انٹر ٹینمنٹ

دوران پرواز جہاز کا دروازہ کھولنا مہنگا پڑ گیا

ایڈن برگ: اسکاٹ لینڈ کے شہری کو دوران پرواز جہاز کا دروازہ کھولنا مہنگا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے ایک شہری کو دوران پرواز 30 ہزار فٹ کی بلندی پر جہاز کا دروازہ کھولنا مہنگا پڑ گیا اور انہیں ایک رات حوالات میں گزارنا پڑی۔ رائل ڈچ ایئر لائنز کی پرواز اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ سے ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈم جارہی تھی اور اس دوران 30 ہزار فٹ کی بلندی پر جیمز گرے نامی ایک اسکاٹش شہری نے مبینہ طور پرجہاز کے دروازے کو باتھ روم کا دروازہ سمجھ کر کھولنے کی کوشش کی تاہم وہ کھل نہ سکا۔اس موقع پر جہاز کے مسافروں اور عملے کی ہوش اڑ گئے اور انہوں نے اس شخص کو فوری اپنی نشست پر بٹھا دیا اور جہاز لینڈ کرنے تک اس کی کڑی نگرانی کی جاتی رہی۔ ایمسٹرڈم کے ائیرپورٹ پر پہنچنے کے بعد سب سے پہلے تو جیمز کو پولیس کی جانب سے حراست میں لے کر ایک رات کیلئے حوالات میں رکھا گیا اور مسافروں کو خوفزدہ کرنے اور ہوائی سفر کے دوران نامناسب رویہ اختیار کرنے کے الزام میں اسے 65 ہزار روپے جرمانہ بھی اداکرنا پڑا۔بعد ازاں جب جیمز کو ریٹرن ٹکٹ پر ڈچ ایئر لائنز کے ذریعے واپس اسکاٹ لینڈ جانے سے روک دیا گیا اور انہیں مطلع کیا گیا کہ ڈچ ایئر لائنز پر سفر کرنے پر ان پر 5 برس کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

فلم’’ پی کے‘‘ کا نیا ریکارڈ.

ممبئی: بالی ووڈ میں اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے مشہور مسٹر پر فیکشنسٹ عامر خان کی بلاک بسٹر فلم’’ پی کے‘‘ دنیا بھر میں 300 کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی۔ بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’’پی کے‘‘ اپنی ریلیز کے بعد سے اب تک کئی ریکارڈ اپنے نام کر چکی ہے جب کہ اس کی مسلسل کامیابیوں کا سفراب بھی جاری ہے، فلم نے بھارت میں باکس آفس پر دھوم مچاتے ہوئے 348 کروڑ کا بزنس کیا اور بھارت میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی ووڈ فلم کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر فلم’’پی کے‘‘ چین، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک میں بھی ریلیز کی گئی جس نے بیرون ممالک میں بھی دھوم مچاتے ہوئے 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی ہے۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار عامر خان کی فلم’’ پی کے‘‘ دسمبر 2014 میں ریلیز کی گئی تھی۔

میر تقی میر کی زندگی پر بننے والی فلم ’ماہِ میر‘ کی ریلیز نومبر میں متوقع.

فلم ’منٹو‘ کی شاندار کامیابی کے بعد ایسا لگتا ہے کہ یہ سال ادبی شخصیات پر بننے والی فلموں کیلئے بہت عمدہ ہے۔ایسی ہی ایک اور فلم ’ماہِ میر‘ کی ریلیز نومبر میں متوقع ہے۔مشہور اردو شاعر میر تقی میر کی زندگی پر بننے والی ’ماہِ میر‘ کے مرکزی اداکار فہد مصطفی نے ڈان کو بتایا کہ فلم مکمل ہو چکی ہے اور اسے 6 یا 15 نومبر کو ریلیز کیا جا سکتا ہے۔ہدایت کار انجم شہزاد کی ڈیبیو فلم میں ایمان علی، صنم سعید اور منظر صہبائی بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جبکہ کہانی نامور مصنف سرمد صہبائی نے لکھی ہے۔یہ فلم دونوں عیدوں کے درمیانی عرصے میں ریلیز کیلئے شیڈول تھی ، تاہم باکس آفس پر خصوصی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس کی ریلیز میں تاخیر کر دی گئی۔اس فلم کے گزشتہ سال جاری ہونے والے ٹریلر میں ایمان اور ان کے دیوانے کا کردار ادا کرنے والے فہد کے انتہائی خوبصورت مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔فہد نے بتایا کہ ان دنوں کئی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں اور ایسے میں ضروری تھا کہ ہماری فلم کو مناسب وقفہ ملے۔عاصم رضا کی ’ہو من جہاں‘ محرم کے بعد ریلیز کیلئے شیڈول ہے اور ایسے میں دونوں فلموں میں ٹکراؤ ممکن ہے۔ تاہم، دونوں مختلف نوعیت کی فلمیں ہیں لہذا یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ ‘ماہ میر’ کو اس کاجائز مقام ملے گا۔

