Home » 2018 » August » 01

Daily Archives: August 1, 2018

عمران خان کا میانوالی کی نشست برقرار رکھنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے قومی اسمبلی کی میانوالی کی نشست کو نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں سے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور وہ تمام نشستوں پر کامیاب ہوگئے تھے۔

عمران خان نے میانوالی، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور بنوں میں قومی اسمبلی کی نشستوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور بنوں کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ این اے 95 میانوالی کی نشست پر برقرار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج جاری کر دیے، جن کے مطابق تحریک انصاف قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت بن گئی ہے۔

قومی اسمبلی کی 270 میں سے 115 نشستیں تحریک انصاف کے نام رہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اپنے قریبی ساتھیوں سمیت قومی اسمبلی کی کم سے کم 7 یا 6 نشستیں ہرحال میں چھوڑنا پڑیں گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے 5 حلقوں سے انتخابات لڑے تھے اور تمام میں انہوں نے کامیابی حاصل کی۔

یوں وہ ملکی تاریخ کے پہلے سیاست دان ہیں جنہوں نے تمام حلقوں سے وائٹ واش کیا۔

عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے- 35 بنوں، این اے-53 اسلام آباد، این اے-95 میانوالی، این اے -131 لاہور اور این اے -243 کراچی سے انتخاب لڑا تھا اور تمام میں کامیابی حاصل کی۔

تحریک انصاف کے سربراہ کی چھوڑی ہوئی باقی 4 نشستوں پر دوبارہ انتخابات منعقد ہوں گے، جس کے حوالے سے یہ کہنا مشکل ہے کہ چھوڑی ہوئی نشستوں پر دوبارہ تحریک انصاف کامیابی حاصل کرلے گی۔

 

عمران خان کو لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق سے کڑے مقابلے کے بعد 600 ووٹ سے فتح حاصل ہوئی تھی، تاہم تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ عمران خان کے علاوہ دوسرے پی ٹی آئی کے امیدوار کو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سے شکست ہوسکتی ہے۔

ایسی ہی صورتحال کراچی کی بھی ہے جہاں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو تحریک انصاف کے مقابلے میں عمران خان کی چھوڑی ہوئی نشست پر فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب سے اسلام آباد اور بنوں کی نشستوں کی صورتحال مختلف ہے، جہاں تحریک انصاف کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

ترک صدر کا عمران خان کو فون، انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کی۔

رجب طیب اردوان نے چیئرمین تحریک انصاف اور آئندہ حکومت کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا جب کہ مبارک باد دینے پر عمران خان نے ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر اتفاق کیا۔

واضح رہے گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انہیں عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی اور عمرن خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کے آغاز کے لیے تیار ہیں۔

نواز شریف پمز اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل

اسلام آباد: پمز اسپتال میں زیرعلاج سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طبیعت بہتر ہونے اور ان کے اصرار پر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں  پمز اسپتال کے کارڈیک وارڈ سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد اسپتال کا کارڈیک وارڈ عام افراد کے لیے بھی کھول دیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت پہلے سے بہتر ہے، علاج کے لیے ماہرین پر مشتمل ڈاکٹروں کی ٹیم نے نواز شریف کے خون اور یورین کی تازہ ترین ٹیسٹ رپورٹس کا دوبارہ جائزہ لیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ  نواز شریف کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور ان کا اصرار تھا کہ انہیں اڈیالہ جیل واپس منتقل کردیا جائے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کرنے کے بعد کارڈیک کے پرائیویٹ وارڈ میں رکھا گیا  جسے سب جیل قرار دیا گیا تھا۔ نوازشریف کو خون میں کلاٹس بننے اوردونوں بازوؤں کی رگوں میں خون کی گردش متاثر ہونے سے شدید درد محسوس کرنے پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب نگراں وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید  نے نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک منتقل کرنے کے امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صحت بہتر ہے، فکرمندی کی کوئی بات نہیں، انہیں حفظ ماتقدم کے طور پر ذاتی معالج کے کہنے پر لایا گیا تھا، پاکستان میں دل کے امراض کا بہترین علاج کیا جاتا ہے، تمام سہولیات موجود ہے، ایسا کچھ نہیں کہ نواز شریف کا پاکستان میں علاج ممکن نہ ہوسکے۔

نگراں وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ مرض کی ہسٹری کا لندن سے منگوانا یا بھجوانا 5 منٹ کا کام ہے، نوازشریف کے کھانے میں کوئی بدپرہیزی نہیں کی گئی بلکہ ہدایات کے مطابق ان کے گھر سے کھانا آ رہا ہے، بیٹی مریم نواز کی طرف سے والد کی تیمار داری کی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔

