تازہ ترین
Home » 2018 » August » 06

Daily Archives: August 6, 2018

عمران خان کو آج وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا جائے گا، پی ٹی آئی اجلاس طلب

اسلام آباد: تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی آج عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرے گی۔

تحریک انصاف نے پارلیمانی طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسی سلسلے میں اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا جائے گا۔

ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو وزارت عظمیٰ کے لیے اتحادیوں، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے ساتھ 174 ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے، جب کہ مزید ارکان کی شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی حمایت کے بعد نمبرگیم 177 پر پہنچ جائے گا،  کل دوپہر پارٹی کے اجلاس میں عمران خان کو وزیراعظم کا باضابطہ امیدوار نامزد کیا جائے گا۔

زینب کے قاتل عمران کی مزید 3 بچیوں سے زیادتی ثابت، 12 مرتبہ سزائے موت کا حکم

لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو مزید 3 مقدمات میں 12 مرتبہ سزائے موت سنادی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 17 فروری کو زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران کو 4 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی جس کے خلاف اس نے اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کیا تھا۔

جیونیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کےجج شیخ سجاد احمد نے مجرم کے خلاف مزید 3 مقدمات کا فیصلہ سنایا جس میں زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو 12 مرتبہ سزائے موت سنائی گئی ہے۔

مجرم عمران کو 5 سالہ عائشہ، 8 سالہ لائبہ اور 7 سالہ نور فاطمہ سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔

عدالت نے مجرم کو 60 لاکھ روپے جرمانہ اور 30 لاکھ روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

زینب قتل کیس—کب کیا ہوا؟

واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع قصور سے اغواء کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، جس کی لاش گذشتہ ماہ 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

زینب کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

بعدازاں چیف جسٹس پاکستان نے واقعے کا از خود نوٹس لیا اور 21 جنوری کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہونے والی ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے زینب قتل کیس میں پولیس تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات کے لیے تفتیشی اداروں کو 72 گھنٹوں کی مہلت دی۔

جس کے بعد 23 جنوری کو پولیس نے زینب سمیت 8 بچیوں سے زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم عمران کی گرفتاری کا دعویٰ کیا، جس کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی کی۔

ملزم عمران کے خلاف کوٹ لکھپت جیل میں ٹرائل ہوا، جس پر 12 فروری کو فرد جرم عائد کی گئی۔

زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے خلاف جیل میں 4 دن تک روزانہ 9 سے 11 گھنٹے سماعت ہوئی، اس دوران 56 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے اور 36 افراد کی شہادتیں پیش کی گئیں۔

سماعت کے دوران ڈی این اے ٹیسٹ، پولی گرافک ٹیسٹ اور 4 ویڈیوز بھی ثبوت کے طور پر پیش کی گئیں۔

چیف جسٹس کا شیخوپورہ میں 10 سالہ بچے پر تشدد کا نوٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس نے شیخوپورہ میں امام مسجد کی جانب سے 10 سالہ بچے زوہیب پر ظالمانہ تشدد کا نوٹس لے لیا۔

شیخوپورہ میں امام مسجد نے چند روپے کی چوری کے الزام پر 10 سالہ بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا، بچے کا والد مزدور ہے جو ایف آئی آر درج کرانے گیا تو تھانے کے عملے نے اسے تھانے سے نکال دیا۔ اطلاعات ہیں کہ تھانے کے عملے نے غریب مزدور کو کہا کہ تم چور کے والد ہو۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے واقعے پر ڈی پی او شیخوپورہ کو نوٹس جاری کردیا اور ان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ چیف جسٹس نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ اور تھانے کے عملے کو 7 اگست کو سپریم کورٹ طلب کرلیا ہے۔

ماضی میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے قابل قدر کوششیں نہیں کی گئیں،عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قابل قدر کوششیں نہیں کی گئیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی اور انہیں عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ۔

ملیحہ لودھی نے عمران خان کو مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیاا ور عالمی امور پر  پاکستان کے کردارسے متعلق بتایا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قابل قدر کوششیں نہیں کی گئیں تاہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے اس دیرینہ مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی جیت برقرار، مسلسل پانچویں مرتبہ فتح کا اعزاز

قومی اسمبلی کی سابق اسپیکر اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے این اے-230 میں دوبارہ گنتی کے بعد بھی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار حاجی رسول بخش چانڈیو کو شکست دے دی۔

ریٹرننگ افسر (آراو) کی جانب سے جاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق این اے-230 میں دوبارہ گنتی کے بعد ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے ووٹوں کی تعداد 95 ہزار 64 جبکہ حاجی رسول بخش چانڈیو کے ووٹ 93 ہزار 999 رہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی کامیابی کو آر او کے سامنے چیلنج کیا گیا تھا جس کے بعد حلقے کے 333 پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی کی گئی تاہم سرکاری طور پر ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے اس کامیابی کے ساتھ ایک ہی حلقے سے مسلسل پانچویں مرتبہ منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے، بدین کے اس حلقے سے انہوں نے پہلی مرتبہ 1996 میں کامیابی حاصل کی تھی۔

الیکشن کمیشن کے عملے کی جانب سے غیرحتمی نتیجے کے اعلان کے ساتھ ہی بدین، گولارچی، ٹنڈو باگو اور حلقے کے دیگر علاقوں میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے حامی اور جی ڈی اے کے کارکنوں کی بڑی تعداد جشن منانے سڑکوں پر نکلی۔

اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے بیٹے بیرسٹر حسنین مرزا کا کہنا تھا کہ ‘پی ایس-73 میں ڈاکٹرفہمیدہ مرزا کو حاجی تاج محمد ملاح سے شکست کی خبر غیر مصدقہ ہے کیونکہ پولنگ بیگز غائب ہونے کے باعث آر او نے نتائج روک دیے ہیں’۔

