Home » 2018 » July » 07

Daily Archives: July 7, 2018

جانئے آج آپ کا دن کیسا رہے گا

حمل:
21 مارچ تا 21 اپریل

بسلسلہ کاروبار اپنی ذاتی سکیموں کو عملی شکل دیں ، کافی فائدہ ہو سکتا ہے، ملازمت میں حسب منشاء تبدیلی ہو سکتی ہے، دوستوں سے وابستہ توقعات پوری ہو سکتی ہیں، گھریلو ماحول تسلی بخش رہے گا۔

ثور:
22اپریل تا20 مئی

مذہب سے دلچسپی بڑھ سکتی ہے، والدین سے فائدہ ہو سکتا ہے، مقدمہ کا فیصلہ منشاء کے مطابق ہو سکتا ہے، کوئی نئی رشتہ داری بھی قائم ہو سکتی ہے، سفر شوق سے کیجئے نتیجہ توقع کے مطابق ہو سکتا ہے۔

جوزا:
21مئی تا 21 جون

اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کو بروئے کار لایئے وقت آپ کا ساتھ دے سکتا ہے اور آپ بہت کچھ حاصل کر سکیں گے، دیرینہ آرزوئوں کی تکمیل ہو سکے گی، بسلسلہ جائیداد آپ کی دیرینہ خواہشات پوری ہو سکتی ہیں۔

سرطان:
22جون تا23جولائی

بعض اہم ترین الجھے ہوئے مسائل حل ہو سکیں گے، پرانی سکیموں کو عملی شکل دینے کی کوشش کریں، کاروبار نو کے آغاز کا بھی موقع مل سکتا ہے، چند خاص لوگوں کے ساتھ تعلقات قائم ہو سکتے ہیں۔

 

اسد:
24جولائی تا23اگست

کسی کے ساتھ بھی جھگڑا فساد نہ کریں ورنہ آپ کے خلاف کوئی مقدمہ قائم ہو سکتا ہے بزرگ روحانی سے وابستہ توقعات پوری نہ ہو سکیں گی، گھریلو سکون حاصل ہو سکے گا۔

سنبلہ:
24اگست تا23ستمبر

شریک حیات اور سسرال والوں کو راضی رکھنے کی کوشش کیجئے اسی میں آپ کا فائدہ ہے، کاروبار وسعت اختیار کر سکتا ہے، اخراجات کم کریں کے کچھ بچاتے رہیں تاکہ برے وقت یہ آپ کے کام آ سکے۔

میزان:
24ستمبر تا23اکتوبر

بزرگان روحانی کی خدمت کر لیں اس کا آپ کو بہتر صلہ ملے گا، رشتہ داروں کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں، بسلسلہ تعلیم شاندار کامیابی حاصل ہو سکے گی۔

عقرب:
24اکتوبر تا 22نومبر

جذباتیت کے دائرے سے باہر نکل آیئے ورنہ آپ کے کسی غلط فیصلے کی وجہ سے پورا گھر بلکہ خاندان متاثر ہو سکتا ہے، کوئی مخالف آپ کے خلاف سازش کر سکتا ہے، محتاط رہ کر وقت گزاریں۔

قوس:
23نومبر تا22دسمبر

اگر آپ کو کسی مشترکہ کاروبار میں شمولیت کا چانس ملے تو ضرور استفادہ کریں، بزرگان روحانی سے توقع کے مطابق روحانی فیض حاصل ہو سکے گا، گھریلو ماحول قدرے بہتر رہے گا۔

جدی:
23دسمبر تا20جنوری

آپ بعض اہم معاملات میں منشاء کے مطابق کامیابی حاصل نہ کر پائیں گے لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہیں، اس طرح زیادہ نقصان ہو گا۔

دلو:
21جنوری تا19فروری

گھریلو زندگی کو خوشگوار بنانے کے سلسلے میں یہ عرصہ آپ کے لئے بہت ہی اہم ثابت ہو سکتا ہے، غیر شادی شدہ حضرات کا رشتہ بھی طے پا سکتا ہے۔

حوت:
20 فروری تا 20 مارچ

جائیداد کے الجھے ہوئے مسائل حل ہو سکتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ آپ کو مطلوبہ مکان یا پلاٹ مل جائے، صحت جسمانی گاہے بگاہے خراب ہو سکتی ہے، علاج کی جانب سے غفلت نہ برتیں۔

بیلجیئم، برازیل کو 1-2 سے ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ماسکو: فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم نے برازیل کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

روسی شہر کازان میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔

بیلجیئم کو پہلا گول اون گول کی صورت میں ملا جب فرنینڈنہو نے اپنے ہی جال میں گیند کو پہنچا دیا۔

بیلجیئم کی سبقت کیون ڈی برون نے 31ویں منٹ میں دوگنی کردی۔

دوسرے ہاف میں برازیل کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کیا گیا تاہم بیلجیئم کے دفاع نے اس کا جم کر مقابلہ کیا۔

76ویں منٹ میں ریناٹو اگسٹو نے بیلجیئم کی سبقت آدھی کردی تاہم برازیل مزید کوئی گول اسکور نہ کرسکا اور اس طرح برازیل ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا۔

