Home » 2018 » October » 05

Daily Archives: October 5, 2018

نیب کا نوازشریف کی ضمانت منسوخی کیلیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانتیں منسوخ کرانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب نے ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف، مریم صفدر اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منسوخی کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے تفصیلی فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف رواں ہفتے سپریم کورٹ میں درخواست میں دائر کئے جانے کا امکان ہے، اس کے لیے نیب حکام نے اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں قانونی سقم کو مدنظر رکھ کر اپیل دائر کی جائے اور اپنے موقف کو درست ثابت کرنے کے لیے بھر پور طریقے سے کیس لڑا جائے۔

احتساب عدالت نے رواں برس جولائی میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 ستمبر کوتینوں افراد کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں قرار دیا ہے کہ نیب نے ضمانت کی درخواستوں پر بحث کے لیے زیادہ سہارا پاناما فیصلے کا لیا، احتساب عدالت نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی خریداری میں مریم نواز کی نوازشریف کو معاونت کا حوالہ نہیں دیا، اس کے علاوہ احتساب عدالت کے فیصلے میں مریم نواز کی معاونت کے شواہد کا ذکر بھی نہیں۔ عدالت نے ملزمان کو نائن اے فور میں بری کیا لیکن استغاثہ نے ملزمان کی بریت کو چیلنج نہیں کیا۔ ملزمان کے وکیل کی اس دلیل میں وزن ہے کہ ایک ہی جائیداد سے متعلق ایک جیسے شواہد پر نائن اے فور میں بری تو نائن اے فائیو میں سزا کیسے ہو سکتی ہے۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 100 روزہ ایجنڈے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا اور وزرا نے اپنی وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں کی منظوری دیدی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے گا جب کہ سعودی عرب کی طرح یو اے ای کا وفد بھی پاکستان کے دورے  پر آرہا ہے اور ترکی نے اسلام آباد میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  حکومت کے 100 روزہ پلان کی تفصیلات کیلئے ایک ویب سائٹ لانچ کی ہے جب کہ وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنایا جائے گا، کمیٹی بنادی ہے جس کے سربراہ شفقت محمود ہوں گے، کسی ملازم کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ نے سوا لاکھ کے قریب ملازمین کو مستقل کیا، جس کی بات کرو تو وہ ناراض ہو جاتے ہیں جب کہ اسحاق ڈار دور میں غیرقانونی طور پر بھرتی ہونے والے افراد کو برطرف کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیرپٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام پر اتفاق ہوا ہے، آرامکو اور پی ایس او کے مابین معاہدہ کیا جائے گا جس پر ایم او یو سائن کیا جائے گا اور صوبائی حکومت کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا۔

غلام سرور نے کہا کہ چین کے خدشات والی خبروں میں صداقت نہیں، ہمیں 5 ریفائنریز کی ضرورت ہے جب کہ 10 بلاکس کی اوپن آکشن کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے گیس کے نظام سے 30 فیصد لوگ استفادہ کرتے ہیں، گیس قیمتوں پر 3 کے بجائے اب 7 سلیبز بنائی ہیں، 80 فیصد صارفین کے لیے صرف 10 سے 20 فیصد اضافہ کیا گیاہے۔

ایک کروڑنوکریاں دینے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سستی تعلیم دیں، آصف زرداری

کراچی: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک کروڑنوکریاں دینے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سستی تعلیم تودیں۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پشاوریونیورسٹی میں فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پرتشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ پرتشدد نے سفاک تبدیلی کا پردہ چاک کردیا ہے، مستقبل کے معماروں پرتشدد افسوسناک ہے جب کہ ایک کروڑنوکریاں دینے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سستی تعلیم تودیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی طلبہ پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج طلبہ کا جمہوری حق ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اورناکامیوں کا بدلہ طلبہ سے نہ لیں، گرفتار طلبہ کو فوری رہا کیا جائے اور فیس کم کی جائے، زخمی طلبہ کو بہترعلاج معالجے کی سہولت دیتے ہوئے طلبہ پروحشیانہ تشدد کرنے اور کرانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔

دوسری جانب  صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ طلبہ کا احتجاج ہاسٹلوں سے غیرمتعلقہ افراد کو نکالنے کا ردعمل ہے، طلبہ کے مسائل پرمذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن غیرمتعلقہ افراد کے ساتھ نہیں۔

واضح رہے کہ پشاورمیں یونیورسٹی طلبا کے فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج پرپولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد طلبہ کو حراست میں لے لیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کے بیٹے نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا

لاہور: تحریک انصاف پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے بیٹے اور ساتھیوں نے گاڑی روکنے پر مبینہ طور پر پولیس اہل کاروں کو سرکاری اسلحے سمیت اغوا کرلیا۔

