Home » 2018 » September » 09

Daily Archives: September 9, 2018

ممنون حسین کو الوداعی گارڈ آف آنر، نئے صدر عارف علوی آج حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت ختم ہوگئی اور انہیں ہفتے کو الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

صدر ممنوں حسین نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پھر ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہو گئے۔

صدر ممنون حسین کو ایوان  صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا — فوٹو: پی آئی ڈی

ترجمان ایوان صدر کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی آج پاکستان کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

دوپہر ایک بجے نئے صدر پاکستان سے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار حلف لیں گے، تقریب حلف برداری میں وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے نتیجے میں ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز ایوان صدر کے افسران اور اہلکاروں سے الوداعی ملاقات کی۔

فوٹو: پی آئی ڈی

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔

صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔

آرمی چیف سے چینی وزیرخارجہ کی ملاقات

چینی وفد نے وزیر خارجہ وانگ ژی کی قیادت میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جہاں پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق چینی وزیرخارجہ اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں خطے کی سلامتی اور باہمی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاک-چین تعلقات مشترکہ نقطہ نظر اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پاک فوج کی پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘دنیا کو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے’۔

چینی وزیرخارجہ نے ‘سی پیک کے لیے فراہم کی گئی سیکیورٹی کی تعریف کی اور کہا کہ چین مکمل خوش حالی پر یقین رکھتا ہے’۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے دورے اور مسلسل تعاون پر چینی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ‘پاکستان بین الاقوامی محاذ آرائی سے متاثر ہوا ہے لیکن ہم اندورنی اور بیرونی دونوں محاذوں پر امن و استحکام کے عزم کے ساتھ قوموں کے درمیان احترام اور جائز مقام حاصل کرلیں گے’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات کے دوران پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ بھی موجود تھے۔

قبل ازیں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی وزرت خارجہ پہنچے اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم دہرایا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کا تحفظ اور سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاک۔چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے اور وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘آج کے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی، چینی وزیر خارجہ سے غربت کے خاتمے، تجارتی تعاون بڑھانے اور برآمدات کے فروغ سمیت اہم امور پر بات کی ہے’۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے ساتھ تزویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانا اور باہمی تجارتی حجم میں مزید اضافہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘چینی تعاون کا مقصد پاکستان میں تعلیم اور دیگر شعبوں کو بہتر بنانا ہے، غربت کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے’۔

وانگ ژی نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے جبکہ عالمی معاملات پر بھی پاکستان کی مکمل حمایت کرتے رہیں گے’۔

دھاندلی کا تحقیقاتی کمیشن بننے تک کوئی کارروائی نہیں چلنے دیں گے، شہباز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بننے تک کوئی کارروائی چلنے نہیں دیں گے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عوام کے ووٹوں کی نہیں بلکہ دھاندلی کی پیداوار ہیں، اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں بھی دھاندلی کا رونا رہی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سترہ اگست کو وزیراعظم کے انتخاب والے دن قومی اسمبلی میں عمران خان نے دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی پارٹی کمیشن بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ جلد کمیشن کا اعلان کروں گا، تاہم تین ہفتے ہوگئے تاحال کمیشن نہیں بنایا گیا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمانی کمیشن بننے تک کسی کارروائی کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے، عوام دشمن اقدامات کی اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور مزاحمت کریں گے، دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے اور آئندہ انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کیلئے تجاویز پیش کی جائیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کے پہلے 20 دن میں گیس، بجلی اور کھاد کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا، اس سے کروڑوں خاندانوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے، حکومت کو زیادتی و ظلم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ن لیگ کی حکومت میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی تھی۔

وزیراعظم کا وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 4 مزید وزراء کو شامل کرلیا ہے، نئے وزراء کی کابینہ میں شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کے اراکین کی تعدا د 28 ہوجائے گی۔

ترجمان وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عمر ایوب خان کو توانائی، علی زیدی کو بحری امور اور میاں محمد سومرو کو نجکاری کا قلمدان دیا جائے گا جب کہ مراد سعید کو قلمدان دینے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہےکہ وفاقی کابینہ میں 23 ارکان شامل ہیں جن میں 17 وزرا اور 5 مشیر شامل ہیں جب کہ شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔

لاہور کے ایم ایم عالم روڈ پر پلازہ میں آگ لگ گئی، ایک شخص جاں بحق

لاہور کے ایم ایم عالم روڈ پر واقع  پلازہ میں آگ لگنے کے باعث متعدد افراد عمارت کے اندر پھنس گئے تھے جنہیں ریسکیو آپریشن کے ذریعے نکالا گیا جب کہ بالائی منزل سے جان بچانے کے لیے رسی کے ذریعے کودنے والا نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

لاہور کے علاقے گلبرک میں ایم ایم عالم روڈ پر 12منزلہ عمارت کی بیسمنٹ میں لگی آگ پر 2 گھنٹے میں قابو پالیا گیا، فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، جب کہ عمارت میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے وہاں موجود لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

عمارت کی بالائی منزلوں سے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکلنے کی کوششیں کرتے رہے،  جان کے خطرے کے پیش نظر عمارت میں پھنسے ایک شخص نے رسی کے ذریعے بالائی منزل سے نیچے آنے کی کوشش کی تو اس دوران رسی ہاتھ سے چھوٹ گئی اور وہ نیچے گر کر زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