سیمی فائنل میں بیلجیئم کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔

یوراگوئے کو شکست، فرانس 12سال بعد ورلڈ کپ سیمی فائنل میں

ماسکو: فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے یوروگوائے کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

نزنی نوگروڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مجموعی طور پر فرانس کا غلبہ رہا جس کا اندازہ 62 فیصد بال پوزیشن سے ہوتا ہے۔

یوروگوائے نے فرانسیسی گول پر چار حملے کیے تاہم گول کیپر انہیں روکنے میں کامیاب رہا۔

اس کے مقابلے میں فرانس نے صرف دو مرتبہ گول پر حملے کیے تاہم دونوں مرتبہ گول اسکور کرنے میں کامیاب رہا۔

پہلا گول رافیل ورانے نے 40ویں منٹ میں اسکور کیا۔ 61ویں منٹ میں انٹون گرزمان کے گول کی بدولت فرانس کی سبقت دگنی ہوگئی۔

اگلا کوارٹر فائنل برازیل اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا جائے گا۔

انیل کپور اور ایشوریا کی فلم ’’پھنے خان‘‘ کا ٹریلر جاری

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکار انیل کپور اور ایشوریا رائے کی فلم’’پھنے خان‘‘کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ 

بھارتی اداکار انیل کپور اور ایشوریا رائے کی فلم’’پھنے خان ‘‘ کی کہانی اپنے نام کے برعکس موسیقی کے گرد گھومتی ہے جس میں ایشوریا رائے ہلکے پھلکے مزاحیہ انداز میں نظر آرہی ہیں اور یقیناً ان کا یہ نیا روپ شائقین کو محظوظ کرے گا جب کہ فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

ٹریلر میں انیل کپور کو ایک محبت کرنے والا والد دکھایا گیا ہے جس کی بیٹی کو وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے گلوکاری کی دنیا میں مقام بنانے میں بہت مشکلات کا سامنا ہے تاہم انیل کپور اپنی  بیٹی کے خوابوں کو  پورا کرنے کے لیے ہر حد سے گزرنے کے لیے تیار ہیں۔

کہانی میں ٹوئسٹ اس وقت آتا ہے جب انیل کپور اداکار راجکمار راؤ کے ساتھ مل کر نامور پاپ گلوکارہ ایشوریا رائے کو اغوا کرلیتے ہیں۔ یہیں سے کہانی کافی دلچسپ اور مزاحیہ موڑ اختیار کرلیتی ہے جو شائقین کو فلم دیکھنے پر مجبور کردے گی۔

انیل کپور نے فلم کے ٹریلر سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’ایک ہے راز اور دوسرا ہے پھنے خان کا انداز! ہوں گے اس کے سپنے پورے؟‘

بھارتی پروڈیوسراوم پرکاش مہرا، ٹی سیریز اور انیل کپور فلمز کمپنی نیٹ ورک کی کو پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’پھنے خان‘‘میں اداکار انیل کپور اور ایشوریا رائے بچن 17 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے جب کہ فلم اگلے ماہ 3 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کو فیصلے کا سیاسی فائدہ ہو گا، آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو فیصلے کا سیاسی فائدہ ہو گا اور لوگ سمجھیں گے کہ انہیں برے وقت میں چھوڑنا نہیں چاہیے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ’میں یہ تو نہیں کہتا کہ ہم انتخابات میں پنجاب سے سویپ کریں گے لیکن تمام صوبوں میں ہماری پوزیشن بہتر ہے‘۔

نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف فیصلہ آ تو گیا ہے لیکن ابھی ان کے پاس ریلیف کے لیے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ موجود ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ میں نے کل کہا تھا کہ نواز شریف سیاسی پناہ لیں گے لیکن یہ بات بھی ہے کہ ووٹ بینک آج بھی شہباز شریف کا نہیں بلکہ نواز شریف کا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ محمد نواز شریف کو پنجاب ہم نے دیا لیکن انہوں نے جمہوریت کو اہمیت نہیں دی، ہم نے یہ بھی کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھ کر فیصلہ کرتے ہیں لیکن وہ پارلیمنٹ سے فیصلے کے لیے بھی تیار نہ ہوئے۔

عمران خان کے ساتھ حکومت بنانے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم عمران خان کے ساتھ کیوں جائیں گے اس نے تو دعوت دی نہیں اور ویسے بھی عمران خان کے ساتھ کون بیٹھے گا، کوئی جماعت بھی عمران خان کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں اور کیا عمران خان اتنی واضح اکثریت لے لیں گے کہ اکیلے حکومت بنالیں۔

انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ ’اس سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا البتہ یہ بات ضرور ہے کہ سوائے پی ٹی آئی کے تمام جماعتوں کے امیدواروں کو دباؤ کا سامنا ہے‘۔

نوازشریف اور مریم نواز کو پاکستان آتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا، نیب ذرائع

قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو پاکستان آتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی ہوائی اڈے پر گرفتاری کی ہدایت دے دی گئی ہے جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کیلئے خیبر پختونخوا پولیس سے رابطہ کیاجائےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے احتساب عدالت سے وارنٹ حاصل کرے گی جس کے بعد