تحریک انصاف کے صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے بیٹے نے مبینہ طو پر پولیس اہلکاروں کو سرکاری اسلحے و گاڑی سمیت اغوا کرلیا تاہم ملزمان انہیں تھوڑی دور جاکر خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو روکا تو کار میں سوار ڈرائیور نے طیش میں آکر پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں اور اپنے گارڈز کو بلا لیا۔ کار کا ڈرائیور خود کو سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کا بیٹا کہہ رہا تھا جب کہ کار میں لڑکے کے ساتھ ایک لڑکی بھی تھی اور دونوں قابل اعتراض حالت میں تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کار سوار نے  اپنے گارڈز کی مدد سے پولیس اہلکاروں کو زدو کوب کیا اور سرکاری اسلحے و سرکاری گاڑی سمیت اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔ دیگر پولیس اہلکاروں نے گاڑی کا پیچھا کیا تو تھوڑی دیر بعد مغوی پولیس اہلکاروں کو سرکاری اسلحے سمیت خالی پلاٹ میں پھینک دیا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو سفید رنگ کی کار ایل ای سی 4968  میں اغوا کیا گیا تھا اور جب سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے پتہ کیا گیا تو کار پنجاب کے سینئر وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کے ذاتی نام پر رجسٹرڈ نکلی۔ واقعے کا مقدمہ ندیم نامی کانسٹیبل کی درخواست پر 5 نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب میاں محمود الرشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور واقعے میں میرا بیٹا ملوث نہیں اور بیٹے پر  جو الزام لگایا جارہا ہے، وہ من گھڑت ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ واقعے کے حوالے سے میڈیا کے ذریعے پتا چلا اور جیسے ہی مجھے پتا چلا میں نے بیٹے کو فوری طور پر کہا ہے وہ گلبرگ تھانے جا کر شامل تفتیش ہوجائے، اگر بیٹے یا کسی نے بھی کوئی جرم کیا ہے تو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے، ہماری طرف سے تفتیش اور تحقیقات میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔

عالمی عدالت میں کلبھوشن یادیوکیس بھرپورطریقے سے لڑیں گے، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ عالمی عدالت میں کلبھوشن یادیوکیس کی سماعت 18 فروری کوہوگی اورہم بھرپور طریقے سے اپنا مقدمہ لڑیں گے۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی اورخطے میں امن و استحکام ک پیغام دیا، وزیرخارجہ نے بھارت کے ساتھ کشمیرسمیت تمام امورپربات چیت پرآمادگی ظاہرکی، مسئلہ کشمیرکے حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد پرزوردیتے ہوئے واضح کردیا کہ پاکستان قومی وقارپرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق گزشتہ دوہفتے میں 18 کشمیریوں کا شہید کیا گیا، بھارتی افواج نے بانڈی پورہ میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جوکہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کشمیریوں پر بھارت مظالم کی مذمت کرتا ہے۔

کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 فروری کو ہوگی، پاکستان کی تیاری بھرپورہے ہم اپنا مقدمہ لڑیں گے، ہم مذاکرات کیلئے بھارت کو منا نہیں رہے، ہم پرامن ہمسائیگی میں کوشش کرسکتے ہیں، کرتارپو بارڈر تب ہی کھل سکتا ہے جب بھارت مذاکرات کی حامی بھرے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیرخارجہ نے چین، قطر، ترکی اورنائجرسمیت کئی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، وزیرخارجہ نے دورے کے دوسرے حصے میں امریکی وزیرخارجہ اوردیگراعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ امریکا کے ساتھ مذاکرات مثبت سمت میں چل رہے ہیں، اسی وجہ سے ایک مہینے میں دوسری بڑی ملاقات ہوئی ہے تاہم شکیل آفریدی کے معاملے پر پاکستانی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

‘موجودہ حکومت کو قانونیت اور لاقانونیت کا فرق معلوم نہیں’

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پاکستان کی ڈوبتی اقتصادیات کو مضبوط بنایا اور اگر موجودہ حکومت اسے لاقانونیت سمجھتی ہے تو حکومت کو قانونیت اور لاقانونیت کا فرق معلوم نہیں ہے۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اقدامات کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق سینیٹر پرویز رشید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسحٰق ڈار نے پاکستان کی خدمت کی ہے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے زمانے میں اسٹاک ایکسچینج 50 ہزار پوائنٹس عبور کر گئی تھی اور غیر ملکی زرمبادلہ 21 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے جو اسٹیٹ بینک نے خواب میں بھی نہ دیکھے ہوں گے۔

