Home » 2019 » April

Monthly Archives: April 2019

پی ٹی ایم کیلئے مہلت اب ختم ہوگئی، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ  یہ 1971 نہیں، اب نہ وہ فوج ہے نہ وہ حالات ہیں جبکہ پی ٹی ایم کو پیغام دیا کہ اس کی مہلت اب ختم ہوچکی۔

 مدارس کو مرکزی دھارے میں لانے کا فیصلہ

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مدارس کو مرکزی دھارے میں لانے اور وزارت تعلیم کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم نےعصر حاضرکےتقاضوں کے مطابق نصاب بنانے کیلیے  کمیٹی بنائی ہے جو مدارس کیلیے نصاب تیار کرے گی، مدارس کے نصاب میں دین اور اسلام ہوگا لیکن نفرت انگیز مواد نہیں۔

اپنا فقہ چھوڑو نہیں دوسرے کا چھیڑو نہیں

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں 30 ہزار سے زائد مدارس ہیں جن میں 25 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں، 1947 میں مدارس کی تعداد 247 تھی جو 1980ء میں 2861 ہوگئی اور آج 30 ہزار سے زیادہ ہے، آرمی چیف کی ہدایت ہے کہ اپنا فقہ چھوڑو نہیں اور دوسرے کا فقہ چھیڑو نہیں، مدارس کے نصاب میں تبدیلی نہیں ہوگی لیکن منافرت پھیلانے والا مواد بھی نہیں ہوگا، جہاد افغانستان کے بعد پاکستان میں مدارس کھولے گئے اور جہاد کی ترویج کی گئی، اس کے ساتھ ہی ایران میں انقلاب آیا، جس کے بعد پاکستان میں فرقہ ورانہ تصادم شروع ہوا، نائن الیون کے بعد منظر نامہ تبدیل ہوا جس کے نتیجے میں جغرافیائی معیشت پر سیاست شروع ہوئی۔

دہشت گردی سے فارغ، اب انتہاپسندی کا خاتمہ

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ عسکریت پسندی کی طرف لے جانے والے مدارس کی تعداد 100 سے بھی کم ہے، بیشتر مدارس پرامن ہیں، مدرسے کے ایک طالبعلم نے آرمی میں کمیشن بھی حاصل کیا ہے، لیکن ان مدارس کے بچوں کے پاس ملازمت کے کیا مواقع ہوتے ہیں، اسلام کی تعلیم جیسی ہے چلتی رہے گی لیکن نفرت پر مبنی مواد نہیں ہوگی، دوسرے فرقے کے احترام پر زور دیا جائے گا، نصاب میں درس نظامی کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے مضامین بھی ہوں گے، ہر مدرسے میں چار سے 6 مضامین کے اساتذہ درکار ہوں گے، اس سے متعلق بل تیار ہورہا ہے، پھر نصاب پر نظرثانی ہوگی، دہشت گردی کے مقابلے سے فارغ ہورہے ہیں، اب انتہاپسندی کا خاتمہ کرنا ہے۔

کالعدم تنظیموں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے وسائل درکار

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے بہت سارے وسائل درکار ہوتے ہیں، پہلے بھی کس نے منع کیا تھا کہ کالعدم تنظیموں کو دوبارہ مرکزی دھارے میں نہ لایا جائے، کیا پرانے فیصلوں پر ہی عمل کرتے رہیں یا غلطی کی اصلاح کرلیں، طاقت کے استعمال کا اختیار صرف ریاست کا حق ہے، افواج پاکستان نے طے کرلیا ہے کہ معاشرے کو انتہا پسندی اور عسکریت پسندی سے پاک کرنا ہے۔

