انٹر ٹینمنٹ

آمدِ رمضان؛ قوالوں اور نعت خوانوں نے البمز پر کام شروع کردیا

لاہور: ماہ رمضان سے قبل معروف قوال اور نعت خوانوں نے اپنے خصوصی البمز ریکارڈ کرنے کے بعد ویڈیو پر کام شروع کردیا۔

معروف گلوکار بھی ماہ رمضان سے قبل میدان میں اترنے کے لیے تیاری پکڑنے لگے ہیں، کسی نے حمدیہ کلام ریکارڈ کیا ہے تو کسی نے نعتیہ کلام اور کچھ نے رمضان المبارک کی فضیلت پر مبنی کلام کی ویڈیو مکمل کرلی ہیں۔ ماضی کی طرح اس بار بھی بہت سے نامور قوال اور نعت خوانوں نے رمضان المبارک کی مناسبت سے خصوصی البم اور کلام ریکارڈ کیے ہی۔

اس سلسلہ میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، راولپنڈی ،گوجرانوالہ ، ملتان ، رحیم یارخان، حیدرآباد ، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے فنکارجہاں ریکارڈنگ میں مصروف ہیں وہیں ویڈیو بنانے کا سلسلہ بھی عروج پر ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں بزرگان دین کی درگاہوں اور مساجد پر ریکارڈنگز کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب معروف گلوکاروں نے بھی ماہ رمضان کی مناسبت سے خصوصی کا کلام ریکارڈ کیے ہیں۔ کسی نے حمدیہ کلام گایا ہے تو کسی نے نعتیہ کلام جب کہ بہت سے گلوکاروں نے ماہ رمضان کی فضیلت بیان کرنے والے کلام بھی ریکارڈ کیے ہییں، اس کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک بسنے والے شوقیہ گلوکاروں نے بھی رمضان المبارک کی مناسبت سے تازہ کلام ریکارڈ کیے ہیں اور وہ ان کو ریلیز کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لینگے۔

 

مہوش حیات اپنا دل ہالی ووڈ اداکارکو دے بیٹھیں

کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے اپنی پہلی محبت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہالی ووڈ اداکار کینو ریوس ان کے دل میں بستے ہیں۔

پاکستان کی خوبرو اورباصلاحیت اداکارہ مہوش حیات پرتو ہرکوئی فدا ہے لیکن وہ خود ایک ہالی ووڈ اداکار کو دل دے بیٹھی ہیں۔ حال ہی میں ایک ٹی وی شو کے دوران میزبان نے جب مہوش حیات سے ان کی پہلی محبت کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ سائنس فکشن فلم ’دی میٹرکس‘ کے مرکزی اداکار کینو ریوس پر فدا ہیں اور کینو ریوس ہی ان کی پہلی محبت ہیں۔

اس شو میں مہوش حیات کے ساتھ اداکار و میزبان فیصل و قریشی بھی موجود تھے جب ان سے یہ ہی سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیاکہ پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ بابرہ شریف ان کی پہلی محبت تھیں۔ انہوں نے ماضی کا ایک دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ 8 سال کی عمرمیں وہ اپنی والدہ کے ساتھ ایک فلم کے سیٹ پرگئے تھے جہاں بابرہ شریف بھی موجود تھیں۔ وہ بابرہ شریف کے برابرمیں بیٹھ گئے اور ضد کی کہ میں آج  آپ سے شادی کرکے ہی رہوں گا۔

واضح رہے کہ چند روزقبل مہوش حیات نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے کام سے شادی کرچکی ہیں تاہم جو بھی ان کا شوہر ہوگا اسے ان کے خود مختار ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔

ایکشن سین کے دوران وکی کوشل کے گال کی ہڈی ٹوٹ گئی، 13 ٹانکے لگے

بولی وڈ اداکار وکی کوشل کئی ہفتوں سے گجرات میں اپنی ایک ہارر فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں لیکن اب رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ اداکار اس فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی کوشل اس ہارر فلم کے لیے ایک بحری جہاز میں ایکشن سین کی شوٹنگ کررہے تھے جس دوران ان کے گال کی ہڈی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں انہیں 13 ٹانکے لگے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سین میں وکی کوشل ایک دروازہ کھول کر وہاں سے بھاگ رہے تھے اور اس دوران وہ دروازہ ٹوٹ کر ان پر ہی گر گیا۔

اس حادثے کے بعد فلم کی ٹیم اداکار کو فوری طور پر مقامی ہسپتال لے کر گئی، جس کے بعد وکی کو ممبئی روانہ کیا گیا۔

وکی کوشل کی گال کی ہڈی ٹوٹنے کے باعث انہیں 13 ٹانکے بھی لگے اور اس حادثے کی وجہ سے وہ چند روز تک شوٹنگ بھی نہیں کرپائیں گے۔

