Home » 2018 » May » 13

Daily Archives: May 13, 2018

جانئے آج آپ کا دن کیسا رہے گا

حمل:

21مارچ تا21اپریلکسی پلاٹ یا مکان کے سلسلے میں مقدمہ بازی ہونے کا اندیشہ ہے جائیداد کے مسائل میں بہت زیادہ دلچسپی نہ لیجئے ان کا سردست حل ہونا مشکل ہے، اولاد کی طرف سے تفکرات کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

ثور:
22اپریل تا20مئی

آپکے شریک حیات کسی مخالف کی پھیلائی ہوئی افواہوں سے متاثر ہو کر گھر کا ماحول خراب کر سکتے ہیں اگر ایسا ہی ہوا جسکا کہ امکان ہے تو پھر مشتعل ہونے کے بجائے انتہائی صبر و تحمل کیساتھ وقت گزار دیں۔

جوزا:
21مئی تا21جون

آپ اپنی صلاحیتوں کو ہمیشہ جگائے رکھیں تاکہ وقت ضرورت فوری طور پر ان سے کام لے سکیں، یوں سمجھ لیجئے کہ مایوسی اور ناامیدی کا طویل اور ناقابل فہم دور ختم ہونے والا ہے۔

سرطان:
22جون تا23جولائی

ہر کام پورے اعتماد کے ساتھ کیجئے، اپنے حوصلوں کو مضبوطی بخش کر آگے جانے کیلیے جدوجہد کریں، بفضل خدا وقت آپ کا ساتھ دے سکے گا اور آپ اپنی منشاء کے مطابق اعلیٰ مقام پر پہنچ جائیں گے۔

اسد:
24جولائی تا23اگست

عشق و محبت کے یہ سبز باغ ابھی نہ دیکھئے ورنہ فوری طور پر آپکو خزاں اپنی لپیٹ میں لے لے گی، اس حقیقت پر ہی ایمان لے آئیں کہ آپکی موجودہ جھونپڑی ہی چھوٹی سی جنت ہے۔

سنبلہ:
24اگست تا23ستمبر

آپکی خداداد صلاحیتیں جنہوں نے ہمیشہ آپکا ساتھ دیا آپ سے غیر معمولی تعاون کیا گزشتہ بعض معاملات کے سلسلے میں آپ کو مایوسی کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن یہ مایوسی اتنی شدید ہرگز نہیں تھی کہ آپ ہمت ہار جاتے۔

میزان:
24ستمبر تا23اکتوبر

آپکے گھریلو حالات بہت زیادہ بہتر رہیں گے، شریک حیات آپ کی ہر خواہش پوری کرنے کے لیے ہمہ وقت مستعد رہیں گے لیکن آپ کے لیے بھی یہ بات لازم ہے کہ آپ بھی بات بات پر الجھنا چھوڑ دیں۔

عقرب:
24اکتوبر تا22نومبر

اگر آپ کوئی کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو دیر مت کریں اس سے بہتر موقع آپ کو نہ مل سکے گا۔ آپ کی اعلیٰ صلاحیتیں بھی ہمہ وقت جاگتی رہیں گی اور ہر معاملے میں آپ کی مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

قوس:
23نومبر تا22دسمبر

والدین سے وابستہ توقعات بھی بہت حد تک پوری ہو سکتی ہیں، آپ قریبی رشتہ داروں پر زیادہ بھروسہ نہ ہی کریں، قریبی رشتہ داروں کی وجہ سے آپ ذہنی طور پر پریشان ہو سکتے ہیں۔

جدی:
23دسمبر تا20جنوری

بات بات پر الجھنا چھوڑ دیں اور جذبات کے اندھے کنویں میں چھلانگ لگا دینے والی اس پرانی عادت ترک کر دیجئے اور ہر امر کا فیصلہ سوچ بچار اور انتہائی ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ کیجئے۔

دلو:
21جنوری تا19فروری

ایسے لوگ جن پر آپ بھروسہ کرتے ہیں درپردہ آپ کے خلاف سازش کر سکتے ہیں وہ آپ کی راہ میں کانٹے بکھیرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔چند اہم امور کے سلسلے میں نتیجہ خیز کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔

حوت:
20 فروری تا 20 مارچ

اپنے ان دوستوں سے مشورہ ضرور کرتے رہیے جو کہ آپ کے برے وقتوں کے دوران بھی کام آتے رہے ہیں۔ آپ اپنے اخلاق کو کبھی نہ بگڑنے دیں سفر نزدیکی بہ شوق کیجئے۔

عمران خان نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس نکات پیش کردیے

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دس نکات کے ذریعے کراچی کو عظیم شہر بنادوں گا۔

کراچی کے الہٰ دین پارک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں کراچی کے لوگوں کے سامنے دس نکات رکھوں گا جس کے بعد کراچی ایک عظیم شہر بن جائے گا، کراچی وہ شہر تھا جہاں کسی بھی مسئلے کے لیے سب لوگ کھڑے ہوجاتے ہیں اور کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے یہ فنانشیل کیپٹل بھی ہے کراچی اوپر جاتا ہے تو پاکستان اوپر جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا جاتے ہوئے ایئر پورٹ پر پاکستانی وزیر اعظم  کی تلاشی کے لیے کپڑے اتار دیے گئے جب ایک ملک کے وزیر اعظم کی عزت نہیں ہوتی تو اس ملک کے شہری کی کیسے عزت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ  ووٹ کی خاطر ہمارے درمیان قومیت کے نام پر نفرتیں پھیلائی گئیں، کراچی وہ جگہ تھی جہاں دبئی سے شیخ چھٹیاں منانے آتے تھے، روشنیوں کا شہر تھا، رات کے کسی بھی پہر کوئی بھی سڑک پر نکل جائے تو کسی کو جان و مال کی فکر نہیں ہوتی تھی لیکن آج ایسا نہیں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جیسے ہی نیب سندھ یا پنجاب میں کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالتا ہے زرداری اور شریف خاندان شور مچانے لگتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے،  مجھ پر ہیلی کاپٹر کیس ہے نیب میرے خلاف تحقیقات کرے میں تو شور نہیں کررہا، ہم الیکشن جیت کر سب سے پہلے کرپشن کے خلاف جنگ کریں گے اور ملک سے باہر لے جایا گیا پیسہ واپس لائیں گے، پاکستانیوں نے صرف دبئی میں 800 ارب روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں کیا یہ باتیں نواز شریف، زرداری اور اسحاق ڈار کو نہیں معلوم تھیں؟ جو خود منی لانڈرنگ کریں وہ کیسے دوسروں کو پکڑ سکتے ہیں۔

عمران خان کے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس نکات

پہلا نکتہ: کراچی کا پانی کا مسئلہ حل کریں گے

کراچی میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے، یہاں پانی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہیں کی گئی یہاں پانی مافیا بیٹھا ہوا ہے جن کی پشت پر لیڈر شپ ہے، کراچی سمیت تمام شہروں میں میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے اور ایسے شخص کو آگے لائیں گے جسے انتظام چلانے کا بڑا تجربہ ہوگا جو پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے دنیا بھر سے ماہرین بلائے گا اور منصوبہ بندی کرے گا، اسی لیے میں کراچی سے الیکشن لڑ رہا ہوں۔

دوسرا نکتہ: سرکاری اسکولوں کی بہتری

عمران خان نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا برا حال ہے، غریب لوگ بھی اپنے بچے پرائیویٹ اسکولوں میں بھیجنے پر مجبور ہیں، یہاں اسکولوں کا نظام ٹھیک کریں گے۔

تیسرا نکتہ: سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے

پختون خوا میں ہم سرکاری اسپتالوں کو شوکت خانم اسپتال کی طرح چلا رہے ہیں، وہ اسپتال جو 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کرے اسے بہترین اسپتال کا سرٹیفکیٹ ملتا ہے،  کراچی کے سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے۔

چوتھا نکتہ: پولیس کے نظام میں بہتری

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں پولیس کا نظام بہت خراب ہے سیکڑوں لوگوں کو مارنے والے پولیس افسر  راؤ انوار کی آصف زرداری تعریف کرتا ہے، کراچی کو راؤ انوار جیسے پولیس آفیسر سے نجات دلائیں گے، ہم الیکشن جیت کر پولیس کا سسٹم بہتر کریں گے اور شہر کو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔

