Home » 2018 » September » 14

Daily Archives: September 14, 2018

تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ہونے والے اہم فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے گرمیوں میں یوریا کھاد کے پلانٹ کو گیس کی سپلائی روک دی اور  گیس روکنے کے ساتھ یوریا ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی جس سے یوریا کی پیدوار میں کمی ہوئی اور اب ربیع کی فصل کے لیے ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنی پڑے گی۔

میٹرو منصوبوں کے آڈٹ کرانے کا فیصلہ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ پورے ملک میں میٹرو منصوبوں کے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 3 میٹروپروجیکٹس پر8 ارب روپے سبسڈی کی مد میں خرچ ہوتے ہیں، حکومت پنجاب کو 8 ارب روپے 3 میٹرو بسوں کو رواں رکھنے کیلئے دینا پڑتا ہے۔

’’ پشاور منصوبے میں سبسڈی نہیں دی جائے گی ‘‘

فواد چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد میٹرو پر 4.2 ارب روپے کی سبسڈی حکومت دیتی ہے تاہم پشاور کے منصوبے میں سبسڈی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کا منصوبہ 67 ارب روپے میں مکمل ہوگا اور پشاور میں بسیں خریدی گئی ہیں لیکن لاہور میں میٹرو بسیں کرائے پر لی گئی ہیں تاہم میٹرو سے متعلق کوئی بھی فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔

 وزارت کیڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزارت کیڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے جب کہ سی ڈی اے کو وزارت داخلہ کے ماتحت کردیا گیا ہے، سی ڈی اے نے چند دنوں میں ہزاروں کینال زمین واگزار کرائی ہے اب سی ڈی اے کے آپریشن کو جاری رکھا جائے گا، 34 ہزار 460 کینال زمین کی نشاندہی ہوئی جسے کمرشل استعمال میں لایا جائے گا۔

’’ عوام کو ریلیف دینا ہمارا اولین فریضہ ہے ‘‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں پی ٹی وی کے بورڈ آف گورنرز کی منظوری دی گئی ہے جب کہ ہارون شریف کو چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں پربوجھ نہیں ڈالے گی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبر بھی بے بنیاد ہے، عوام کو ریلیف دینا ہمارا اولین فریضہ ہے تاہم معیشت بہتر ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

 

نوجوان خود سے سوال کریں وہ ملک کے لیے کیا کرسکتے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ نوجوان اپنے تعلیمی معیار میں بہتری لائیں اور خود سے سوال کریں کہ وہ اپنے ملک کے لیے کیا کرسکتے ہیں۔   

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نسٹ یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں بہتری کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ نسٹ پاکستان کی بہترین اور معروف یونیورسٹی ہے، کوئٹہ کے بعد نسٹ یونیورسٹی کے کیمپس پورے پاکستان میں ہیں جب کہ نسٹ اعلیٰ معیار کے انجینئرز اور اسکالر تیار کررہی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نوجوان بہتری کے لیے کوشاں ہیں، نوجوان اپنے تعلیمی معیار میں بہتری لائیں اور نوجوان خود سے سوال کریں کہ وہ اپنے ملک کے لیے کیاکرسکتے ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کی لندن میں نماز جنازہ ادا کردی گئی

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی ریجنٹ پارک مسجد میں نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

سابق خاتون اول کلثوم نواز کی اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک مسجد لندن میں نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شہباز شریف، حسن، حسین نواز، چودھری نثار اور اسحاق ڈار کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ امام شیخ خلیفہ عزت نے نماز جنازہ پڑھائی۔

سابق خاتون اول کا جسد خاکی پاکستان لانے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، ان کی میت قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لاہور لائی جائے گی۔ مرحومہ کے دونوں بیٹے حسین اورحسن نواز اپنی والدہ کی تدفین میں شرکت نہیں کر سکیں گے تاہم میت کے ہمراہ صاحبزادی اسما نواز، داماد عثمان ڈار اور حسین نواز کے دو بیٹے آئیں گے۔

لاہور میں نماز جنازہ اور تدفین کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جمعے کو 5 بجے شریف میڈیکل کمپلیکس میں مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ 5 روز کیلئے پیرول پر رہا نواز شریف، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر جاتی امرا میں موجود ہیں۔

