Home » 2018 » July » 11

Daily Archives: July 11, 2018

جانئے آج آپ کا دن کیسا رہے گا

حمل:

21 مارچ تا 21 اپریل

جذبات کی عینک اتار کر حالات کا جائزہ لیں تاکہ کوئی غلط فیصلہ نہ ہو سکے، بنا بنایا کھیل بگڑ سکتا ہے، اپنی سوچ اور فیصلے بدل دیں، آپ کی غلط سوچ ہی آپ کے معاملات مزید خراب کر سکتی ہے۔

ثور:
22اپریل تا20 مئی

محبوب سے وفاداری کی توقع نہ رکھیں، جائیداد کا کوئی الجھا ہوا مسئلہ حل ہو سکتا ہے، اپنی بنائی ہوئی کاروباری سکیموں کا ایک بار پھر جائزہ لیکر اپنے حقیقی ہمدردوںسے بھی مشورہ لے لیں۔

جوزا:
21مئی تا 21 جون

دوستوں پر زیادہ بھروسہ نہ کریں، کسی بھی وقت کسی دوست کی سازش آپ کے گھر کا ماحول خراب کر سکتی ہے، کاروبار میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کریں ورنہ سوائے نقصان کے اور کچھ حاصل نہ ہو سکے گا۔

سرطان:
22جون تا23جولائی

اپنی حفاظت کے سلسلے میں بہت زیادہ محتاط رہیں، کوئی مخالف آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے، شادی شدہ حضرات کو گھریلو سکون پورے طور پر حاصل ہو سکتا ہے۔

 

اسد:
24جولائی تا23اگست

اپنے رشتہ داروں کے کسی ایسے مشورے پر ہرگز عمل نہ کیجیے جس کا تعلق آپ کی گھریلو زندگی سے ہو وہ اپنے کسی مقصد کی تکمیل کیلیے آپ کو نہ صرف بہکا سکتے ہیں بلکہ کوئی جال بھی بچھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

سنبلہ:
24اگست تا23ستمبر

اپنے موجودہ کاروبار میں بھی خصوصی دلچسپی لیجئے اس سلسلے میں آپ نے جو سکیمیں بنائی تھیں ان پر عمل کر لیں بفضل خدا نتائج خوشگوار برآمد ہو سکتے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ جلد بازی سے کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔

میزان:
24ستمبر تا23اکتوبر

مقدمہ کے سلسلے میں اگر فریق ثانی صلح پر آمادہ ہو تو سوچوں میں وقت نہ گنوایئے، یہ صلح آپ کے لیے بڑی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے، کسی سے لڑائی جھگڑا ہرگز نہ کیجیے۔

عقرب:
24اکتوبر تا 22نومبر

اس میں کوئی شک نہیں کہ کاروباری پوزیشن خاصی مضبوط ہو سکتی ہے اور آپ اسے اپنی منشاء کے مطابق وسعت بھی دے سکیں گے، کیا گیا نیا کاروبار آپ کو کافی فائدہ دے سکتا ہے۔

قوس:
23نومبر تا22دسمبر

اپنے مزاج پر قابو رکھیں، آپ کی جذباتیت رنگ لا سکتی ہے، کسی بھی سلسلے میں گرم مزاجی کا مظاہرہ آپ ہی کو نقصان پہنچا سکتا ہے، بسلسلہ کاروبار نتائج خوشگوار برآمد ہو سکتے ہیں۔

جدی:
23دسمبر تا20جنوری

شریک حیات ہر معاملے میں معاون و مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، کسی مقتدر شخصیت کے ساتھ تعلقات استوار ہو سکتے ہیں جس کے نتیجے میں کوئی اہم منصوبہ عملی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

دلو:
21جنوری تا19فروری

مشترکہ بزنس میں بھی شمولیت اختیار کی جا سکتی ہے، آپ ہر الجھے مسئلے کو بآسانی سلجھا سکیں گے، کاروبار وسعت اختیار کر سکتا ہے، کسی نئے کاروبار میں شمولیت کے سبب مالی فوائد بڑھ سکتے ہیں۔

حوت:
20 فروری تا 20 مارچ

اگر آپ شادی شدہ ہیں تو پھر اپنے گھریلو ماحول کو درست رکھنے کی کوشش کرتے رہئے، مخالفین کو شکست دینے کا موقعہ مل سکتا ہے، آپ کی ہر جائز خواہش پوری ہو سکتی ہے۔

عمران خان الزام خان ہیں رات دن جھوٹ بولتے ہیں، شہباز شریف

بھلوال: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان الزام خان ہیں جو رات دن جھوٹ بولتے ہیں جب کہ پشاور میں میٹرو نہیں آئی لیکن عوام کی بس کرادی۔