پی ٹی ایم سے چند سوال

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم والے کدھر تھے جب ان کے گلے کٹ رہے تھے اور فٹ بال کھیلی جارہی تھی، جب حالات ٹھیک ہوگئے تو تحفظ کی بات آگئی، سیکیورٹی اداروں کے ان سے کچھ سوال ہیں، آپ کے پاس کتنا پیسہ ہے اور کہاں سے آرہا ہے، 22 مارچ 2018 کو افغان ایجنسی این ڈی ایس نے انہیں کتنے پیسے دیے اور وہ کہاں ہیں، اسلام آباد دھرنے کے لیے کتنے پیسے ملے اور کہاں استعمال کیے، قندھار میں بھارتی قونصل خانے میں منظور پشتین کا کون سا رشتے دار گیا اور کتنے پیسے لیے، حوالہ ہنڈی سے دبئی سے کتنا پیسہ آرہا ہے، افغانستان نے کیوں منع کیا کہ طاہر داوڑ کی میت پاکستان کو نہیں دینی، پی ٹی ایم کے خلاف کوئی اعلان جنگ نہیں، کچھ سوالات پوچھے ہیں۔

پی ٹی ایم کی مہلت ختم

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم والے ہر پاکستان مخالف شخص سے کیوں ملتے ہیں اور فوجی کی نماز جنازہ کیوں نہیں پڑھتے، اس علاقے میں جو فوج کی سپورٹ میں بولے وہ ماراجاتاہے، فوج سے کیا بدلہ لینے کی بات کرتے ہیں، اگر آرمی چیف نے پہلے بات نہ کی ہوتی کہ ان سے پیار سے ڈیل کرنا ہے ورنہ ڈیل کرنا کوئی مشکل کام نہیں، پی ٹی ایم کو دی گئی مہلت اب ختم ہوگئی، انہوں نے جتنی آزادی لینی تھی لے لی، لیکن ان کے خلاف غیر قانونی راستہ اختیار نہیں کیا جائے گا، جو بھی ہوگا قانونی طریقے سے ہوگا، جن لوگوں آپ ورغلارہے ہیں ان پرقابوپانا مشکل کام نہیں۔

پشتو میں پیغام

جنرل آصف غفور نے اس موقع پر پشتو میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم پختونوں سے امید رکھتے ہیں آپ ملک دشمن قوتوں کا راستہ روکیں گے اور ان کی باتوں میں نہیں آئینگے، کچھ لوگ کسی کے ورغلانے پر آپ کو پاکستان اور اداروں کیخلاف اُکسانا چاہتے ہیں، خدانخواستہ پاکستان کو کوئی نقصان ہوگا تو یہ ہم سب کا نقصان ہو گا۔

پی ٹی ایم کو وہی جماعت سپورٹ کر رہی ہے راؤ انوار جس کا بچہ تھا

نقیب اللہ قتل کیس میں ملوث سندھ پولیس کے سابق افسر راؤ انوار کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونے کے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پی ٹی ایم کو ایک سیاسی جماعت سپورٹ کر رہی ہے، بچہ تو راؤ انوار اسی پارٹی کا تھا۔

 ٹی وی چینلز ایک دن مجھے دیں

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہمارا دل نہیں ہوتا کہ کوئی آدمی لاپتہ ہو، لیکن جب جنگ ہوتی ہے تو اس میں بہت سے کام کرنے پڑتے ہیں، پی ٹی ایم پر میڈیا پر بحث نہیں کرائیں گے، ٹی وی چینلز ایک دن مجھے دے دیں، میں موضوع دوں گا اس پر ماہرین کو بلائیں، عدالتی اور پولیس اصلاحات پر بات کریں، شام 7 سے 12 بجے تک ٹاک شور میں صرف مسائل پر بات ہوتی ہے، آپ حل بتائیں۔