پانچواں نکتہ: کاروباری سرگرمیوں کی  بحالی

کراچی کے تاجروں کی بھرپور مدد کریں گے، بیرون ممالک سے یہاں سرمایہ کاری اور کاروبار لے کر آئیں گے تاکہ روزگار ملے اس معاملے میں منصوبہ بندی جاری ہے۔

چھٹا نکتہ: بجلی کے مسئلے کا حل

بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے، کراچی کو سستی بجلی دلائیں گے، بجل کی چوری کا خاتمہ کریں گے۔

ساتواں نکتہ: کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی

ہمارے 65 فیصد نوجوان 30 سال سے کم عمر ہیں، یہاں کھیلوں کے لیے گراؤنڈ نہیں ہیں، کے پی کے میں 100 نئے گراؤنڈ بنائے ہیں اور مزید بنا رہے ہیں کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے یہاں گراؤنڈ بنانے کے ساتھ ساتھ پارکس بھی بنائیں گے۔

آٹھواں نکتہ: کراچی میں درخت لگائیں گے 

دنیا میں گلوبل وارمنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، ہم نے کے پی کے میں ایک ارب درخت لگائے ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں درخت لگائیں گے، سیوریج کا پانی سمندر میں چھوڑا جارہا ہے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے تاکہ پانی ری سائیکل ہوسکے۔

نواں نکتہ: سرکلر ریلوے کی بحالی

کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بہت بڑا مسئلہ ہے، یہاں سرکلر ریلوے بحال کریں گے تاکہ یہ مسئلہ حل ہوسکے۔

دسواں نکتہ: روزگار کی فراہمی

بے روزگاری ایک بیماری ہے نوجوانوں کو روزگار کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے انہیں سستے قرضے دیں گے اور نوکریاں پیدا کریں گے، نچلے طبقے کو روزگار دینے کے لیے جامع پالیسی بنائیں گے۔

عمران خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو دو بار ’’ بلاول بے بی‘‘ کہہ دیا

عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دو بار ’بے بی بلاول‘ پکارتے ہوئے کہا کہ میں بچوں کی تقاریر نہیں دیکھتا لیکن بلاول سے پوچھتا ہوں کہ وہ اپنے والد سے دریافت کریں راؤ انوار نے جو 440 قتل کیے اسے قتل کے احکامات کس نے دیے تھے؟  بلاول کہتا ہے کہ عمران خان کراچی میں الطاف حسین بن جائے گا ؟ مجھے پانچ سال کے پی کے میں ہوگئے کوئی ایک قتل دکھادیں جو میرے حکم پر ہوا ہو۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ سندھ میں اگر کوئی آصف زرداری کے خلاف بات کرے تو اس کے خلاف مقدمات درج ہوجاتے ہیں بلاول بیٹا ذرا خیبر پختون خوا میں آکر دیکھیں ہم نے کتنی ایف آئی آر مخالفین کے خلاف درج کرائیں؟ کیوں کہ وہاں کی پولیس پروفیشنل پولیس ہے۔

پاکستان کی فوج کے خلاف سازش کی جارہی ہے

عمران خان نے نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ میر جعفر اور میر صادق ہیں جو ذاتی مفادات کے لیے ملک کو داؤ پر لگاسکتے ہیں، پاکستان کی فوج کے خلاف پوری سازش کی جارہی ہے کہ اسے کسی طرح کمزور کیا جائے، نواز شریف کے اس بیان کا مقصد پاکستانی اداروں پر عالمی دباؤ ڈلوانا ہے تاکہ کسی طرح ان کے 300 ارب روپے بچ جائیں جو ان کے بچوں کے نام پر پڑے ہوئے ہیں۔

کراچی والے عمران کی صورت میں نیا بانی ایم کیو ایم برداشت نہیں کریں گے، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی والےعمران خان کی صورت میں نیا بانی ایم کیوایم برداشت نہیں کریں گے۔