خیال رہے کہ اس ہارر فلم میں بھومی پڈنیکر بھی وکی کوشل کے ساتھ کام کررہی ہیں، لیکن خوش قسمتی سے بھومی اس حادثے کے وقت وہاں موجود نہیں تھیں۔

بھومی پڈنیکر اور وکی کوشل اس ہارر فلم کے علاوہ بہت جلد کرن جوہر کی ہدایات میں بننے والی فلم ’تخت‘ میں بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

فلم ’تخت‘ میں رنویر سنگھ، کرینہ کپور خان، عالیہ بھٹ، جھانوی کپور اور انیل کپور بھی کام کررہے ہیں۔

ہولی وڈ اداکارہ شارلیز تھیرن کا گود لیا لڑکا مخنث

ہولی وڈ اداکارہ شارلیز تھیرن نے 2012 میں ایک بچے کو گود لیا تھا جس کا نام انہوں نے جیکسن رکھا تھا جس کی عمر اب 7 سال ہے، اور اس کی پرورش اب وہ ایک لڑکی کی طرح کررہی ہیں۔

کئی عرصے سے شارلیز تھیرن کی اپنے بچوں کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی تھیں، جن میں اداکارہ نے اپنے دونوں بچوں کو لڑکیوں کا لباس پہنایا ہوا تھا۔

تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد اداکارہ سے اس متعلق کئی سوالات کیے گئے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو لڑکی کی طرح کیوں تیار کیا ہوا ہے، جس کے بعد اب شارلیز تھیرن نے خود ایک انٹرویو میں اپنے بچے کی حقیقت دنیا کے سامنے بتادی۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ گود لیتے وقت وہ سمجھی تھی کہ جیکسن ایک لڑکا ہے، تاہم گزرتے سالوں کے ساتھ انہیں اندازہ ہوا کہ لڑکا نہیں مخنث ہے، اس لیے اب وہ اپنے بچے کی تربیت لڑکیوں کی طرح کررہی ہیں۔

شارلیز تھیرن کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ سے جیکسن کو لڑکا سمجھتی رہی، لیکن مجھے اس کے مخنث ہونے کا اندازہ اس وقت ہوا جب تین سال کی عمر میں اس نے میری طرف دیکھ کر کہا کہ میں لڑکا نہیں ہوں‘۔

شارلیز تھیرن نے 2015 میں ایک اور لڑکی کو بھی گود لیا تھا، جس کا نام انہوں نے اگست رکھا۔

جبکہ اب اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میری دو بیٹیاں ہیں اور ہر والدین کی طرح میں بھی ان کی حفاظت کرنا چاہتی ہوں، یہ جو ہیں اس ہی طرح دنیا کو دیکھیں گی، میں اس بات کا فیصلہ نہیں کروں گی کہ یہ کیا بنیں گی، یہ خود اپنے کیریئر کا فیصلہ کریں گی، میں صرف ان کے لیے خوش رہوں گی اور انہیں خوش رکھنے کی کوشش کروں گی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی بیٹی جیکسن کے انتخاب پر اس کا ساتھ دیتی ہیں اور یہی حوصلہ انہوں نے اپنی والدہ سے سیکھا۔

دپیکا کی ’چھپاک‘ تیزاب پھینکنے والے کے منہ پر طماچہ

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اس وقت تیزاب حملے سے متاثرہ بھارتی خاتون لکشمی اگروال کی زندگی پر مبنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس حوالے سے خود لکشمی کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ لمحات بہت جذباتی ہیں۔

انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے سماجی کارکن لکشمی کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے بےحد خوش ہیں کہ ان کی جدوجہد پر یہ فلم بن رہی ہے۔

لکشمی کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے اسکول میں کبھی کوئی میڈل نہیں جیتا، کون سوچ سکتا تھا کہ میری زندگی پر سوانح حیات بنیں گی؟ میں ہدایت کارہ میگھنا گلزار کی شکرگزار ہوں کہ وہ میرے کام کو اس قابل سمجھتی ہیں کہ وہ اسے فلم کی شکل دے رہی ہیں‘۔

لکشمی اگروال کے مطابق ’مجھے یقین ہے کہ فلم ’چھپاک‘ مجھ پر تیزاب کا حملہ کرنے والے کے منہ پر طماچہ ہوگا، جسے اس وقت ایسا لگا تھا کہ وہ میری زندگی برباد کردے گا اور یہ سوسائٹی مجھے کسی مجرم کی طرح دیکھی گی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس بات سے بھی بےحد خوش ہوں کہ دپیکا پڈوکون جیسی نامور شخصیت میرا کردار نبھا رہی ہیں، فلم میں ان کا سامنے آیا پہلا لک بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا‘۔

