Home » 2018 » November (page 4)

Monthly Archives: November 2018

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں آونتی پورہ کے علاقے خریو کا محاصرہ کرلیا۔ قابض افواج نے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران فائرنگ کرکے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے نتیجے میں ایک ہفتے میں شہید کشمیریوں کی تعداد 25 ہوگئی۔ شہید نوجوانوں کی شناخت عادل احمد اور عدنان احمد کے نام سے ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے مسلسل بھارت کی جانب سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا جارہا ہے اور کشمیر سمیت تمام مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کی بات کی جارہی ہے۔ تاہم گزشتہ روز بھی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کا امکان مسترد کردیا۔

بھارتی کمپنی کا 2.0 کی ریلیز پر ملازمین کے لیے چھٹی کا اعلان

ممبئی: بھارتی ریاست تمل ناڈو کی ایک کمپنی نے سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم 2.0 کی ریلیز پر چھٹی کااعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم 2.0 آج ریلیز ہوگئی ہے۔ سپر اسٹار رجنی کانت کو بھارت میں بے انتہا پسند کیا جاتا ہے اور پرستار ان کی فلم کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔

حال ہی میں بھارتی ریاست تمل ناڈو کی ایک کمپنی ’گیٹ سیٹ گو ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ‘ نے رجنی کانت سے اپنی محبت کا ثبوت دیتے ہوئے فلم 2.0 کی ریلیز پراپنے ملازمین کو چھٹی دے دی ہے تاکہ وہ فلم کو بھرپور انداز میں انجوائے کرسکیں یہاں تک کہ کمپنی مالکان نے تمام ملازمین کو فلم کے مفت ٹکٹس بھی دئیے ہیں۔

دوسری جانب فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم 2.0 کو بلاک بسٹر قرار دیتے ہوئے 5 اسٹارز دئیے ہیں اور فلم میں اکشے کمار کی اداکاری کو سراہتے ہوئے رجنی کانت کو ’باس‘ قراردیاہے۔

واضح رہے کہ فلم2.0  ساڑھے 500 کروڑ کے بجٹ کے ساتھ بالی ووڈ کی مہنگی ترین فلم ہے جس میں اکشے کمار، رجنی کانت اور ایمی جیکسن مرکزی کردار نبھارہے ہیں۔

صارفین کے اکاؤنٹس سے رقوم چوری ہونے پر متعلقہ بینک کیخلاف کارروائی ہوگی، اسٹیٹ بینک

کراچی: اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سائبر حملوں کی صورت میں صارفین کے اکاﺅنٹ سے رقوم چوری ہونے پر اسٹیٹ بینک متعلقہ بینک کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کو بینکوں کے نظام کو سائبر سیکیورٹی حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے فی الفور اقدامات کی ہدایت کردی ہے، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے اعلامیہ میں جاری کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سائبر حملوں کی صورت میں صارفین کے اکاﺅنٹ سے رقوم چوری ہونے پراسٹیٹ بینک متعلقہ بینک کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گا اور بینک سے چوری ہونے والی رقوم دو روز میں صارفین کے اکاﺅنٹ میں جمع کرانا ہوگی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام بینک اپنے نظام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں اور سائبر سیکیورٹی سے تحفظ میں پائی جانے والی کمزوریوں کو دور کریں، الیکٹرانک لین دین کے متبادل چیننلز سمیت کارڈ پیمنٹ سسٹم، رئیل ٹائم گراس سیٹلمنٹ سسٹم، انٹرنیشنل وائر ٹرانسفر کوڈ، انٹرنیٹ اور موبائل بینکنگ ایجنٹ سے کی جانے والی برانچ لیس بینکاری کے سائبر نظام کا بھی ماہرانہ جائزہ کرایا جائے، اور اپنے پیمنٹ سسٹم مکینزم کے تھرڈ پارٹی آڈٹ اور تخمینہ کاری کی رپورٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 31 دسمبر 2018 تک پیش کی جائے۔

