قومی

چیئر مین نیب نے شرجیل میمن کیخلاف تحقیقات شروع کرنیکی منظوری دیدی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سندھ حکومت کے اہم وزیر شرجیل میمن سخت مشکلات میں ہیں کیونکہ چیئر مین نیب نے ان کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔اگرچہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی حیثیت تک کا آدمی یہ کہہ چکا ہے کہ میمن ممکنہ طور پر پیپلزپارٹی کی مبینہ کرپشن کے خلاف سلطانی گواہ کی حیثیت سے سامنے آسکتا ہے لیکن نیب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کا اس سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔نیب ہیڈ کوآرٹر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب سندھ نے باضابطہ طور پر شرجیل میمن کے خلاف وزارت اطلاعات میں بدعنوانی کی تحقیقات کیلیے درخواست دی تھی۔نیب کے ذرائع کا دعوی ہے کہ چند ماہ قبل سندھ کے سیکرٹری اطلاعات ذوالفقار علی شاہوانی کی گرفتاری کے بعدسے 180ملین روپے کی بدعنوانی میں شرجیل میمن کے کردار کا پتہ چلاہے۔شرجیل میمن سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے دوٹوک انداز میں بدعنوانی کے کسی مقدمے میں ملوث ہونے کی تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی کے حوالے سے کیس تھا جس کا مالک پہلے ہی رضاکارانہ طور پر متعلقہ رقم لوٹا رہا ہے۔یوسف رضاگیلانی کے بیان کے حوالے سے میمن نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گیلانی کے خلاف بھلا کیسے سلطانی گواہ بن سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے تو کبھی وفاقی حکومت میں خدمات انجام ہی نہیں دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پی پی قیادت یا سندھ حکومت کے خلاف سلطانی گواہ بننے سے بھی انکار کیا اور کہا کہ وہ اس طرح کے کسی اقدام سے اپنا سیاسی مستقبل تباہ نہیں کر سکتے۔نیب کے ذرائع کا البتہ اصرار ہے کہ شرجیل انعام میمن کے حکومت سندھ کے محکمہ اطلاعات کے کردار اور میسرز کنیکٹ کمیونی کیشن پرائیویٹ لمیٹڈ میں ان کے اور دیگر کے کرادار کے حوالے سے شکایات ہیں ۔شرجیل میمن کے علاوہ جو مبینہ طور پر معاملے میں ملوث ہین ان میں سیکرٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار علی شاہوانی، سابق ڈائریکٹر انفارمیشن (اشتہارات) منصور احمد راجپوت اور میسرز کنیکٹ مارکیٹنگ کمیونی کیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالقادر شاہ شامل ہیں۔ان الزامات میں سرکاری رقوم میں گھپلے، سرکاری اتھارٹی کا غلط استعمال، سندھ کے پیپرا رولزو کی خلاوف ورزی اور بدعنوانی کی دیگر صورتیں ہیں۔نیب زرائع کا کہنا ہے کہ ایک ملزم عبدالقادر شاہ پہلے ہی نیب کو رضاکارانہ طور پر 74ملین روپے کی رقم لوٹانے کی درخواست کرچکا ہے۔چند ماہ قبل نیب ہیڈ کوآرٹر نے سیکرٹر ی انفارمیشن سندھ ذوالفقار علی شاہوانی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے جس کے بعد انہیں حفاظتی تحویل میں ضمانت دے دی گئی اور وہ نیب کراچی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔سیکرٹری انفارمیشن نے تحقیقات میں 180ملین روپے کی مبینہ کرپشن کی ذمہ داری میمن پر ڈالنے کی کوشش کی تھی۔ نیب کو اس امر کے ٹھوس شواہد ملے ہیں ۔اس کے بعد نیب نے ٹھوس شواہد کیلیے سندھ کے بڑبولے وزیر اطلاعات سے چھان بین کیلیے اجازت نامہ طلب کیا تھا۔میمن جو سندھ کابینہ کے سب سے نمایاں وزیر ہیں وہ چند ماہ قبل منظر سے غائب ہوگئے۔ وہ نہ تو ٹی وی شوز میں آرہے ہیں اور نہ ہی پریس ٹاکس سے خطاب کررہے ہیں جو پہلے ہی روزمرہ روایت تھی۔نیب کے علاوہ ، رینجرز اور ایف آئی اے نے بھی سندھ کی کرپشن مافیا کے خلاف مہم تیز کر دی ہے۔ رینجرز کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ انہوں نے سندھ کے وزیر اعلی کو 24ساستدانوں، بیوروکریٹس، پولیس حکام اور دیگر کی فہرست دی ہے جو مبینہ طور پر براہ راست یا بالواسطہ طور پر کرپشن میں ملوث تھے اوریہ سندھ اور کراچی میں مجرمانہ سرگرمیوں اور دہشت گردی کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔

