تازہ ترین
Home » 2018 » August » 10

Daily Archives: August 10, 2018

اپوزیشن کے احتجاج میں عدلیہ مخالف نعروں پر دہشت گردی کا مقدمہ درج

اسلام آباد: 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج میں عدلیہ مخالف نعروں پر اپوزیشن جماعتوں کے مظاہرین کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے گزشتہ روز کئے گئے احتجاج میں عدلیہ مخالف نعروں کی بنیاد پر تھانہ سیکریٹریٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم اب تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

تھانہ سیکریٹریٹ کے انچارج محمد محبوب نے بی بی سی کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے علاوہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 228 کے تحت درج کیا گیا ہے جو کہ عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر اور نعرے بازی کرنے سے متعلق ہے۔ مقدمے میں  پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما شہزادہ کوثر گیلانی کے علاوہ راجہ امتیاز علی نامزد ہیں جب کہ دیگر نامعلوم افراد ہیں، احتجاج کی وڈیو دیکھ کر دیگر ملزمان کو نشاندہی کے بعد باقاعدہ طور پر نامزد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے سامنے اپوزیشن جماعتوں نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا تھا ۔ جس میں مولانا فضل الرحمان، یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ، خواجہ سعد رفیق، راجہ ظفرالحق اور دیگر اہم رہنماؤں نے خطاب کیا تھا۔

پاکستان کی نئی حکومت 4 ارب ڈالر قرض لینا چاہتی ہے، فنانشل ٹائمز

لندن: برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے کہا ہے کہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے 4 ارب ڈالر قرض لینے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لیے کاغذی کارروائی جاری ہے۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کا سعودی عرب کے اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے 4 ارب ڈالر قرض لینے کا ارادہ ہے، قرضہ لینے کا مقصد ملکی زر مبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانا ہے۔

فنانشل ٹائمز نے پاکستانی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ جدہ بیسٹ بینک پاکستانی حکومت کی باضابطہ درخواست کو قبول کرتے ہوئے عمران خان کی حکومت کو قرضہ دینے پر آمادہ ہوگیا ہے جس کے لیے کاغذی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستانی حکام نے انہیں بتایا کہ عمران خان حکومت کے متوقع وزیر خزانہ اسد عمر ہوسکتے ہیں، قرض دینے کے لیے کام شروع ہوگیا ہے اسلامک ڈیولپمنٹ بینک قرض دینے کی منظوری کے لیے اب نئی حکومت کے چارج سنبھالنے کا منتظر ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج آخری نہیں تھا،شہباز شریف

راولپنڈی: سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف قوم کی خاطر وطن واپس آئے ہیں اور نواز شریف کی قید پاکستانی قوم کے لیے بہت بڑی قربانی ہے۔

اڈیالہ جیل میں اپنے بڑے بھائی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہارنے والے اور جیتنے والے تمام ہی امیدوار سراپا احتججا ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ انتخابات کے دھاندلی زدہ ہونے کی بات ہم ہی نہیں بلکہ غیر ملکی جرائد بھی کر رہے ہیں۔

8 اگست کو اپوزیشن کی جانب سے ہونے والے احتجاج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس میں موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے تھے، اب چاہے کوئی بھی اس حوالے سے کچھ بھی کہے انہیں فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ آخری احتجاج نہیں ہے بلکہ اس ضمن میں احتجاج مزید بھی ہوں گے۔

نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف پُر عزم ہیں، اور انہوں نے پوری قوم کے لیے سلام بھیجا ہے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ قوم کے لیے نواز شریف کی قید بہت بڑی قربانی ہے۔

شہباز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے ملاقات

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر سے جیل میں ملاقات کا سلسلہ جمعرات کو جاری رہا، جہاں شریف خاندان اور 25 لیگی رہنماؤں سمیت 40 افراد نے ان سے ملاقات کی۔

نواز شریف، ان کی صاحبزادی اور داماد سے شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے ساتھ ساتھ جنید صفدر، مہرالنسا، راحیل منیر نے بھی ملاقات کی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبا زشریف لاہور سے بذریعہ موٹر وے اڈیالہ جیل میں پارٹی کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ پہنچے۔

ان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما راجہ ظفر الحق، برجیس طاہر، زبیر عمر، رانا ثنااللہ، امیر مقام، پروپز رشید، مریم اورنگزیب، زاہد حامد، طارق فضل چوہدری، بلیغ الرحمٰن، عابد شیر علی، رانا تنویر حسین، چوہدری تنویر، بیرسٹر دانیال تنویر، عظمیٰ بخاری، عرفان صدیقی، طارق فاطمی اور ان کی اہلیہ، عطاء الحق قاسمی، سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے ملاقات کی۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی کو ابتدا میں جیل میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم ایک گھنٹے کے احتجاج کے بعد انہیں اندر جانے کی اجازت ملی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے ملاقات ان کا بنیادی حق ہے جس سے انہیں محروم رکھا جارہا ہے۔