پی ایس-72 سے کامیاب امیدوار حسنین مرزا نے مزید کہا کہ پی ایس-73 بدین کے کئی پولنگ اسٹیشنز میں بیگز کی سیل اور لفافوں سے چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے صوبائی حلقے سے شکست پر دوبارہ گنتی اور بیگز کی گمشدگی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو مداخلت کی درخواست کر رکھی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر گھوڑے سے گر کر زخمی، اسپتال منتقل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر گھوڑے سے گر کر زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسد عمر عام انتخابات میں کامیابی پر ووٹرز کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اسلام آباد کے نواحی گاؤں بڈانہ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ مقامی افراد نے انہیں روایتی انداز میں گھوڑے پر بٹھایا تو تھوڑا فاصلہ طے کرنے پر لوگوں کے شور شرابے کی وجہ سے گھوڑا بدک گیا اور اس پر سوار اسد عمر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زمین پر گرپڑے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر کی کمر میں چوٹ آئی ہے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز انہیں طبی امداد دے رہے ہیں بتایا گیا ہے کہ اسد عمر پہلے ہی کمر کی تکلیف کا شکار ہیں اور اس پر یہ چوٹ ان کے لیے مزید مشکل کا باعث بن گئی ہے۔

کامیاب ارکان اسمبلی کے نوٹی فکیشن 7 اگست کو جاری ہوں گے

اسلام آباد: الیکشن کمیشن عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی کے نوٹی فکیشن 7 اگست کو جاری کرے گا۔

جن امیدواروں نے انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کرا دیئے، ان کے نوٹی فکیشن جاری کیے جائیں گے جب کہ 10 حلقوں کا معاملہ عدالت میں ہونے کے باعث کامیاب امیدواروں کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جا ئے گا۔

قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی کل 10 مخصوص نشستیں ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کی 10 میں سے تحریک انصاف کو 5 نشستیں ملنے کا امکان ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کو 2 اقلیتی نشستیں ملنے کا امکان ہے، اسی طرح پیپلز پارٹی کو بھی 2 اور ایم ایم اے کو ایک نشست ملنے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ جنرل نشستوں سے کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن 7 اگست تک جاری کیے جائیں گے تاہم اقلیتوں کے نوٹی فکیشن کا اجرا نو منتخب ارکان کے نوٹی فکیشن کے بعد ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 7 اگست کے بعد آزاد امیدواروں کو کسی پارٹی میں شمولیت کے لیے تین روز کا وقت دیا جائے گا، 11 اگست تک مخصوص نشستوں سے کامیاب امیدواروں کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا اور نوٹی فکیشنز کے بعد صدر اور گورنرز قانون کے مطابق اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔

چلاس میں اسکول جلانے والوں کیخلاف آپریشن، دہشت گرد مارا گیا

چلاس: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں اسکول نذرآتش کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا جب کہ ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔

دیامر میں چلاس کی تحصیل تانگیر میں فورسز کی جانب سے اسکولوں کو نذرآتش کرنے کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جب کہ دو کو گرفتار کرلیا گیا۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی شناخت شفیق کے نام سے ہوئی ہے، جو علاقے میں کمانڈر شفیق کے نام سے مشہور تھا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے خودکش جیکٹ، دستی بم اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

چلاس میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے اور اب تک 31 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پولیس آپریشن پر دہشت گردوں کے ہمدرد مقامی شرپسند مشتعل ہوگئے ہیں اور تھانے پر دھاوا بول دیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے بعد پولیس تھانے کا محاصرہ ختم کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ شرپسندوں نے تانگیر دیامر میں رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑکیں بند کردی ہیں اور مورچے سنبھال لئے ہیں۔ جس کے نتیجے میں ایک طرح کی جنگی صورت حال پیدا ہوگئی ہے اور حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔

ادھر غذر کے علاقے میں مورچہ بند دہشت گردوں نے سیشن جج پر فائرنگ کردی تاہم وہ محفوظ رہے۔ سیشن جج گلگت ملک عنایت الرحمان آپریشن میں شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ تانگیر کے پہاڑوں میں چھپے دہشت گردوں نے ان پر فائر کھول دیا۔ ان کی گاڑی پر کئی گولیاں لگیں تاہم وہ محفوظ رہے۔

جمعہ 3 اگست کو چلاس کے علاقے داریل اور تنگی میں دہشت گردوں نے 12 تعلیمی اداروں پر حملہ کر کے انہیں آگ لگادی تھی اور بارودی مواد سے تباہ کردیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ جب ڈیم بنانے کی بات کی تو سازشیں شروع ہوگئیں، لیکن عوام ڈیم کے خلاف ہر سازش کو کچل دیں۔

گزشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کو دیامر بھاشا ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیا ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں ملک بھر سے عطیات موصول ہورہے ہیں۔ متعدد بینکوں نے عطیات وصول کرنے کے لیے خصوصی اکاؤنٹس بھی کھولے ہیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق مقامی آبادی کی جانب سے اس ڈیم کی تعمیر کے خلاف مزاحمت کا سامنا ہے اور ڈیم بننے کے نتیجے میں ممکنہ طور پر بے گھر ہونے والی افراد کی آباد کاری کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

بھاشا ڈیم کا منصوبہ 2006 میں پیش کیا گیا اور 2011 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تاہم فنڈز کی کمی اور دیگر مشکلات کے باعث اس منصوبے کو اب تک عملی جامہ نہ پہنایا جاسکا۔

Google Analytics Alternative