اکشے اور رجنی کانت کی فلم 2.0 کے ٹیزر نے دھوم مچادی

ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار اور رجنی کانت کی سائنس فکشن فلم 2.0 کے ٹیزر نے آتے ہی دھوم مچادی۔ 

بھارت میں اب تک بننے والی سب سے بڑے بجٹ (450 کروڑ) کی سائنس فکشن فلم ’’2.0‘‘ کا ٹیزر آخرکار طویل انتظار کے بعد جاری کردیا گیا، یہ فلم رجنی کانت کی بلاگ بسٹر فلم ’روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے جس میں ان کے مدمقابل اکشے کمارایکشن میں نظرآئیں گے اس طرح یہ دونوں اداکاروں کی پہلی ایکشن فلم ہے جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے جب کہ فلم رواں سال 29 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے ایکشن اور سائنس فکشن سے بھرپور فلم  ’2.0‘ کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے جس میں ’VFX‘ کے بھرپوراستعمال کے ذریعے اکشے اور رجنی کانت کے درمیان ہونے والی جنگ کو حقیقی شکل میں ڈھالنے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم 2.0 کے 1 منٹ اور 31 سیکنڈ کے ٹیزر میں اکشے کمار کو ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جوکہ اپنی طاقت سے عوام کو موبائل فونز  سے محروم کر دیتے ہیں جسے رجنی کانت ایک روبوٹ کی مدد سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔

چین کیساتھ سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی نہیں کی جارہی، پاکستان

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی نہیں کررہا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے پلوامہ، بانڈی پور، کپواڑہ اور اننت ناگ اسلام آباد میں 14 مزید کشمیریوں کو شہید کر دیا، سیکڑوں حریت رہنما اور کارکن بدنام تہاڑ جیل میں حراست میں رکھے گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت ناصرف کشمیر بلکہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی سیز فائر معاہدوں کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ برس ایل او سی کی 1970 خلاف ورزیاں کی گئیں رواں برس اس میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور بھارت نے رواں برس ایل او سی کی 2050 خلاف ورزیاں کیں جس میں 31 نہتے شہری شہید ہوئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 10 ستمبر کو بھی  آزاد کشمیر کے خنجر سیکٹر میں فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، جس میں جھومر گاؤں کا نوجوان گفتار حسین شہید ہوا، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر قائمقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ  کو دفتر خارجہ طلب کر کہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور ایک احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا گیا۔

ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے بات چیت کے خلاف نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو رابطے موجود ہیں، ٹریک ٹو رابطے مختلف سطح پر ہیں اور چلتے رہتے ہیں تاہم پاک بھارت بیک  ڈور روابط کا علم نہیں۔

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کی پروگرام میں میزبانی کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمشنرکی پروگرام کی میزبانی کا وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نےسخت نوٹس لیا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر کو وطن واپس طلب کرکے تحریری وضاحت نامہ طلب کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بیگم کلثوم نواز کی میت کی واپسی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے میں شریف خاندان کی امداد کی ہدایت کی ہے۔

فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفی دے دیا

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفی دے دیا۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے کام کرنے سے معذرت کرتے ہوئے اپنا استعفی رابطہ کمیٹی کو ارسال کردیا۔ فاروق ستار کے ترجمان نے استعفی ارسال کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ فاروق ستار کا استعفی موصول نہیں ہوا اگر استعفی موصول ہوگا تو اس پر مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پارٹی رہنما کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانے اور دیگر معاملات پر ایم کیو ایم دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی تھی، رابطہ کمیٹی کے بیشتر ارکان ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ میں شامل ہیں، اس گروپ اور فاروق ستار کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں، رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو پارٹی کی سربراہی سے برطرف کرکے سائیڈ لائن کیا ہوا ہے جس پر فاروق ستار نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