گلگت،ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اشتہاری قرار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت کی عدالت نے ایم کیوایم کے سربراہ الطاف حسین کواشتہاری قراردے دیاہے ۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق گلگت کے تھانہ ائرپورٹ میں ایک شہری نے الطاف حسین کی متنازع تقریرکے خلاف مقدمہ درج کرایاتھاجس پرعدالت کے جج راجاشہبازخانے الطاف حسین کواس مقدمے میں اشتہاری قراردے دیاہے اورالطاف حسین کودس ستمبرتک عدالت میں پیش ہونے کاحکم دیاہے۔واضح رہے کہ الطاف حسین کے خلاف گلگت میں مجموعی طورپرنومقدمات درج ہیں ۔

اسلام آباد : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے بھی خاموشی توڑ دی۔

اسلام آباد:  پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر خاموشی توڑ دی. عمران خان نے حکومت کو تنبیہہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا  ہے کہ حکومت ان کے سٹرکوں پر نکلنے سے پہلے ہی عالمی معیار کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں کمی کردے۔ان کا کہناتھا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہاہے  انہوں نے کہا کہ ڈیزل پر 45فیصد جی ایس ٹی کی وصولی ایک ظالمانہ اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی قابل قبول نہیں ہے،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے لیکن پاکستان میں اس کی مناسبت سے قیمت میں کمی نہیں کی گئی اس لیے حکومت اس مرتبہ عوامی طاقت کے مظاہرے کا انتظار نہ کرے اور پٹرول کی قیمت میں عالمی معیار میں کمی کے مطابق کرے۔

کراچی : پی آئی اے نے اپنے کرایوں میں 20 سے 30 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا۔

قومی ائیر لائن پی آئی اے نے اپنے کرایوں میں 20 سے  30 فیصد تک کمی کا اعلان کردیا،  کمی کا اطلاق تین ستمبر سے ہوگا جبکہ عوام  اس سہولت سے تیس اکتوبر تک  مفید ہو سکیں گے. تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے بزنس کلاس  کے کرائے میں 30 فیصد اور اکانومی کلاس کے کرائے میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، بیرون ملک جانے والی پروازیں نیویارک، ٹورنٹو، پیرس، میلان، کوپن ہیگن، بیجنگ، کولالمپور، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔پی آئی اے کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ خرم مشتاق کے مطابق کرایوں میں کمی عوام کو سستی سفری سہولت  کی فراہمی سمیت قومی ادارے کے ریونیو میں اضافے کا سبب بھی بنے گی۔ ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن اندرون ملک سفر کرنے والوں کے لئے بھی سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کا پلان  تشکیل دے رہی ہے.

مبینہ کرپشن ،یوسف رضا گیلانی نے جاری وارنٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مبینہ کرپشن کے آٹھ مقدمات میں جاری وارنٹ گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے اور استدعا کی کہ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہوسکیں۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مبینہ کرپشن کے 8 مقدمات میں سینٹرل جج کراچی کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست ملک جاوید اقبال ایڈووکیٹ کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے موقف اختیار کیا کہ مبینہ کرپشن کے مقدمات میں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے میرے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے ہیں ، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہو سکیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں وارنٹ گرفتاری کیخلاف یوسف رضا گیلانی کی درخواست پر سماعت آج ہو گی۔

ملکی بقاءکو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیاروں کا آپشن بھی استعمال کرسکتے ہیں،خواجہ آصف

