Home » 2018 » October » 06

Daily Archives: October 6, 2018

پی ایچ ایف کا فنڈز کے لئے احسان مانی سے ملنے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فنڈز کے حصول کے لیے ٹاسک فورس برائے کھیل کے سربراہ احسان مانی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم  لاہور میں پی ایچ ایف کی ایگزیکٹو باڈی کا صدر برگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکنوکریٹ کی حیثیت سے سعید خان، قاسم خان اور محمد سرور شریک ہوئے۔ اجلاس میں سیکریٹری فیڈریشن شہباز سینئر اور چاروں صوبوں کی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری صاحبان بھی موجود تھے۔

اجلاس میں قومی ہاکی ٹیم کی ایشین چیمپئن ٹرافی اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے  فیڈریشن کو درپیش مالی مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فنڈزکے حصول کے لیے بہت جلد وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے کھیل کے چیئرمین احسان مانی سے ملاقات کی جائے گی۔

اجلاس میں پی ایچ ایف کے برطرف ڈائریکٹر ڈومیسٹک نوید عالم کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی جس میں  فیصلہ کیا گیا کہ سابق اولمپئن کو فیڈریشن کی طرف سے ایک اور نوٹس جاری کیا جائے گا۔

حکومت جو سلوک مخالفین سے کررہی ہے کل اس کیلیے تیار رہے، نواز شریف

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے، آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ روا رکھیں گے کل اس کے لیے انہیں تیار رہنا چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوس ناک ہے بلکہ مضحکہ خیز ہے، بحیثیت وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خدمت، امانت  و دیانت کی شاندار مثال قائم کی، جس کی نہ صرف پاکستانی عوام معترف ہے بلکہ غیر ملکی حکومتوں اور عالمی اداروں نے بھی شہباز شریف کی خدمات کا اعتراف کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر نہ ڈالے، سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے، آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ  روا رکھیں گے کل اس کے لیے انہیں تیار رہنا چاہیے اور یہی نظام قدرت ہے۔

حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انتقامی کارروائی میں لگی ہوئی ہے، خورشید شاہ

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے اب تک عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انتقامی کارروائیوں پر زور دیا ہوا ہے۔

شہباز شریف کی گرفتاری پر پارلیمنٹ میں ردِعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ شہباز شریف کو گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر قومی اسمبلی کو اطلاع دینی چاہیے تھی جو ایک قانون ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا، 1985ء کے بعد پہلی بار اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری ہوئی جو کہ قابلِ افسوس ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اب تک عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انتقامی کارروائیوں پر زوردیا ہوا ہے، ضمنی انتخابات سے قبل اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے پری پول رگنگ کا تاثر مل رہا ہے، صدر (ن) لیگ کی گرفتاری پر پارٹی مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کریں گے۔

نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، ترجمان (ن) لیگ

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور اس کے لئے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی گرفتاری پارلیمان کی بے عزتی اور ملک دشمنی ہے، گرفتاری سے قبل نہ کوئی وارنٹ دیا گیا اور نہ ہی کچھ بتایا گیا،  شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب  کیا گیا اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کرلیا گیا، جب کہ آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں حکومت کا ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا اور ناہی ایک انچ زمین دی گئی، یہ خالصتاً عوامی منصوبہ تھا۔ اس منصوبے میں کرپشن کی نشاندہی خود شہبازشریف نے کی تھی اور منصوبہ روک دیا گیا تھا، سابق وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر اس منصوبے میں ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو میں خود گرفتاری دوں گا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شہبازشریف کی گرفتاری پر حکومتی وزرا نے بیان دیا کہ یہ پہلی گرفتاری ہے اور ابھی مزید گرفتاریاں ہوں گی، اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ صدر (ن) لیگ کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور اس کے لئے  نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔ حکومتی وزرا کے اس بیان پر کارروائی ہونی چاہیے، انہوں نے نیب کی کارروائی پر مداخلت کی اور پیش گوئی کی ہے کہ مزید لوگوں کو بھی گرفتار کیا جائےگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو یہ تکلیف ہے کہ  شہبازشریف نے ناصرف پنجاب بلکہ  پورے پاکستان کی خدمت کی، 5000 میگا واٹ بجلی پیدا کی، پسماندہ علاقوں کو موٹروے سے جوڑا، سستا انصاف فراہم کیا، عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کیں اور دنیا بھر میں شہبازشریف کی  حکومت کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ(ن) نےکہا کہ مخالفین کو یہ بھی تکلیف ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا اور نہ ہی ان کا ووٹر تقسیم ہوا، مسلم لیگ کی قیادت کے ساتھ یہ پہلی بار نہیں ہوا صرف تاریخ دہرائی جاری ہے، نئے نئے نامزد وزیراعظم جان لیں ہم آمر کے دور سے گزر چکے ہیں اور ثابت قدم رہے، عام انتخابات سے قبل نوازشریف کو گرفتار کرنا اور اب ضمنی انتخابات سے قبل شہبازشریف کی گرفتاری الیکشن سے قبل دھاندلی ہے، حکومت اپنی واضح شکست دیکھ کر سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے، لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے 5 سال تک جو آگ لگائی اب اسی آگ اور کھڈوں میں ان کے اپنے لوگ گر رہے ہیں، جب سیاسی لوٹے شہبازشریف کا موازنہ عثمان بزدار سے کریں گے تو پنجاب کے ووٹرز آپ کے خلاف ہی حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