لکشمی نے بتایا کہ ’بہت سے میک اپ آرٹس اس لک سے متاثر ہوئے اور انہوں نے ویسا ہی میک اپ کرکے مجھے تصاویر بھیجی، کبھی سوچا نہیں تھا کہ لوگ ایسے چہرے سے بھی متاثر ہوں گے جس پر تیزاب کا حملہ ہوا‘۔

یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ میگھنا گلزار کے ساتھ کام کرنے جارہی ہیں۔

رواں سال انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم کا پہلا پوسٹر بھی ریلیز کیا، جبکہ چند روز قبل فلم کے سیٹس کی چند ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

فلم ’چھپاک‘ اگلے سال 10 جنوری کو ریلیز ہوگی۔

عائزہ نئے ڈرامے ’یاریاں‘ میں اپنی شادی سے خوش نہیں

پاکستانی اداکارہ عائزہ خان کا نیا ڈرامہ ’یاریاں‘ ایک ایسی کہانی پر مبنی ہے جس میں وہ ایک ایسی خاتون کا کردار نبھارہی ہیں وہ اپنی شادی شدہ زندگی سے خوش نہیں جبکہ اپنے شوہر سے محبت بھی نہیں کرتی ہیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے عائزہ خان نے ڈرامے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘اس ڈرامے میں دو بہنیں ہیں، لیکن ان دونوں کی کہانی بالکل الگ ہے، ایک نے اپنی شادی شدہ زندگی کو قبول کرلیا ہے اور وہ اس میں خوش ہے، جبکہ دوسری اپنی شادی سے خوش نہیں اور دوسروں کو بھی خوش نہیں رہنے دیتی‘۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’میرا کردار ایک شخص سے بےحد محبت کرتا ہے، لیکن میری شادی کسی اور سے ہوجاتی ہے، بدقسمتی سے میرا کردار اس شادی سے خوش نہیں اور وہ اس شخص کو بھی خوش نہیں رہنے دیتی جس سے اس کی شادی ہوئی ہے‘۔

اس ڈرامے میں عائزہ خان منفی کردار نبھارہی ہیں جس کا نام ذوبی ہے اور اداکارہ کے مطابق ان کا کردار کافی خودغرض بھی دکھایا جائے گا۔

عائزہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے کردار کو اس سنجیدگی سے نبھایا ہے کہ میں کافی سین کرتے ہوئے حقیقت میں رو پڑی، جیسے ایک سین میں میری شادی کی رات دکھائی جارہی ہے اور میں اپنے آپ کو اس جگہ رکھ کر سوچتی رہی اور پھر رو پڑی، میری ٹیم نے میرے کام کی تعریف کی جس پر میں نے یہی بتایا کہ اس وقت میں نے یہی سوچا کہ اگر میری شادی دانش تیمور سے نہیں کسی اور سے ہوجاتی تو مجھے کیسا محسوس ہوتا اور یہی سوچ کر میں رونے لگی‘۔

عائزہ کے مطابق اس کہانی کا مقصد یہی ہے کہ آپ کو پسند تو بہت لوگ آتے ہیں لیکن آپ محبت ایک سے ہی کرتے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس ڈرامے میں لوگوں کو یہ پیغام بھی دیا جائے گا کہ زندگی گزرتی رہتی ہے اور ہمیں اس ہی شخص کے ساتھ خوش رہنے کی کوشش کرنے چاہیے جس سے ہماری شادی ہوئی ہے۔

عائزہ نے اس ڈرامے میں کام کرنے کی ہامی اس لیے دی کہ آج کل جس طرح کے ڈرامے سامنے آرہے ہیں یہ ڈرامہ بھی ویسا ہی ہے، جس میں دو بہنوں کی کہانی کو بیان کیا جائے گا جبکہ اس کی کہانی کافی دلچسپ ہے۔

اس ڈرامے میں ذوبی کی بہن کا کردار مومل شیخ نبھارہی ہیں، جن کے کردار کا نما سادیہ ہوگا۔

مومل شیخ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’یہ ڈرامہ رشتوں کی کہانی پر مبنی ہے، والدین سے رشتہ، شریک حیات سے رشتہ، سسرال سے رشتہ، ڈرامے میں ایک بہن کی کہانی ایک ایسے کردار پر مبنی ہے جس کا نکاح اس شخص کے ساتھ ہوتا ہے جسے وہ پسند کرتی ہو لیکن بعد میں یہ رشتہ ٹوٹ جاتا ہے‘۔

اس ڈرامے کی کاسٹ میں عائزہ خان اور مومل شیخ کے علاوہ مریم نفیس، حنا بیات، شگفتا اعجاز اور محمود اسلم موجود ہیں۔

’یاریاں‘ کی کہانی سمینا اعجاز نے تحریر کی، جبکہ اس کی ہدایات وجاہت حسین دے رہے ہیں۔

