Home » 2018 » August » 11

Daily Archives: August 11, 2018

عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

بنی گالہ: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

بنی گالہ کے باہر میڈیا سے بات چیت میں ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری 18 اگست کو ہوگی جب کہ ارکان اسمبلی 13 اگست کو حلف اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب حلف برداری کی تیاری کل سے شروع ہوگی، عمران خان وزیراعظم یا پنجاب ہاؤس میں نہیں بلکہ منسٹرانکلیو میں قیام کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بنی گالا میں سیکیورٹی انتظامات عمران خان خود برداشت کررہے ہیں، منسٹرز انکلیو میں گھر کی مرمت کا کام بھی عمران خان خود کریں گے جب کہ ایک پیسہ بھی سرکاری خزانے سے نہیں لیا گیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب میں سابق بھارتی کپتان کپل دیو، نوجوت سدھو اور سنیل گواسکر کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ 1992 کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں۔

صدر نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے پیش نظر دورہ برطانیہ ملتوی کردیا

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے پیش نظر دورہ برطانیہ ملتوی کر دیا۔

ذرائع ایوان صدر کے مطابق صدر ممنون حسین کی برطانیہ روانگی 15 اگست کو طے تھی جب کہ سرکاری دورے کے شیڈول کے مطابق صدر کی واپسی 19 اگست کو ہونا تھی تاہم تحریک انصاف نے صدر مملکت سے غیر ملکی دورے کو ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی کیوں کہ انہی تاریخوں میں نئے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری متوقع ہے۔

ایوان صدر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ صدر مملکت نے اپنا دورہ برطانیہ ملتوی کردیا ہے اور ایوان صدر وزیراعظم کی 16 سے 18 اگست کے دوران ہونے والی متوقع تقریب حلف برداری کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلانے کی سمری صدر ممنون حسین کو ارسال کی تھی جس میں نئی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی تجویز دی گئی تھی۔

صدر مملکت نے سمری منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا پہلا 13 اگست کو اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا۔

امریکا نے پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی تربیت کے منصوبے ختم کردیئے

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے خاموشی کے ساتھ پاکستانی افسران سے قطع تعلق کرتے ہوئے ایسے متعدد باہمی تربیتی اور تعلیمی منصوبوں کو ختم کردیا جو گزشتہ ایک دہائی سے بھی زائد عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عسکری تعلقات کی بنیاد تھے۔

امریکی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کا قدم پہلے کبھی نہیں اٹھایا گیا تاہم اسے اس سال صدر ٹرمپ کے ان اقدامات کے تناظر میں سمجھا جاسکتا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے مزید شدت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن نہ کرنے پر امریکی سیکیورٹی مدد ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اگرچہ پاک فوج اور پینٹاگون نے براہِ راست اس پر کوئی رائے نہیں دی لیکن دونوں ممالک کے افسران نے ذاتی سطح پر اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق یہ پریشان کن فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لیے شدید نقصان دہ ہے۔ پاکستانی افسران نے اس فیصلے پر خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی عسکری لیڈرشپ کی تربیت کےلیے چین اور روس سے رجوع کرسکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کےترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام (آئی ایم ای ٹی) کے تحت اس سال 66 پاکستانی افسران کو تربیت فراہم کرنا تھیں اور اب ان مواقع کو ختم کیا جارہا ہے۔ یہ مواقع یا تو استعمال نہیں ہوں گے یا کسی اور ملک کو فراہم کردیئے جائیں گے۔

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے سابق نمائندہ خصوی، ڈین فیلڈ مین نے اس قدم کو ’ بہت تنگ نظری‘ قرار دیتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مستقبل پر منفی اثرات کی وجہ کہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک نمائندے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ آئی ایم ای ٹی منسوخی کی قیمت 24 لاکھ ڈالر ہے اور اس سے مزید دو منصوبے بھی متاثر ہوں گے۔ اب یہ واضح نہیں کہ امریکی اور پاکستانی فوجی حکام آئی ایم ای ٹی سے ماورا رہتے ہوئے کس طرح کے اعلیٰ سطح تعلقات قائم رکھتے ہیں؟