یہ 1971 نہیں، نہ وہ فوج ہے اور نہ وہ حالات

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ جب بات ملکی دفاع اور سلامتی کی ہو تو پاکستان ہر قسم کی صلاحیت استعمال کرے گا، ہمارا حوصلہ نہ آزمائیں، وقت آیا تو پاک فوج عوام کی مدد سے بھرپور دفاع کرے گی اور تاریخ دہرائے گی، یہ 1971 نہیں، نہ وہ فوج ہے اور نہ وہ حالات ہیں، اگر موجودہ پاکستانی میڈیا 1971 میں ہوتا تو بھارت کی سازشیں بے نقاب کرتا اور آج مشرقی پاکستان علیحدہ نہ ہوتا، بھارت کے لیے یہی پیغام ہے کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، بھارت کچھ کرنا چاہتا ہے تو پہلے نوشہرہ اسٹرائیک اور بھارتی جہازوں کے گرنے کا حساب ذہن میں رکھے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ 27 فروری کو گزرے 2 ماہ ہوگئے لیکن بھارت ان گنت جھوٹ بولے جارہا ہے، ہم ان کا جواب دے سکتے ہیں لیکن ہم ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں، پاک فضائیہ نے بھارت کے 2 طیارے گرائے جس کا ملبہ پوری دنیا نے دیکھا، بھارتی فضائیہ نے اپنا ہی ہیلی کاپٹر مارگرایا اور بلیک باکس چھپالیا، حالات بہتر ہونے کا انتظار کر رہے ہیں بھارتی طیارے گرانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس کو اعزاز سے نوازیں گے۔

ہالی ووڈ ایکشن فلم ایوینجرز: اینڈ گیم کا ریکارڈ توڑبزنس

ہالی ووڈ ایڈونچرفلم ایوینجرز: اینڈ گیم نے ریلیزکے ابتدائی دنوں میں  بزنس کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

ہالی ووڈ  ایڈونچر فلم: ایوینجرز: اینڈ گیم۔۔ نے  ریلیزکے ابتدائی دنوں میں بزنس کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ فلم نے اب تک دنیا کے دیگر ممالک میں 1.2 بلین ڈالرز کا ریکارڈ توڑ بزنس کرکے سب کو پیچھے چھوڑدیا۔ ایونجرزاینڈ گیم ، ڈزنی اسٹوڈیوزکی وہ پہلی فلم بن گئی ہے جس نے ریلیزکے ابتدائی دنوں میں ہی ایک ارب امریکی ڈالرز کمائی کی حد پارکی ہے۔

سپرہیرو فرنچائزکی 22 ویں فلم نے امریکا بھرمیں 350 ملین ڈالرکی کمائی کرکے سیریز کی گزشتہ کڑی ایونجرزانفنٹی وارکی ابتدائی کمائی کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے جبکہ آٹھ سو انسٹھ ملین ڈالرکا بزنس کرکے انٹرنیشل باکس آفس پر بھی اپنی حکمرانی قائم کی ہے۔

واضح رہے کہ فلم ایونجرزاینڈ گیم 4 سوملین ڈالرزکی لاگت سے تیار کی گئی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آرکو سیاسی بیانات نہیں دینے چاہئیں، بلاول بھٹو زرداری

 اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو سیاسی بیانات نہیں دینے چاہئے، خارجہ پالیسی دینی ہے تو اس حوالے سے بیانیہ وزیرخارجہ کو دینا چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں پرویز مشرف نے نیب سیاسی مقاصد کے لیے بنایا تھا، نیب قانون کی وجہ سے بریگیڈیئر اسد منیر نے جان دے دی، ایک آمر کا بنایا ہوا کالا قانون نیب اورمعیشت و جمہوریت ساتھ نہیں چل سکتے، ہم چاہتے ہیں احتساب انصاف کے ساتھ ہو ، اور جب میرے اوپر وہ کیس چلائے جائیں  جب میں ایک سال کا تھا تو نیب مذاق بنے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ خارجہ پالیسی دینی ہے تو اس حوالے سے بیانیہ وزیرخارجہ کو دینا چاہیے اگرانتہا پسندی سے متعلق پالیسی بیان کرنا ہے تو وہ وزیر داخلہ دے، ڈی جی آئی ایس پی آر کو سیاسی بیانات نہیں دینے چاہئیں، وزیراعظم آئی ایس پی آر سے پالیسی بیان دلوائیں گےتو ادارہ متنازع ہوگا اور ہم نہیں چاہتےکہ ہمارے ادارے متنازع ہوں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسی عوام دشمن پالیسی ہے، امیروں کے لئے ایمنسٹی اسکیم غریبوں کیلئے ٹیکسوں کا بوجھ، گیس بل ہرمہینے بڑھتاجا رہاہے، ادویات کی قیمتوں سے لیکر ہر چیز میں مہنگائی ہوئی ہے، حکومت کی نااہلی سے عام آدمی کا جینا مشکل ہوگیا ہے، حکومت جس طریقے سے معیشت چلارہی ہے عوام کی طرف سے ری ایکشن آئے گا، اب تو حکومت نے مان لیا ہے کہ ان کی پالیسی غلط ہے، غلط پالیسیوں پر وزیر خزانہ کو تبدیل کیا،  ملک کا نقصان کرنے پر وزیراعظم نےقوم سے معافی بھی نہیں مانگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج حکومت پارلیمان کو اعتماد میں لئے بغیر آئی ایم ایف سے بات چیت کررہی ہے، حکومت کوآئی ایم ایف کی ڈیل کو پارلیمنٹ کو لاناپڑے گاورنہ ہم نہیں مانیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کا محاسبہ کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمان اپنی مددپوری کرے لیکن جس طرح وہ حکومت چلارہے ہیں وہ نقصاندہ ہے، عوام مزید دیر حکومت کو برداشت نہیں کرے گی اس وقت حکومت کی مخالفت مہں تمام سیاسی جماعتیں ایک پیچ پر آچکی ہے، ہمارے پاس حکومت مخالف تحرہک چلانے، مستعفی ہونے کا آپشن ہے۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے 37 پیسے اضافے کا امکان

اسلام آباد:آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وزارت پیٹرولیم کو سمری ارسال کردی ہے جس میں پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 37 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیارکرلی ہے جو پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے کرے گی۔

اوگرا نے یکم مئی سے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرکے نئی قیمت 113 روپے 26 پیسے کرنے کی سفارش کی ہے، اوگرا کی جانب سے ہائی اسپیڈ ‏ڈیزل کے نرخ میں 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے نئی قیمت 122 روپے 32 پیسے، لائٹ ڈیزل میں 6 روپے 40  پیسے اضافے کے ساتھ نئی قیمت 86 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کرنے اور مٹی کا تیل 7 روپے 46  پیسے فی لیٹر مہنگا کرکے نئی قیمت 96 روپے 77 پیسے کرنے کی تجویز دی ہے۔

