کھیل

اسپاٹ فکسنگ؛ ناصر جمشید کیس کا فیصلہ جمعہ کو سنایا جائے گا

لاہور: پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں ناصر جمشید کیس کا فیصلہ جمعہ کو سنایا جائے گا۔

ٹریبیونل کے سربراہ جسٹس (ر) فضل میراں نے 12 روز قبل سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرکے 15 روز میں سنانے کا اعلان کیا تھا۔ سابق کرکٹر پر پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ جن میں عدم تعاون، بکیز سے رابطے، پلیئرز کو فکسنگ پر اکسانے، معلومات چھپانے کے الزامات شامل ہیں۔

سماعت کے دوران ناصرجمشید کے وکیل حسن وڑائچ نے پی سی بی کی طرف سے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا، ناصر جمشید نے اپنا ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا تھا اور پی سی بی کی لیگل ٹیم کے سوالات کے جوابات دیے تھے۔ پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی اور سلمان نصیر نے ٹربیونل کے سامنے موقف اختیار کیا کہ کرکٹر کو سخت سزا دے کر دوسروں کے لیے عبرت کا نشان بنایا جائے۔

واضح رہے کہ ناصرجمشید کو اس سے قبل تحقیقات میں عدم تعاون پر ایک سال معطلی کی سزا دی جا چکی ہے، پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ اور دیگر الزامات لگاتے ہوئے ٹریبیونل میں یہ دوسرا کیس دائر کر رکھا ہے۔

عمران خان کی حلف برادری کی تقریب؛ سدھو کو پاکستانی ویزا جاری

نئی دلی: چیئرمین پی ٹٰی آئی عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستانی ویزا جاری کردیا گیا وہ 17 اگست کو پاکستان آئیں گے۔

پاکستانی سفارتخانے نے بھارتی رکن اسمبلی اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو 2 ہفتے کا ویزا جاری کردیا، سابق بھارتی کرکٹر عمران خان کی بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے  17 اگست کو پاکستان آئیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں 1992 کی فاتح کرکٹ ٹیم سمیت 3 بھارتی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا تھا جن میں نوجوت سنگھ سدھو، کپل دیو اور سنیل گواسکرکو شامل تھے جس پر تینوں کرکٹرز نے عمران خان کی طرف سے دعوت بھیجے جانے پر شکریہ ادا کیا تھا۔

 بعد ازاں بھارتی میڈیا کی جانب سے منفی پروپیگنڈے کے بعد کپل دیو اور سنیل گواسکر کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرنا پڑی، انہوں نے نجی مصروفیات ظاہر کرکے تقریب میں شرکت سے انکار کیا تاہم نوجوت سنگھ سدھو نے ویزے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا تھا جو اب انہیں جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان اور بھارت مسائل کے حل کیلیے اقدامات کریں، شاہد آفریدی

کراچی: سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بھارتیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے خصوصی پیغام دیا ہے۔

بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پڑوسی ملک کو ٹوئٹر پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سال دونوں ملک اپنے اپنے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

شاہد آفریدی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں امید کرتا ہوں اس سال پاکستان اور بھارت دونوں اپنے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کریں ، جس سے یہ خطہ ایک بہتر، پرامن اور خوشحال مقام بن جائے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ میچز کا انعقاد ہوسکے۔‘‘

واضح رہے کہ قومی کرکٹر شعیب ملک نے بھی بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا سمیت تمام بھارتیوں کو مبارکباد دی ہے۔

نئے پاکستان میں سب کو جدوجہد کرنا ہوگی؛ سرفراز احمد

کراچی:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تبدیلی آرہی ہے نیا پاکستان بننے جارہا ہے۔

سرفرازاحمد نے کہا نئے پاکستان کی تکمیل کے لیے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی، عزم اور لگن کے ساتھ سخت محنت کو اپنا شعار بناکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

انھوں نے اس امر کا اظہار جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں جشن آزادی کے سلسلے میں رنگارنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قومی کپتان نے کہا کہ طلبا اور طالبات کو اچھی تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ ہر فرد کو اپنے شعبے میں احساس ذمے داری کے ساتھ قومی ترقی کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔

 کپتان نے کہا کہ یہ امر خوش کن ہے کہ جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک ہوکر پاکستان کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی میدان میں جذبہ حب الوطنی سے سر شار ہوکر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تقریب میں ویمن کرکٹرز عالیہ ریاض، ارم جاوید اور عائشہ ظفر بھی موجود تھیں، آخر میں سرفراز احمد نے تقریب کی مناسبت سے پاکستان کی آزادی کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا۔

بین اسٹوکس جھگڑے، مارپیٹ کے مقدمے میں بری

انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو برسٹل کی عدالت نے گراؤنڈ کے باہر شہری سے جھگڑنے کے مقدمے میں بری کر دیا۔

بین اسٹوکس نے گزشتہ سماعت کے دوران کہا تھا کہ انھیں کچھ یاد نہیں ہے لیکن وہ اس وقت غصے میں بالکل نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے دوست علی اور ہیلز کی مبینہ طور پر دو شہریوں سے تلخ کلامی ہورہی تھی اور انھوں نے مداخلت کی تھی۔

قبل ازیں ریان اور علی کو اسی مقدمے میں بری کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 24 ستمبر کو انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل دوسری کامیابی کے بعد بین اسٹوکس ساتھی کھلاڑی ایلکس ہیلز کے ہمرا جشن منانے کے دوران تنازع کا شکار ہوگئے تھے۔

بین اسٹوکس کے ساتھ مبینہ جھگڑے میں ایک 27 سالہ شخص کے چہرے پر شدید چوٹیں آئی تھیں اور انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔

اس واقعے کے بعد پولیس نے بین اسٹوکس کو گرفتار کر لیا تھا تاہم تفتیش کے بعد بری کردیا گیا تھا لیکن مزید کارروائی کے لیے عینی شاہدین کی تلاش شروع کردی تھی جس کے بعد مقدمہ درج کردیا گیا تھا۔

اس واقعے میں مبینہ طور پر ایلکس ہیلز بھی بین اسٹوکس کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے بھی مار پیٹ میں آل راؤنڈر کا ساتھ دیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے اگلے ون ڈے میچ سے باہر کردیا تھا۔

اسٹوکس کے کیریئر میں اس واقعے کے برے اثرات پڑے اور انھیں اہم میچوں سے باہر رہنا پڑا اور بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بھی ٹیم سےباہر تھے اور تیسرے میچ سے بھی باہر ہوں گے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے مختصر بیان میں کہا ہے کہ وہ مقدمے کے اختتام پر بین اسٹوکس کی پوزیشن کا جائزہ لیں گے۔

‏ایشین انڈر 12 بیس بال چیمپئین شپ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو شکست

تائیوان: ‏ایشین انڈر 12 بیس بال چیمپئین شپ میں پاکستانی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، جس نے روایتی حریف بھارت کو 0-16 سے شکست دے دی۔

 پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں ورلڈ نمبر تین کوریا سے مقابلہ درپیش تھا، جس میں پاکستان ٹیم کو کوریا کے ہاتھوں 4-1 کے اسکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

پاکستان نے 14 اگست کو گروپ کے دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کو 1-6 اسکور سے شکست دی۔

15 اگست کو پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوا، جس نے میچ میں مکمل طور پر بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-16 کے اسکور سے مات دی۔

پاکستان نے پہلی ہی اننگز سے بھارتی ٹیم کو دباؤ میں رکھا جو آخری اننگز تک برقرار رہا اور کم از کم 15 اسکور کا فرق ہونے کی وجہ سے میچ کو پانچ اننگز میں ہی مکمل قرار دے دیا گیا۔

اس طرح گروپ میں دو میچز جیتنے کے بعد پاکستان انڈر 12 ٹیم نے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔

ایشین انڈر 12 بیس بال چیمپئین شپ ورلڈ کپ کا کوالیفائی راؤنڈ بھی ہے، جس  میں پہلی 3 پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں ورلڈ کپ کھیلنے کی اہل ہوں گی۔

بھارت سے کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑی بے حد خوش ہیں۔

کپتان محمد فیاض اور نائب کپتان سبحان مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ بھارت کی شکست پاکستانی عوام کے لیے تحفہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لگاتار دو میچز جیت کر بہت خوش ہیں،آئندہ میچز میں بھی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔

آزادی ایک نعمت ہے اس کی قدر کیجئے، کھلاڑیوں کا قوم کے نام پیغام

کراچی: 71 واں جشن آزادی جہاں پوری قوم بھرپور جوش وجذبے سے منارہی ہے وہیں پاکستانی کھلاڑی بھی یہ دن پورے جوش سے منارہے ہیں قومی کھلاڑیوں نے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دی ہے۔

قومی کرکٹر سعید اجمل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے تمام لوگوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا ’’ یہ آپ کا اپنا ملک ہے، ملک سے محبت کریں، ملک کو صاف ستھرا رکھیں اور کوشش کریں کہ ایک دوسرے کی مدد کریں پاکستان زندہ باد۔‘‘

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنی بیٹی اوراہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کی، تصویر میں یہ پوری فیملی سبز رنگ میں رنگی نظر آرہی ہے۔ اس تصویر کے ساتھے محمد حفیظ نے پاکستان کو ہرا بھرا رکھنے کا پیغام دیا۔

قومی کھلاڑی کامران اکمل نے ٹوئٹر پر ویڈیو کے ذریعے تمام لوگوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

عمر اکمل نے قومی ترانے کی ایک بہت خوبصورت ویڈیو شیئر کراتے ہوئے تمام لوگوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی بیٹی کی ہاتھ میں جھنڈا پکڑے تصویر شیئر کی اور پیغام دیا ’’اس جشن آزادی آئیں مل کر عہد کریں کہ ہم سب مل کراس ملک کو سنوارنے میں اپنا کردار ادا کریں گے، تبدیلی خود سے کیونکہ ہم اس ملک سے ہیں اور یہ ملک ہم سے ہے۔ آزادی ایک نعمت ہے اس کی قدر کیجئے، پاکستان زندہ باد۔‘‘

قومی کرکٹر شعیب ملک نے جنید جمشید کی ایک یادگار تصویر شیئر کی اورتمام لوگوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ اس دن اپنے گھر کو بہت یاد کررہے ہیں۔

محمد عامرنے بھی تمام لوگوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’’آج کے دن ہم اپنے ماضی کی تابناک تاریخ پر ہی فخر نہیں کر رہے ہیں بلکہ آج بحیثیت قوم ہم اپنے روشن مستقبل کا جشن منارہے ہیں، جشن آزادی مبارک ہو۔‘‘

سابق قومی کھلاڑی وقار یونس نے بھی تمام لوگوں کو جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد کا پیغام دیا اور لکھا ’’تمام دوستوں اورہم وطنوں کو14 اگست کی آزادی اور2018 کی تبدیلی بہت بہت مبارک ہو، پاکستان زندہ باد۔‘‘

قومی کرکٹر فخر زمان نے بھی تمام لوگوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

کرکٹر جنید خان نے جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا’’آئیں اپنے ملک کو ایک بہتر جگہ بناتے ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام پاکستانیوں کی عزت کرنے کا پیغام دیا۔

سنیل گواسکر کے بعد کپل دیو کی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت

ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر کے بعد کپل دیو نے متوقع وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

بھارتی ٹی وی اے بی پی نیوز سے بات کرتے ہوئے کپل دیو نے کہا کہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

نیوز اینکر نے کپل دیو سے سوال کیا کہ آپ نے عمران خان کا دعوت نامہ ٹھکرا دیا جس پر کپل دیو کا کہنا تھا کہ دعوت نامہ ٹھکرانا مناسب الفاظ نہیں، عمران خان کی جانب سے مدعو کرنے پر ان کا مشکور ہوں لیکن کچھ ذاتی نوعیت کے کاموں کی وجہ سے ان کی حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکوں گا۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

سنیل گواسکر پہلے ہی کمنٹری مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں جب کہ کپل دیو نے ابتدا میں کہا تھا کہ اگر انہیں مدعو کیا گیا تو وہ ضرور شرکت کریں گے تاہم اب ان کی جانب سے معذرت سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے پاکستانی ہائی کمیشن سے بھی رابطہ کیا ہے۔

Google Analytics Alternative