Home » 2018 » November » 07

Daily Archives: November 7, 2018

پاکستان فوری معاشی بحران سے نکل چکا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ 6 ارب ڈالر سعودی عرب سے اور باقی رقم چین سے آئی جس کی وجہ سے پاکستان فوری معاشی بحران سے نکل چکا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ چین میں  سماجی و اقتصادی تعاون و ترقی، غربت کے خاتمے، زراعت ، ٹیکنیکل تعاون، جنگلات، ارتھ سائنسز، اعلیٰ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوئے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان اور چین نے سی پیک کے پہلے مرحلے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، پہلے مرحلے میں انفرا اسٹرکچر اور توانائی کے منصوبے لگائے گئے، اب اگلے مرحلے میں صنعتی ، زرعی ترقی، تجارت کے فروغ کا فیصلہ کیا گیا ہے،  سی پیک کا اگلا مرحلہ پاکستان میں روزگار، برآمدات کے فروغ میں مدد دے گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے شور مچا ہوا ہے کہ حکومت نے معیشت تباہ کردی، ہم نے برآمدات کے لیے 2 ماہ میں بہت سے اقدامات کیے،  زراعت ، صنعت اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں، پاک چین اقتصادی تعلقات بھی اگلے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 12 ارب ڈالر کا گیپ بتایا تھا، سعودی عرب نے 6 ارب ڈالر فراہم کردیے ہیں اور مزید ذرائع سے بھی رقم آئی ہے، پاکستان، فوری بحران سے نکل چکا ہے، پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن میں اب کسی بحران کا سامنا نہیں، اب ہماری توجہ طویل المیعاد استحکام پر مرکوز ہے، توازن ادائیگی لانے کے لیے برآمدات بڑھانا ضروری ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ 9 نومبر کو بیجنگ میں اہم میٹنگ ہوگی جس میں پاکستان کا اعلی سطح وفد بھی شرکت کرے گا، پاکستانی وفد میں سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگراعلیٰ حکام شامل ہوں گے، وفد چین میں توازن ادائیگی کے حوالے سے خدوخال اور اپنے اپنے شعبوں میں چینی حکام کے ساتھ طریقہ کار طے کرے گا۔

چیف جسٹس نے آسیہ بی بی کی بریت کے ردعمل میں توڑ پھوڑ کا نوٹس لے لیا

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف نے ملاقات کی جس میں دورہ چین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں دورہ چین اور روسی وزیراعظم سے ملاقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ ملاقات میں ملک کی سیکیورٹی اور مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد کی صورتحال سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ شب اپنا پہلا سرکاری دورہ چین مکمل کرکے وطن واپس پہنچے تھے۔ دورہ چین کے دوران دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ چین سے امدادی پیکج کا فوری اعلان نہ ہوسکا، لیکن اس حوالے سے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

دوسری جانب ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر صدرمملکت نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف افواج کی قربانیوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔

چیف جسٹس نے آسیہ بی بی کی بریت کے ردعمل میں توڑ پھوڑ کا نوٹس لے لیا

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے توہین رسالت کے کیس میں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے رد عمل میں توڑ پھوڑ کا نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مظاہروں کے دوران 3 دن میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے جلاؤ گھیراؤ سے متاثرہ عوام کے نقصانات کی تلافی کیلئے نوٹس لیا۔

واضح رہے کہ توہین رسالت کے جرم میں ماتحت عدالتوں سے سزائے موت پانے والی آسیہ بی بی کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے 31 اکتوبر کو خاتون کی رہائی کے احکامات جاری کیے جس کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کیا گیا

احتجاج کے دوران کئی شہریوں میں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچاتے ہوئے کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی تھی، 2 نومبر کی شب حکومت اور مظاہرین میں 5 نکاتی معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد ملک بھر میں دھرنے ختم کردیئے گئے تھے۔

دھرنے ختم کرانے کے بعد حکومت نے املاک جلانے اور پر تشدد واقعات میں ملوث شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز تک تحریک لبیک پاکستان کے ملک بھر کے دھرنوں کے دوران توڑ پھوڑ، تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں ملوث 1800 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ سیکڑوں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

وزارت داخلہ نے بھی شرپسندوں کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جانے کی تصدیق کی تھی لیکن اب وفاقی وزرات داخلہ نے توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی گرفتاریاں التواء میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام صوبائی حکومتوں کو مزید گرفتاریوں سے روک دیا ہے

افغانستان میں فوجی اڈے پر حملے میں 25 اہلکار ہلاک

کابل: افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں فوجی ایئربیس پر طالبان کے حملے میں کم از کم 25 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان عسکریت پسندوں نے ایرانی سرحد کے قریب واقع فوجی ایئربیس کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 25 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