پاک چین بڑے تجارتی معاہدے

دوسرے پاک چین آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد پاکستان کی چینی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی ممکن ہو گئی ہے، ڈیوٹی فری میں ٹیکسٹائل ، کیمیکل، انجینئرنگ، فوڈ آءٹمز، فٹ ویئر، پلاسٹک کی مصنوعات شامل ہیں ،جس سے پاکستان کی برآمدات ساڑھے 6ارب ڈالرز تک بڑھنے کا امکان ہے ،جس پاکستانی معیشت پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہو نگے ۔ اس معاہدے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دو سال میں ترقی کے اہداف حاصل کرلیں گے، راہداری شراکت داری میں بدل چکی ہے جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہر طرح کی مدد جاری رکھیں گے، انسانی وسائل کی ترقی پر یقین رکھتے ہیں ، دنیا مضبوط معیشت پر مستقبل کی بنیاد رکھے، قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں ہوئیں جبکہ دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے ۔ اس سلسلے میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پا کستا ن کے وزیر اعظم عمران خان اور ان کے چینی ہم منصب لی کی چیانگ بھی شریک ہوئے، تقریب کے دور ان ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کیلئے ابتدائی ڈیزائن کے فیز ;73; کی تکمیل کے اعلامیہ ، سی پیک کے تحت حویلیاں ڈرائی پورٹ کے قیام، چین کے جیالوجیکل سروے ،چین کی وزارت قدرتی وسائل انسٹیٹیوٹ آف اوشنیو گرافی اور وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی کے درمیان میرین سائنسز کے شعبہ میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت، سی آئی ڈی سی اے اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات کے درمیان سی پیک کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے تحت سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے مفاہمت پر یادداشت کیلئے چین پاکستان اقتصادی و تکنیکی تعاون کے معاہدے، رشکئی ایس ای زیڈ جوائنٹ وینچر اور کے پی ای زیڈ ایم ڈی سی اور سی آر بی سی کے درمیان لائسنس کے معاہدہ پر دستخط کئے گئے ۔ پاکستان کے لئے یہ اہم لمحات رھے جب ان معاہدوں پر دستخط ہوئے ۔ پاکستان کی قیادت بہت پر امید ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود نے معاہدے کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آزادنہ تجار تی معاہدے سے پاکستان کےلئے تجارت کے درواز ے کھل گئے، معاہدے کے بعد پاکستان کو آسیان ممالک کی طرز پر رعایت میسر ہوگی اور پاکستان کی 90 فیصد برآمدات کی چین کو ڈیوٹی فری رسائی ممکن ہوپائے گی ۔ مشیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اور چین نے 75 فیصد ٹیرف لائنز کی ڈیوٹی فری رسائی پر اتفاق کیا ہے، مشیر تجارت نے بتایا کہ ڈیوٹی کی چھوٹ صرف ٹیکسٹائل مصنوعات تک محدود نہیں بلکہ کیمیکل، انجینئرنگ، فوڈ آءٹمز، فٹ وئیر، پلاسٹک کی مصنوعات کی برآمد بھی ڈیوٹی فری ہوں گی ۔ پاکستان کو ڈیوٹی فری رسائی دینے والی اشیا کی چین میں سالانہ درآمد 40 ارب ڈالرز ہے ۔ قبل ازیں دوسرے بیلٹ و روڈ فورم کے اختتام پر وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے وفود بھی شامل تھے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی ۔ بیلٹ اینڈ روڈ انشی ایٹیو کے تصور اور اس کی گہرائی کا ادراک کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خوشحالی اور رابطوں کے لئے یہ پوری دنیا کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے،فریقین نے سی پیک کے تناظر میں باہمی تعاون اور اقتصادی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی معیشت کے لئے سی پیک کی اہمیت پر گفتگو کرتے کہا کہ اس سے صنعتی ترقی، روزگار کے منصوبوں ، سماجی بہتری اور زراعت سمیت ترقی کے نئے علاقوں کی توسیع اطمینان بخش ہے اور یہ حکومتی ترجیحات کے عین مطابق ہے ۔ وزیر اعظم نے پاکستانی معیشت کے حوالے سے سی پیک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس کی ترقی کے نئے شعبوں تک توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چین پاکستان آزادانہ تجارت کے معاہدے کے دوسرے مرحلے کی تکمیل سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی رابطوں کومزید فروغ ملے گا ۔ دونوں رہنماءوں نے سیاسی، سلامتی، معیشت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے وفود کے تبادلوں کے موجودہ حالیہ رفتار کو بھی برقراررکھنے پر اتفاق کیاگیا ۔ یہاں یہ امر بھی نہایت خوش کن ہے کہ اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون (پشاور ۔ کراچی)ریل ٹریک کی اپ گریڈیشن کا معاہدہ بھی طے پایا ہے ۔ پشاور ۔ کراچی ایم ایل ون منصوبہ اگلے پانچ سال میں مکمل ہوگا جس کے تحت پشاور اور کراچی کے درمیان 1872 کلو میٹر لمبے ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائیگا ۔ ریل ٹریل کی فینسگ سمیت پل اور کراسنگز بھی بنائی جائیں گی ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹرین کی اوسط سپیڈ 120 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی ۔ پاکستان کی معاشی صورت حال اور دیگر منصوبوں پر ایلوکیشن کی وجہ سے حکومت نے ایم ایل ون منصوبے کو مرحلہ وار 3 فیز میں مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ حالیہ معاہدہ اس سلسلہ میں پہلے فیز کے لئے ہے ۔ مکمل منصوبے کی ابتدائی لاگت تقریبا 8;46;2 ارب امریکی ڈالر ہے جسے 3 فیز میں مکمل کیا جائے گا ۔ یہ منصوبے بِلڈ، آپریٹ اور ٹرانسفر فارمولے پر تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ صرف ایم ایل ون منصوبے سے 20 ہزار ڈائریکٹ اور ڈیڑھ لاکھ ان ڈائریکٹ نوکریاں دستیاب ہوں گی ۔ دوسر ی جانب وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک چین راہداری شراکت داری میں بدل چکی،چینی سرمایہ کا ر آ کر دیکھیں آج کے پاکستان میں سرمایہ کاری جتنی آسان ہے پہلے کبھی نہیں تھی ۔