اہم امر یہ ہے کہ پاکستان اور امریکی فوجی تعاون ہمیشہ سے سیاسی دباؤ اور تعلقات سے آزاد رہا ہے۔ پینسلوانیہ میں امریکی فوجی کالج میں 37 پاکستانی فوجی افسران سمیت  ڈی جی آئی ایس آئی بھی پڑھ چکے ہیں لیکن اس سال ان کی فہرست میں ایک بھی پاکستانی فوجی افسر شامل نہیں۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں کہہ چکے ہیں کہ پاکستان نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا اور جھوٹ بولتا رہا ہے۔

دوسری جانب سینیٹ میں خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اس اقدام کو مخالفانہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسی ہفتے روس اور پاکستان فوجی تربیت کے ایک معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں جس کے تحت پاکستان فوجی افسران روسی اداروں میں تربیت حاصل کریں گے۔

شاہد کپور کی فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ کا ٹریلر جاری

ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہد کپور، خوبرو اداکارہ شردھا کپور اور یامی گوتم کی فلم’’ بتی گل میٹر چالو‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شری نارائن سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی طنز و مزاح سے بھرپور فلم’’ بتی گل میٹر چالو‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ فلم بھارت میں بجلی کی مسائل پر بنائی گئی ہے جس میں شاہد اور شردھا کپور کو ایک عام شہری کے کردار میں دکھایا گیا ہے جو ملک میں کرپٹ عناصر خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں جب کہ یامی گوتم ایک وکیل کا کردار نبھا رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فلم’’بتی گل میٹر چالو‘‘ کا موضوع  ’’ٹوائلٹ، ایک پریم کتھا‘‘ سے ملتا جلتا ہے اور یہ فلم بھی فلم ساز شری نارائن سنگھ کی ہی ہدایت کاری میں بنی تھی۔

واضح رہے ہدایت کار شری نارائن سنگھ عام طور پر سماجی مسائل پر فلم بناتے ہیں اور ان کی یہ فلم 21 ستمبر 2018 کو بھارتی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری سرور کو گورنر پنجاب نامزد کردیا

 اسلام آباد: تحریک انصاف نے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری سرور کو گورنر پنجاب نامزد کردیا ہے۔ 

بنی گالہ میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی جب کہ گورنر پنجاب کے لیے چوہدری سرور کو نامزد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور اس سے قبل بھی گورنر پنجاب کے فرائض انجام دے چکے ہیں لہذا وہ گورنر کے آئینی کردار سے مکمل واقف ہیں جب کہ اسد قیصر خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر رہے۔

 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بھی اچھی طرح واقف ہیں اور وہ پارلیمانی بورڈ کا حصہ رہ چکے ہیں جب کہ اسد قیصر بھی تمام روایات جانتے ہیں اور ان کے تمام سیاسی جماعتوں سے اچھے تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لوگوں نے پی ٹی آئی کو بھر پور ووٹ دیا ہے اور اعتماد کیا ہے، آج پنجاب میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت حاصل ہوچکی ہے اور ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے چوہدری پرویز الہٰی کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے امیدوار کا اعلان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حمایت کرنے پر تمام اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتی ہے، کل کراچی میں پیرپگارا اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی قیادت سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے غیرمشروط اور مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

عمران خان اور پارٹی قائدین کا شکر گزار ہوں، اسد قیصر

نامزد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی بننا اعزاز کی بات ہے، عمران خان اور پارٹی قائدین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اتروں گا جب کہ پہلے بھی تمام ارکان کا خیال رکھا لہذا آئندہ بھی تمام ممبران کو ساتھ لیکر چلوں گا۔

قیادت نے جس اعتماد کااظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، چوہدری سرور

نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ قیادت نے جو ذمہ داری دی ہے احسن انداز سے نبھاؤں گا، گورنر پنجاب کی حیثیت سے آئینی منصب کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے، آئینی ذمہ داریوں کے زریعے عوامی خدمت کروں گا اور قیادت نے جس اعتماد کااظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