سینئر فوجی افسر نےنام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اڈے پر 50 اہلکار تعینات تھے تاہم حملے کے بعد سے کئی اہلکار لاپتہ ہیں اور اب تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا جب کہ حملے کا نشانہ بننے والے اڈے سے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔

صوبائی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حملہ آور کم از کم 20 سیکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنا لے گئے ہیں جن کی تلاش کے لیے کوشش جاری ہیں۔ افغان وزارت دفاع کے اعداد و شمار کے مطابق صرف ستمبر میں 500 سیکیورٹی اہلکار مختلف حملوں اور جھڑپوں میں مارے گئے ہیں۔

سلمان خان نے کینسر کے ننھے مریض کی خواہش پوری کردی

ممبئی: کروڑوں دلوں پر حکمرانی کرنے والے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے کینسر میں مبتلا ننھے بچے کی خواہش پوری کردی۔

بالی ووڈ کے بھائی سلمان خان بہترین اداکار ہونے کے ساتھ بے حد نرم دل انسان بھی ہیں جو دوسروں کی مدد کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اسکرین کے ساتھ لوگوں کے دلوں پر بھی راج کرتے ہیں۔ جتنی محبت سلمان خان کے چاہنے والے ان سے کرتے ہیں اتنی ہی محبت سلمان بھی اپنے پرستاروں سے کرتے ہیں جس کا مظاہرہ حال ہی میں دیکھنے میں آیا جب انہوں نے کینسر میں مبتلا اپنے ننھے مداح کی خواہش پوری کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ننھے بچے نے سلمان خان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی سلمان خان کو جیسے ہی پتہ چلا وہ فوراً بچے سے ملنے ممبئی کے ٹاٹا میموریل اسپتال پہنچے اور نا صرف بچے سے ملاقات کی بلکہ وارڈ میں موجود تمام بچوں سے ملے اور ان کے معصوم چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کی وجہ بنے۔

سلمان خان کی بچے سے ملنے کی ویڈیو اسپتال میں موجود ان کے ایک اور مداح نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کینسر کے مرض میں مبتلا بچہ اپنے پسندیدہ اسٹار سے مل کر کتنا خوش ہے۔