رمضان سے قبل مہنگائی کاطوفان

رمضان کی آمد آمد ہے مگر مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں اور سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئیں جبکہ انتظامیہ گراں فروشوں کے آگے بے بس نظر آتی ہے ۔ مہنگائی کے بے قابو جن کے آگے عوام بے اور گراں فروشوں کے رحم و کرم پر ہیں ، گوشت، سبزیاں ، پھل، چینی سب کے دام مہنگے ہوگئے، اسی طرح پیاز ساٹھ روپے، آلو تیس، ٹماٹر اسی سے سو روپے، ادرک ڈھائی سو اور لہسن دو سو روپے کلو فروخت ہورہا ہے ۔ مرغی کے فی کلو قیمت تین سو چالیس روپے فی کلو تک پہنچ گئی، پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں ،زندہ مرغی، آلو، کیلے، ویجی ٹیبل گھی، دال ماش، دال مسور، سرخ مرچ، گڑ، ایل پی جی بیف، مٹن، باسمتی چاول، خوردنی تیل، کپڑے، چائے، سمیت 15اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے عام عوام کی مشکلات مزیدبڑھ گئی ہیں ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے سبب ہر شخص پریشان ہے ریلیف کی بجائے عوام کو تکلیف دی جارہی ہے ۔ موجودہ حکومتی اقدامات سے غریب عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے جارہے ہیں جس سے لوگوں میں مایوسی پھیل چکی ہے، ;200;ج عوام کو کسی بھی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں ۔

فلم ” گڈمارننگ پاکستان“ کی کانز فلم فیسٹیول میں خصوصی نمائش کی جائے گی

لاہور: اردو فلم ” گڈمارننگ پاکستان“ کی  کانز فلم فیسٹیول میں خصوصی نمائش کی جائے گی۔

اس سلسلے میں پاکستانی نژاد امریکن فلم ڈائریکٹرڈاکٹر حسن مئی کے دوسرے ہفتے میں فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔ فرانس میں قیام کے دوران ان کی ملاقات فرانس اور یورپ میں فلم انڈسٹری سے متعلقہ افراد سے بھی ہوگی۔

ڈاکٹر حسن کا کہنا تھا کہ کانز فلم فیسٹیول صرف یورپ ہی نہیں دنیا بھر کا معروف فلم فیسٹیول ہے جس میں ہر سال دنیا بھر سے فلم آرٹسٹس‘ پروڈیوسرز‘ ڈائریکٹرز اور ڈسٹری بیوٹرز کے علاوہ انڈسٹری کے ہر شعبے کے افراد شرکت کرتے ہیں، کانز فلم فیسٹیول نے دنیا کو بہت سے معروف اداکاروں اور ہدایتکاروں سے متعارف کرایا ہے، ہر سال کی طرح اس بار بھی کانز کا ”ریڈ کارپٹ گالا‘ ‘دنیا بھرکی نگاہوں کا مرکز ہو گا۔

یاد ہے کہ مذکورہ فلم اس سے قبل فرانسسکو اور نئی دہلی میںہونے والے فلمی میلوں میں بھی نمائش کےلئے پیش کی جاچکی ہے جس کے تکمیل پاکستان کے شہر چکوال میںکی گئی تھی۔مذکور فلم کی امریکی سینماگھروںمیںبھی نمائش کی جاچکی ہے ۔فلم کی کاسٹ میںنغمہ ، میراب‘رضوانہ‘علی رضا‘سعید انور‘ شبیرمرزا اور اعجازالحسن نمایاں ہیں۔