اسلام آباد(سپیشل رپورٹ)وزیر دفاع خواجہ اصف نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کے ساتھ امن کیلئے اپنی سیاسی ساکھ کو داﺅ پر لگایا،پاکستان کی بقا کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیاروں کا آپشن بھی استعمال کرسکتے ہیں، بھارت کھلے ذہن کے ساتھ مذاکرات کرے تو آج بھی تیار ہیں، امریکا پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کیلئے کوشش کررہا ہے،بھارت پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا صرف دباﺅ میں رکھنا چاہتا ہے، پاکستان بھارت سے مکمل جنگ کیلئے تیار ہے، ممبئی حملوں پر بھارتی موقف قطعی طور پر تسلیم نہیں کیا جاسکتا ، پاکستان سے بھارت میں مداخلت نہیں ہورہی، بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے مستند شواہد عالمی فورمز پر پیش کرنے جارہے ہیں، افغانستان کے ساتھ اعتماد کے سفر کا دوبارہ آغاز چاہتے ہیں، امریکا کولیشن سپورٹ فنڈ کو پاکستان پر دباﺅ کے لئے استعمال کرتا ہے، بھارت سے روایتی جنگ میں بھی پاکستان کو برتری ہوگی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پرتعلقات رکھے جاسکتے ہیں، کھلے ماحول اور کھلے ذہن کے ساتھ مذاکرات کیلئے آج بھی تیار ہیں، امریکا پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کیلئے کوشش کررہا ہے، بھارت پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا بلکہ صرف دباﺅ میں رکھنا چاہتا ہے، پاکستان بھارت سے مکمل جنگ کیلئے تیار ہے، بھارت پاکستان میں سویلین آبادی کو نشانہ بنارہا ہے، پاکستانی افواج بھارت کو جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیتی ہیں، پاکستان اگر ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر پہل کررہا ہوتا تو مذاکرات کیلئے اقدامات نہیں کرتا،وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کے ساتھ امن کیلئے اپنی سیاسی ساکھ کو داﺅ پر لگایا۔انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہماری علیحدگی پسند تحریکیں بھارت کے ہاتھ میں کھیل رہی ہیں، پاکستان میں دہشتگردی کو بڑھاوا دینے میں بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے مستند شواہد موجود ہیں جو ہم عالمی فورمز پر پیش کرنے جارہے ہیں، بیرون ملک بیٹھے بلوچ علیحدگی پسندوں کے ساتھ بھارتی تعاون کے شواہد موجود ہیں، کراچی میں بھارتی مداخلت کی باتیں تو اخباروں کی زینت بن چکی ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت سے روایتی جنگ میں بھی پاکستان کو برتری ہوگی، ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی نہیں دے رہا لیکن اگر پاکستان کی بقا کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیاروں کا آپشن بھی استعمال کرسکتے ہیں، پاکستان اپنی سرزمین کا بھرپور دفاع کرنے کی پوزیشن میں ہے، ہمیں ایٹمی قوت ہونے پرمعذرت خواہانہ رویہ نہیں اختیار کرنا چاہئے،ہمارا ایٹم بم صرف پاکستان کیلئے ہے، ایٹم بم اپنے وسائل سے بنایا اسے کسی کو نہیں دیں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، بھارت کے ساتھ ایشوز پر چین ہمارا فطری اتحادی بنتا ہے، چین اور پاکستان کے علاقائی مفادات یکساں ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری کو صرف گوادر کے تناظر میں نہ دیکھا جائے، اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد پورا خطہ اس سے جڑ جائے گا، اقتصادی راہداری سے بھارت مستفید ہوتا ہے تو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سعید اور ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان کا اپنا موقف ہے، ممبئی حملوں پر بھارتی موقف قطعی طور پر تسلیم نہیں کیا جاسکتا ہے، ممبئی حملوں پر بھارت نے شواہد نہیں دیئے، پاکستان کو اجمل قصاب کے معاملہ میں رسائی نہیں دی گئی، ممبئی حملوں کی تحقیقات میں پاکستان کو بھی شامل کیا جاتا تو صورتحال بہتر ہوسکتی تھی، ممبئی حملوں کے بعد تین چار ایسے واقعات ہوئے جو بعد میں جھوٹ ثابت ہوئے، اس سے پاکستانی موقف کو تقویت ملتی ہے، بھارت اپنے علیحدگی پسندوں کی کارروائیاں پاکستان کے سر تھوپنے کی کوشش کرتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی مشرقی اور مغربی سرحدوں کے جنگجوﺅں سے متعلق پالیسی یکساں ہے، پاکستان سے بھارت میں کوئی مداخلت نہیں ہورہی، ورکنگ باﺅنڈری پر جس طرح کے انتظامات ہیں کوئی چڑیا بھی کراس نہیں کرسکتی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن آپس میں جڑا ہوا ہے، افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان کا امن خواب رہے گا، پاکستان افغانستان کے ساتھ ڈبل گیم نہیں کررہا، دو سال میں افغانستان کے ساتھ اعتماد کی فضا بحال ہوئی، پچھلے دو مہینے میں افغانستان سے تعلقات خراب ہوئے ہیں ، پاکستان افغانستان کے ساتھ اعتماد کے سفر کا دوبارہ آغاز چاہتا ہے، افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات کا فائدہ پورے خطے کو ہوگا، افغانستان اور پاکستان میں امن قائم ہونے میں ہی امریکا کا مفاد ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا کولیشن سپورٹ فنڈ کو پاکستان پر دباو? کے لئے استعمال کرتا ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی فوجیوں اور شہریوں کی قربانی کے بعد بھی اگر کوئی پاکستان کے خلوص پر شک کرتا ہے تو یہ بہت دکھ کی بات ہے، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف افغانستان سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، آج بھی ساڑھے تین ملین افغانی پاکستان میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی منصوبوں کی تکمیل کے بعد پاکستان معاشی طور پر ا?زاد مملکت بن جائے گا،معاشی دباﺅکی وجہ سے ریاستوں کو اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے، معاشی مجبوریوں کی وجہ سے افغانستان کی دو جنگوں میں پراکسی کے طور پر شامل ہوئے، وسائل نہ ہونے کے باوجود ایٹمی قوت بننا ہمارے لئے فخر کی بات ہے،پاکستان پر جب بھی آزمائش آئی امریکا نے ہاتھ اٹھالیا، ماضی میں امریکا کے ساتھ جنگی معاہدے ہمارے لئے بوجھ ثابت ہوئے۔