بھوال میں انتخابی جلسے سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے فیصلہ ملتوی کرنے کی درخواست کی جسے نامنظور کردیا گیا لیکن خدا نے نواز شریف کو ہمت دی اور انہوں نے پرسوں واپسی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اعلان کیا کہ بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر پاکستان آرہے ہیں، انہوں نے کہا اہلیہ ہوش میں نہیں آئیں، ہوش میں آجائیں پھر فیصلہ سنادیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 6 جولائی کا فیصلہ نامنظور ہے، نواز شریف کو واپسی پر والدہ سے ملنے نہیں دیاجائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کیا اپنی ذات کیلیے آرہا ہے یا آپ کے لیے؟ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے نہ کرنےکے لیے 5 ارب ڈالر کی امداد مسترد کردی اور سی پیک کا تحفہ دیا، موٹر ویز کا جال بچھایا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان الزام خان ہیں، رات دن جھوٹ بولتے ہیں تو کیا جھوٹے آدمی کو اپنا وزیراعظم بناؤگے؟

ان کا کہنا ہے کہ پشاور میں میٹرو بس نہیں آئی لیکن عوام کی بس کرادی، آج پشاور میں کھنڈرات بن گئے ہیں جب کہ نہ خیبر پختونخوا میں اسپتال بنایا، نہ ہی یونی ورسٹی بنائی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جھوٹے اور مغرور خان کو چلا کاٹنے کے لیے پیرکے ساتھ بیٹھنے پر مجبور کردیں، اگر موقع ملا تو پہلے دن ہی بھلوال کو ضلع بناؤں گا اور پنجاب نہیں پاکستان کو ترکی کا ہم پلہ کرکے دکھاؤں گا۔

مجمعے میں ہیٹ پہنے کارکن سے شہباز شریف کا مسکراکر مکالمہ ہوا، انہوں نے کارکن سے کہا کہ کیا یہ میرا ہیٹ چوری کیاہے؟ جس پر کارکن کے جواب پر شہبازشریف نے مسکرا کر آئی لو یو،آئی لو یو کہا۔