اسلام آباد ٹول پلازا پر وین کو حادثہ، 12 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی

اسلام آباد ٹول پلازا پر بریک فیل ہونے سے ایک ہائی ایس وین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے باعث 12 افراد جاں بحق اور 6 افراد بری طرح جل گئے جن کی حالات تشویش ناک ہے۔

اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازا پر مسافروں سے بھری ایک ہائی ایس وین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والے مسافروں میں دو خواتین، دو بچیاں اور 8 مرد شامل ہیں جن میں سے 6 افراد کی لاشیں بری طرح جلی ہوئی ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے 12 مسافروں کی ڈیڈ باڈی پمز ہسپتال لائی گئی جب کہ 6 زخمی مسافروں کو پمز کے برن سینٹر لایا گیا ہے جن کا 90 فی صد جسم جل چکا ہے، ان میں ایک خاتون، ایک بچہ اور 4 مرد شامل ہیں جن کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ تھانہ نصیر آباد پولیس کے مطابق گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، گاڑی میں تین گیس سلنڈر بھی موجود تھے،جاں بحق افراد میں سے 4 کی شناخت ہوگئی ہے ان میں فتح محمد، محمد اشرف، ذوالفقار اور محمد وقاص حیدر جب کہ زخمیوں میں محمد عمران، ریحان امجد، افضل مسیح، عمران پرویز اور سعد امین شامل ہیں۔

سام سنگ کا اسمارٹ فون کی شکل کا انوکھا ٹیلیویژن

آج کل کے نوجوانوں کی پسندیدہ ترین ڈیوائس کیا ہے؟ بلاشبہ اسمارٹ فونز۔

کم ازکم سام سنگ کو تو ایسا ہی لگتا ہے جس نے اب ایسا نیا ٹیلیویژن متعارف کرایا ہے جو دیکھنے میں کسی اسمارٹ فون کی طرح ہے۔

جی ہاں دی سیرو نامی 43 انچ کا ٹی وی موجودہ عہد کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا گیا ہے جو کہ ورٹیکل (عمودی) ڈیزائن کا ہے۔

اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں اس وقت بیشتر موبائل مواد ورٹیکل ہوتا ہے اور سام سنگ کا کہنا ہے کہ اس ٹی وی کا ڈیزائن نوجوانوں کو اسمارٹ فونز کی جگہ ٹی وی پر ویڈیوز یا دیگر مواد دیکھنے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

اس کے ساتھ 60 واٹ اسپیکر، اسٹینڈ اور رئیر ڈیزائن دیا گیا ہے اور کمپنی کو توقع ہے کہ یہ ٹیلیویژن میوزک اسٹریمنگ ہب کے ساتھ ایک خوبصورت فرنیچر پیس بھی ثابت ہوگا۔

ویسے اس ٹی وی کو موبائل کی طرح ورٹیکل کی بجائے عام ٹیلیویژن کی طرح بھی پروگرام دیکھنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مگر جب صارف روایتی ٹی وی یا بڑے اسمارٹ فون کے طور پر اسے استعمال نہ کررہا ہو تو اسے ایک بڑے ڈیجیٹل فوٹو فریم یا میوزک ویژولائزر کی شکل بھی دی جاسکتی ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

اس میں سام سنگ کا ڈیجیٹل اسسٹنٹ بیکسبی بھی موجود ہے اور اسے مئی کے آخر میں جنوبی کوریا میں 16 سو ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ نیا ٹی وی اس وقت کانسیپٹ اور حقیقی ڈیوائس کے درمیان موجود ہے کیونکہ کمپنی نے اس کی قیمت اور فروخت کی تاریخ کا اعلان تو کردیا مگر ساتھ اسے ایک کانسیپٹ ٹی وی بھی قرار دیا۔

Google Analytics Alternative