مشترکہ قومی سوچ و حمایت سے درپیش چیلنجز پرقابو پایا جاسکتا ہے

adaria

وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان کاآئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ انتہائی دوررس نتائج کا حامل قرارپایا، وزیراعظم نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی دنیا کی بہترین خفیہ ایجنسی ہے، حکومت اور عوام مسلح افواج کے ساتھ ہی، آئی ایس آئی ہماری پہلی دفاعی لائن ہے، وزیراعظم نے سیکورٹی اور خاص طورپر انسداد دہشت گردی کیلئے جاری کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم کو قومی سیکورٹی کے امور اور سٹرٹیجک انٹیلی جنس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیرِاعظم عمران خان جب انٹر سروسز انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان نے یادگارِ شہدا ء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔وزیراعظم کو سٹریٹجک انٹیلی جنس اورنیشنل سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اور عوام مسلح افواج اور خفیہ ایجنسیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ ماہ 30 اگست کو وزیرِاعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کے ہمراہ جی ایچ کیو کا بھی دورہ کیا تھا۔یہ عمران خان کا وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ جی ایچ کیو کا دورہ تھا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیرِاعظم عمران کو جی ایچ کیو میں اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال، پاک فوج کی دہشتگردی کیخلاف جاری کارروائیاں، آپریشن ردالفساد، کراچی کی صورتحال اور خوشحال بلوچستان پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی ۔وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستانی فوج کی آپریشنل تیاریوں، پیشہ وارنہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مشترکہ قومی سوچ اور قوم کی حمایت سے ہم ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پا لیں گے۔وزیرِاعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقی پاکستان کا مقدر ہے، ملک بین الاقوامی دنیا میں انشا اللہ مثبت انداز سے ابھرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان آرمی کی صلاحیتوں اور استعداد کار بڑھانے کے لیے حکومت تمام ذرائع فراہم کرے گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیرِاعظم عمران خان کے دورے اور فوج پر اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشا اللہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ وزیراعظم نے بجا فرمایا آئی ایس آئی دنیا کی بہترین خفیہ ایجنسی ہے، پاک فوج کی قربانیاں نہ صرف لائق ستائش ہیں بلکہ دنیا کیلئے قابل تقلید بھی،دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں مسلح افواج کا کردار داد بیداد ہے اور دنیا پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کررہی ہے، دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے پاک فوج کا کردار تاریخ کے سنہری حروف میں رقم ہوگا، وزیراعظم نے درست فرمایا آئی ایس آئی ہماری پہلی دفاعی لائن ہے،دفاعی لائن جتنی مضبوط ہوگی اتنا ہی دفاع مضبوط ہوگا یہ امر انتہائی قابل تعریف ہے کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں اور عوام ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ماضی میں سیاسی و عسکری قیادت میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے لیکن یہ سازشیں کامیاب نہ ہو پائیں،پاک فوج ملک و قوم کے دفاع کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔پاک فوج کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ وہ ایک طرف سرحدوں پر کڑی نظررکھے ہوئے ہے تو دوسری طرف دہشت گردی کیخلاف برسرپیکار ہے۔ بیرونی سازشوں پر بھی اس کی نظر ہے۔ پاک فوج کا یہ بھی منفرد اعزاز ہے کہ اس نے ہر مشکل گھڑی میں وطن کیلئے اپنی خدمات پیش کیں اور ملک میں امن قائم کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلایا، پاک فوج کا کردار قابل تقلید ہے، وزیراعظم کا دورہ آئی ایس آئی انتہائی مفید قرار پایا، سیاسی و عسکری قیادت کا ایک پیج پر ہونا اس امر کا عکاس ہے کہ ہماری سیاسی قیادت خ عسکری قیادت ملکی امور کیلئے ایک پلیٹ فارم ہیں اور ان میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے اقدام کرے اور اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