فوج نے وہ چیزیں بھی برداشت کیں جوعام حالات میں نہیں کرتی، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہم نے وہ چیزیں بھی برداشت کی ہیں جو عام حالات میں  نہیں کرتے جب کہ فوج خلائی نہیں رب کی مخلوق ہے اورعوام جسےمنتخب کریں گے ہمیں وہ وزیراعظم قبول ہوگا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہر پریس کانفرنس میں سوال ہوتا رہا کہ انتخابات ہوں گے یا نہیں اور اس حوالے سے شکوک و شہبات کا اظہار ہوتا رہا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ تمام شکوک و شہبات نے دم توڑدیا ہے اور پاکستان انتخابات کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تیسرا الیکشن ہے جو پاکستان میں جمہوری نظام کو جاری رکھے گا، خوشی کی بات ہے کہ پاکستانی عوام اور سیاسی جماعتیں اس عمل کو کامیابی سے آگے لیکر جارہی ہیں اور 25 جولائی کو عوام اپنا حق اداکرے گی اور ملک کو جمہوری نظام کی طرف لیکر جائی گی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کا کردارالیکشن کمیشن سے تعاون کرناہے تاہم انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، افواج پاکستان الیکشن کمیشن کے حکم پر پہلے بھی الیکشن میں کام انجام دیتی رہی ہیں،1997  کے الیکشن میں فل سیکیورٹی کے لیے موجود تھے اور 2008 کے الیکشن میں کوئیک ایکشن فورس نے ڈیوٹی دی۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کے دن ووٹر کسی بھی دباؤ کے بغیر اپنا ووٹ کاسٹ کریں جب کہ انتخاب کے دوران کوئی بے ضابطگی ہوئی تو اسے ٹھیک کرنا بھی الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ فوج کو انتخابی عمل میں بے ضابطگی خود دور کرنے کا اختیار نہیں، اگر فوجی اہلکاروں نے کسی جگہ بے ضابطگی نوٹ کی تب بھی فوجی اہلکار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آگاہ کرنا ہے، افواج پاکستان کو اس بے ضابطگی کو دور کرنے کے لیے خود ملوث ہونے کا اختیار حاصل نہیں، بے ضابطگی کوئی بھی شخص دیکھے وہ الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا اور اسے ٹھیک کرنا الیکشن کمیشن کی ہی ذمہ داری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پرنٹنگ میٹریل کی ترسیل کرنا بھی ہمارا کام ہے، سیکیورٹی کے لیے ہمیں 3 لاکھ 72 ہزار جوانوں کی ضرورت ہے، 21 جولائی تک چھپائی کا مرحلہ مکمل ہوجائے اور 22 جولائی تک ہماری سیکیورٹی مکمل ہو جائے گی، کوئی بھی ترسیل الیکشن کمیشن کے اسٹاف کے بغیر نہیں ہو رہی جب کہ فوج کوئی سیاسی جماعت نہیں، ہم نے غیرسیاسی رہتے ہوئے الیکشن کمیشن کی مدد کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز میں 2 جوان اندر اور 2 جوان باہر تعینات کیے جائیں گے، پولنگ اسٹیشنز کے اندر تعینات جوان کی ڈیوٹی یہ ہوگی کہ کسی غیرمتعلقہ شخص کو اندر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جب کہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر امن وامان کی ذمہ داری پولیس کی ہوگی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں ایسا کونسا الیکشن ہوا ہے، جس سے پہلے کسی سیاسی جماعت یا سیاستدانوں نے دھاندلی کا الزام نہ لگایا ہو، کوئی ایک ایسا الیکشن بتایا جائے جس سے پہلے کسی نے پارٹی نہ تبدیل کی ہو، یہ انتخابات کا وقت ہے اور سیاسی پارٹیاں دوسری پارٹیوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج 15 سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، قربانی دے کر ہم نے ملک میں امن قائم کیا جسے ہم قائم رکھیں گے، جس ماحول میں آج انتخابی مہم چلائی جارہی ہے،2013 میں ایسا ماحول نہیں تھا جب کہ اس وقت سیاسی جماعتوں کو دہشت گردوں کی جانب سے جلسہ کرنے پر دھمکیاں دی جارہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کو مرکزی مسائل سے ہٹاکر جزوی مسائل میں گھیسٹنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم نے وہ چیزیں برداشت کی ہیں جو عام حالات میں  نہیں کرتے، ٹاک شوز میں جس کے دل میں جو آتا ہے کہتا ہے، فوج کا فوکس اہم مسائل پر ہے جب کہ قیادت سے اختلاف پر سیاست دانوں کا پارٹیاں تبدیل کرنا انوکھی بات نہیں، ہر الیکشن سے پہلے ایسا ہوتا ہے یہ باتیں کوئی نئی نہیں ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جنرل فیض سے متعلق بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں، جنرل فیض کا نام لینے والوں کو پتہ نہیں کہ دہشت گردی کی آدھی جنگ جنرل فیض کا ڈیپارٹمنٹ انجام دیتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم ہر پاکستانی کو جاکر کہیں گہ اس کو ووٹ دیں اور اس کو ووٹ نہ دیں، یہ ناممکن ہے، ووٹر جس کو ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں ڈالیں گے اور کونسی جماعت جیتتی ہے یہ 26 جولائی کو پتہ چلے گا، پاک فوج کی ساکھ ہے جب کہ جو سپاہی ہمارے حکم پر جان دینے پر تیار ہوتا ہو اسے غلط آرڈر کیسے پاس کرسکتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جس جیپ کو آپ سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں وہ ہماری ہے ہی نہیں جب کہ انتخابی نشان جاری کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر سے متعلق سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو سول کورٹ سے سزا ہوئی ہے، جب وقت آئے گا تو فوج کے لیول پر بھی ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

خلائی مخلوق کے حوالے سے سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم خلائی نہیں رب کی مخلوق ہیں جب کہ عوام جسےمنتخب کریں گے ہمیں وہ وزیراعظم قبول ہوگا۔

الیکشن میں کسی ادارے کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے، نواز شریف

لندن: سابق وزیرا عظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو کہا اس پرعمل نہ کیا جائے، الیکشن میں کسی ادارے کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔

ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس پر لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنی پریس کانفرنس میں جو کہا اس پرعمل نہ کیا جائے، الیکشن میں کسی ادارے کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ الیکشن کو پہلے ہی ناقابل تلافی نقصان پہنچ چکا ہے لہذا الیکشن کے انتظامات الیکشن کمیشن خود اپنے ہاتھ میں لے۔

حسن اور حسین نواز اشتہاری قرار، وارنٹ انٹرپول کو ارسال

 اسلام آباد: احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دے دیا جب کہ وزارت داخلہ نے وارنٹ انٹرپول کو ارسال کردیے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحب زادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد اب احتساب عدالت نے نواز شریف کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ جاری کردیے ہیں۔

احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے فوری طور پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

وارنٹ جاری ہونے کے بعد وزارت داخلہ نے مزید کارروائی کرتے ہوئے حسن اور حسین نواز کو وطن واپس لانے کے لیے وارنٹ انٹرپول کو ارسال کردیے ہیں تاہم انٹرپول کی جانب سے وارنٹ منظور ہونے کی صورت میں ہی مزید کارروائی ممکن ہے۔

