Home » 2018 » October » 07

Daily Archives: October 7, 2018

سی پیک منصوبوں کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے، وزیر اعظم

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے سی پیک میں بلوچستان کو اس کا پورا حق دیا جائے گا، یہاں نیا بلدیاتی نظام لائیں گے اور کینسر اسپتال بھی بنائیں گے۔

آج وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ کے دورے پر پہنچے جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور اراکین اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری بلوچستان نے وزیر اعظم عمران خان کو صوبے کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

سی پیک میں بلوچستان کو پورا حق دیا جائے گا

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں  قدرتی وسائل استعمال کرکے غربت و پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے اراکین بلوچستان اسمبلی مسائل کے حل کے لیے موثر قانون سازی کریں، کوئٹہ میں پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے ترجیحی اقدامات کی ضرورت ہے، سی پیک منصوبوں کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور سی پیک میں بلوچستان کو اس کا پورا حق دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد کمال نے الگ الگ ملاقات بھی کی جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور صوبے میں ترقیاتی اور فلاح عامہ کے منصوبوں کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلوچستان کے انسانی وسائل پر فنڈز خرچ کیا جائے گا

دریں اثنا عمائدین، ججز، سول سوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی، سابقہ حکومتوں کی جانب سے بلوچستان کی ترقی کے لیے مختص فنڈز اگر انہیں ٹھیک طرح ملتا تو آج صوبہ ترقی کرچکا ہوتا، بلوچستان کے لوگوں کی مدد کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کروں گا، سب سے زیادہ بلوچستان کے لوگوں پر پیسہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت انسانی وسائل کو بہتر کیا جائے گا۔

صوبے میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کرایا جائے گا

وزیر اعظم نے کہا کہ جو بلدیاتی نظام ہم پنجاب اور کے پی کے میں لائیں گے ان ہی خطوط پر بلوچستان میں بھی بلدیاتی نظام لایا جائے، ویلیج کونسلز بنائی جائیں انہیں براہ راست فنڈ پہنچایا جائے، بلوچستان میں موجود معدنیات کا تخمینہ ساڑھے چار سو ارب ڈالر کا ہے، ابھی تیل و گیس کی ایکسپلوریشن کا عمل جاری ہے۔

بلوچستان کی مالی مدد کے لیے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا

عمران خان نے کہا کہ دریائے سندھ سے کچھی کینال کے ذریعے بلوچستان کا پانی کا حصہ بحال ہوجائے تو چار لاکھ کینال اراضی کاشت کے قابل ہونے سے صوے میں خوشحالی آئے گی، بلوچستان کی مالی مدد کے لیے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا۔

کینسر اسپتال بنانے کی ہرممکن کوشش کریں گے

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے سبب صوبے میں بڑا نقصان ہوا، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور دیگر پروفیشنلز صوبہ چھوڑ گئے، کینسر اسپتال کی یہاں بڑی ضرورت ہے، شوکت خانم کے سی ای او کو یہاں بھیج کر جائزہ لیں گے، پروفیشنلز باہر سے یہاں لائیں گے یہاں کینسر اسپتال بنائیں گے جس کی یہاں بڑی ضرورت ہے۔

بلوچستان میں کرپشن کے خلاف کام کیا جائے

عمران خان نے مزید کہا کہ کرپشن ایک بڑا مسئلہ ہے جس کے لیے ملکی ادارے بھی تباہ کرنے پڑتے ہیں، چند برس میں ملکی قرضہ 6 ہزار ارب سے 28 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا، بلوچستان میں کرپشن کے خلاف کام کیا جائے، فنڈز پر نظر رکھی جائے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سدرن کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

مخالفین جو بھی ہتھکنڈے استعمال کرلیں ہم سرخرو ہوں گے، نواز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ مخالفین جو بھی ہتھکنڈے استعمال کرلیں ہم سرخرو ہوں گے۔

شہباز شریف کی گرفتاری پر نواز شریف کی سربراہی میں شریف خاندان کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ مخالفین جو بھی ہتھکنڈے استعمال کرلیں ہم سرخرو ہوں گے، شہباز شریف نے پنجاب کے عوام کے لیے دن رات محنت کی، جب کچھ کیا ہی نہیں تو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز اور نواز شریف کے درمیان بات ہوئی جس میں پارٹی معاملات پر حمزہ شہباز نے نواز شریف سے رہنمائی لی اور حمزہ شہباز نے عدالتی کارروائی پر نواز شریف کو بریف کیا۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ن) نے قبل از وقت دھاندلی کے خدشے کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔ یہ خط لیگی رہنما راجہ ظفر الحق کی جانب سے ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے ضمنی انتخابی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