وزیراعظم کاکامیاب دورہ چین اور روسی ہم منصب سے ملاقات

adaria

پاکستان نے جہاں چین سے مزید تعلقات بہتر کرنے کے لئے ہاتھ بڑھایا ہے وہاں پروزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے ویژن کا مزید مثبت ثبوت دیتے ہوئے روس کی جانب بھی باقاعدہ دوستی کا ہاتھ بڑھادیا ہے۔شنگھائی میں انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کی سائیڈ لائن ملاقات کے دوران اپنے روسی ہم منصب سے پاک روس سٹریٹجک تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا، ساتھ ہی عمران خان نے روسی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔پاکستان کی جانب سے یہ اقدام انتہائی خوش آئند ہے ۔خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے روس سے سٹریٹجک تعلقات کلیدی اہمیت کے حامل ہوں گے کیونکہ آج تک پاکستان اور امریکہ کے تعلقات جوکہ قائم بھی ہیں لیکن گرم سرد موسم میں کبھی بھی پورے نہیں اترے۔ دنیابھرمیں پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جتنی قربانیاں دی ہیں اور جتنی زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی گوکہ امریکہ اس بات کو تسلیم بھی کرتا ہے مگر اس کے باوجود وہ ڈومور کا مطالبہ بھی ساتھ ساتھ کرتارہتا ہے ۔افغانستا ن میں امریکہ اپنی ناکامی کی ذمہ داری دیگرپڑوسی ممالک پرڈالنے کے درپے ہے ،اسی وجہ سے وہ پاکستان کے حوالے سے تحفظات کااظہار کرتا رہتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے واضح طورپر دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ اب پاکستان کسی کی بھی جنگ اپنی سر زمین پرنہیں لڑے گا لہٰذا ایسے حالات میں روس کے ساتھ پاکستان کے دفاعی امور کے حوالے سے تعلقات اہمیت رکھتے ہیں اس سے نہ صرف خطے میں طاقت کاتوازن برقرار رہے گا بلکہ امریکہ کی جانب سے بھی جو مختلف الزامات عائد کئے جاتے رہتے ہیں ان میں بھی کمی آئے گی۔ادھر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ نے بھی مشترکہ مشقوں کو پاک روس فوجی تعلقات مضبوط بنانے کااہم فورم قرار دیا ہے ۔انہوں نے پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں’’دروزبہ سوم‘‘ کامعائنہ کیا،شرکاء سے ملاقات کی او ر جوانوں کی صلاحیت وپیشہ وارانہ مہارت کی تعریف بھی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان مشقوں کے انعقادکامقصد پاکستان اور روس کے سپیشل دستوں کوانسداد دہشت گردی کی تربیت فراہم کرنا اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرناہے۔اس موقع پر پاکستان میں روس کے ناظم الامور بھی موجودتھے۔بیجنگ میں وزیراعظم پاکستان کی روسی ہم منصب سے ملاقات اور پاک روس مشترکہ مشقیں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ مستقبل قریب میں پاکستان اور روس مزید ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور ان کے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔ چین کے شہر شنگھائی میں انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو سے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خطاب کے دوران کہاکہ سی پیک منصوبہ مشرق وسطیٰ اورخلیجی ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے، سرمایہ کاری کرنے اور نئی منڈیوں کاذریعہ بنے گا۔ یہ بات بالکل حقیقت کے قریب ہے وزیراعظم درست فرمارہے ہیں کہ جب سرمایہ کاری بڑھے گی اور نئی منڈیوں کی بھی تلاش ہوگی تو یقینی طورپر غربت میں خاتمہ ہوگا سرمایہ کاری کی وجہ سے ملک کے اندر اس کی اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے ملک کاجی ڈی پی بڑھے گا جب جی ڈی پی میں اضافہ ہوگا تولامحالہ وطن عزیز ترقی کی جانب سے گامزن ہوجائے گا، جب کبھی کسی ملک کی اپنی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ ہونا شروع ہوجائے تو پھر وہ ترقی کے منازل طے کرناشروع کردیتاہے۔وزیراعظم نے واضح کیاکہ بدعنوان معاشرے میں سرمایہ کاری نہیں ہوسکتی اس کے لئے ہم اداروں کومضبوط کریں گے ان تمام اقدامات اورپہلوؤں کا بغورجائزہ لیاجائے تووزیراعظم پاکستان کا چین کادورہ کامیاب رہا کیونکہ چین نے بھی کہہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کو تنہانہیں چھوڑے گا اورمعاشی اعتبار سے بھی اس کومضبوط بنائے گا سب سے اہم اقدام جو وزیراعظم نے اٹھایا وہ اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات اورپاک روس سٹریٹجک تعاون بڑھانے پراتفاق ہے۔

