Home » 2018 » October » 04

Daily Archives: October 4, 2018

مدارس کو دہشت گردی سے منسوب کرنا ناانصافی ہے، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مدارس کی خدمات کو نظر انداز کرنا اور ان کو دہشت گردی سے منسوب کرنا ناانصافی ہے۔

علمائے کرام کے وفد سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نظامِ تعلیم اور نصاب تعلیم کی بہتری پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک میں تین مختلف نظام تعلیم کی موجودگی قوم کی تقسیم اور مختلف کلچرز کو پروان چڑھانے کا باعث رہی ہے، ایک قوم کی تعمیر کے لئے ضروری ہے کہ بنیادی نظام تعلیم اور نصاب تعلیم میں یکسانیت ہو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدرسوں کی خدمات کو نظر انداز کرنا اور ان کو دہشت گردی سے منسوب کرنا ناانصافی ہے، مدارس کے بچوں کا بھی پورا حق ہے کہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھ سکیں، شعبہ تعلیم میں اصلاحات کا بنیادی مقصد تفریق کاخاتمہ اور مدرسے کے بچے کو اوپر لانا ہے، مدارس کو درپیش تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کریں گے۔

حکومت کو سمجھنا ہوگا معیشت چندے اور ملک جادو سے نہیں چلتا، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کو سمجھنا ہوگا کہ معیشت چندے، سیاست گالی اور ملک جادو سے نہیں چلتے۔

قومی اسمبلی میں فنانس ترمیمی بل پر بحث کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھرنا دینے اور حکومت چلانے میں بہت فرق ہوتا ہے، حکومت کو سمجھنا ہوگا کہ حکومت چندے سے، سیاست گالی سے اور ملک جادو سے نہیں چلتا، حکومت کے فیصلوں کا اثر کروڑوں عوام پر پڑتا ہے، حکومت کو اب سنجیدہ سیاست کرنی اور پالیسیاں بنانی ہیں۔ ہم بھی ایک کروڑ نوکریاں اور غریبوں کے لئے 50 لاکھ گھر چاہتے ہیں مگر حکومت کے بجٹ میں ان کے اپنے وعدوں کے حوالے سے ایک لائن بھی نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحت کا وعدہ کیا گیا اور صحت کے بجٹ میں کمی کردی گئی، کسان مشکل میں ہیں کیونکہ انہیں فصل کی صحیح قیمت نہیں مل رہی، حکومت نے وعدہ کیا تھا لیکن پانی کی کوئی اسکیم نہیں دی گئی، بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافےسےغریب کی زندگی مشکل ہوتی ہے، جنوبی پنجاب محاذ والے کو جب سے وزارت ملی ہے تب سے جنوبی پنجاب صوبے کا ذکر ہی نہیں ہورہا۔ کہا گیا تھا کہ بھیک نہیں مانگی جائے گی، قرضے نہیں لیے جائیں گے لیکن اب کیا ہورہا ہے۔ حکومت کا 100 روزہ ترقیاتی پلان کہاں ہے؟، ایف اے ٹی ایف معاملے پر کیا اقدامات کیے گئے پارلیمنٹ کو بتایا جائے۔

کیا سشمیتا سین نے بھی پلاسٹک سرجری کروالی؟

ممبئی: ناموربالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کی ہیں جنہیں دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ انہوں نے اپنے چہرے پر پلاسٹک سرجری کرائی ہے۔

بالی ووڈ کی 42 سالہ اداکارہ سشمیتا سین سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر اورویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی نئی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں جن میں وہ پہلے سے زیادہ خوبصورت اورجوان نظر آرہی ہیں۔

کئی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سشمیتا سین نے دیگراداکاراؤں کی طرح اپنی خوبصورتی میں اضافے کے لیے پلاسٹک سرجری کروائی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے سشمیتا سین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سمجھ نہیں آتا کہ آپ جیسے امیر لوگوں کوپلاسٹک سرجری کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟ خدا نے آپ کوبہت خوبصورت چہرہ دیا ہے  تو آپ نے کیوں سرجری کروائی؟‘‘

عالمی عدالتِ انصاف کا ایران پرعائد بعض امریکی پابندیوں کو ہٹانے کا حکم

ہیگ: عالمی عدالتِ انصاف نے ایران پرعائد امریکی پابندیوں میں سے کچھ پابندیوں کو ہٹانے کا عبوری حکم دے دیا ہے۔   

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی عدالت انصاف نے ایران پر انسانی ضروریات کو پورا کرنے والے اجناس اور سفری پابندیوں کو ہٹانے کا عبوری حکم جاری کردیا ہے۔  یہ حکم نامہ اقوام متحدہ کو جاری کیا گیا ہے۔