باغ جناح میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 2 دن کے مختصر وقت میں جلسے کی تیاری کی گئی کیوں کہ ہم نے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان  کیا اور جلسے کے لیے قانونی تقاضے بھی پورے کیے تھے لیکن پی ٹی آئی نے کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی انہوں نے ہمارے کارکنوں پر پتھراؤ کیا، ہمارے ٹرک جلائے اور ان کے رہنماؤں کے سیکیورٹی گارڈز نے ہمارے کارنوں پر فائرنگ کی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ 12 مئی 2007ء کو مشرف کے حواریوں نے ہمارے کارکن شہید کیے تھے اور 11 سال بعد مشرف کے دوسرے حواریوں نے ہم پر ایک بار پھر حملہ کیا، پی ٹی آئی ایک اور ایم کیو ایم کی مانند ہے کراچی والے عمران خان کی صورت میں نیا بانی ایم کیو ایم برداشت نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ 12 مئی کو آزاد عدلیہ کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی کے کارکن شہید ہوئے، پیپلز پارٹی کے جیالے چیف جسٹس کے لیے نکلے تھے، دہشت گردوں نے اس کے باوجود ان لوگوں کو نشانہ بنایا، شہدا میں معصوم لوگ، وکیل، اے این پی اور ہمارے کارکن تھے جب کہ ڈکٹیٹر قہقہے لگارہا تھا اور کراچی کے گھروں سے لاشیں اٹھ رہی تھیں، اس صورت حال کا ذمے دار اس وقت کا وزیر داخلہ تھا جواب میئر کراچی ہے جب کہ ہم ان کا خون ضائع نہیں ہونے دیں گے انصاف کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

کوٹا سسٹم بھٹو نہیں لیاقت علی خان کے دور میں نافذ ہوا، بلاول

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں کوٹا سسٹم کا الزام میرے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو پر عائد کیا جاتا ہے لیکن کوٹا سسٹم بھٹو نے نہیں پاکستان کے پہلے وزیر اعظم  شہید لیاقت علی خان نے شروع کیا، کوٹا سسٹم کا پہلا نوٹی فکیشن 1958ء میں اور آخری نوٹی فکیشن بھٹو کے دور حکومت سے قبل 16 جنوری 1977ء کو یحیحیٰ خان کی حکومت میں جاری ہوا، بھٹو نے اس حوالے سے قانون سازی نہیں کی، اس حوالے سے کہنے والے جھوٹ کہتے ہیں اور ان کے پاس ایسا کہنے کی کوئی بنیاد نہیں، ایم کیو ایم والے لسانیت کے نام پر آپ کو گمراہ رکھ کر حکومت کرنا چاہتے  ہیں، 20 سال تک کوٹا سسٹم کے نام پر آپ سے جھوٹ بولا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر گھروں میں پانی نہیں آتا تو ذمے دار ایم کیو ایم ہے کیوں کہ ایم کیو ایم کا میئر اربوں روپے ہونے کے باوجود اختیارات نہ ہونے کا رونا روتا ہے، ایم کیو ایم کا ٹولا رکاوٹ بنا ہوا ہے وہ کراچی میں ترقیاتی کام برداشت نہیں کرتا۔

چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

(ن) لیگ کے رہنما نواز اعوان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کے ہوتے ہوئے نیب شفاف کام نہیں کرسکتا، نواز شریف کے خلاف جھوٹے الزام میں پریس ریلیز جاری کرنے پر چیئرمین نیب معافی مانگیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیاستدانوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے کی جاتی ہے اس لیے ایسے معاملات میں نیب کو آلہ کار نہیں بننا چاہئے، 8 مئی کو نیب نے اعلامیہ جاری کیا کہ نواز شریف نے 4.9 ارب ڈالر بھارت منتقل کیے جس کی تحقیقات کی جائیں گی، نیب کو کسی کے خلاف زیر التواء معاملے کا اعلامیہ جاری نہیں کرنا چاہئے تھا، جبکہ 21 ستمبر 2016ء کو اسٹیٹ بینک بھی اس خبر کی تردید کرچکا تھا، اس خبر سے نیب کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، نیب اعلامیہ اور بعدازاں پیش آنے والے واقعات نواز شریف سے متعلق چیئرمین نیب کی منفی سوچ کی عکاس ہیں لہذا عدالت چیئرمین نیب کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کرے۔

چوہدری نثار کا این اے 63 سے انتخابات لڑنے کا فیصلہ

 راولپنڈی: سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کے حلقہ 63 سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار نے گزشتہ ماہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے قومی اسمبلی کے حلقہ 59 اور صوبائی حلقے پی پی 10 اور پی پی 14 منتخب کئے تھے تاہم رہنما مسلم لیگ (ن) نے یہ بھی کہا تھا کہ  این اے 63 سے بھی الیکشن لڑنے کا ارادہ ہے، تاہم حتمی فیصلہ ٹیکسلا اور واہ کے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کروں گا۔