سابق وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اسحٰق ڈار کی خدمات کو دنیا نے تسلیم کیا ہے اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کو بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کا کہا تھا، آج ان کے اقدامات کی پاکستان کے عوام تعریف کرتے ہیں۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کی ملک کے لیے خدمات کو جانتے ہیں، پاکستان کبھی جی ڈی پی میں 3 فیصد سے آگے نہیں بڑھا تھا لیکن اسحٰق ڈار نے ریکارڈ توڑا اور 5.8 پر جی ڈی پی کو لے کر گئے جو ریکارڈ تھا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کی حکومت جی ڈی پی کو 5.8 سے بھی نیچے چلی گئی ہے اور موجودہ حکومت میں ریزرو ختم ہوچکے ہیں جبکہ اسٹاک مارکیٹ کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ اسحٰق ڈار کے زمانے میں لوگوں کو سستی بجلی اور سستی گیس ملتی تھی جبکہ اس حکومت نے بجلی اور گیس مہنگی کردی ہے اور اگر یہ اسے لاقانونیت سمجھتے ہیں تو انہیں قانونیت اور لاقانونیت کا فرق معلوم نہیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سنیٹر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب وفاقی دارالحکومت میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ سابق وفاقی وزیرِ خزانہاسحٰق ڈار کی جانب سے جن اعلیٰ افسران کو تعینات کیا گیا تھا انہیں ان کے عہدوں سے برطرف کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں اُن تمام اعلیٰ افسران اور اداروں کے سربراہوں کو برطرف کردیا گیا ہے جنہیں اسحٰق ڈار نے تعینات کیا تھا۔

برطرف ملازمین میں نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے چیئرمین سعید احمد، فرسٹ وومن بینک کی صدر طاہرہ رضا، زرعی ترقیاتی بینک کے صدر اور سی ای او سید طلعت محمود، ایس ایم ای بینک کے صدر احسان الحق خان کو عہدوں سے ہٹایا گیا۔

جن ریگولیٹرز کو ان کے عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ان میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک شمس الحسن، مسابقتی کمیشن پاکستان کی چیئرپرسن ایم ایس وادیا خلیل، مسابقتی کمیشن پاکستان کے رکن ڈاکٹر محمد سلیم اور شہزاد اکبر کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے غیر قانونی طریقے سے سرکاری افسران کو تعینات کرنے کا اختیار سابق وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار کو دیا تھا۔

بالی ووڈ کے وہ اداکار جنہیں آن لائن سرچ کرنا خطرے سے خالی نہیں

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکارہ الیاناڈی کروز، پریتی زنٹا اور اکشے کمار سمیت بالی ووڈ کے 10 اداکار وں کو آن لائن سرچ کرنا خطرے سے خالی نہیں۔

گلوبل کمپیوٹر سیکیورٹی سوفٹ ویئر کمپنی کے 12 ویں ایڈیشن آف میک آفی کی جانب سے حال ہی میں 10 بھارتی اداکاروں کی فہرست جاری ہوئی ہے جنہیں گوگل پر سرچ کرنا خطرے سے خالی نہیں، اگر ان اداکاروں کو یا ان کی فلموں کو گوگل پر سرچ کیاجائے توآپ کے کمپیوٹر میں خطرناک وائرس کا حملہ ہوسکتا ہے۔

ان اداکاروں میں پہلے نمبر پر بھارتی اداکارہ الیانا ڈی کروز شامل ہیں، جب کہ دوسرے نمبر پر پریتی زنٹا اور تیسرے نمبر پر اداکارہ تبو شامل ہیں۔

اس فہرست میں اداکارہ کیرتی سونن چوتھے، اکشے کمار پانچویں، دپیکا پڈوکون چھٹے اور اپنی ٹوئٹس سے آگ برسانے والے اداکار رشی کپور ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔

اس کے علاوہ اداکارہ پریانکاچوپڑا، پرینیتی چوپڑا اورگووندا کوبھی  آن لائن سرچ کرنا اور ان تمام اداکاروں کی فلمیں آن لائن یا غیر مصدقہ ویب سائیٹ سے  ڈاؤن لوڈ کرنا خطرے سے خالی نہیں۔

افغانستان پریمیئر لیگ کل شروع ہو گی

شارجہ : افغانستان پریمیئر لیگ کا پہلا ایڈیشن کل سے شارجہ میں شروع ہو رہا ہے۔

ایونٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں کئی انٹرنیشنل کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

بلند و بالا چھکے لگانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، چھکوں کے بادشاہ کرس گیل، اسپن کے جادوگر راشد خان، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میکولم، ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر آندرے رسل، بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر تمیم اقبال اور سابق کیوی بیٹسمین لیوک رونکی سمیت کئی کھلاڑی شائقین کو اپنے کھیل سے محضوظ کریں گے۔

ایونٹ میں پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں کابل، پکتیا رائلز، قندھار کنگز، بلخ لیجنڈز اور ننگرہار لیوپرڈز شامل ہیں۔

ایونٹ میں 26 میچز کھیلے جائیں گے جنہیں پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کرے گا۔

Google Analytics Alternative