عالمی عدالت انصاف کے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ ایران پر عائد ایسی پابندیوں کو ہٹانے کے لیے اقدامات کرے جن کا تعلق بنیادی انسانی حقوق سے ہے اور بالخصوص اجناس کی فراہمی اور سفری پابندیوں کو نرم کرنے کے لیے امریکا کو مجبور کیا جائے۔

ایرانی حکومت نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو سراہتے ہوئے  کہا ہے کہ ایران پر عائد تمام پابندیوں کو ہٹایا جانا چاہیے تھا، اقوام متحدہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر جلد از جلد عمل درآمد کرائے، امریکا کی جانب سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

عالمی عدالتِ انصاف نے امریکی پابندیوں کے خلاف فیصلہ تو دے دیا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ فیصلے پر عمل در آمد کرانے کے لیے عالمی عدالت کے پاس اختیارات نہیں اور نہ ہی وہ امریکا کو فیصلے پر عمل درآمد کے لیے مجبور کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ایک سال قبل ایران نے امریکی پابندیوں پر عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کرتے ہوئے اقتصادی پابندیوں کو معطل کرنے کی استدعا کی تھی، امریکا نے یہ پابندیاں ایران کے جوہری معاہدے کی توسیع کے عمل سے علیحدہ ہونے کے بعد عائد کی تھیں۔

بادی النظرمیں سزائیں زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتیں، نواز شریف سزا معطلی کا تفصیلی فیصلہ

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں دی گئی سزاؤں کے خلاف اپیل پر تفصیلی فیصلے میں قرار دیا ہے کہ بادی النظر میں ملزمان کو دی گئی سزائیں زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں دی گئی سزاؤں کے خلاف اپیل پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔ 41 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس اطہر من اللہ نے تحریر کیا ہے۔ تفصیلی فیصلے میں احتساب عدالت کے فیصلے کو اپیلوں کی درخواستوں کا فیصلہ ہونے تک کالعدم قرار دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ نیب نے ضمانت کی درخواستوں پر بحث کے لیے زیادہ سہارا پاناما فیصلے کا لیا، احتساب عدالت نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی خریداری میں مریم نواز کی نوازشریف کو معاونت کا حوالہ نہیں دیا، اس کے علاوہ احتساب عدالت کے فیصلے میں مریم نواز کی معاونت کے شواہد کا ذکر بھی نہیں۔ عدالت نے ملزمان کو نائن اے فور میں بری کیا لیکن استغاثہ نے ملزمان کی بریت کو چیلنج نہیں کیا۔ ملزمان کے وکیل کی اس دلیل میں وزن ہے کہ ایک ہی جائیداد سے متعلق ایک جیسے شواہد پر نائن اے فور میں بری تو نائن اے فائیو میں سزا کیسے ہو سکتی ہے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی قیمت کا تعین ہی نہیں کیا گیا جس کے جواب میں کوئی ریکارڈ فراہم کرنے کے بجائے کہا گیا کہ قیمت کے تعین کے لیے گوگل کیا جا سکتا ہے۔ تجربہ کار اور پروفیشنل وکلا سے اس طرح کے جواب کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے بادی النظر میں ملزمان کو دی گئی سزائیں زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتیں۔ عدالتی فائنڈنگز حتمی نہیں، ہماری رائے یا آبزرویشنز اپیلوں کو متاثر نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں برس جولائی میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 ستمبر کوتینوں افراد کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ عدالت عالیہ نے ابتدائی طور پر مختصر فیصلے میں حکم دیا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سنائی گئی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کا فیصلہ ہونے تک سزا معطل رہے گی۔

فرانس کی جیل سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہونے والا خطرناک گینگسٹر دوبارہ گرفتار

پیرس: فلمی انداز میں ہیلی کاپٹر پر جیل سے فرار ہونے والے فرانس کے خطرناک گینگسٹر ’ریڈونی فیڈ‘ کو 3 ماہ بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی پولیس بدنام زمانہ گینگسٹر اور جیل سے فرار ہونے والے 46 سالہ ریڈونی فیڈ کو تین ماہ کے بعد ایک گاؤں سے دوبارہ گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ خطرناک گینگسٹر کو سخت حفاظتی پہرے والی جگہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ مفرور گینگسٹر کی گرفتاری پولیس کا بڑا کارنامہ ہے۔