شہباز شریف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور: احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ پراسیکیوٹر نیب اور شہباز شریف کے وکلا نے عدالت میں دلائل دیے۔ نیب نے شہباز شریف کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی تاہم احتساب عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کو نیب کے حوالے کردیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر کو نیب کے دفتر منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ 16 اکتوبر تک تحویل میں رہیں گے اور ان سے کیس میں مزید تفتیش کی جائے گی۔

شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سیکڑوں کارکن احتساب عدالت پہنچ گئے اور اپنے قائد کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ سیاسی کارکن پولیس کی بکتر بند گاڑی پر چڑھ گئے اور ان کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔ مظاہرین کی جانب سے نیب اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جب کہ پولیس کے تشدد کے باعث صورت حال کشیدہ ہوگئی۔ شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ اور سلمان بھی احتساب عدالت میں موجود رہے۔

شہباز شریف کی نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ لوئر مال روڈ کا ایک حصہ ٹریفک کے لئے بند کیا گیا۔ رینجرزکے دستے بھی کسی ناخوشگوارواقعہ سے نمٹنے کے لئے گشت کرتے رہے۔

نیب نے گزشتہ روز قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کیا تھا۔

شہبازشریف پرالزام

نیب کے مطابق شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے آشیانہ ہاؤسنگ منصوبے میں میرٹ پر ٹھیکا لینے والی کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کرا کے اپنی من پسند کمپنی کو ٹھیکا دلوایا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔

ڈی پی او پاکپتن کیس؛ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تحقیقاتی رپورٹ مسترد کردی

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈی پی او پاکپتن کیس کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سپریم کورٹ میں واقعے کی انکوائری رپورٹ سے متعلق اپنا جواب جمع کروادیا ہے جس میں رپورٹ کو غیر متوازن اور رضوان گوندل کی طرف داری پر مبنی قرار دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ  بطور وزیراعلی پنجاب میں نے اپنے عہدے اور اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا تفتیشی افسر خالق دادلک نے ڈی پی او رضوان گوندل کے بیان کو انتہائی مقدس سمجھا جب کہ دیگر لوگوں کے بیانات کو بلا جواز رد کر دیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے خالق داد لک کی انکوائری رپورٹ کو ربڑ اسٹمپ اور مفروضوں پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خالق داد لک کی رپورٹ انکوائری سے زیادہ ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کا بیان ہے، اگر رپورٹ میں رضوان گوندل کے موقف کی حمایت کرنی تھی تو ایسی انکوائری کی ضرورت ہی نہیں تھی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ خالق داد لک پنجاب حکومت سے مخالفت رکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ پنجاب حکومت نے انہیں آئی جی پنجاب نہیں لگایا تاہم حقیقت یہ ہے کہ آئی جی پنجاب لگانے کی فہرست سے ان کا نام پنجاب حکومت نے نہیں بلکہ وفاقی حکومت نے نکالا۔

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دست راز احسن جمیل گجر نے اپنے جواب میں خالق داد لک کی رپورٹ کو مبہم اور غیر واضح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ  انکوائری آفیسر میرا جواب کھینچ تان کر مس کنڈکٹ کے دائرے میں لائے حالانکہ میں کوئی عوامی عہدہ نہیں رکھتا عام شہری ہوں، لہذا مجھے کسی مس کنڈکٹ یا ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا نہیں جا سکتا۔

احسن جمیل گجر نے اپنے تحریری جواب میں یوٹرن لیتے ہوئے خود کو مانیکا فیملی کا قریبی دوست قرار دیا۔ حالانکہ اس سے پہلے انہوں نے عدالت میں پیشی پر خود کو خاور مانیکا کے بچوں کا گارڈین (سرپرست) کہا تھا۔

علاوہ ازیں سابق آئی جی پنجاب کلیم امام نے اپنا جواب بند لفافے میں سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے۔