جیل کے باہر جاوید ہاشمی کے احتجاج کے دوران کوریج کرنے والے میڈیا نمائندوں سے جیل اہلکاروں نے بدتمیزی کی اور انہیں دھکے بھی دیے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو اڈیالہ جیل میں قید ہوئے 4 ہفتے ہوگئے۔

ملاقات کے لیے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ان کے سیلز سے نکال کر کانفرنس روم میں بٹھا دیا گیا تھا۔

تاہم جیل حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست مترب کر رکھی تھی اور صرف انہی سے ملاقات کروائی گئی جن کا نام فہرست میں شامل تھا۔

اڈیالہ جیل کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے این پی کے غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا حوصلہ ابھی تک بلند ہے۔

نواز شریف کی حالت کا تذکرہ کرتے ہوئے غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کے پاس جیل میں کوئی سہولت موجود نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ملک میں دوبارہ الیکشن نہیں ہوتے تو حکومت نہیں چل پائے گی۔

ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا حوصلہ ابھی تک بلند ہے اور وہ ہر آنے والوں کو حوصلہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے لیے کوئی اہلکار روک نہیں سکتا جیل مینوئل کے تحت ملاقات کے لیے آتے ہیں۔

مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اپنے آپ نے کو سخت ظاہر کرتا ہے اس پر اوپر سے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

سینئر سیاست دان نے کہا کہ الیکشن کے نام پر قوم کو گولی دی گئی ہے، بہت ہی منظم طریقے سے دھاندلی کی گئی ہے اور خواجہ سعد رفیق والا حلقہ نہ کھول کر دھاندلی کو مزید فروغ دیا گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی جو قطار تھی عمران خان اس کا آخری فرد ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نواز شریف سے ملاقات کے لیے پہنچے تو انہیں ملنے کی اجازت نہیں دی گئی جس کے بعد وہ نواز شریف سے ملاقات کیے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔

بلوچستان میں پریزائیڈنگ افسران کو اغوا کرکے زبردستی نتیجہ بنوانے کا دعویٰ

اسلام آباد: بلوچستان کے ریٹرننگ افسر (آر او) نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ دو پریزائیڈنگ افسران کو انتخابات والے دن مبینہ طور پر چند نقاب پوش اغوا کرکے لے گئے جس کے باعث ضلع واشوک کے حلقہ ‘پی بی 41’ کے حتمی نتیجے میں ان کے پولنگ اسٹیشنز کے نتائج شامل نہیں کیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے یہ معاملہ حلقے سے ہارنے والے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار میر مجیب الرحمٰن محمد حسانی کی درخواست کے بعد اٹھایا تھا، جس میں اس جانب توجہ دلائی گئی تھی کہ حلقے کے حتمی نتیجے میں پولنگ اسٹیشنز نمبر 44 اور 45 کے نتائج شامل نہیں۔

پی بی 41 کے ریٹرننگ افسر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جہاں انہوں نے دو پریزائیڈنگ افسران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘ان افسران نے کہا کہ یہ نتیجہ ہم نے نہیں بنایا، دونوں افسران نے کہا ان پولنگ اسٹیشنز پر کوئی ووٹ کاسٹ نہیں ہوا اور انہیں اغوا کرکے زبردستی نتیجہ بنوایا گیا۔’

الیکشن کمیشن نے سوال کیا کہ ‘ان افسران کو کس نے اغوا کیا تھا؟’

حلقے سے کامیاب ہونے والے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے امیدوار کے وکیل کامران مرتضٰی نے کہا کہ ‘پریزائیڈنگ افسران کے مطابق ان کو سیکیورٹی فورسز نے اغوا کیا جبکہ اسی علاقے سے این اے 270 کے ایک پریزائیڈنگ افسر نے نتائج شامل کر کے فارم 45 تیار کیا۔’

اس موقع پر پی بی 41 کے پولنگ اسٹیشن 44 کے پریزائیڈنگ افسر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

پریزائیڈنگ افسر نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ ‘کئی نقاب پوش آئے اور مجھے اٹھا کر لے گئے اور کئی گھنٹے بعد فارم 45 میرے ہاتھ میں تھما دیا گیا، ان وجوہات کی بنا پر دو پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ شامل نہیں کیا۔’

الیکشن کمیشن نے این اے 270 کے ریٹرننگ افسر اور کامیاب امیدوار کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 28 اگست تک ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی نے فردوس شمیم کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنایا تو اتحاد متاثر ہوگا، ایم کیوایم

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے  فردوس شمیم نقوی کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنایا تواتحاد متاثر ہوگا۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ فردوس شمیم نقوی کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، ہمارے مطالبے کے برخلاف اگر فردوس شمیم نقوی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا تو حکومتی اتحاد متاثر ہوسکتا ہے۔

حمائمہ ملک بھی ہراسانی کا شکار

نامور پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک نے الزام لگایا ہے کہ انہیں لاہور کے مقامی  ہوٹل میں ہراساں کیا گیا۔