خطرناک گینگ کے سرغنہ ریڈونی فیڈ کو 2010 میں 25 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی لیکن گینگ وار پر بنی فلمیں دیکھنے کے شوقین ریڈونی کے دماغ میں کچھ اور ہی منصوبہ چل رہا تھا۔ وہ رواں برس یکم جولائی کو کسی فلمی سین کی طرح فرار ہونے میں کامیاب گیا تھا۔

ریڈونی کو فرار کرانے کے لیے جیل سے تھوڑے فاصلے پر جھاڑیوں میں ایک ہیلی کاپٹر اتارا گیا اور پھر مسلح افراد جیل میں داخل ہوگئے اور منظر کو دھندلا کر دینے والی گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کرتے ہوئے اپنے سرغنہ کو لے گئے تھے۔

پولیس اہلکار اور ڈکیتیوں کی کئی وارداتوں میں ملوث ریڈونی فیڈ جیل توڑ کر فرار ہونے کی وجہ سے کافی شہرت رکھتے ہیں تاہم اس بار پولیس اپنے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن نظر آتی ہے۔

اب اینڈرائیڈ فون کو صرف آواز سے استعمال کرنا بھی ممکن

گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئی ایپ متعارف کرائی ہے جس کو استعمال کرنے پر آپ کو اسمارٹ فون پر ٹائپ یا کلک کرنے کی ضروت نہیں ہوگی بلکہ صرف اپنی آواز سے تمام اپلیکشنز کو استعمال کرسکیں گے۔

وائس ایسسز نامی یہ ایپ یہ ایپ ویسے ہی کام کرتی ہے جیسے آپ گوگل اسسٹنٹ پر وائس کمانڈز دیتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ایپ کو مکتلف امراض جیسے پارکنسن کے شکار افراد کے لیے ڈیزائن کیا گیا مگر یہ عام لوگوں کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔

اس ایپ کی مدد سے آپ ایپس میں نیوی گیٹ، ٹیکسٹ لکھنے یا ایڈٹ کرنے اور گوگل اسسٹنٹ سے بات کرسکیں گے۔

اسی طرح آواز سے مختلف ایپس میں ٹیپ بٹن کا کام لیا جاسکے گا یا کنٹرول ایڈجسٹ کیے جاسکیں گے۔

اگر کوئی صارف ٹیکسٹ لکھنا یا ایڈٹ کرنا چاہتا ہے تو وہ اوکے گوگل کہنے کے بعد اپنی مطلوبہ ایپ جیسے واٹس ایپ کو اوپن واٹس ایپ کمانڈ سے کھولے گا اور ٹیکسٹ لکھنے کے لیے اپنے جملے بولے گا۔

یہ ایپ اینڈرائیڈ 5.0 یا اس سے بعد کے آپریٹنگ سسٹم والے فونز پر کام کرے گی جس کو انسٹال کرنے کے بعد اوکے گوگل کہنے پر فون وائس ایسسز موڈ پر چلا جائے گا۔

یہ ایپ فی الحال صرف انگلش زبان کے لےی دستیاب ہے مگر جلد اس میں دیگر زبانوں کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔

سنی لیون کا شوہر کے حوالے سے اہم انکشاف

ممبئی:بالی ووڈ کی بے باک اداکارہ سنی لیون نے شوہر ڈینیل کے اداکاری نہ کرنے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین نژاد بھارتی اداکارہ سنی لیون کا کہنا تھا کہ ان کے شوہرڈینیل  پرُکشش ہونے کی  وجہ سے خواتین میں بھی بہت مقبول ہیں اس کے باوجود ڈینیل فلموں میں اداکاری کرنے کے بجائے اپنے بزنس کو ترجیح دیتے ہیں۔

سنی لیون نے بتایا کہ  ڈینیل  کا اداکاری سے متعلق نظریہ انتہائی دلچسپ ہے کیوں کہ اُن کے نزدیک ہندی زبان میں اداکاری کرنا بہت مشکل کام ہے جب کہ انگریزی فلموں میں اداکاری کو وہ آسان سمجھتے ہیں۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ہم ابھی اپنی پروڈکشن میں بننے والی  پہلی ہندی فلم پر کام کر رہے ہیں جس میں ہیروئن کا کردار وہ خود ادا کررہی ہیں جس کی شوٹنگ اگلے سال کے ابتدائی مہینے میں شروع کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سنی لیون اور ان کے شوہر ڈینیل ویبر نے یتیم بچی کو گود لیا تھا جس کا نام نشا کور ویبر رکھا ، نشا کو گود لینے کے تقریباً 3 ماہ بعد سروگیسی کے ذریعے سنی لیون کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

Google Analytics Alternative