امریکا کی غلطی قرار دیا۔

نیہات زیبکجی نے امریکا کے یک طرفہ فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے اس وقت بڑی پریشانی نظر نہیں آرہی ہے’ کیونکہ امریکا کے علاوہ یورپین یونین میں شامل ممالک اس فیصلے میں ان کے ساتھ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ ترکی اور امریکا کے درمیان تعلقات رواں سال جنوری میں ایران کو امریکی پابندیوں سے بچانے والے ترک بینکر کو سزا دینے سمیت دیگر کئی مسائل کے باعث کشیدہ ہیں۔

امریکا نے 2016 میں ترک بینکر مہمیت حاکا عطیلہ کو ایرانی نژاد کاروباری شخصیت رضا زریاب سے تعلق پر گرفتار کیا تھا جنھوں نے امریکا کی ایران پر پابندی کو تبدیل کرنے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

یاد رہے کہ ایران کے ساتھ 2015 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل اراکین برطانیہ، چین، فرانس، روس اور امریکا نے معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو منجمد کرنے پر اتفاق کیا تھا جس کے عوض ان پر عائد عالمی پابندیاں ہٹا دی گئی تھیں۔

ترکی بھی ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر کرچکا ہے اور روس کے ساتھ مل کر تینوں ممالک شام کے مسئلے پر اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم وہاں پر اتحاد کا حصہ نہیں ہیں۔

طیب اردوگان نے امریکی فیصلے کے بعد ایرانی صدر حسن روحانی کو ترکی کی جانب سے معاہدوں کی پاسداری کا مکمل یقین دلایا تھا۔

کئی بار خودکشی کرنے کا سوچا، زائرہ وسیم کا انکشاف

ممبئی: بالی ووڈ فلم ’’دنگل‘‘ اور ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے انکشاف کیا ہے کہ ڈپریشن میں کئی بار خودکشی کا سوچا تھا۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنٹ عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’’دنگل‘‘ اور ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی 17 سالہ اداکارہ ذائرہ وسیم نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ڈپریشن میں خوکشی کے خیالات آتے تھے۔

بالی ووڈ اسٹار زائرہ وسیم نے انسٹاگرام پر اپنی ایک طویل پوسٹ میں لکھا کہ میں گزشتہ 4 سالوں سے ڈپریشن کا شکار تھی مگر میں اس سے انکاری تھی لیکن اب میں اسے تسلیم کرتی ہوں کہ میں ایک بڑے عرصے تک ذہنی تناؤ کا شکار تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ڈپریشن کے دورے پڑتے تھے اس کی وجہ سے دن میں 5 ، 5 بار بھی دوائیاں لینی پڑتی تھی، بے چینی، گھبراہٹ اورایک عجیب قسم کا خوف رہتا تھا اس وجہ سے آدھی رات کو بھی مجھے اسپتال لے جانا پڑتا تھا۔

زائرہ وسیم نے کہا کہ ڈپریشن کی وجہ سے کبھی کبھی تو بہت دیر تک سوتی رہتی تھی اور کبھی کبھی تو مجھے ہفتوں کے ہفتوں نیند نہیں آتی تھی اور میں جانتی تھی کہ یہ سب میرے لئے ٹھیک نہیں جب کہ ڈاکٹرز اور لوگ بھی مجھے سمجھاتے تھے کہ آپ کی یہ ڈپریشن میں رہنے کی عمر نہیں ہے لیکن اب میں بالکل ٹھیک ہوں اور اس حوالے سے میں نے یہ فیصلہ کیا کہ بغیر کسی شرمند گی کے یہ بات شیئر کروں گی۔

زائرہ وسیم نے آخر میں کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے کی منتظر ہوں کیوں کہ اس با برکت مہینے میں ان چیزوں سے نکالنے کا بہترین موقع ہوتا ہے، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیئے گا۔

Google Analytics Alternative