پشاور میں دھماکا، اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 6 افراد شہید

پشاور میں اے این پی کی انتخابی مہم کے دوران دھماکا ہوا ہے جس میں اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔

دھماکا پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا۔ دھماکے میں 6 افراد شہید ہوگئے جن میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور اے این پی کے ’پی کے 78‘ کے انتخابی امیدوار ہارون بلور بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پہنچ گئے، تمام لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے تاحال دھماکے کی نوعیت کی تصدیق نہیں کی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں لائی جاچکی ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 30 کے قریب ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ خود کش تھا، ہارون بلور تقریب کے مہمان خصوصی تھے ان کے پہنچنے پر حملہ آور نے ان کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ دھماکے کے بعد اے این پی کے کارکنان بڑی تعداد میں جائے وقوع اور اسپتال پہنچ گئے۔

اطلاعات ہیں کہ ہارون بلور کے ساتھ ان کے بیٹے دانیال بلور بھی موجود تھے اور وہ بھی زخمی ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ جائے وقوع سے کچھ ہی فاصلے پر 22 دسمبر 2012ء میں اے این پی کے رہنما بشیر بلور پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں بشیر بلور سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے بشیر بلور کو بھی لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے اس وقت ہارون بلور بھی وہاں موجود تھے جو دھماکے میں زخمی ہوگئے تھے۔

نوازشریف کو سزا کے بعد اب دوسرے گاڈ فادر زرداری کی باری ہے، عمران خان

مانسہرہ: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو سزا کے بعد اب دوسرے گاڈ فادر زرداری کی باری آرہی ہے۔

بشام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمعے کو نواز شریف اور مریم نواز لاہور آرہے ہیں اور تیاری ایسے کر رہے ہیں جیسے ورلڈ کپ جیت کر آرہے ہیں، قوم کا تین سو ارب چوری کرنے والوں کے استقبال کے لیے لاہور ایئرپورٹ پر لوگوں کو جمع کیا جارہا ہے، کیا باپ بیٹی کشمیرفتح کرکے آرہے ہیں؟ انہیں تو عدالتوں نے اپنی صفائی پیش کرنے کے لیےدوسال موقع دیا جس کے جواب میں ایک قطری خط کے علاوہ کچھ نہیں دیا ان مجرموں کو اپنے چہرے شرم سے چھپانے چاہئیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کیا پاناما کا انکشاف اسٹیبلشمنٹ نے کیا تھا؟، جب نواز شریف دھاندلی میں پھنسا اس کی وجہ زرداری بنا، نوازشریف کے بعد چوروں کے دوسرے گاڈ فادر زرداری کی باری آنے والی ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ امیرمقام نوازشریف کا بغل بچہ ہے، امیرمقام جیسے لوگوں کو ہم پچیس جولائی کو شکست دیں گے۔

بھارتی گلوکارہ نیہا ککر بھی سجاد علی کی مداح نکلیں

اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاکستانی گلوکار بین الاقومی سطح پر بے حد مقبول ہیں اور ان کے پرستار سرحد پار بھی موجود ہیں۔ ایسے میں ’ملے ہو تم ہم کو‘ گیت سے مقبول ہونے والی بھارتی گلوکارہ نیہا ککر پاکستانی گلوکار سجاد علی کی بڑی مداح نکلیں۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں منعقد ہونے والے  اے پی پی این اے کنونشن (APPNA Convention) میں میوزیکل لائیو کنسرٹ کے دوران نیہا ککر نے سجاد علی کا مقبول گانا ’ہر ظلم تیرا یاد ہے‘ گنگنایا اور انہیں خوب داد دی۔

بھارتی گلوکارہ کا پرفارمنس کے درمیان کہنا تھا، ’سجاد علی بہت زبردست گاتے ہیں اور وہ بہت بہترین ہیں‘۔

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں جب کسی بھارتی فنکار کی جانب سے سجاد علی کی آواز کو سراہا گیا ہے، اس سے قبل بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمیٰ بھی ’رونے نہ دیا‘ گانا ری ٹوئیٹ کرچکی ہیں۔

جب کہ گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے بھی سجاد علی کے گانے ’لگا دیا دل‘ کو بہترین قرار دیا تھا۔

کنونشن میں بالی وڈ سمیت پاکستانی شوبز اسٹارز نے بھی شرکت کی جن میں اداکارہ ریما اور صدا نگار ضیاء معین الدین بھی شامل تھے۔

علاوہ ازیں پاکستانی گلوکار نبیل شوکت نے بھی اس موقع پر پرفارم کیا۔

Google Analytics Alternative