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، اس حوالے سے نیب نے ایون فیلڈ فیصلے کی تصدیق شدہ نقل حاصل کرلی ہے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 برس، مریم نواز کو 8 برس اور کیپٹن ریٹائرڈ کو 1 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

احتساب عدالت کا ایون فیلڈ ریفرنس پر فیصلہ 174 صفحات پرمشتمل ہے۔ فیصلے کے مطابق ملزمان کو فرد جرم میں شامل نیب آرڈیننس کی سیکشن 9اے فائیو کے تحت سزا سنائی گئی۔

نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے فائیو زیرکفالت افراد یا بے نامی دار کے نام جائیداد بنانے سے متعلق ہے۔ تحریری فیصلے کے مطابق نوازشریف سمیت تمام ملزمان کو کرپشن کے پیسے سے جائیداد بنانے کے الزام سےبری کیا گیا ہے۔

عدالت نے ملزمان کیخلاف فرد جرم میں لگائی نیب آرڈیننس کی سیکشن 9اے فور سے بری کیا ہے۔

عدالتی فیصلے میں حکم دیا گیا کہ حسن اور حسین مفرور ہیں انہیں اشتہاری ملزم قرار دیا جائے جب کہ عدالت نے دونوں کے دوبارہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

جب فیصلہ سنایا گیا تو نواز شریف اور مریم نواز لندن میں موجود تھے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر مانسہرہ میں اپنی انتخابی مہم چلارہے تھے۔

فیصلے کے بعد لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز نے کہا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے تاہم واپسی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔

نواز شریف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی اپنی بیگم کلثوم نواز سے ایک بار بات ہوجائے، جیسے ہی وہ ہوش میں آئیں گی اور سلام دعا ہوگی وہ پاکستان واپس آجائیں گے اور جیل سے اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔

نگران وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد: نگران وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فنانسنگ کے خلاف ذمہ داریاں پوری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

نگران وزیراعظم ناصر الملک کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سمیت مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، نگران وفاقی وزراء اور اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس سے متعلق شرکاء کو بریفنگ دی جب کہ اجلاس میں ایکشن پلان کی تفصیلات اور لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء کمیٹی نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فنانسنگ کے خلاف ذمہ داریاں پوری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ نگران وزیر خزانہ کو اے ایف ٹی ایف اجلاس میں اپنا مؤقف درست انداز میں پیش کرنے پر سراہا گیا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا اور نگران وزیر خزانہ نے اقتصادی صورتحال پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

یاد رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں پاکستان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ملکوں کی گرے لسٹ میں شامل رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اس کی بلیک لسٹ میں نہیں ہے جب کہ پاکستان کے نظام میں اسٹریٹیجک خامیاں ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی نظام میں 10 خامیوں کی نشاندہی کی ہے جو ٹاسک فورس کے معیار سے مطابقت نہیں رکھتا جب کہ پاکستانی وفد نے خامیاں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

روسی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے پاک فضائیہ کا اہلکار زخمی

دارالحکومت اسلام آباد میں روسی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے پاک فضائیہ (پی اے ایف) اہلکار، ان کی اہلیہ اور بچی زخمی ہوگئے۔

حادثہ مارگلہ روڈ پر پیش آیا، جہاں پاک فضائیہ کا اہلکار ریاض موٹر سائیکل پر بیوی اور بچی کے ساتھ جارہا تھا۔

پولیس کے مطابق کار روسی سفارت خانے کے تھرڈ سیکریٹری ایلگزنڈر سوچیوکو کی ہے اور حادثے کے وقت وہ خود گاڑی چلا رہے تھے، جبکہ گاڑی میں کوئی اور موجود نہیں تھا۔

واقعے کے بعد ایلگزنڈر سوچیوکو اور ان کی گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کردیا گیا، جبکہ زخمیوں کو پی اے ایف ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یاد رہے کہ 7 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخارنے کے دفاعی اور فضائی اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل کی گاڑی سے دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو ٹکر مارنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس سے ایک نوجوان عتیق جاں بحق ہوا تھا۔

واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے امریکی سفارت خانے کی گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کیا، تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔

تاہم مقتول کے والد کی مدعیت میں کوہسار پولیس اسٹیشن میں سیکشن 320، 337، 279 اور 427 کے تحت واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ واقعہ امریکی سفارتی اہلکار کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

واقعے کے بعد کرنل جوزف نے امریکی فوجی جہاز سے ملک سے باہر جانے کی بھی کوشش کی، تاہم ان کی اس کوشش کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ناکام بنادیا تھا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی ملٹری اتاشی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق وزارت داخلہ کو 2 ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔

تاہم چند روز بعد کرنل جوزف ایمانوئیل کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی، جس کے بعد وہ خصوصی طیارے سے افغانستان روانہ ہوگئے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرنل جوزف پر پولیس ریکارڈ ملنے کے بعد امریکی امریکی قوانین کے مطابق مقدمہ چلایا جائے گا۔

30 اپریل کو امریکی سفارت خانے کے ایک اور اہلکار کی گاڑی نے اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود میں موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔

Google Analytics Alternative