’یاریاں‘ جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہورہا ہے۔

ایمن خان نے اپنی اور منیب کی کئی روزہ شادی کی وجہ بتا دی

 کراچی: ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ایمن خان نے اپنی اور اداکار منیب بٹ کی طویل روز تک جاری رہنے والی شادی کی وجہ بتا دی۔

ایمن خان نے مشہور ڈرامہ اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے شو میں شرکت کی جہاں اُن سے شو کی میزبان نے سوال کیا کہ  پہلے منگنی اور پھر شادی ایک ماہ تک چلتی رہی تو اتنی ہمت کہاں سے آئی؟ جس پر ایمن خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ ہماری منگنی کا دھوم دھام سے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن ہم دونوں بہنوں کے جو دوست ہیں وہ سب شوبز سے وابستہ ہیں اور جب وہ لوگ آتے ہیں تمام کام ازخود بڑھ جاتے ہیں جب کہ ایسی منگنی نہ تو میرے خاندان میں کبھی ہوئی نہ ہی منیب کے خاندان میں ہوئی۔

ایمن خان نے یہ بھی بتایا کہ منگنی کے بعد جب شادی کی باری آئی تو ہم نے یہ منصوبہ بندی کی کہ ہمارے اپنے تمام فنکشن مختلف ہوں گے لیکن علیحدہ نہیں کریں اور علیحدہ صرف بڑے ایونٹس جیسے مہندی، بارات اور ولیمہ ہوں گے اور اُس دوران دیگر خواتین کی تقریبات بھی منعقد ہوئی تھیں جب کہ اُس دوران ہماری سالگرہ بھی آگئی تھی اور پھر ہم نے شادی کی دعوت بھی منائی۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ہماری اپنی کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی کہ ہماری شادی ایک ماہ چلے گی لیکن یہ سب اچانک ازخود ہوتا گیا۔ ہمارے کل 10 ایونٹ تھے جو کہ 17 نومبر سے شروع ہوئے تھے اور 2 دسمبر تک جاری رہے ہم اپنے اس ایونٹس کی وجہ سے تھک چکے تھے لیکن پھر بھی ہم لطف اندوز ہوئے۔

ایمن نے یہ بھی بتایا کہ ہماری اتنے دن تک جاری رہنے والی شادی پر کافی تنقید بھی کی گئی لیکن ہم نے اس پر توجہ نہیں دی کیوں کہ لوگوں کا کام ہی ہے بُرا بولنا ہے اس لیے ہم نے تنقید کرنے والوں کے حوالے سے ذاتی طور پر کچھ زیادہ نہیں سوچا۔

اداکارشان کی بالی ووڈ کنگ خان کوبڑی نصیحت

کراچی: پاکستان فلم انڈسٹری کے  اداکارشان نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کو اپنا اعتماد کبھی نہیں کھونا چاہئے۔

اداکارشان نہ صرف شوبز معاملات میں بلکہ ملکی اورسیاسی معاملات میں بھی اکثرکھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں اس کے علاوہ وہ کئی مواقعوں پر پاکستانی اداکاروں کو مختلف نصیحتیں بھی کرچکے ہیں جن میں ہانیہ عامر اورعاصم اظہر کا واقعہ ابھی تازہ ہے جس میں انہوں نے دونوں کو اپنے رشتے کے احترام کا درس دیا تھا۔ تاہم  اب انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو بڑی نصیحت کردی ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان سے ان کی اگلی فلم کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا اس وقت میں نے اپنے اگلے پروجیکٹ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، اپنی اگلی فلم کے حوالے سے مجھےجو بھی فیصلہ کرنا ہوگا وہ میں جون کے مہینے میں کروں گا۔

کنگ خان کے اس جواب سے ظاہرہے کہ وہ ’’زیرو‘‘ کی ناکامی کے بعد فلموں کے انتخاب میں محتاط ہوگئے ہیں اور اگلی فلم کے حوالے سے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔ تاہم اداکار شان نے شاہ رخ خان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ایک اداکار اپنی صلاحیتیں دکھانے کا جذبہ اور اعتماد کھودے تو پھر یہی جواب سامنے آتا ہے(جو شاہ رخ خان نے دیا ہے)۔ آپ کی بھوک کبھی ختم نہیں ہونی چاہئے، ان تمام اداکاروں کو دیکھیں جنہوں نے کامیاب ہونے کے بعد کیا کیا، انہوں نے خود کو چیلنج کیا وہ سب کرنے کے لیے جو وہ کرنا چاہتے تھے، کردار ایک اداکار کے اندر سے آتا ہے۔

واضح رہے کہ ایک دورمیں خانز کو بالی ووڈ فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے بالی ووڈ کے تینوں خانوں کے ستارے گردش میں ہیں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی اور فلاپ ہوگئی۔

Google Analytics Alternative