کھیل

پانچویں سی این ایس اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ کا کراچی میں آغاز

لاہور: (ویب ڈیسک) پانچویں چیف آف دی نیول سٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ کا شہر قائد میں آغاز ہو گیا ہے۔ سی این ایس اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ 29 ستمبر تک پاکستان نیوی شوٹنگ رینج کراچی میں جاری رہے گی۔

 

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیمپئن شپ میں پاک بحریہ، ایئر فورس، سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، واپڈا، ایف آر اے اور ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی ٹیمیں حصّہ لیں گی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کی زیرِ نگرانی منعقد کی جا رہی ہے۔ اس ایونٹ کے دوران میں مرد، خواتین اور نوجوانوں پر مشتمل کیٹیگریز میں 400 سے زائد شوٹرز حصّہ لے رہے ہیں۔

ایشین سینئر والی بال چیمپئن شپ: پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشین سینئر مینز والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کو اعصاب شکن میچ کے بعد پچھاڑ دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں چیمپئن شپ کے اہم میچ میں پاکستان نے راویتی حریف بھارت کو 2 کے مقابلے میں 3 سیٹس سے ہرایا۔ گرین شرٹس نے روایتی حریف کے خلاف پہلے اور دوسرے سیٹ میں 25-23 اور25-23 سے کامیابی حاصل کر کے برتری حاصل کی۔

تاہم بھارت نے اگلے دونوں سیٹ بالترتیب 25-20 اور 25-19 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔ فیصلہ کن سیٹ میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو 15-6 سے ہرا کر روایتی حریف کا غرور خاک میں ملا دیا۔

اس چیمپئن شپ میں 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں ایران، آسٹریلیا، قطر، سری لنکا، جاپان، تائیوان، تھائی لینڈ، ہانگ کانگ، قازقستان، چین ، عمان، بھارت، پاکستان، کوریا، کویت اور انڈونیشیاءشامل ہیں،پاکستان کو گروپ ڈی میں کوریا، کویت اور انڈونیشیا کے ساتھ رکھا گیا۔

13 رکنی قومی ٹیم کی قیادت ایمل خان کر رہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں آصف، کاشف، مبشر، فخر، شیراز، ادریس، بلال خان، ناصر، ظہیر، حیدر، عثمان فریاد اور مراد شامل ہیں۔ سہیل تاجک دستہ کے سربراہ ہیں دیگر آفیشلز میں ہیڈ کوچ کم (کورین) جبکہ اسسٹنٹ کوچز کے فرائض سعید احمد اور فضل احمد انجام دیں گے، ٹیم کے ہمراہ ٹرینر اکبر علی اور ریفری عبیداللہ شاہ بھی ہیں۔

پاک سری لنکا سریز: قومی ٹیم کا اعلان، حسن علی آؤٹ، عثمان شنواری کی واپسی

لاہور: پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ سرفراز احمد کپتان جبکہ بابر اعظم نائب کپتان ہونگے۔

ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف قومی ون ڈے ٹیم کا اعلان کیا۔ قومی سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، آصف علی، عماد وسیم، امام الحق، افتخار احمد، محمد نواز، شاداب خان، محمد رضوان، وہاب ریاض، حارث سہیل، محمد حسنین، محمد عامر اور فخر زمان شامل ہیں۔ حسن علی کے فٹ نہ ہونے کے باعث ان کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا احمد شہزاد کی پی ایس ایل میں کارکردگی اچھی رہی، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹی 20 میں موقع دیں گے، نئے کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ہمارے تینوں اوپنرز ون ڈے کرکٹ میں پرفارم کر رہے ہیں۔

پنلٹی مس کرنے پر لیور پول کو شکست کا کڑوا گھونٹ بھرنا پڑ گیا

لندن:  فٹبال چیمپئنز لیگ میں پنلٹی مِس کرنے پر ہار کی پنلٹی بھگتنا پڑ گئی، محمد صلاح کی ٹیم لیورپول کو بھی شکست کا کڑوا گھونٹ بھرنا پڑا۔

74 ویں منٹ منٹ روڈریگو کے گول نے ویلنشیا کو برتری دلائی جس سے میچ میں بڑی سنسنی آئی۔

چیلسی کو آخری منٹ پنلٹی ملی، افسوس! نوجوان کھلاڑی روس بارکلے نے پنلٹی ضائع کر کے ہار سے بچنے بلکہ پوائنٹ ٹیبل پر اوپر آنے کا موقع گنوا دیا۔ دوسرا مقابلہ ای گروپ کی نیپولی اور لیورپول کے درمیان ہوا۔

سپر اسٹار محمد صلاح کی ٹیم لیورپول بھی دفاعی انداز میں کھیلتی نظر آئی، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بڑی غلطی کی بیاسویں منٹ میں ملنے والی پنلٹی پر نپولی نے پہلی کامیابی حاصل کی

انجری ٹائم کے ایک اور گول سے لیور پول کو دو صفر کی شکست ہو گئی۔ محمد صلاح کی ٹیم کو ہار کے ساتھ ہی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔

زلمی گلگت بلتستان گرلز فٹبال لیگ چپرسن کی فتح کیساتھ اختتام پذیر

گلگت:  زلمی گلگت بلتستان گرلز فٹبال لیگ چپرسن کی فتح کےساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ سنسنی خیز فائنل میں چپرسن نے شمشال کو پینلٹی ککس پر ہرا دیا۔