مسابقتی کمیشن نے پرائیویٹ اسکولز کی فیسوں میں من مانے اضافے پر نوٹس لے لی

ملک بھر میں پرائیویٹ اسکولز کی فیسوں میں من مانے اضافے پر مسابقتی کمیشن نے نوٹس لے لیا۔ تمام پرائیویٹ اسکولز کو 11 ستمبر تک تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم مسابقتی کمیشن نے پرائیویٹ اسکولز کی فیسوں میں من مانے اضافے پر نوٹس لیتے ہوئے غیر ضروری فیس بڑھانے والے اسکولز کے خلاف کارروائی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے مسابقتی کمیشن نے تمام نجی اسکولز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکولوں کی ماہانہ‘ ششماہی اور سالانہ فیسوں سمیت تمام ریکارڈ 11 ستمبر تک پیش کریں۔ اس کے علاوہ مسابقتی کمیشن نے نجی اسکولوں سے تمام نقصانات اور اخاجرات کے حوالے سے بھی تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ مقررہ تاریخ تک تفصیلات جمع نہ کروانے والے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس حوالے سے سکولوں کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

کچی آبادی کے مکینوںکو حکومت نے فلیٹس دینے کا اعلان کر دیا

 کراچی: کچی آبادی کے حالیہ مقرر کیے گئے نئے وزیر  طارق مسعو د آرائیں نے کچی آبادی والوں کے لیے ایک زبردت اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 1985 سے کچی آبادیوں میں رہنے والے افراد کو مفت فلیٹس فراہم کیے جائیں گے۔  انہوں نے سندھ بھر میں لیز کیمپس قائم کرنے کے لیے سندھ کے ذویژنل ڈائیریکٹرز کو اس سے متعلق احکامات بھی جاری کر دئے۔ تاکہ کچی آبادی کے بے گھر افراد ان کیمپس کے ذریعے اپنی لیز حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کیمپس کچی آبادی کے رہائشیوں کو ان کے حقوق دینے کے لیے ہر ضلع میں قائم کیے جائیں گے۔ لیز حاصل کرنے والے افراد کے لیے مفت فلیٹس کی تعمیر کی جائے گی۔  انہوں نے تنبیہہ کی کہ کچی آبادی سے  منافع کمانے والے افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

Google Analytics Alternative