پروگرام سچی بات میں ایس کے نیازی کی گفتگو
پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز کے چیف ایڈیٹر ایس کے نیازی نے پروگرام سچی بات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم سیاسی مصلحت کا شکار ہوا تاہم بھاشا اور دیامیر ڈیمز پر سب ایک پلیٹ فارم پر ہیں اس لیے یہ ڈیمز ضرور بنیں گے،اگر کالاباغ ڈیم بھی شروع کر دیں تو کوئی فرق نہیں پڑیگا۔چیف ایڈیٹر پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز ایس کے نیازی نے اپنی گفتگو کے دوران مزید کہا کہ پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہو چکا ہے ہمیں سنجیدگی سے آگے بڑھنا ہو گا ۔پانی کے معاملے پر سیاست کرنا درست نہیں کیونکہ کالا باغ ڈیم پر بھی سیاست کی گئی یہ وجہ ہے کہ کالا باغ ڈیم سیاسی مصلحت کا شکار ہو گیا اور اس کی تعمیر رک گئی حالانکہ کالا باغ ڈیم بھی شرو ع کر دیا جائے تو کوئی فرق نہیں پڑیگا،اپنی گفتگو میں ایس کے نیازی نے مزید کہا کہ سب ایک پلیٹ فارم پر ہیں ،ڈیم بنیں گے ،کالا باغ ڈیم سیاسی مصلحت کے باعث رکا ہوا ہے ،بھا شا اور دیامر ڈیم بنیں گے ۔دوسری جانب ماہر آبی امور ارشد ایچ عباسی نے روز نیوز کے پروگرام’’سچی بات‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی پاکستان کی کامیابی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے ،لوگوں کو اعتماد میں لینے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ،پہلی مرتبہ قوم ایک پیج پر اکٹھی ہوئی ہے ،ڈیم بنیں گے تو لوگوں کو روزگار ملے گا ،ڈیم کی مانیٹرنگ کیلئے میں اپنے آپ کو پیش کرتا ہوں ،پہلی مرتبہ ساری قوم اکٹھی ہورہی ہے ،ڈیمز قوم نے پیسے دیکر بنائے ہیں ،بیروزگاری بڑھ گئی ہے ،انجینئرز کو نوکری نہیں مل رہی۔ ایس کے نیازی نے بجا فرمایا ہے پانی بقائے حیات کیلئے انتہائی ناگزیر ہے، ڈیموں کی تعمیر سے خوشحالی آئے گی اور بنجر زمینیں سیراب ہونگی اور ملک ترقی کرے گا۔ ڈیموں کی تعمیر سے درپیش مسائل کا ادراک ہوگا۔
نظرثانی شدہ بجٹ عوام کی امنگوں کا عکاس ہونا چاہیے
تحریک انصاف کی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے پیش کردہ وفاقی بجٹ پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں تحریک انصاف کی حکومت نے مالی سال2018-19بل میں بڑی ترمیم کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت گزشتہ دورے حکومت میں ٹیکس استثنیٰ کے معاملے میں بھی ترمیم لائے جائے گی، بجلی مہنگی ہوگی، نئی ٹیکسوں کی تیاری، ترقیاتی بجٹ میں 400 ارب روپے کی کمی اور 1 فیصد کی شرح سے تمام اشیا پر درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کا امکان سامنے آیا ہے ، فنانس ایکٹ میں ترامیم قومی اسمبلی اجلاس میں منظور کرائی جائیں گی جس کا مقصد بجٹ اور تجارتی خسارہ کم کرنا ہے ،جس کے ذریعے 800 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کیا جائیگا۔حکومت ترقیاتی بجٹ میں 400 ارب روپے کمی کا ارادہ رکھتی ہے اور 400 ارب روپے سے زائد کے ٹیکسز بھی لگائے جاسکتے ہیں ، خاص طور پرانکم ٹیکس پر 12لاکھ سالانہ کے استثنا کو کم کر 8 لاکھ کرنے کی تجویر پر بھی غور کیا جائیگا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے تاکہ عوام کی نئی حکومت سے جو توقعات ہیں وہ پوری ہوں جو امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں جو حوصلہ افزاء نہیں ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ نظرثانی بجٹ کو عوام کی امنگوں کے مطابق ڈھالے تاکہ عوام پر کسی قسم کا مزید مالی بوجھ نہ پڑے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 8 کشمیری شہید

سری نگر: بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 8 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے 8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں علاقے کا  محاصرہ کرکے سرچ آپریشن میں 2 کشمیریوں کو شہید کردیا جس کے بعد کپواڑا کے علاقے میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا جس میں 3 نوجوانوں کو فائرنگ سے شہید کردیا گیا اور 3 نوجوانوں کو ریاسی کے علاقے میں شہید کیا گیا۔

بھارتی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی، سرچ آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے گئے جب کہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز ہندواڑہ میں 2 نوجوانوں کی شہادت پر مختلف علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے جب کہ نہتے کشمیریوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے بھارتی فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

Google Analytics Alternative