یکم جنوری 2019 سے پیمنٹ کارڈز استعمال کرنے والے صارفین کو ان کے ٹرانزیکشن سے متعلق فی الفور ایس ایم ایس اور ای میل بلامعاوضہ ارسال کیے جائیں، اور ایسے صارفین کو 31 مارچ 2019 تک اپنے پیمنٹ کارڈز آن لائن کے لیے کسی وقت بھی بلاک یا فعال کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے سسٹم کی اپ گریڈیشن کو یقینی بنائیں اور آن لائن بینکنگ کی تمام سہولتیں بشمول انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل بینکنگ صارفین کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد فعال کی جائے۔

علی ترین پی ایس ایل کی ’چھٹی ٹیم‘ خریدنے کے خواہاں

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ’چھٹی ٹیم‘ خریدنے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن میں نئی فرنچائز ملتان سلطانز کا اضافہ ہوا تھا لیکن مالی مسائل کے سبب فرنچائز مالکان مقررہ وقت پر ادائیگیوں سے قاصر رہے جس کے بعد پی سی بی نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز کو ملکیت سے محروم کردیا اور ٹیم کے مالکانہ حقوق پی سی بی کو منتقل ہو گئے تھے۔

اب فرنچائز کے مالکانہ حقوق کی فروخت کے لیے ٹینڈر نوٹس جاری کر کے باقاعدہ فرنچائز کو فروخت کیا جائے گا تاہم اس وقت تک ٹیم کو ’چھٹی ٹیم‘ کے نام سے پکارا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5.2ملین ڈالر سالانہ کی بنیادی رقم مختص تھی اور شون گروپ واحد فریق تھا جس نے بولی کے عمل میں حصہ لے کر فرنچائز اپنے نام کر کے اسے ’ملتان سلطان‘ کا نام دیا تھا۔

تاہم اب تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے فرنچائز کی ملکیت کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فرنچائز کی فروخت کے عمل میں حصہ لیں گے اور کوشش ہو گی کہ جنوبی پنجاب میں ٹیم آئی ہے تو ہمارے ہاتھ سے نہ جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے حوالے سے کافی کام کر رہے ہیں اور ہمارا پروگرام ہے کہ ہر ضلع میں ایک گراؤنڈ اور اکیڈمی بنانے کے ساتھ ساتھ کلب کرکٹ کو سپورٹ کریں اور اگر پی ایس ایل کی ٹیم بھی آ جاتی ہے تو ہمارے کام کو مزید تقویت ملے گی۔

علی ترین نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی کھیلوں کا شوق تھا اور اسکول میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا، ہمارے خاندان کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے تو اب ارادہ ہے کہ ملک کے اس حصے کے لیے کچھ کیا جائے۔

ٹیم کے نام کے حوالے سے سوال پر علی ترین نے کہا کہ ہم ملتان کا نام ہی برقرار رکھیں گے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔

نیند کی کمی بھی غصیلے مزاج کی وجہ قرار

آئیووا: صرف چند راتوں تک کچھ گھنٹے کم نیند لینے سے آپ کو طیش میں لانے اور چڑچڑابنانے کے لیے کافی ہے۔

ایک نئی تحقیق کے معطابق اگرچہ یہ ابتدائی نتائج ہیں لیکن نیند کی کمی اور اشتعالی کیفیت کے درمیان ایک تعلق دریافت ہوا ہے۔ اس ک مطابق ایک رات بھی نیند پوری نہ ہونے سے ڈپریشن اور موڈ خراب ہوسکتا ہے۔

اگرچہ نیند اور چڑچڑے پن کے درمیان تعلق ماہرِ نفسیات پہلے بھی بیان کرچکے ہیں۔ تاہم یہ اب تک معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ نیند کی کمی کی وہ کونسی حد ہے جو نارمل انسان کو ہیجان میں مبتلا کرسکتی ہے؟ اسی سوال کے جواب کے لیے امریکہ میں آئیووا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ڈاکٹر زلاٹن کریزن اور ان کے ساتھیوں نے ایک نئی تحقیق کی ہے۔

یہ تحقیق ایک جرنل ’ایکسپیریمینٹل سائیکالوجی‘ میں شائع ہوئی ہے۔ اس میں ماہرین نے ان سوالات کے جوابات تلاش کرنے کی کوشش کی ہے جو غصے اور نیند کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔

کریزن نے کہا کہ نیند کی کمی کے شکار افراد ناموافق حالت میں تحمل کا دامن چھوڑ دیتے ہیں اور انہیں معمولی باتوں پر بھی غصہ آنے لگتا ہے۔ اس کے لیے ماہرین نے رضاکاربھرتی کئے اور انہیں دو گروہوں میں تقسیم کیا۔ ایک گروپ نے تو معمول کے مطابق نیند لی اور دوسرے گرون کو مسلسل دو راتوں تک صرف چار اور دو دو گھنٹے تک ہی سونے دیا۔

اس کے بعد تجربہ گاہ  میں انہیں ایسی آوازیں سنائی گئیں جو غصہ دلانے والی ہوتی ہیں۔ اب جن افراد کی نیند کم تھی انہوں نے اس پر غصیلے ردِ عمل کا اظہار کیا۔ جبکہ پرسکون اور پوری نیند لینے والوں میں ایسا رویہ نہ تھا۔ حیرت انگیز طور پر نیند کی کمی کے شکار افراد کا موڈ پورے دن خراب دیکھا گیا۔

اس بنیاد پر ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ کسی فرد میں غصے کی 50 فیصد تک وجہ نیند کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ اس کے بعد انہی ماہرین نے کالج میں زیرِ تعلیم 200 طلبا و طالبات کو اپنے سونے کے دورانئے اور  نیند ڈائری اور معمولات مرتب کرنے کا کام سونپا  جو ایک ماہ تک جاری رہا۔

ان میں سے بھی جن جن افراد نے نیند نہیں لی تھی ان میں غصے اور اشتعال کی کیفیت ذیادہ نوٹ کی گئی۔ اسی بنا پر ماہرین مکمل اور پرسکون نیند کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ اس کے برخلاف عمل سے افسردگی، چڑچڑاپن، غصہ اور اداسی جنم لیتی ہے۔

وزیراعظم نے کرتار پور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کرتارپور: وزیراعظم عمران خان نے بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی راہداری کرتار پور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے ضلع نارووال میں کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بھارت کی معروف شخصیت نوجوت سنگھ سدھو، بھارتی وزیر ہرسمرت کور اور ایچ ایس پوری  سمیت بھارت کے سرکاری وفد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور انتہائی مقدس مقام ہے جہاں سکھوں کے پہلے گرو نانک نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے اور یہیں ان کی سمادھی اور قبر بھی ہے۔ کرتارپور کوریڈور فیز 1 میں ساڑھے 4 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جائے گی اور بارڈر ٹرمینل کمپلیکس بھی بنایا جائے گا جب کہ دریائے راوی پر  8 سو میٹر طویل پل اور پارکنگ ایریا بھی بنے گا۔ دوسرے فیز میں ہوٹل اور گردوارہ کرتار صاحب کی توسیع کی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ کرتارپور بارڈر کھلنے سے بھارتی سکھ یاتری بغیر ویزا پاکستان آئیں گے۔

عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انسان چاند پر پہنچ چکا تو کشمیر کا مسئلہ حل کیوں نہیں ہوتا؟، ہندوستان دوستی کا ایک قدم بڑھائے تو ہم دو قدم بڑھائیں گے، ماضی کی زنجیریں توڑے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں جن کے درمیان جنگ کا سوچنا بھی پاگل پن ہے۔

شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرتارپور راہداری کھولنے کا پوری دنیا نے خیر مقدم کیا، اسلام مذہبی رواداری کا درس دیتا ہے، بھارتی سکھ زائرین کا فاصلہ تین سے چار کلومیٹر رہ جائے گا۔

ہرسمرت کور

بھارتی وزیر ہرسمرت کور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج دوریاں ختم ہورہی ہیں، جیسے بابا گرونانک نے سب کو جوڑا ویسے کرتار پور راہداری بھی سب کو جوڑے گی، میرے گرونانک کا بلاوا آیا تو آج آپ کی دھرتی پر آئی ہوں، راہداری سے دونوں ممالک میں محبت بڑھے گی۔

سدھو

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، خون خرابہ بند ہونا چاہیے اور امن آنا چاہیے، پاک بھارت حکومتیں احساس کریں اور آگے بڑھیں،  پاکستان نے ہماری جھولیاں بھر دی ہیں، سوچ کو بدلنا ہوگا جب کہ مذہب کو سیاست اور دہشت کی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔

کرتار پور بارڈر کی افتتاحی تقریب سے قبل دربار کی تزئین و آرائش کا کام کیا گیا۔ پنڈال کی جگہ کو خوبصورتی  کے ساتھ تیار کیا گیا جہاں انتظامیہ نے 4 ہزار کرسیاں لگائی گئیں۔ بابا گرو نانک کی آخری آرام گاہ پر ما تھا ٹیکنے کے لئے بڑی تعداد میں سکھ برادری بھی موجود تھے جن کی آؤ بھگت کے لئے لنگر خانہ  کھولا گیا اور دربار کے منتظمین و سکھ  یاتریوں نے اس پاکستانی اقدام پر خوشی کا اظہار کیا۔ پاکستان پہنچنے کے بعد سدھو کا کہنا تھا کہ پاکستان نے یہ سرحد کھولنے کا فیصلہ کرکے دونوں ملکوں کےعوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔

کرتارپور راہداری امن کی طرف قدم ہے جو خطے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کرتار پور راہداری منصوبہ امن کی طرف وہ قدم ہے جواس خطے کی ضرورت ہے۔   

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری منصوبہ امن کی طرف وہ قدم ہے جو اس خطے کی ضرورت ہے، سرحدوں پر خاردار تاریں آزاد ریاست کی جانب سے غیرقانونی آمدورفت روکنے کے لیے ہیں، گیٹ اور راہداریاں امن پسند اور قانونی سیاحوں کے لیے ہے، اور یہی معاملہ ہمارے سب ہمسائیوں کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ضلع نارووال میں کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بھارت کی معروف شخصیت نوجوت سنگھ سدھو، بھارتی وزیر ہرسمرت کور اور ایچ ایس پوری  سمیت بھارت کے سرکاری وفد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

پاک بھارت جنگ کا سوچنا پاگل پن ہوگا، وزیراعظم

نارووال: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انسان چاند پر پہنچ گیا لیکن ہم مسئلہ کشمیر حل نہیں کرسکے جب کہ ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو اور وفاقی وزرا سمیت دیگر سیاسی وعسکری قیادت نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام سکھ برادری کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ہر چہرے پر خوشی دیکھ رہا ہوں، اگلے سال جب سکھ برادری بابا گرونانک کے جنم دن پر یہاں آئے گی تو انہیں تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی اور یہ کرتارپور انہیں بہتر انداز میں ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا کیوں کہ اس کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، جب فرانس اور جرمنی کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں تو ہمارے کیوں نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام سول وعسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں اور ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاہم ہمارا مسئلہ صرف ایک ہے اور وہ کشمیر ہے، آج کے دور میں انسان چاند پر پہنچ گیا تو کیا ہم اپنا ایک مسئلہ نہیں حل کرسکتے، صرف ارادے کی ضرورت ہے، جس سے ہم اس مسئلے کو بھی حل کرسکتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت سے مضبوط تعلقات چاہتا ہوں کیوں کہ برصغیرمیں دنیا کی سب سے زیادہ غربت ہے اور اگر ہمارے بارڈر کھل جائیں، تجارت شروع ہوجائے توغربت ختم ہوجائے گی، ہمارے بارڈرکھلنے سےغربت تیزی سے ختم ہوسکتی ہے جب کہ ہمیں صرف دونوں طرف سے مسائل حل کرنے والی قیادت چاہیے، ہندوستان ایک قدم آگے بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے۔

وزیراعظم نے سدھو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ پاکستان میں آکر الیکشن لڑیں، خصوصاً پنجاب میں توانتخاب جیت جائیں گے، جب کہ سدھو جب پچھلی بار پاکستان آئے تو بھارت میں ان پر بڑی تنقید ہوئی لیکن مجھے اس بات پر بہت حیرانی ہوئی کہ ان پر تنقید کیوں ہوئی حالانکہ سدھو تو دوستی اور محبت کا پیغام لے کر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جوہری ملک ہیں، اور دو جوہری ممالک میں جنگ تو کبھی نہیں ہوسکتی اور نہ یہ جنگ کوئی جیت سکتا ہے، پاک بھارت جنگ کا سوچنا بھی پاگل پن ہوگا۔

Google Analytics Alternative