چوہدری نثارعلی خان نے ٹیکسلا واہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 63 سے انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے، چوہدری نثار نے یہ فیصلہ یونین کونسلز کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز سمیت کارکنان کے مشاورتی اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ  ٹیکسلا واہ کی عوام کے ساتھ انکا گہرا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا، اس علاقے کے عوام نے جو عزت دی ہے اس کیلئے ہمیشہ مشکور رہوں گا، عوامی خواہشات پر این اے 63 سے الیکشن لڑوں گا تاہم صوبائی اسمبلی کا ابھی فیصلہ نہیں کرسکتا۔

کنگنا رناوٹ نے بالآخر عامر خان سے مدد مانگ لی

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ جو ماضی میں یہ کہ چکی ہیں کہ وہ بولی وڈ خانز یعنی سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کے ساتھ فلمیں کرنے کی خواہش نہیں رکھتیں۔

کنگنا رناوٹ کے مطابق وہ بولی وڈ خانز کے ساتھ فلموں میں کام کرکے نمائشی اداکارہ نہیں بنانا چاہتیں، کیوں کہ ان کی فلموں میں ہیروئنز کا کردار جاندار نہیں ہوتا۔

شاید اسی وجہ سے ہی کنگنا رناوٹ نے ماضی میں سلمان خان کے ساتھ ’سلطان‘ میں بھی کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

لیکن اب اطلاعات ہیں کہ کنگنا رناوٹ نے اپنی فلم کی کامیابی اور نئی فلم بنانے کے لیے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ سے مدد طلب کرلی۔

دکن کیرونیکل نے ایک اور بھارتی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں کنگنا رناوٹ نے اپنی آنے والی فلم ’منی کارنیکا‘ کے پروڈیوسر کمال جین کے ساتھ عامر خان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران کنگنا رناوٹ نے عامر خان سے اپنی فلم کو چین میں ریلیز کرنے سے متعلق نہ صرف مشورے مانگے بلکہ لائحہ عمل تیار کرنے کے حوالے سے بھی مدد طلب کی۔

ساتھ ہی اس ملاقات میں دونوں اداکاروں کے درمیان مبینہ طور پر ایک اور فلم بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، جس میں کنگنا رناوٹ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ عامر خان اور کنگنا رناوٹ کی ملاقات کے بعد یہ چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ جلد ہی دونوں اداکار پہلی بار اسکرین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے، تاہم ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمال جین کے توسط سے عامر خان اور کنگنا رناوٹ کے درمیان ایک نئی فلم بنانے پر بات چیت ہوئی، جسے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ پروڈیوس کریں گے۔

اطلاعات ہیں کہ پہلی بار عامر خان اداکارہ کنگنا رناوٹ کی فلم کو پروڈیوس کرتے نظر آئیں گے۔

کنگنا رناوٹ کے مطابق بولی وڈ خانز کی فلموں میں ہیروئنز کا کردار جاندار نہیں ہوتا—فائل فوٹو: بھارتی میڈیا
کنگنا رناوٹ کے مطابق بولی وڈ خانز کی فلموں میں ہیروئنز کا کردار جاندار نہیں ہوتا—فائل فوٹو: بھارتی میڈیا

رپورٹس کے مطابق عامر خان بھارتی معروز کوہ پیما اور والی بال کھلاڑی ارونما سنہا کی زندگی پر فلم بنانا چاہتے ہیں، جو پہلے فلم ساز و اداکار فرحان اختر بنانا چاہتے تھے، تاہم اب یہ فلم عامر خان پروڈیوس کرتے نظر آئیں گے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ فلم کا نام کیا ہوگا اور اس کی ہدایات کون دے گا، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

اب عامر خان کی مدد سے کنگنا رناوٹ نہ صرف اپنی آنے والی فلم ’منی کارنیکا‘ چین میں ریلیز کر سکیں گی، بلکہ مسٹر پرفیکشنسٹ کی پروڈیوس کردہ فلم میں جلوہ گر بھی ہوں گی۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوٹ نے فلم ’ منی کارنیکا‘ میں جھانسی کی رانی کا کردار ادا کیا ہے۔

