قومی

شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں شہید ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے  بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں پاک فوج کےجوانوں  پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہادت پانے والے جوانوں کوسلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک کے دفاع کے لئے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جان قربان کرنے والے سکیورٹی فورسز کے افسر اور جوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور ورثا کے ساتھ اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

تربت میں دہشت گردوں کا ایف سی اہلکاروں پر حملہ، آفیسرسمیت 4 اہلکار شہید

راولپنڈی: تربت میں ایف سی بلوچستان پر دہشت گردوں کی فائرنگ  سے  پاک فوج کے آفیسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق  ایف سی بلوچستان کے اہلکارہوشاب اورتربت کے درمیانی علاقے میں کومبنگ آپریشن میں مصروف تھے کہ اس دوران جوانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے آفیسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے۔

شہید ہونے والوں میں کیپٹن عاقب، سپاہی نادر ، سپاہی عاطف الطاف اور سپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ چند دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، دشمن عناصر کی بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش انشاءاللہ ناکام ہوگی۔

کرایہ داری ایکٹ خلاف ورزی؛ عرفان صدیقی کی بریت کی درخواست مسترد، جیل منتقل

اسلام آباد: پولیس نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے عرفان صدیقی کو جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب گرفتار کیا تھا۔ عرفان صدیقی کے ساتھ اقبال نامی شخص کو بھی حراست میں لیا گیا، دونوں کو اسلام آباد کے تھانہ رمنا منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کے خلاف سیکشن 188 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، انہوں نے گھر کرائے پر دے رکھا تھا، انہوں نے کرایہ داری پر عمل درآمد نہ کیا اور نہ ہی پولیس اسٹیشن میں اس کا اندراج کروایا۔

بعد ازاں پولیس نے عرفان صدیقی کو جوڈیشل میجسٹریٹ مہرین بلوچ کے روبرو پیش کیا۔ پولیس نے عرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی جب کہ عرفان صدیقی کے وکلا کا موقف تھا کہ ان کے موکل پر جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا ہے، اس لئے عرفان صدیقی کو رہا کیا جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے عرفان صدیقی کی بریت کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے عرفان صدیقی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

امریکا کا پاکستان کیلئے ایف 16 طیاروں کی تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان

 واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کے لیے ایف 16 طیاروں کی تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے پاکستان کے ایف 16 طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کردیا۔ ایف 16 طیاروں کے لیے ساڑھے 12 کروڑ ڈالر کی سپورٹ فراہم کی جائے گی اور پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے پرزے اور فنی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی تکنیکی سپورٹ کا اعلان امریکا کی دفاعی سیکیورٹی تعاون ایجنسی نے کیا جب کہ تکنیکی و فنی سپورٹ کی منظوری امریکی محکمہ خارجہ نے دی۔

دوسری جانب امریکا نے بھارت کے سی 17 طیاروں کے لیے 67 کروڑ ڈالرز کی تکنیکی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کے فیصلے سے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن نہیں بگڑے گا، جب کہ اس فیصلے سے امریکی خارجہ پالیسی اورقومی سلامتی کو بھی فائدہ ہوگا۔

حکومت کا اپوزیشن کے جلسے اور ریلیاں نہ روکنے کا فیصلہ

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اپوزیشن کی کسی ریلی یا جلسے کو نہیں روکنا، عوام خود دیکھ لیں گے کہ ان کے شو کس طرح فلاپ ہوتے ہیں۔

کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا انتہائی اہم اور کامیاب رہا جس پر کابینہ  نے وزیراعظم کو مبارکباد دی، اپوزیشن کو وزیراعظم کی عالمی سطح پر پذیرائی ہضم نہیں ہورہی، گزشتہ روز 25 جولائی 2018 کو مسترد ہونے والوں نے  یوم سیاہ منایا، ہم 25 جولائی کو اپنے ووٹ کی سیاہی ان کے منہ پر ملی تھی یہ اس کا سوگ مناتے رہے، ایک ٹولہ احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے میں مصروف تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کے جلسے جلوسوں کا نہ روکنے کا حکم دیا ہے، قوم خود دیکھے کہ اپوزیشن کے شو کتنے فلاپ ہیں، ہم چاہتے ہیں یہ انتشار کی سیاست سے باہر آئیں، اپوزیشن کا کل کا شو ناکام ہو گیا، اگلی بار اپوزیشن اپنی ناکامی پر یوم سیاہ منائے گی۔

معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ اجلاس میں چیئرمین پی آئی اے نے ماضی کی داستانیں بیان کیں،  2008 سے 2018  تک سابقہ حکمرانوں نے پی آئی اے کو چنگچی کے طور پر استعمال کیا، چنگچی رکشا بھی اس طرح استعمال نہیں ہوتا جس طرح پی آئی اے کو استعمال کیا گیا، قومی ایئرلائن کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا گیا جو کرائے کی سائیکل کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا، سیاست کی بھینٹ چڑھنے والی قومی ایئرلائن خسارے کا شکار ہوئی، پی آئی اے کے پائلٹس ان کے ذاتی ڈرائیور کی طرح ڈیوٹیاں انجام دیتے رہے۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ پی آئی اے میں سیاسی بنیادوں پر بلاجواز سالانہ 503 افراد کی غیر قانونی بھرتیاں ہوئیں، پی آئی اے کے 33  دفاتر یونین کے قبضے میں تھے،  2012 سے 2017 تک 50 وی آئی پی فلائٹس چلائی گئیں، ان فلائٹس پر ایک ارب  6 کروڑ کا نقصان ہوا،  کروڑوں روپے جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا،  31 ڈومیسٹک فلائٹس کو نیشنل روٹس سے ہٹا کر سکھر ایئرپورٹ پراتارا گیا، 21 پی آئی اے جہازوں کا 21 مرتبہ رخ تبدیل کروایا گیا، جہازوں کا رخ سکھر کی طرف موڑنے پر 55 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 45 وی آئی پی فلائٹس نواز فیملی کے لئے استعمال ہوئیں جس پر 950 کروڑ کا نقصان ہوا، نوازشریف کا علاج حکومتی خرچے پر ہوا، وہ جب لندن میں تھے تو دوران علاج پی آئی اے کا جہاز لندن میں کھڑا رہا جس پر 28 کروڑ روپے خرچ آیا،  قوم کے بچے اس خاندان کی بیماریوں کا بل ادا کرتے رہے، اور ان کے اپنے بچےکروڑوں روپےکے گھروں میں رہتےہیں، سابق صدر کے دہی بھلوں کی قیمت قوم نے 27 کروڑ روپے کی شکل میں ادا کی۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا ہے سابق حکمرانوں سے 2008 سے 2018 تک دہی بھلوں اور سیر سپاٹوں پر آنے والے کے اخراجات وصول کئے جائیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں پی آئی اے میں بہتری آئی ہے، پی آئی اے کی آمدنی میں 22 فیصد اضافہ ہوا اور اخراجات میں 20فیصد کمی ہوئی، اس سال قومی ایئرلائن اپنے پاوٴں پر کھڑی ہوجائے گی،  قیادت درست ہو تو بدترین حالات میں اچھے نتائج دیئے جاتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلی فون

اسلام آباد: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے ترک صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نےافغان امن عمل اور مسئلہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی۔

بعدازاں ٹیلیفونک گفتگو کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ترک صدر نےدہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق پاک ترک قیادت کا دو طرفہ برادرانہ تعلقات اور تعاون پر اظہار اطمینان کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعاون کے اہم شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  پاک ترک اعلی سطح اسٹرٹیجک کونسل کے پاکستان میں اجلاس سے دو طرفہ تعاون مزید فروغ پائے گا، پاک ترک قیادت اسٹرٹیجک کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی عوام ترک صدر کے دورے کے منتظر ہیں۔

حکومت اشیائے ضروریہ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دے رہی ہے، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک معاشی بحران سے نکل آیا ہے اور حکومت اشیائے ضروریہ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دے رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے شرکاء کو دورہ امریکا پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کی احتجاج تحریک کے خلاف سخت لائحہ عمل اپنانے اور سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مثبت چہرہ عوام کے سامنے لائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن کیسز میں ملوث لوگ ٹی وی پر آکر خود کو سیاسی شہید بنا رہے ہیں اور سزا یافتہ افراد قوم کو گمراہ کررہے ہیں. وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک معاشی بحران سے نکل آیا ہے اور حکومت اشیائے ضروریہ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دے رہی ہے۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ شرکا نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق نمبر گیم سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

ناران اور شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 3 سیاح ہلاک، ہزاروں پھنس گئے

بالا کوٹ: ناران اور شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 3 سیاح جاں بحق ہوگئے اور شاہراہ کاغان کئی مقامات سے بند ہوگئی جس کے نتیجے میں ہزاروں سیاح پھنس گئے۔

ناران کے سیاحتی مقامات جل کھڈ اور بوڑاوئی میں لینڈ سلائیڈنگ سے 2 سیاح اور 2 چرواہے ملبے تلے دب گئے۔ مقامی افراد اور امدادی کارکنوں نے دونوں سیاحوں کی لاشیں ملبے سے نکالیں جن کی شناخت شمیم اختر زوجہ ثقلین اور عابد جواد ولد بگاہ شاہ کے نام سے ہوئی جو لیہ کے رہائشی تھے۔ ان کی گاڑی پر مٹی کا تودہ آگرا جس کے ملبے تلے وہ دب کر رہ گئے۔

ان کے علاوہ دو چرواہے تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے ایک لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

شاہراہ کاغان کی گزشتہ 16 گھنٹوں سے بندش کے باعث ہزاروں سیاح گاڑیوں میں محصور ہوگئے جن میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں، انہیں رات کھلے آسمان تلے بسر کرنی پڑی اور غذا کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ کا کہنا ہے کہ محصورین تک خوراک پہنچانا پہلی ترجیح ہے لیکن رستے بند ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کے بغیر سیاحوں تک فوری رسائی ناممکن ہے۔

اے سی بالاکوٹ نے بتایا کہ تمام اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے، جل کھڈ اور بوڑاوئی کے درمیان شاہراہ کاغان پر ہر 2 کلومیٹر کے فاصلے سے 8 مقامات پر بھاری لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔

Google Analytics Alternative