آن لائن بینکنگ فراڈ۔۔۔توجہ طلب مسئلہ
ملک میں جہاں مالی کرپشن ہورہی ہے وہاں آن لائن بنکنگ فراڈ کادائرہ کاروسیع ہوتا جارہاہے ،لوگ یہ سمجھتے تھے کہ جیب میں رقم رکھنا خطرناک کام ہے ،جبکہ وہ بنکوں میں اپنی رقوم محفوظ سمجھتے تھے، اس کے لئے اے ٹی ایم کارڈ استعمال کیاجاتا ہے تاکہ جتنی رقم جس وقت پرضرورت ہو اتنی ہی اے ٹی ایم مشین سے نکلوائی جاسکے۔ مگر اس کو اداروں کی ناکامی یاپھر حکومت کی جانب سے مسئلے کو نظرانداز کرنے کاکہاجائے کس کوموردالزام ٹھہرایاجائے، اب تو بنکوں میں پڑا پیسہ بھی محفوظ نہیں۔گوکہ یہ فراڈ دنیابھرمیں عروج پر ہے لیکن ہمیں اپنے گھرکوسدھارنا ہے ۔سب سے پہلے جو مسئلہ درپیش آتا ہے وہ اے ٹی ایم کی سروس کی معطلی کاہے جس کی وجہ سے صارف سخت کرب کاشکار ہوجاتا ہے، اس کے بعد جب وہ اے ٹی ایم سویپ کرے تو اسے پتہ چلتا ہے کہ اس کی رقم کو کوئی اور نکلواچکا ہے ۔آن لائن فراڈ کے ذریعے کے پی کے کے سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اور دیگر اہم افسران سمیت 200افراد کروڑوں روپے سے محروم ہوچکے ہیں۔ گزشتہ تین ماہ سے اس فراڈ میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے مگر اس حوالے سے تاحال کوئی تادیبی کارروائی سامنے نہیں آسکی صارف کس کے خلاف رپورٹ درج کرائے کون اس کاذمہ دار ہے۔ ایف آئی اے کوچاہیے کہ ترجیحی بنیادوں پراس جانب توجہ دے اگر عوام کابنکوں سے بھی اعتماد اٹھ گیا تو پھر آخر کار وہ اپنی بھاری رقوم کہاں رکھیں گے ،ایسے حالات میں ملک کیا خواب ترقی کرے گا ،جب کسی بھی شہری کی رکھی ہوئی رقم بھی محفوظ نہیں تو وہ ملک وقوم کے لئے آگے کیاکرسکتاہے نہ ہی کوئی سرمایہ کار پاکستان آئے گا یہ وہ بنیادی تحفظ ہے جن کو حکومت اور اداروں نے عوام کو فراہم کرناہے۔
سچی بات میں ایس کے نیازی کی دوراندیش گفتگو
ایس کے نیازی نے ہمیشہ اپنے روزنیوز کے پروگرام سچی بات میں ناظرین کو نہ صرف قبل ازوقت اہم خبروں سے باخبررکھا بلکہ اپنے زیرک تجزیوں سے بھی نوازا جس میں انہوں نے جہاں حکومت کو اپنے بہترین مشوروں اور آراء سے آگاہ کیا۔وہاں پر بنیاد ی عوامی مسائل کو بھی اجاگر کیا۔پروگرام سچی بات میں ایس کے نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت بہت بڑا نقصان ہے،مولانا سمیع الحق کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،احتجاج کے باعث لوگوں کو مسائل کا سامنا تھا، مولانا سمیع الحق کی کوشش رہی کہ مذہبی جماعتیں اکٹھی رہیں،مولانا سمیع الحق بہت بڑے آدمی تھے جن سے قوم محروم ہوگئی مولانا سمیع الحق کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں،تحقیقات میں ہی کوئی صحیح بات سامنے آئے گی میں چیف جسٹس آف پاکستان کو قوم کا مسیحا سمجھتا ہوں،چیف جسٹس نے کہا نبی پاکﷺکے نام پر جان بھی قربان ہے،سیاستدانوں کی کرپشن پکڑی جائے تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے، املاک کو نقصان پہنچا نے وا لے کسی معافی کے مستحق نہیں،حکومت نقصانات کا ازالہ کرے،ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے چاہئیں، وزیراعظم عمران خان مخلص انسان ہیں، وزیراعظم عمران خان دلیر آدمی ہیں۔میں وزیراعظم کے دورہ چین کو کامیاب سمجھتا ہوں۔مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، لوگ فوری ریلیف چاہتے ہیں،سی پیک سے کاروبار اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

سعودی عرب میں پہلے نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مملکت کے پہلے نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے دارالحکومت ریاض میں ایک تقریب کے دوران مملکت کے پہلے تحقیقی نیوکلیئر ری ایکٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کنگ عبدالعزیز سٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی  ہال میں  دیگر 6 بڑے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔

سعودی عرب  کا پہلا نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر بجلی پیدا نہیں کرے گا بلکہ یہ خالصتاً تحقیقی مقاصد کے لیے استعمال ہوگا، اس ری ایکٹر کو خصوصاً تعلیمی شعبے، ترقی اور دیگر اغراض میں تحقیق کے لیے معاونت کے طور پر بروئے کار لایا جائے گا۔

سعودی عرب ملکی توانائی اور بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خام تیل اور قدرتی گیس کے بعد دیگر ذرائع کو ایندھن کے طور پر استعمال کرنے جارہا ہے۔

پریانکا کی شادی میں بالی ووڈ شخصیات کو نہ بلانے کا فیصلہ

ممبئی: معروف بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونز کی عنقریب ہونے والی شادی میں بالی ووڈ کی شخصیات کو نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پریانکا اور جونز یکم دسمبر کو بھارتی ریاست جودھ پور میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے۔ شادی کی اس تقریب میں  دونوں فنکاروں کی جانب سے 1500 سے 2000 مہمانوں کو مدعو کیا جانا تھا اور کہا جارہا تھا کہ شادی میں بالی ووڈ سپراسٹارز سلمان خان، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور فرحان اختر سمیت متعدد اداکاربھی شرکت کریں گے لیکن اب انہیں نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ پریانکا بالی ووڈ سے وابستہ شخصیات کو شادی میں مدعو کرنا چاہتی تھیں لیکن اب صرف اپنے قریبی دوستوں اور عزیز و اقارب کی موجودگی میں شادی کرنا چاہتی ہیں اور فلم نگری سے جڑے لوگوں کو شادی کے بجائے شادی کے استقبالیے میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا کی نک جونز سے شادی سے قبل ہی رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی ہوجائے گی جو کہ 14 سے 15 نومبر تک اٹلی میں انجام پائے گی۔

Google Analytics Alternative