Home » 2018 » September » 01

Daily Archives: September 1, 2018

امریکا نے اگر بات کرنی ہے تو عزت سے کرے، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکا کے حوالے سے وہ اپنے مؤقف پر اب بھی قائم ہیں اور اگر امریکا نے بات کرنی ہے تو عزت سے کرے۔

وزیراعظم ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کیسز چلانے پر شور مچے گا لہذا اس پر میڈیا کا ساتھ چاہیے ہوگا اور ان کیسز میں جو بھی پکڑا گیا میڈیا اس میں کسی پروپگینڈے کا حصہ نہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ اپنا وژن آگے لیکر بڑھوں گا، عوامی منصوبے شروع کریں گے اور پاکستان میں پیسہ واپس لانے کے لیے اقدامات کروں گا جب کہ ہمارے اندرونی حالات ایسے نہیں کہ غیرملکی دورے کروں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت سے اچھے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم بھارت کی جانب سے مثبت ردعمل نہیں آیا جب کہ نوجوت سدھو کو بلانے کا مقصد بھی یہی تھا کہ وہ واپس جا کر لوگوں کو اعتماد میں لیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے حوالے سے وہ اپنے موقف پر اب بھی قائم ہیں، امریکا نے اگر بات کرنی ہے تو عزت سے کرے۔
عمران خان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال سے وقت اور پیسہ بچتا ہے اور شہریوں کو بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے اقدامات کریں گے جس سے حکومت کے مزید اخراجات کم ہوں گے جب کہ کفایت شعاری مہم کے تحت گاڑیوں کی نیلامی کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے اوپر کسی قسم کا اور کسی بھی ادارے کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں ، ہم فوج کے ساتھ مل کر آئین کے مطابق کام کررہے ہیں۔ پاکپتن کے واقعے پربات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف چیف سیکریڑی کو معاملہ دیکھنے کا کہا تھا تاہم ڈی پی او سے معافی کے مطالبے کا علم نہیں جب کہ اس واقعے پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس خوش آئند ہے۔

صحافیوں سے ملاقات کے دوران فرانسیسی صدر کی 2 بار ٹیلی فون کال بھی آئی جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ابھی مصروف ہیں بعد میں بات کریں گے۔

اسلام فوبیا کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم کی ایرانی وزیر خارجہ سے گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلام مخالف سرگرمیاں روکنے کے لیے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی اور ایرانی قیادت و عوام کی جانب سے انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم نے جواد ظریف سے بات چیت میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلے پر حکومتی مؤقف اور ہالینڈ میں گستاخاںہ خاکوں کا مقابلہ ختم کرانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کو یک زبان ہو کر اسلام فوبیا کا شکار ہونے والوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اسلام مخالف سرگرمیاں روکنے کے لیے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا کیوں کہ حضرت محمدﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کے خون میں رچی بسی ہے، پاکستان اور ایران مذہبی، ثقافتی اور تاریخی حوالوں سے جڑے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے خطے میں مکمل امن و استحکام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران عوام کی سطح پر رابطوں کو بڑھا کر خطے میں ترقی اور خوشحالی لاسکتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط ہوں گے۔

قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خطے میں امن و سلامتی کے لئے پرخلوص اقدامات اٹھا رہے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے لیئے پرخلوص اقدامات اٹھا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے لئے پرخلوص اقدامات اٹھا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے خطے میں تنازعات کی روک تھام میں پاکستانی کوششوں کو سراہا اور پاک فوج کے کردارکی تعریف کی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی اور ایرانی قیادت و عوام کی جانب سے انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم نے جواد ظریف سے بات چیت میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلے پر حکومتی مؤقف اور ہالینڈ میں گستاخاںہ خاکوں کا مقابلہ ختم کرانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کو یک زبان ہو کر اسلام فوبیا کا شکار ہونے والوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

’’ اسلام فوبیا کیخلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے ‘‘

عمران خان نے کہا کہ اسلام مخالف سرگرمیاں روکنے کے لیے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا کیوں کہ حضرت محمدﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کے خون میں رچی بسی ہے، پاکستان اور ایران مذہبی، ثقافتی اور تاریخی حوالوں سے جڑے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے خطے میں مکمل امن و استحکام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران عوام کی سطح پر رابطوں کو بڑھا کر خطے میں ترقی اور خوشحالی لاسکتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط ہوں گے۔

قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان نے جلال آباد میں قونصل خانہ بند کردیا

اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنا قونصل خانہ بند کردیا اور کہا ہے کہ مکمل سیکیورٹی ملنے تک سفارت خانہ نہیں کھولا جائے گا۔

پاکستانی حکومت نے افغان شہر جلال آباد میں واقع اپنے قونصل خانے کی سیکورٹی پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے اسے بند کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے افغان حکومت کو ایک خط لکھ کر قونصلیٹ بند کرنے سے متعلق آگاہی دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جب تک مکمل سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی قونصل خانہ بند رہے گا۔

پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ افغانستان کے مقامی حکام پاکستان کے قونصل خانہ کے امور میں رکاوٹ بن رہے تھے، گورنر حیات اللہ حیات کی قونصل خانے کے امور میں مداخلت افسوس ناک ہے اور یہ مداخلت ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، گورنر کی بے جا مداخلت پر افغان وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔

ترجمان نے جلال آباد قونصل خانے کی سیکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیکیورٹی 28 اگست کی پوزیشن پر بحال نہیں ہوگی قونصل خانہ بند رہے گا اس ضمن میں افغان وزارت خارجہ کو آگاہ کردیا ہے۔

نواز شریف کو بچوں کے ڈھائی کروڑ اخراجات کا بل بھیج رہے ہیں،فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے سفری اخراجات کو اربوں روپے قرار دیتے ہوئے حسن، حسین اور مریم نواز کے سفری اخراجات کی واپسی کے لیے نوٹس بھیجنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں سینٹر اعظم سواتی کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے سفری اخراجات اربوں روپے میں ہیں تاہم نواز شریف بحیثیت وزیراعظم تھے اس لیے ان کے معاملے کو بعد میں دیکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز شریف نے سرکار کے خرچے پر وزیراعظم کے 2 جہازوں اور ہیلی کاپٹر میں سفر کیا جو غیرقانونی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ حسن، حسین اور مریم نواز نے وزیراعظم کے 2 جہازوں G-4 اور G-450 کو استعمال کیا جس پرایک کروڑ 71 لاکھ 48 ہزار 603 کے اخراجات آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بچوں نے ان جہازوں پر وزیراعظم کی غیرموجودگی اور بغیر کسی سرکاری کام کے سفر کیا اور یہ خرچہ انھیں جاتی امرا، لاہور اور دیگر مقامات میں جانے اور آنے کے لیے کیا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کا استعمال ان کے علاوہ ہے جس میں حمزہ شہباز اور دیگر نے پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا جبکہ نواز شریف کے بچوں نے ہیلی کاپٹر کے استعمال میں 62 لاکھ 30 ہزار روپے کے اخراجات کیے۔

انھوں نے کہا کہ یہ اخراجات غیر قانونی ہیں جو لاگ بک سے ملے ہیں اور تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کا بل ہے اور یہ نواز شریف کو بھیجا جائے گا اور ان سے وصول کیے جائیں گے اس سلسلے میں حسن، حسین اور مریم نواز کو نوٹس دیا جارہا ہے۔

‘آر ٹی ایس بند کرنے کی تحقیقات ضروری ہیں’

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انتخابی نتائج پر انگلی نہ اٹھائی جائے۔

اس موقع پر سینیٹر اعظم سواتی نے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش ختم کی جائے اور ثابت کروں گا کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوئے ہیں۔

نادرا چیئرمین کو شفاف تفتیش کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آرٹی ایس) کو بند کروایا گیا تھا جس کی تحقیقات ضروری ہیں لیکن موجودہ چیئرمین نادرا کی موجودگی میں شفاف تفتیش ممکن نہیں ہے۔

اعظم سواتی نے سابق حکومت کی جانب سے نادرا چیئرمین کی تقرری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ میں الیکشن کمیشن کی صفائی نہیں دے رہا لیکن یہ نظام نادرا کا بنایا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہرپرزائڈنگ افسر کے پاس اس کے موبائل میں رزلٹ کی تصاویر موجود ہیں جو ختم نہیں کی جاسکتی ہیں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے تفتیش کے لیے اعظم سواتی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی اور انھوں نے اس حوالے رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دیا ہے۔