ارونما سنہا دونوں پاؤں سے معزور ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
ارونما سنہا دونوں پاؤں سے معزور ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

اگر وہ عامر خان کی جانب سے پروڈیوس کردہ آنے والی فلم میں نظر آئیں تو و پہلی بار کوہ پیما اور والی بال کھلاڑی کی صورت میں نظر آئیں گی۔

وہ فلم میں 29 سالہ والی بال پلیئر ارونما سنہا کے روپ میں نظر آئیں گی، جو دنیا کی پہلی ایسی خاتون ہیں جنہوں نے دونوں پاؤں سے معزور ہونے کے باوجود ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کر رکھی ہے۔

انہوں نے اب تک نہ صرف ماؤنٹ ایورسٹ بلکہ دیگر ممالک میں موجود پہاڑوں کی چوٹیاں بھی سر کر رکھی ہیں، انہیں ان کی خدمات کے عوض اعزازت و ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

فلم کو کب ریلیز کیا جائے گا، یہ کہنا قبل از وقت ہے—فائل فوٹو: مڈ ڈے
فلم کو کب ریلیز کیا جائے گا، یہ کہنا قبل از وقت ہے—فائل فوٹو: مڈ ڈے

امریکی ملٹری اتاشی کی بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام

اسلام آباد: ایف آئی اے نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں گاڑی سے نوجوان کو کچل کر ہلاک کرنے والے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کو ملک چھوڑنے سے روک دیا ہے۔

امریکی فضائیہ کا خصوصی سی 130 طیارہ امریکی سفارت خانے میں تعینات ملٹری اتاشی  کرنل جوزف کو لے جانے کے لیے نور خان ایئر بیس راولپنڈی پر کئی گھنٹے تک موجود رہا۔ تاہم پاکستانی حکام نے کرنل جوزف کو طیارے میں سوار ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ امریکی طیارہ کئی گھنٹے تک انتظار کے بعد باالآخر کرنل جوزف کو لیے بغیر واپس روانہ ہوگیا۔

کرنل جوزف کی روانگی کو روکنے کے لیے اسے بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتا تھا۔ ایف آئی اے نے کرنل جوزف کی امیگریشن کلیئرنس کے لیے وزارت خارجہ سے خصوصی اجازت نامہ مانگا تاہم دفتر خارجہ کے حکام نے امریکی ملٹری اتاشی کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد امریکی فضائیہ کا طیارہ سفارت خانے کے دوسرا عملہ اور سامان لے کر روانہ ہوگیا اور کرنل جوزف کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے واپس بھجوادیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرنل جوزف نے اسلام آباد میں گاڑی سے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ نوجوان کے باپ نے انصاف کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے وزارت داخلہ کو کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

ملائشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد

کوالالمپور: ملائشیا کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے ملک سے باہر جانےپر پابندی عائد کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق ملائشیا کے حالیہ انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے سابق وزیراعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نجیب رزاق پر اربوں ڈالر لوٹنے اور کرپشن کے الزامات ہیں  اور کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والی حکومت کو مختلف مواقع پر عوامی احتجاج کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق ہفتے کے روز ملائشین امیگریشن حکام نے نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک جانے پر پابند عائد کی۔

بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کیے جانے پر نجیب رزاق نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک چھٹیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے اور انہیں آئندہ ہفتے ہی واپس آنا تھا۔

سابق ملائشین وزیراعظم نےکہاکہ وہ پہلے ہی یہ بتاچکے تھے کہ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ انہیں اور اہل خانہ کو بیرون ملک روانگی کی اجازت نہیں دے گا۔

نجیب رزاق کا کہنا تھا کہ وہ امیگریشن حکام کی ہدایات کا احترام کرتے ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ملک میں ہی رہیں گے۔

واضح رہےکہ ملائشیا کے عام انتخابات میں سابق وزیراعظممہاتیر محمد کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی جس کےبعد انہوں نے ملائشیا کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

حلف اٹھانے کےبعد مہاتیر محمد نے اعلان کیا کہ وہ ملک سے لوٹے گئے ملین ڈالرز کو واپس لائیں گے۔

Google Analytics Alternative