قائداعظم ٹرافی میں امام الحق کا سرفراز احمد پر منفی حربوں کا الزام

کراچی: قائداعظم ٹرافی میں امام الحق نے ڈھکے چھپے الفاظ میں اپنی انتہائی سست رفتار اننگز کا الزام مخالف ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر دھر دیا۔ 

قائداعظم ٹرافی میچ میں سندھ کے کپتان سرفراز احمد ہیں اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں سندھ نے اپنی اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 473رنز بناکر ڈیکلیئر کردی تھی، جواب میں بلوچستان کی جانب سے امام الحق اور عظیم گھمن نے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا،عظیم گھمن21، حسین طلعت13اور حارث سہیل24رنز بناکر آؤٹ ہوئے، امام الحق نے سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 269 گیندوں پر 111رنز کی اننگز کھیلی، بلوچستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 98 اوورز میں صرف 191رنز بنائے۔

پریس کانفرنس میں کچھوے کی چال چلنے کے حوالے سے سوال پر امام الحق نے جواز پیش کرتے ہوئے سندھ ٹیم پر بولنگ اور فیلڈنگ میں منفی حربے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میچ کی صورتحال دیکھیں تو آپ کو کم رنز بننے کی وجہ سمجھ آجائے گی۔ٹیم نے پہلی اننگز میں برتری کا پوائنٹ حاصل کرنے کے لیے دفاعی فیلڈنگ سیٹ کی، بولرز نے منفی حکمت عملی کے ساتھ گیندیں کروائیں۔

بروقت این او سی نہ ملنے پر پاکستان ورلڈ چیمپئن شپ ٹیبل ٹینس سے باہر

 لاہور: حکومت کی طرف سے بروقت این او سی نہ ملنے کی وجہ پاکستان ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے بعد ورلڈ چیمپئن شپ سے بھی محروم ہو گیا۔

ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ 15 سے 22ستمبر تک انڈونیشیا میں کھیلی جانا تھی جس میں 8 قومی کھلاڑیوں اور دو آفیشلز نے شرکت کرنا تھی، ٹیبل ٹینس فیڈریشن حکام کے مطابق ایشین ٹیبل ٹینس ورلڈ چیمپئن شپ کا کوالیفائنگ راﺅنڈ بھی تھا، ایشیائی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے پاکستان نے عالمی ایونٹ میں شرکت کا سنہری موقع بھی گنوا دیا ہے۔

ادھر ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شریک پلیئر پرنیا اقبال خان نے ایک وڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میں تمام ٹیبل ٹینس پلیئرز کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ ان کے ایکشن لینے کی وجہ سے ہمیں این او سی تو مل گیا لیکن یہ اجازت نامہ اتنی تاخیر سے ملا کہ ہم ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ سے باہر ہوگئے اور آئندہ ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے، ایسا ہمارے ساتھ پہلے بھی تین بار ہو چکا ہے،ہم کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کی طرف سے این او سی نہیں ملتا جس کی وجہ سے ہم باہر جا کر نہیں کھیل پاتے، ہماری وزیر اعظم پاکستان سے گزارش ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے خلاف سخت ایکشن لیں کیونکہ وہ جان بوجھ کر ہمیں این او سی جاری نہیں کرتے ہیں۔

ٹیم آفیشل صبا وارث کے مطابق فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے این او سی مانگا تھا لیکن بورڈ کی جانب سے کوئی جواب نہ آ سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت ایونٹ میں شرکت کے لئے جانا تھا ، حکومت نے فنڈز جاری کئے اور نہ ہی بروقت این او سی جاری کیا۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 کھلاڑیوں کا اعلان

لاہور: پی سی بی نے قومی ٹیم کے 20 کھلاڑیوں کو کیمپ کے لئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 کھلاڑیوں کو کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی، کھلاڑیوں کو 18 ستمبر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ سری لنکا کے خلاف حتمی ٹیم کا اعلان 21 ستمبر کو کیا جائے گا۔

پی سی بی نے سری لنکا اور دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کر دیا، مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس بولنگ کوچ، منصور رانا ٹیم آپریشنز ، لاجسٹک اور ایڈمنسٹریٹو مینجر ہوں گے جب کہ کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ ، یاسر ملک ٹرینر، رضا راشد میڈیا مینجر اور طلحہ بٹ اینالسٹ، ملنگ علی مساجر ہوں گے۔ میجر ریٹائرڈ اظہر عارف سری لنکن سیریز کے لئے سیکیورٹی مینجر اور کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری دورہ آسٹریلیا کے دوران سیکیورٹی مینجر ہوں گے۔

پی سی بی کے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد کپتان ، بابر اعظم نائب کپتان، احمد شہزاد ، آصف علی، عابد علی ، فخر زمان ، امام الحق، حارث سہیل، عمر اکمل، عثمان شنواری ، فہیم اشرف، حسن علی ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، وہاب ریاض ، محمد عامر ، محمد حسنین ، محمد نواز ، محمد رضوان اور شاداب خان شامل ہیں۔

قومی ایک روزہ ٹیم 24 ستمبر کو سیریز کے تین میچوں کے لئے کراچی روانہ ہو جائے گی۔

Google Analytics Alternative