کسی بھی فورم میں آڈٹ کیلئے تیار ہیں، نادرا

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور سینٹیر اعظم سواتی کی پریس کانفرنس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے نادرا ترجمان نے کہا کہ آر ٹی ایس اور آر ایم ایس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ آرٹی ایس مکمل طور پرفعال رہا او بند نہیں ہوا اور آر ٹی ایس کا آر ایم ایس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

نادرا ترجمان کے مطابق آر ٹی ایس سے آرایم ایس میں ڈیٹا منتقل ہونے سے متعلق بات غلط فہمی پر مبنی ہے۔

انھوں نے کہا کہ نادرا کسی بھی فورم پر وضاحت دینے اور فرانزک آڈٹ کے لیے تیار ہے۔

کراچی میں امن کی فضا مزید مستحکم کرنے کیلیے ہر ممکن مدد کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کراچی میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکنہ تعاون کریگی۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم، امین الحق، کنور نوید، نسرین جلیل اور وسیم اختر شامل تھے جب کہ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات میں سیاسی امور، صدارتی انتخاب، صوبہ سندھ اور خصوصا کراچی اور حیدر آباد سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کراچی اور حیدر آباد کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی علیحدہ ملاقات کی جس میں سندھ کی مجموعی صورتحال اور خصوصا کراچی کی موجودہ صورتحال سمیت عوام کو درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کا اظہار کرنے اور اہم ذمہ داری سونپے جانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے، کراچی جیسے اہم شہر میں بعض مقامات پر بنیادی سہولتوں تک کا فقدان لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ترقی و استحکام میں کراچی کا کردار کلیدی ہے جب کہ کراچی میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکنہ تعاون کریگی۔

منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور

کراچی: عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی 20 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کراچی کی بینکنگ کورٹ میں خود کوسرنڈرکرتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواست کردی۔ عدالت نے آصف زرداری کی 20 لاکھ کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔ بینکنگ کورٹ نے آصف علی زرداری کو 4 ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔

اس موقع پرآصف زرداری نے خوشگوار انداز میں میڈیا سے بات کی، صحافی نے آصف زرداری سے سوال کیا کہ ہیلی کاپٹر تو سستا ہوگیا آپ ہیلی کاپٹر پر کیوں نہیں آئے ؟، جس پر آصف زرداری نے خوشگوار انداز میں جواب دیا کہ آپ لوگ یہیں رکیں میں ہیلی کاپٹر پرواپس آتا ہوں، ایک صحافی کے سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست دان کے خلاف کوئی بھی مقدمہ غیر سیاسی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن ہی صدر بنیں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ زرداری صاحب کافی عرصہ بعد کورٹ میں ملاقات ہورہی ہے، جس پر انہوں نے جواب میں کہا کہ آپ بلائیں تو میں روز آجایا کروں گا۔

واضح رہے کہ آصف زرداری نے اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی۔

بھارت کی معروف اداکارہ جوہی چاولا کی کراچی آمد

مشہور بھارتی اداکارہ جوہی چاولا ان دنوں کراچی میں موجود ہیں۔

90 کی دہائی میں بالی وڈ کی کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ جوہی چاولا پاکستان کے دورے پر ہیں اور شہر قائد کی سیر کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے کراچی میں اپنی موجودگی کے حوالے سے ٹوئٹر کے ذریعے پرستاروں کو آگاہ کیا اور پیغام کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی۔

جوہی چاولا کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں ہیں اور ظہرانے (دن کے کھانے) کے لیے عزیز دوستوں کے ہمراہ بوٹ بیسن جا رہی ہیں۔

بھارتی اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ پاکستانی رومانوی کامیڈی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ دیکھیں گی، اتفاق سے اس میں بھارتی لڑکی اور پاکستانی لڑکے کی رومانوی کہانی ہے۔

Juhi Chawla

@iam_juhi

In Karachi, out for lunch to the Boat Club with family friends… and then to the movies …a delightful Pakistani romcom ‘Jawani Phir Nahin Ani’ … which coincidentally had a full Indian girl/ Pakistani boy love story 💕💕🤩🤩🌟🌟🌟

واضح رہے کہ اداکارہ اس سے قبل 2013 اور 2016 میں بھی ایک خاندانی شادی کے سلسلے میں کراچی کا دورہ کرچکی ہیں۔

Google Analytics Alternative