تازہ ترین
Home » 2018 » August » 05

Daily Archives: August 5, 2018

لاہورہائیکورٹ کا این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے این اے 131 میں ووٹو ں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کامیاب امیدوار عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

لاہور کے حلقہ این اے 131 سے ہارنے والے امیدوار سابق وفاقی وزیر سعدرفیق نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کررکھی تھی جس پر آج فیصلہ سنادیا گیا۔

جسٹس مامون الرشید نے درخواست پر سماعت کی تو سعد رفیق کے وکیل نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آر او نے صرف مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جس سے کامیاب امیدوار کی برتری 602 رہ گئی تاہم مکمل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے ریٹرنگ افسر نے ہماری درخواست مسترد کردی لہذا عدالت دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم دے۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آر او کی جانب سے مسترد شدہ ووٹوں کی گنتی کے باوجود عمران خان کامیاب قرار پائے اس لیےدوبارہ گنتی کی ضرورت نہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

دریں اثنا عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں ںے بابر اعوان کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ ڈاکٹر بابر اعوان فیصلے کو فوری طور پر چیلنج کریں گے جس کے لیے انہوں نے تیاری شروع کردی۔

پولیس نے دہشت گردی کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کو شکست میں پولیس نے اہم اور بڑا کردار ادا کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم شہداء پولیس پر اپنے پیغام میں شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے بے پناہ قربانیاں دیں، پولیس شہداء ملک کے اصل ہیرو ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ تمام سیکیورٹی فورسز میں پولیس نے دہشت گردی کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ اس قومی فریضے میں پاک فوج اپنی پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔‘

واضح رہے کہ ملک بھر میں آج ’یوم شہداء پولیس‘ منایا جارہا ہے اور اس حوالے سے مختلف شہروں میں تقریبات جاری ہیں۔

کراچی میں مزار قائد پر ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی جانب سے یوم شہداء پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے خصوصی شرکت کی اور شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر سندھ پولیس کے شہداء کی یاد میں شمع روشن کی گئی۔

پشاور میں بھی دہشت گردی کی راہ ميں ڈٹ جانے والے پوليس شہداء کا دن منايا گیا جس کا آغاز بہادر کمانڈنٹ ايف سی صفوت غيور شہيد کو خراج عقیدت پیش کرنے سے ہوا۔

لاہور پولیس نے بھی یوم شہداء بھرپور طریقے سے منایا۔

قائداعظم اور لیاقت علی کے بعد ملک پر صرف کرپشن نے راج کیا، چیف جسٹس

ملتان: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح اور شہید ملت لیاقت علی خان کے بعد ملک پر صرف کرپشن نے راج کیا۔

ملتان بار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ کرپشن اور اقربا پروری معاشرے میں ناسور کی طرح ہیں، اس کا خاتمہ نہ کیا گیا تو آنے والی نسلوں کو کچھ نہیں دے سکیں گے، قائداعظم اور لیاقت علی خان کے جانے کے بعد ملک میں صرف کرپشن نے راج کیا ہے، ہمیں اپنی ذات کی اصلاح اور کرپشن کے خلاف جہاد کرنا ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ڈیم سے متعلق میں نے کوئی احسان نہیں کیا، بنیادی حقوق کی فراہمی لوگوں کا حق ہے،عدلیہ کا احسان نہیں، ڈیموں کے خلاف سازش شروع ہوگئی ہے، دیامیر میں 12 اسکولوں کو جلادیا گیا ہے، ڈیم بنانے کے لیے عوام کو پہرہ دینا ہے اور ہر سازش کو کچلنا ہے، کالا باغ ڈیم کو مسترد نہیں کیا، پہلے دیگر ڈیم بنیں گے، پھر صوبوں میں اتفاق رائے کے بعد کالا باغ ڈیم بھی بنے گا۔

’مولانا فضل الرحمٰن کلو گوشت کیلئے بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو دو نشستوں پر شکست ہوئی لیکن وہ اپنے ایک کلو گوشت کے لیے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’مولانا فضل الرحمٰن دس بار الیکشن لڑ لیں تب بھی ان کے جیتنے کا کوئی امکان نہیں ہے، لیکن وہ اپنے فائدے کے لیے پورے نظام کے خلاف تقاریر کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس اور احتجاج کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ ’احتجاج تب کیا جاتا ہے جب آپ کی بات کوئی سن نہ رہا ہو، ہم پہلے ہی ان سے کہہ رہے ہیں کہ آپ اپنے اعتراضات ہمارے سامنے لے کر آئیں تاکہ مشترکہ طور پر کوئی حل نکالا جاسکے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’انتخابات میں شکست کھانے والی زیادہ تر جماعتیں اس وقت غصے کا اظہار کر رہی ہیں جس پر کسی کو بُرا نہیں منانا چاہیے۔‘

فواد چوہدری نے کہا کہ ’عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں ہی کہا تھا کہ اپوزیشن جو حلقے کھلوانا چاہے ہمیں اس پر اعتراض نہیں ہوگا، جس کے بعد اب تک 48 حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوچکی ہے جس کے بعد نتائج میں کوئی خاص فرق نہیں آیا۔‘

سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے برطانیہ میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ’نواز شریف سے عمران خان کی کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، ایون فیلڈ کی جائیداد میں پاکستانیوں کا پیسہ لگا ہوا ہے جسے واپس لانا ہمارا فرض ہے اور ایون فیلڈ پراپرٹیز کا معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے اٹھایا جائے گا۔‘

پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے سے متعلق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ’عمران خان سے برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے سفیروں کی ملاقات میں منی لانڈرنگ پر بات ہوئی اور چیئرمین پی ٹی آئی نے ان ممالک پر تعاون کرنے پر زور دیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’حکومت منی لانڈرنگ پر سخت پالیسی بنائے گی جسے دنیا کا تعاون حاصل ہوگا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس بات کا اچھی طرح اندازہ ہے کہ حکومت کوئی پھولوں کی سیج نہیں ہے بلکہ کانٹوں کا بستر ہے، ہماری حکومت میں تمام فیصلے میرٹ پر ہوں گے اور لوگوں کی توقعات پر پورا اترنا ہمارے لیے بڑا چیلنج ہوگا۔‘

ایران اور سعودی عرب کے درمیان کردارادا کرنے کو تیار ہیں،عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ  ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے بنی گالا میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، شیریں مزاریں اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں، ایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہاں ہے جبکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے اور ایران اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہے۔

ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے تاہم ایران خطے میں امن کے لئے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے ایرانی صدر کی جانب سے تہنتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، اپنی سالمیت کے تحفظ کیلئے ایران کا کردار قابل تحسین ہے جب کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

عمران خان نے دورہ ایران کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا دورہ کرنے اور تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش ہے۔

سوات سے کراچی آنے والی بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم، 21 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور ٹینکر کے درمیان تصادم میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 34 زخمی ہوگئے۔

کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی کے مقام پر مسافر کوچ مخالف سمت سے آنے والے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

— فوٹو: ڈان نیوز

جاں بحق اور زخمی افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر سہیل خالد نے حادثے میں 14 افراد کے موقع پر جاں بحق اور 34 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسافر کوچ بونیر سے کراچی جارہی تھی جس دوران حادثہ پیش آیا، جبکہ ٹینکر کی منزل پشاور تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد حادثے کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔

واضح رہے کہ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، خستہ حال گاڑیوں اور ڈرائیونگ کے دوران لاپرواہی وہ وجوہات ہیں جو پاکستان میں حادثات کا باعث بنتی ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق 2011 سے ہر سال ملک میں لگ بھگ 9 ہزار حادثات واقعات پولیس کو رپورٹ ہو رہے ہیں، جن میں اسطاً ساڑھے 4 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ کو اسپیکر کے لیے امیدوار نامزد کردیا

راچی: پیپلز پارٹی نے سینئر رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے امیدوار نامزد کردیا متحدہ اپوزیشن ان کی حمایت کرے گی۔

اپوزیشن اتحاد کی جانب سے وزیر اعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے امیدوار لانے کے اعلان کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے خورشید شاہ کا نام فائنل کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کی مخالف جماعتوں نے اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم کے لیے امیدوار مسلم لیگ (ن) سے ہوگا جب کہ اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی اپنا امیدوار لائے گی اور ڈپٹی اسپیکر متحدہ مجلس عمل سے لایا جائے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اسپیکر کے لیے خورشید شاہ کے نام کی منظوری دی ہے۔

آصف زرداری، فریال تالپور کیخلاف ایف آئی اے کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

 اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 35 ارب روپے کے منی لانڈرنگ میں پیش نہ ہونے اور عدم تعاون پر سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا۔

منی لانڈرنگ کیس سے متعلق ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ایف آئی اے کے سامنے مسلسل عدم پیشی کے مسئلے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام نے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔  اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کا تحقیقات کے لئے پیش نہ ہونے کا معاملہ سپریم کورٹ لے جائیں گے، سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد دونوں ملزمان کو دوبارہ طلب کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا، عدالتی ہدایات کی روشنی میں انہیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

آصف زرداری اور فریال تالپور کی عدم حاضری پر ایف آئی اے نے اپنا جواب تیار کرلیا ہے جو آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ میں جمع کرایا جائیگا۔ دونوں ملزمان اربوں روپے کے منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تفتیش کے لیے آج بھی ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ ایف آئی اے کی جے آئی ٹی نے انہیں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تیسری بار طلب کیا تھا۔

فریال تالپور نے جے آئی ٹی کے سربراہ کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کردیا ہے اور اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لئے ایف آئی اے کو درخواست دے دی ہے۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں آصف زرداری کے قریبی دوست حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق زرداری گروپ پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے اور ایف آئی اے نے انہیں عبوری چالان میں مفرور ملزم قرار دے دیا ہے۔

Google Analytics Alternative