عید الاضحی پر پاکستانی فلموں کی بھارتی فلموں کو زبردست شکست

لاہور: عید الاضحی پر پاکستانی فلموں نے بھارتی فلم کو مات دیدی۔عید پر ریلیز ہونے والی دو پاکستانی فلموں”جوانی پھر نہیں آنی “اور ”ہلہ گلہ “نے بھارتی فلم ”کس کس کو پیار کروں “کا زبردست مقابلہ کرتے ہوئے اس پر برتری حاصل کر لی۔ دونوں فلموں کی کامیابی سے فلم انڈسٹری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

سنجے دت دوبارہ سلاخوں کے پیچھے

ممبئی: بالی ووڈ میں سنجو بابا کے نام سے مشہور سپر اسٹار سنجے دت 30 روزہ پیرول پر رہائی کی مدت ختم ہونے کے بعد دوبارہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے چلے گئے ہیں۔بالی ووڈ کے سپر اسٹار سنجے دت کو ان کی بیٹی کے ناک کے آپریشن کے باعث 30 روز کے لیے پونے کی یارواڈا جیل سے پے رول پررہا کیا گیا تھا جب کہ اس دوران ان کی سزا معافی کے لیے درخواست بھی دائر کی گئی تھی جسے گورنر مہاراشٹرا نے مسترد کردیا تھا تاہم اب پے رول پر رہائی کی مدت ختم ہونے کے بعد اپنی بقیہ سزا پوری کرنے کے لیے انہیں دوبارہ پونے کی یارواڈا جیل منتقل کردیا گیا ہے۔واضح رہے سنجے دت 1993 میں ممبئی حملوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں پونے جیل میں 42 ماہ کی قید کاٹ رہے ہیں جب کہ اس سے قبل بھی وہ 18 ماہ کی جیل کاٹ چکے ہیں۔

پاکستانی اداکارہ وینا ملک کے ہاں بیٹی کی پیدائش

ورجینیا: پاکستانی اداکارہ وینا ملک کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔والدین کی جانب سے اپنی بیٹی کا نام ایمل اسد خان رکھا گیا ہے۔ وینا ملک اور ان کے شوہر ان دنوں امریکہ کے شہر ورجینیا میں موجود ہیں اور وہیں ان کی بیٹی کی ولادت ہوئی ہے۔

اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری .

لاہور: بچوں کا خرچہ دینے کے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر اسٹیج کے معروف اداکار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ، عدالت نے پولیس کو 3اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ گزشتہ روز سول جج عظمیٰ تبسم نے اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کی سابقہ اہلیہ عاصمہ کی درخواست پر سماعت کی ۔وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت کے احکامات کے باوجود دو بچیوں کے اخراجات ادا نہیں کئے جارہے ہیں جس پر عدالت نے طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو 3اکتوبر کو گرفتار کر کے پیش کر نے کے احکامات جاری کر دئیے ۔

 

بولڈ مناظر میں خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتا. فواد خان

یہ سچ ہے کہ فواد خان نے سونم کپور کے مدمقابل بولی وڈ کامیڈی فلم “بیٹل فار بٹورا” میں کام کرنے سے انکار اس میں موجود کچھ بولڈ مناظر کی وجہ سے کیا.فلم فیئر کو دیئے گئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے فواد نے بتایا: “بولڈ مناظر کرنا ایک ایسا کام ہے جس میں، میں خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتا اور اس بات کا ذکر اس سے پہلے بھی میں کئی مرتبہ کرچکا ہوں”.انھوں نے مزید کہا،”… میری واپسی پر یہ (بولڈ مناظر) وہاں کے لوگوں کے احساسات کو اپیل نہیں کریں گے، کیونکہ مجھے واپس جاکر وہاں (پاکستان میں) کام کرنا ہے، لیکن چونکہ میں یہاں کام کر رہا ہوں، اس لیے میں گرگٹ کی طرح اپنارنگ تبدیل نہیں کروں گا.”اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ فلم ‘خوبصورت’ سے بولی وڈ ڈیبیو کرنے والے پاکستانی اداکار فواد خان نے اپنے فلمی ہدایت کاروں کے لیے کچھ حدود مقرر کردی ہیں.فواد خان کو اب عالیہ بھٹ کے مد مقابل فلم ” کپور اینڈ سنز” میں دیکھا جاسکے گا، جس میں سدھارتھ ملہوترا اور رشی کپور بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے.اس سے قبل فواد نے “کپور اینڈ سنز” میں بھی بولڈ مناظر کرنے سے معذرت کرلی تھی.ذرائع کے مطابق، فواد قدامت پسند پاکستانی عوام کی اقدار کو بہت زیادہ مد نظر رکھتے ہیں اور اسی لیے انہوں نے فلم کے ہدایت کارشکون اور پروڈیوسر کرن سے کہا ہے کہ وہ ایسے مناظر میں ترمیم کرنے پر غور کریں۔

Google Analytics Alternative