شہباز شریف پر مقدمہ ہم نے نہیں نیب نے بنایا، شاہ محمود قریشی

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شہباز شریف پر مقدمہ ہم نے نہیں بلکہ نیب نے بنایا ہے۔

سرکٹ ہاؤس ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیب خودمختار ادارہ ہے جس نے تحقیق کے بعد شہباز شریف کو گرفتار کیا تاہم شہباز شریف کو قانونی جنگ لڑنے کا پورا حق حاصل ہے۔

دورہ امریکا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے ہی امریکا دوسری قسط روکنے کا فیصلہ کرچکا تھا، اب  ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بقاء کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکا پچھلے 2 سال سے نکتہ چینی کر رہا تھا، میری ملاقات کے بعد صورتحال اس کے برعکس ہے ہمارے 7 دہائیوں کے تعلقات کو ہندوستان اور افغانستان کے چشمے میں دیکھنا ٹھیک نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  اقوام متحدہ میں میری تقریر پاکستانی عوام کی آواز تھی اور وزیر اعظم پاکستان کا موقف اقوام متحدہ میں پیش کرنے پر خوش ہیں جب کہ وزیر اعظم نے اس تقریر پر مجھے مبارک باد دی ہے۔

وزیراعظم کا دورہ سدرن کمانڈ، بلوچستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے سدرن کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کینٹ میں سدرن کمانڈ کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ ائیر بیس پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وفاقی وزراء بھی تھے۔

سدرن کمانڈ میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو خوشحال بلوچستان معاشی ترقیاتی پروگرام، سی پیک کے سکیورٹی منصوبوں اور پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے کام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے شورش زدہ علاقوں میں قیام امن کے بعد ہماری توجہ بلوچستان پر ہے، پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے جڑا ہے۔

وزیراعظم نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان تعاون، جامع قومی کوشش کے ذریعے اور فوج کی مدد سے بلوچستان کے حقیقی وسائل سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنر بلوچستان جسٹس (ریٹائرڈ) امان اللہ خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد کمال نے الگ الگ ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور صوبے میں ترقیاتی و فلاح عامہ کے منصوبوں کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پر عزم ہے، اس عزم کی تکمیل کے لیے تمام فریقین کی مشاورت سے مکمل وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں کی، شہباز شریف

لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کرپشن الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک دھیلے کی بھی بدعنوانی نہیں کی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کیس میں شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا جس نے ان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔ پراسیکیوٹر نیب نے عدالت سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے سرکاری آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دیا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔

شہباز شریف نے عدالت کے روبرو بیان میں کہا کہ انہوں نے ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں کی اور دن رات ایک کرکے عوام کی خدمت کی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ان پر سیاسی بنیادوں پر مقدمہ بنایا گیا ہے جبکہ انہوں نے اورنج لائن منصوبے میں بھی قوم کے 75 ارب روپے بچائے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ روز قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کیا تھا۔ نیب کے مطابق شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے آشیانہ ہاؤسنگ منصوبے میں میرٹ پر ٹھیکا لینے والی کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کرا کے اپنی من پسند کمپنی کو ٹھیکا دلوایا۔

سونم کپور نے آخری پیغام جاری کرکے ٹوئٹر کو خیرباد کہہ دیا

بالی وڈ اداکارہ سونم کپور نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کو خیرباد کہہ دیا۔

بالی وڈ کے کئی اداکار سوشل میڈیا پر متحرک ہیں جہاں وہ اپنے خیالات کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی کے معاملات سے بھی مداحوں کو آگاہ کرتے رہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر فعال رہنے والے اداکاروں میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، کرن جوہر اور سونم کپور شامل ہیں لیکن اب سونم نے ٹوئٹر کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

Sonam K Ahuja

@sonamakapoor

I’m going off twitter for a while. It’s just too negative. Peace and love to all !

اداکارہ سونم کپور نے ٹوئٹر کو خیرباد کہنے کیلئے ٹوئٹ کا ہی سہارا لیا اور ٹوئٹ کی کہ کچھ عرصے کے لیے ٹوئٹر کو چھوڑ رہی ہوں کیوں یہ بہت زیادہ منفی جگہ ہے۔

سونم کپور کو ٹوئٹر پر کئی بار تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور وہ انٹرویوز میں بھی سوشل میڈیا کو ’منفی‘ قرار دے چکی ہیں۔

Google Analytics Alternative