اداکارہ حمائمہ ملک  نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ وہ اپنے ذاتی کام کے سلسلے میں لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں قیام پذیر تھیں کہ رات کے وقت ایک شخص نے ان کے کمرے کے دروازے کے نیچے سے اپنا کارڈ کھسکایا، بعد ازاں اس شخص نے انہیں رات کے دو بجے واٹس ایپ پر پیغامات بھیج کر ہراساں کیا۔

حمائمہ ملک کی مینجر سحر نے کہا  کہ حمائمہ جب بھی لاہور جاتی ہیں، اسی ہوٹل میں قیام کرتی ہیں تاہم اب حمائمہ نے ہوٹل انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

حمائمہ ملک نے انسٹاگرام پرلکھا مجھے معلوم ہے لوگ جنسی ہراسانی جیسے معاملے پر بات کرنا پسند نہیں کرتے، میں صرف اپنی بات کررہی ہوں کہ مجھے متعدد ہوٹلز میں کئی بار ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا، کئی افراد نے میرے ہوٹل کے کمرے کے دروازے کے نیچے سے بزنس کارڈ دینے کی کوشش کی ہے لیکن میں ایک بات بتادینا چاہتی ہوں چونکہ میرا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے آپ لوگوں کے کارڈ کی ضرورت ہے۔

حمائمہ نے ہوٹل انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بغیر اجازت میری نجی معلومات ایک مہمان کو دیں جس نے مجھے واٹس ایپ پر پیغامات بھیجے، حمائمہ نے ہوٹل انتظامیہ کو غیر ذمہ دار قراردے دیا اور ان سے معافی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

بعد ازاں حمائمہ ملک نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کے ذریعے اجنبی شخص کی جانب سے واٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغامات کی تصاویر بھی شیئرکیں۔

دوسری جانب ہوٹل کے مینجر نے حمائمہ ملک کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ایسی کوئی شکایت نہیں آئی کہ حمائمہ ملک کو ہوٹل میں ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا ہو۔

پشاور ہائی کورٹ نے عمران خان کو سیتا وائٹ کیس میں نوٹس جاری کردیا

پشاور: ہائی کورٹ نے سیتا وائٹ کیس میں تحریک اںصاف کے چیئرمین عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔

پشاور ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی، لندن میں رہائش پذیر لڑکی ٹیریان دراصل عمران خان کی بیٹی ہے لیکن کاغذات نامزدگی میں عمران خان نے بیٹی کا ذکر نہیں کیا اس لیے صادق و امین نہیں رہے۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی فارم میں اپنی زوجہ بشری بی بی کی جائیداد کا بھی ذکر نہیں کیا عدالت نوٹس لے۔

 درخواست کے جواب میں پشاور ہائی کورٹ نے وضاحت کے لیے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔ واضح رہے کہ عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ 35 بنوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور انتخابی جیتا۔

گورانوکے آبی ذخیرے کو سیاحتی مقام میں ڈھالنے کیلیے معاہدہ

کراچی: تھرپارکر کو سیاحتی مقام میں ڈھالنے کی غرض سے تھر فاؤنڈیشن اور مقامی فاؤنڈیشن نے ایک معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی) اور مقامی فاؤنڈیشن کے سماجی ونگز نے تھر پارکر میں موجود گورانوآبی ذخیرہ کی نشاندہی کی ہے جہاں کمپنی کان کنی کے دوران نکلنے والے زیرِ زمین پانی کے اخراج کو ذخیرہ کرتی ہے۔

واضح رہے کہ گورانوآبی ذخیرہ تھرپارکر کے شہر اسلام کوٹ سے 30 کلومیٹر دور تعلقہ اسلام کوٹ میں واقع ہے۔ ریت کے ٹیلوں کے درمیان 15سو ایکٹررقبے پر قائم اس آبی ذخیرے کوسندھ اینگرو کو مائننگ کمپنی نے تعمیر کیا ہے۔ آبی ذخیرہ پر ہرسال ہزاروں نقل مکانی کرنے والے پرندے بھی آتے ہیں۔ اس آبی ذخیرہ میں کمپنی کی توسط سے افزائش کردہ مختلف اقسام کی مچھلیاں بھی موجود ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے آبی ذخیرہ پر ایک پبلک پارک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

دونوں کمپنیوں کے مابین مفاہمتی یادداشت پردستخط کا مقصد باہمی تعاون کے ذریعے تھر پارکر کے ماحول کو بہتر بنانا اور تھر کی مقامی کمیونٹی کے لیے مشترکہ طور پر سماجی ترقی کے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔

معاہدے پر تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے تعمیر کیے گئے گورانو باغ پر منعقدہ تقریب میں دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے نصیر احمد اور مقامی فاؤنڈیشن کی جانب سے عائشہ خان نے دستخط کیے۔

اس موقع پر سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شمس الدین شیخ، چیف آپریٹنگ آفیسرابولفضل رضوی اور منیجر ہیلتھ، سیفٹی اینڈانوائرمنٹ عمیر اسلم بٹ بھی موجود تھے۔ گورانو میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے علاوہ دونوں کمپنیاں مقامی لوگوں میں مورینگا کے پودے کی تجارتی مقاصد پر پیداروار کے لیے بھی مدد فراہم کریں گی۔

Google Analytics Alternative