شہبازشریف کے بعد اوربھی بڑی گرفتاریاں ہوں گی، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری خوش آئند اقدام ہے تاہم یہ پہلی گرفتاری ہے ابھی  مزید گرفتاریاں ہونی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کی کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی ہے، شہبازشریف کی گرفتاری خوش آئند اقدام ہے، یہ پہلی گرفتاری ہے ابھی مزید گرفتاریاں ہونی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے اور احتساب کاعمل مزید آگے بڑھے گا، حکومت نیب کو ہروقت ہرطرح کی مدد اور تعاون کرنے کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے شہبازشریف کو آج طلب کررکھا تھا جہاں پیشی کے بعد نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو حراست میں لے لیا۔

حکومت کی کوشش ہے اصل مسائل سے توجہ ہٹاکر ڈرامے بازی کرتے رہیں، بلاول

سرگودھا: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی کوشش ہے کہ اصل مسائل سے توجہ ہٹاکر ڈرامے بازی کرتے رہیں تاہم پیپلزپارٹی عوامی مسائل اجاگر کرتی رہے گی۔

سرگودھا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے، عوام نے اس امید کے ساتھ پی ٹی آئی کو ووٹ دیا کہ تبدیلی آئے گی، عمران خان نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے اور 50 لاکھ گھر بنائیں گے تاہم پرانے بجٹ سے عوام بہت مایوس ہوئے، ضمنی بجٹ میں روزگار کا ذکر ہے اور نہ نیا انقلابی قدم اٹھایا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں تعلیم اور صحت سمیت ہر جگہ کٹ لگایا گیا، گیس اور بجلی پر ٹیکس میں اضافے سےغریب عوام متاثر ہوں گے، پی ٹی آئی حکومت کی کوشش ہے کہ اصل مسائل سے توجہ ہٹاکر ڈرامے بازی کرتے رہیں تاہم پیپلزپارٹی عوامی مسائل اجاگر کرتی رہے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات اقوام متحدہ، اسکاٹ لینڈ یارڈ سمیت دیگر قومی اداروں نے کی، جس کیس کا فیصلہ جلد آنا چاہیے تھا وہ کیس 10 سال چلا اور فیصلے میں دہشت گرد اور سہولت کاروں کو رہا کردیا گیا جب کہ فیصلے میں ملزمان کو کلین چٹ اور پرویز مشرف کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل؛ نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کرلیا

لاہور: نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو گرفتار کرلیا۔

نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو حراست میں لے لیا ہے۔ نیب لاہور نے شہبازشریف کو آج طلب کررکھا تھا۔

نیب ہیڈ کوارٹرز سے جاری ہونے والے اعلامیے میں شہبازشریف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو آشیانہ کمپنی کیس میں گرفتار کیا ہے اور انہیں کل احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نیب نے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی باضابطہ گرفتاری کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا اور اس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ تاہم ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ کسی رکن اسمبلی کی گرفتاری سے پہلے اسپیکر کی اجازت درکار نہیں ہوتی، گرفتاری کے بعد متعلقہ ادارے کی جانب سے اسپیکر کو آگاہ کرنا ضروری ہوتا ہے، اور ابھی تک اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے متعلق کوئی خط اسپیکر آفس موصول نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری خوش آئند اقدام ہے، یہ پہلی گرفتاری ہے اور مزید گرفتاریاں ہونی ہیں۔ پاکستان کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، حکومت نیب کو ہروقت ہرطرح کی مدد اور تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔

دوسری جانب شہباز شریف کی گرفتاری کی خبر سن کر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان بڑی تعداد میں نیب کے دفتر کے باہر جمع ہوگئے جب کہ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

بنی گالہ تجاوزات کیس؛ سب سے پہلا ایکشن وزیراعظم کے خلاف لینا چاہیے، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس ثاقب نثار نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ سی ڈی اے کو سب سے پہلا ایکشن وزیراعظم عمران خان کے خلاف لینا چاہیے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان درخواست گزار ہیں،ریگولر کرانے کے لیے پہلا قدم اٹھائیں، جس پر وزیر اعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ بنی گالا کا گھر ریگولر کرانے کے لیے سی ڈی اے کے پاس جائیں گے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سی ڈی اے کے پاس آپ کیا لے کر جائیں گے؟ کیا وہ دستاویزات لے کر جائیں گے جن میں نقشے کا کوئی ثبوت نہیں ؟، سی ڈی اے کو سب سے پہلا ایکشن وزیراعظم کے خلاف لینا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق سروے آف پاکستان کی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ جنہوں نے غیر قانونی تعمیرات کیں ان سے جرمانے لیے جائیں، حکومت اپنے جرمانے بھی ادا کرے اور دوسرے لوگوں سے بھی لے، گھر ریگولرائز کرانے کے لئے سب سے پہلے عمران خان کوفیس ادا کرنا ہوگی۔

Google Analytics Alternative