Home » 2018 » September » 10

Daily Archives: September 10, 2018

حکومت کا (ن) لیگ کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے مسلم لیگ (ن) کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاک شوز میں سابقہ حکومت کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات منظر عام پر لانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹریٹجی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کو میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیا جائے اور سابقہ (ن) لیگی حکومت کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے لائی جائیں۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ (ن) لیگی حکومت کی طرف سے پیدا کی گئی معاشی بدحالی اور بالخصوص پاور سیکٹر کی بدحالی پر بریفنگ دی جائیں جب کہ تحریک انصاف کے منشور اور کاموں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ  پارلیمان کو اعتماد میں لے کر کیے جائیں گے۔ انہوں  نے پارٹی رہنماؤں کو ڈیمز فنڈ کے لیے موثر تشہیری مہم چلانےکی ہدایات بھی دیں۔

وزيراعظم کی چينی وزيرخارجہ كو سی پيك منصوبوں پر تيزی سے عملدرآمد كی يقين دہانی

اسلام آباد: وزيراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چين ہمارا بااعتماد دوست ہے جب کہ چين اور پاكستان کی دوستی ہر آزمائش ميں  پوری اتری ہے۔

پاکستان کے دورے پر آئے چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال اور عالمی معاملات سمیت سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، حکومت  سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کےلیے پرعزم ہے، سی پيك منصوبے سے خطے ميں  معاشی سرگرميوں  ميں  اضافہ ہو گا اور دونوں  ممالك ميں  روزگار كے مواقع پيدا ہوں  گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چين كی ترقی ديگر ممالك كے لیے ايك مثال ہے جب کہ چين ہمارا بااعتماد دوست ہے، چين اور پاكستان کی دوستی ہر آزمائش ميں  پوری اتری ہے۔

وزيراعظم نے چينی وزيرخارجہ كو سی پيك منصوبوں  پر تيزی سے عملدرآمد كی يقين دہانی بھی كرائی جب کہ  چينی وزير خارجہ وانگ ژی نے وزيراعظم كو عہدہ سنبھالنے پر مباركباد پیش کی  اور چين كا دورہ كرنے كی دعوت بھی دی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھالیا

اسلام آباد: ڈاکٹر عارف علوی نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔

 پاکستان کے 13 ویں صدر عارف علوی نے آج  ایوان صدر میں سجی پر وقار تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نومنتخب صدر عارف علوی سے اردو میں حلف لیا۔

تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، سبکدوش صدر ممنون حسین، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزرائے اعلیٰ، گورنرز، اسپیکر قومی اسمبلی ، چیئرمین سینیٹ، آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم، وفاقی وزراء ،ارکان قومی اسمبلی، سینئر بیوروکریٹس اور غیر ملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی صدر کی تقریب حلف برداری میں مدعو تھے تاہم شہباز شریف کی نمائندگی سابق گورنر و وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی نے کی۔

حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب صدرنے حلف نامے پر دستخط کئے، جس کے بعد قومی ترانا بجایا گیا۔ نئے صدر کی منظوری سے نیا صدارتی فرمان جاری کیا گیا، جو تمام گورنرز، فوجی چھاؤنیوں، سفارتخانوں اور سرکاری دفاتر میں بھیجا جائے گا، جس کے بعد نئے صدر کی تصویر تمام دفاتر میں آویزاں کی جائے گی۔ تقریب میں مہمانوں کی تواضع سادگی کے ساتھ چائے اور بسکٹ سے کی گئی۔

بعد ازاں نو منتخب صدر کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، صدر مملکت نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

ملک میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے، سربراہ پاک فوج

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ جمہوری اقدار مزید مستحکم ہوں گی۔

نومنتخب صدر ڈاکٹرعارف علوی کی تقریب حلف برداری میں شریک پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرکاری خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ جمہوری اقدار مزید مستحکم ہوں گی۔

ایک سوال کے جواب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل کے لئے یہ بڑا اہم اور تاریخی موقع ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر اطلاعات کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر اطلاعات عواد بن صالح نے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر اطلاعات عواد بن صالح نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

وزیراعظم اور سعودی وزیر اطلاعات نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک سعودیہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جب کہ  دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی خدمات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سعودی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

ذرائع کے مطابق عواد بن صالح نے سعودی عرب کے مختلف ممالک کے ساتھ تنازعات کے حوالے سے پاکستانی حکومت کو اعتماد میں لیا، اور فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے ساتھ  دفاعی اورمعاشی تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی دفتر خارجہ میں سعودی عرب کے وزیر اطلاعات عواد بن صالح العواد نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی اور سعودی عرب میں قید اور وہاں خدمات سر انجام دینے والے پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

 

آواران میں فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک، ایک اہلکار شہید

کوئٹہ: ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن کےدوران 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر بلوچستان کے علاقے آواران میں آپریشن کیا، جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی رمزعلی شہید اور نائیک یعقوب زخمی ہوگئے۔ 24 سالہ شہید سپاہی رمز علی کا تعلق خیرپور میرس سندھ  سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی سے تھا اور وہ بلوچستان کے علاقے مشکئی میں پاک فوج کے قافلے پر حملے میں ملوث تھے۔ اس حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے تھے۔

پاکستان کا کابل میں دہشت گردانہ حملے پر اظہار افسوس

 اسلام آباد: پاکستان نے افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل  نے ایک بیان میں اتوار کو ہونے والے کابل حملے میں  جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی کی ہر قسم کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ کابل میں ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

عاطف اسلم کا ڈیمز فنڈ کے لیے 25 لاکھ روپے کا عطیہ

اسلام آباد: معروف گلوکار عاطف اسلم نے چیف جسٹس کے ڈیمز فنڈ میں 25 لاکھ روپے عطیہ کردیے۔

عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اسلام آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ڈیمز فنڈ کے لیے 25 لاکھ روپے کا چیک چیف جسٹس کے حوالے کیا۔ چیف جسٹس نے ڈیمز کے لیے رقم فراہم کرنے پر عاطف اسلم کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں مختلف شخصیات کی جانب سے ڈیمز فنڈ میں رقومات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ہی آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار نے بھی ڈیمز فنڈ میں اپنا حصہ شامل کرتے ہوئے 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے۔

Google Analytics Alternative