ملزمان کی گرفتاری کیلئے کسی امتیازی پالیسی پر یقین نہیں رکھتے، چیئرمین نیب

 اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملزمان کی گرفتاری کیلئے کسی امتیازی پالیسی پر یقین نہیں رکھتا۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاویداقبال کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں بدعنوانی میں ملوث مبینہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے بنائی گئی پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے کسی امتیازی پالیسی پر یقین نہیں رکھتے، بلا امتیاز، ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق مبینہ ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جاتی ہے۔

 

جسٹس (ر) جاویداقبال نے کہا کہ نیب بدعنوانی میں مبینہ ملزم کی گرفتاری کے وقت الزامات کی سنگین نوعیت ،بدعنوانی میں مبینہ کردار سمیت تمام پہلووٴں کا جائزہ لے کر ملزم کو گرفتار کرتا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کو متعلقہ احتساب عدالت میں پیش کرتا ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب ملزم پر لگائے گئے الزامات کی مکمل تفصیلات سے احتساب عدالت کوآگاہ کرتا ہے اور مزید تحقیقات کیلئے ملزم کو احتساب عدالت کی جانب سے ریمانڈر پر نیب کے حوالے کیا جاتا ہے جب کہ نیب اس دوران ملزم سے سائنسی بنیادوں پر ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق تحقیقات کرتا ہے۔

نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدرکی درخواست پر سماعت ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے احتساب عدالت سے ریفرنسز کی منتقلی پر جاری دلائل میں طوالت کے باعث نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 2 اگست تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور میاں گل حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے احتساب عدالت کے فیصلے اور العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی منتقلی کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نیب عدالت سے ریفرنسز منتقلی پر دلائل دیے اور دلائل کی طوالت کے باعث نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی ضمانتوں کی درخواستوں کی سماعت نہیں ہوسکی۔

خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا کہ احتساب عدالت ایون فیلڈ کا فیصلہ سنا چکی ہے جبکہ فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز زیر التوا ہیں اور تینوں ریفرنسز میں ہمارا دفاع مشترک ہے، کیسز میں قانونی نکات اور حقائق بھی ملتے جلتے ہیں۔

انھوں نے عدالت سے کہا کہ احتساب عدالت پہلے فیصلے میں کہہ چکی ہے کہ عام طور پر بچے والد کی زیر کفالت ہوتے ہیں اور اب اسی معاملے پر وہ دوبارہ کیسے سماعت کریں گے۔

جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ کیا ماضی میں ایسی نوعیت کے کسی مقدمے میں ٹرائل ٹرانسفر کرنے کی کوئی روایت موجود ہے جس پر خواجہ حارث نے جواب دیا کہ بالکل اسی نوعیت کی کوئی روایت موجود نہیں، یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد معاملہ ہے تاہم اس سے ملتی جلتی نظیر ضرور موجود ہے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ جج جن باتوں پر اپنا ذہن ظاہر کر چکے ہوں تو اس پر کیسے فیصلہ کریں گے۔

جسٹس میاں گل نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جج کو وکلا کو اپنے دلائل سے قائل کرنا ہوتا ہے کیونکہ کئی بار میں عدالت آنے سے پہلے کیس کی فائل پڑھ کر سمجھتا ہوں اس میں کچھ بھی نہیں لیکن وکلا اپنے دلائل سے میرا ذہن بدل دیتے ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ کیا آپ یہ چاہتے ہیں کہ دو ریفرنسز اسلام آباد میں کسی اور احتساب عدالت میں منتقل کر دیے جائیں، کیسز منتقل ہونے سے زیرالتوا کیسز موجودہ اسٹیج پر شروع ہوں گے، جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ جی بالکل اسی اسٹیج سے شروع ہوں گے۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں شامل کمپنیوں میں سے پانچ کے نام کا آغاز کوئینٹ لفظ سے ہوتا ہے، کوئینٹ کوئی کونسیپٹ ہے یا ا نسپائریشن؟ جس پر خواجہ حارث نے بتایا کہ بظاہر ایسی کوئی خاص وجہ نہیں ہے اسی دوران عدالت کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد سماعت 2 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

خواجہ حارث 2 اگست کو اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

افغانستان میں خودکش حملے اور دھماکے، 16 افراد ہلاک

کابل: افغانستان میں خودکش حملوں اور دھماکوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق جلال آباد شہر میں حکومتی عمارت پر جنگجوؤں نے حملہ کرکے وہاں موجود لوگوں کو یرغمال بنایا تاہم کئی گھنٹوں سے جاری فائرنگ کے تبادلے میں فورسز نے حملہ آوروں کو ہلاک کرکے مغویوں کو بازیاب کرالیا۔

صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی کا کہنا ہے کہ دو خودکش حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑیوں کو عمارت کے دروازے سے ٹکرایا اور اسی اثناء میں فائرنگ کرتے ہوئے 3 حملہ آور اندر داخل ہوگئے جنہوں نے وہاں موجود لوگوں کو ایک کمرے میں بند کرکے انہیں یرغمال بنالیا۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور حملہ آوروں سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس کا اختتام تینوں حملہ آوروں کی ہلاکت کی صورت میں ہوا تاہم اس واقعے میں پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

فورسز نے مغویوں کو بازیاب کراتے ہوئے عمارت کا کنٹرول حاصل کرلیا اور واقعے کے 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

قبل ازیں مغربی صوبے فراح میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے مسافر بس میں سوار 11 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہیرات سے کابل جانے والی بس کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی اور  پوری بس جل گئی، اس واقعے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ ان پرتشدد واقعات کی اب تک کسی عسکری تنظیم یا گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

عامر خان کی فلم ’سرفروش‘ کے سیکوئل سے چھٹی

ممبئی: بالی ووڈ پرفیکشنسٹ عامر خان کی مشہور فلم ’سرفروش‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہے لیکن حیران کن طور پر عامر خان فلم میں شامل نہیں ہیں۔ 

بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامرخان کی فلمیں ہر دورمیں سپر ہٹ رہی ہیں جب کہ 1999 میں بننے والی فلم ’سرفروش‘ مداحوں میں بے حد مقبول ہے اور فلم میں عامر خان نے اے سی پی اجے سنگھ راٹھور کا کردار ادا کیا تھا جو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے اور اب فلم کا سیکوئل بنانے کی تیاری کی جارہی ہے لیکن حیران کن طور پر فلم میں اے سی پی کا کردار عامر خان نہیں کریں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’سرفروش‘ میں اے سی پی کے کردار کے لئے ہدایتکار جان میتھیو متھن اور جان ابراہم کے درمیان بات چیت جاری ہے جب کہ فلم کے سیکوئل کی کہانی نیگزل تحریک اور ریڈ کوریڈور پر مبنی ہے۔

ہدایتکار میتھیو متھن کا فلم کے حوالے سے کہنا ہے کہ فلم ’سرفروش‘ کے سیکوئل کے لئے اسکرپٹ پر کام جاری ہے لیکن فلم کے حوالے سے پہلے ہی کچھ بتا دینا مناسب نہیں جب کہ فلم کے کرداروں کے لئے متعدد اداکاروں سے بات چیت کا عمل جاری ہے لیکن فلحال اس وقت کسی اداکار کی تصدیق نہیں کر سکتا۔

واضح رہے کہ مشہور زمانہ فلم’ سرفروش میں عامر خان کے ہمراہ سونالی باندرے نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ نصیرالدین شاہ نے پاکستانی غزل گائک کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ہیواوے کا سب سے بڑے ڈسپلے والا اسمارٹ فون آنر نوٹ 10

ہیواوے نے اپنا سب سے بڑے ڈسپلے والا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے جو کہ درحقیقت ایک ٹیبلیٹ جتنی بڑی اسکرین کے ساتھ ہے۔

آنر نوٹ 10 نامی یہ اسمارٹ فون 6.95 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہے یعنی لگ بھگ سات انچ اسکرین۔

یہ پہلا فون نہیں جس کا ڈسپلے 7 انچ کا ہے مگر اس سے عندیہ ملتا ہے کہ بیزل ختم کرنے سے اتنا بڑا ڈسپلے ایک عام سائز کے فون کے حجم میں اتنی بڑی اسکرین دینے میں کتنا آسان ہے۔

یہ فون 4 سے 8 جی بی ریم، کمپنی کے اپنے کیرین 970 پراسیسر، 68 سے 128 جی بی اسٹوریج سے لیس ہے۔

اس میں امولیڈ اسکرین دی گئی ہے جو کہ 1080×2220 ریزولوشن کے ساتھ ہے۔

اس فون میں اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ہیواوے کے اپنے ای ایم یو آئی سے کیا گیا ہے۔

کمپنی نے ہیڈفون جیک تو ختم کردیا ہے مگر 5000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دی گئی ہے جو کہ بڑی اسکرین کو زیادہ دیر تک روشن رکھنے میں مدد دے گی۔

اور ہاں اس فون میں ایچ ڈی آر 10 سپورٹ بھی دی گئی ہے جو کہ بہت کم فونز میں موجود ہے جبکہ اسٹریو اسپیکرز ڈولبی ایٹموس سپورٹ کے ساتھ ہیں۔

اس کے بیک پر 16 اور 24 میگا پکسل کے 2 کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ فرنٹ پر 13 میگا پکسل کیمرہ ہے۔

یہ فون فی الحال چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، جس کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 2799 چینی یوآن (50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

اسی طرح سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والے آپشن کے لیے 3199 یوآن (57 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 3599 یوآن (64 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کا خرچہ کرنا ہوگا۔

Google Analytics Alternative