فلم ’یملا پگلا دیوانہ پھر سے‘ کا ٹریلر جاری

ممبئی: بالی ووڈ لیجنڈ اداکار دھرمندر اور اُن کے بیٹوں کی طنز و مزاح سے بھرپور فلم ’یملا پگلا دیوانہ پھر سے‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرمندر فیملی نے بڑی فلمیں نہ ملنے کے سبب 2011 میں اپنی ہی پروڈکشن میں فلم ’یملا پگلا دیوانہ‘ بنائی جس میں دھرمندر، سنی دیول اور بوبی دیول شامل تھے، حیران کن طور پر مداحوں کی جانب سے فلم کو بے حد پسند کیا گیا جس کے بعد فلم کا سیکوئل بھی بنایا گیا جس نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا، فلم کی مقبولیت کے دیکھتے ہوئے تیسرا سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کا ٹریلر اب جاری کردیا گیا ہے۔

فلم یملا پگلا دیوانہ تھری کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بالی ووڈ سلطان سلمان خان سمیت، شترو گھن سنہا، ان کی بیٹی سناکشی سنہا اور ریکھا بھی مختصر کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ چند روز قبل فلم کا ٹیزر جاری کیا گیا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور اب فلم کا مکمل ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے فلم ’یملا پگلا دیوانہ پھر سے‘ 31 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

عمران خان سے بھارتی ہائی کمشنر کی بنی گالہ میں ملاقات

 اسلام آباد: پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری نے بتایا کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال اور خطے کو در پیش مسائل اوران کے حل پر بھی بات چیت کی گئی۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں کشمیر سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث رہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کا دستخط شدہ  بلا عمران خان کو تحفے میں دیا جب کہ پوری بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد پیش کی۔

بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے پاک بھارت تعلقات میں مثبت دور کے آغاز کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چیئرمین تحریک انصاف کے مابین ٹیلیفونک گفتگو سے ایک نئی امید نے جنم لیا ہے، بھارت پرامید ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مثبت ڈگر پر چل نکلیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا کے والدین کو امریکی شہریت مل گئی

واشنگٹن: تارکین وطن کے مخالف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے والدین کو ‘چین مائیگریشن’ (Chain Migration) کے تحت امریکی شہریت مل گئی۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق خاتون اول ملانیا ٹرمپ کے والدین وکٹر اور امالیجہ نے نیویارک میں ہونے والی ایک نجی تقریب کے دوران امریکی شہریت کاحلف اٹھایا۔

سلوینیا سے تعلق رکھنے والے وکٹر اور امالیجہ مستقل ریزیڈنٹ کے طور پر امریکا میں مقیم تھے اور رپورٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ نے اپنے والدین کے لیے گرین کارڈ اسپانسر کیا۔

تقریب حلف برداری کے موقع پر ایک صحافی نے میلانیا ٹرمپ کے والد سے پوچھا کہ امریکی بن جانے کے بعد آپ کو کیسا لگا رہا ہے؟ تو ان کے وکیل مائیکل ولڈیز نے جواب دیا کہ ‘ان کا سفر بہت شاندار رہا ہے’۔

وکیل نے بتایا کہ وکٹر اور امالیجہ نے امریکی شہریت کے لیے اپنے طور پر اپلائی کیا اور انہیں کوئی خاص قسم کی چھوٹ یا رعایت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ میلانیا ٹرمپ کے شوہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاندانوں کی امیگریشن کی مخالفت کرتے آئے ہیں، جسے وہ ‘چین مائیگریشن’ کا نام دیتے ہیں۔

دوسری جانب میلانیا ٹرمپ اس وقت اپنے شوہر کے ہمراہ بیڈمنسٹر، نیو جرسی میں چھٹیاں گزار رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے والدین کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔

میلانیا کی ترجمان اسٹیفنی گرشم نے بھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ خاتون اول کے والدین انتظامیہ کا حصہ نہیں ہیں، لہذا پرائیویسی ان کا حق ہے۔

میلانیا ٹرمپ کے والد وکٹر کی عمر 74 برس ہے اور وہ اپنے داماد ڈونلڈ ٹرمپ سے صرف 2 سال بڑے ہیں، جبکہ ان کی والدہ امالیجہ کی عمر 73 برس ہے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ساس، سسر کو امریکی شہریت ملنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی ٹوئیٹ نہیں کی ہے۔

Google Analytics Alternative