کثیر المنزلہ عمارت میں شاپنگ سینٹرز، دفاتر اور رہائشی فلیٹس بنے ہیں جن میں درجنوں افراد موجود تھے، عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ہنگامی راستے میں لگائے گئے دروازے کھول دیے گئے تھے جب کہ بعض افراد کو اسنارکل کی مدد سے ریسکیو کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے پلازے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ریسکیو آپریشن جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا تھا۔

پاک چین وزرائے خارجہ مذاکرات؛ اسٹریٹیجک تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم

 اسلام آباد: دفتر خارجہ میں پاک چین وزرائے خارجہ مذاکرات ہوئے ہیں جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی دیگر اہم چینی حکام کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

مذاکرات کے پہلے مرحلے میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی جبکہ وانگ ای نے چینی وفد کی قیادت کی۔

مذاکرات میں خطے کی صورتحال، سی پیک، دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و ثقافتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ سی پیک پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔ اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کو چین میں ہونے والی درآمدی اشیا کی بین الاقوامی نمائش میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔

مشترکہ پریس کانفرنس

ون آن ون ملاقات اور وفودکی سطح پر مذاکرات کے بعد پاک چین وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین دوستی کو عالمی طور پذیرائی حاصل ہے، پاکستان چین کے ساتھ مل کر عالمی فورمز پر کام کرتا رہے گا، مذاکرات میں دوطرفہ معاملات،غربت کے خاتمے اور روزگار میں اضافے پر بات ہوئی چینی وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو دورےکی دعوت دی ہے، ہم نے بھی چین کے صدر اور وزیراعظم کو پاکستان دورے کی دعوت دی ہے۔

’چین قابل اعتماد دوست‘

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان چین کا قابل اعتماد دیرینہ دوست ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں جسے چین نے سراہا ہے، چین نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان کی قربانیوں کو سراہے، پاکستان اپنی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔

’پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے‘

چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مستقبل کی بڑی منڈی اور ابھرتی ہوئی معیشت ہے، چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو بہت اہمیت دیتاہے، سی پیک کے تحت پاکستان میں توانائی کے بنیادی منصوبے لگے، پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، پاکستان کے دورے کا مقصد نئی حکومت سے رابطے بڑھانا ہے، شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات بہت مثبت رہی، پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے، چینی تعاون کا مقصد پاکستان میں تعلیم اور صحت کو بہتر بنانا ہے، دونوں ملکوں کے تعاون سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔

واضح رہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی گزشتہ روز تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، ان کے ہمراہ وفد میں 3 دیگر وزرا اور اعلی ترین حکام بھی شامل ہیں۔

امریکا میں مقیم پاکستانی ڈیم فنڈ میں ایک ارب ڈالر دینے کیلیے تیار

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک سے ڈیم کے لیے فنڈ جمع کرنے کی ذمہ داری سینیٹر فیصل جاوید کو سونپ دی ہے جنہیں پاکستانی نژاد امریکی شہری نے ایک ارب ڈالرعطیے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ جمع کرنے کے لیے پارٹی رہنماؤں کو اہم ٹاسک تفویض کر دیئے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید بیرون ملک جا کر ڈیم کے لئے فنڈ ریزنگ کریں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ امریکا میں مقیم ایک پاکستانی شہری وزیراعظم کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ایک ارب ڈالرعطیہ کرنا چاہتا ہے۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے جذبے کو سراہا۔

ادھر بیرون ملک پاکستانی سفارت خانے بھی ڈیم فنڈ کے حوالے سے فعال ہو گئے ہیں۔ بنکاک اورکینیڈا سمیت کئی ملکوں میں پاکستانی سفارتخانوں نے پریس ریلیز جاری کیے ہیں جن میں ڈیم فنڈز کے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

دوسری جانب بیرون ملک پاکستانیوں نے وزیر اعظم کے ڈیم کے لیے چندہ دینے کی اپیل کو خوش آمدید کہتے ہوئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ڈیم کے لیے فنڈز دینے کا ہیش ٹیگ پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ اکاؤنٹ کو وزیراعظم ڈیم فنڈ اکاؤنٹ میں ضم کرنے کے اعلان کے ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اس کار خیر میں حصہ لینے کی اپیل کی تھی۔

ڈیم پرجھونپڑی بنا کر بھی رہنا پڑا تورہوں گا، چیف جسٹس

لاہور: چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ڈیم پر جھونپڑی بنا کر بھی رہنا پڑا تو رہوں گا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس سے صحافیوں نے غیر رسمی ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کی ڈیمز اور آبی قلت سے متعلق تقریر کو سراہا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم کا پانی سے متعلق بیان خوش آئند ہے، وزیر اعظم اگر ہم سے مشاورت کرتے تو ان کو آبی قلت سے متعلق اس سے بھی زیادہ ہوشربا حقائق بتاتے، عمران خان نے وزیراعظم فنڈ کو سپریم کورٹ فنڈ میں ضم کرنے کا فیصلہ ہماری اجازت سے کیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کہ جلد سپریم کورٹ کی جانب سے پانی پر بین الاقوامی کانفرنس کروائی جائے گی، ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیم پر پہرہ دوں گا، اور اگر ڈیم پر جھونپڑی بنا کر بھی رہنا پڑا تو رہوں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو ڈیمز کے لیے فنڈز جمع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف جسٹس نے وہ کام کیا جو ان کا نہیں بلکہ سیاسی قیادت کے کرنے کا تھا۔ عمران خان نے چیف جسٹس اور وزیراعظم فنڈز کو ضم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

Google Analytics Alternative