کھیل

بھارتی کرکٹ ٹیم کا شاہد آفریدی کیلئے خاص تحفہ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے شاہد آفریدی کو اپنی 18 نمبر والی ٹی شرٹ تحفہ میں دی ہے جس پرویرات کا نام بھی درج ہے۔

شرٹ پرکوہلی اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری سمیت یوراج سنگھ،اشیش نہرا،جسپریت بھومرا، سریش رائینا،محمد شامی، روندرا جدیجا اورکئی بھارتی کھلاڑیوں کے دستخط ہیں۔

شرٹ پرشاہد آفریدی کے لئے یہ پیغام بھی درج ہے کہ آپ کے خلاف کھیل کر ہمیشہ مزا آیا۔

چیمپینز لیگ: کوارٹر فائنل میں ریال میڈرڈ نے بائرن میونخ کوہرادیا

چیمپینز لیگ کے کوارٹر فائنل کا سیکنڈ لیگ، میڈرڈ میں مد مقابل ریال میڈرڈ اور بائرن میونخ، پہلا ہاف کسی گول کے بغیر ختم ہو گیا، کھیل کے 53ویں منٹ میں ہوم ٹیم کو دھچکا لگا اور بائرن کو برتری مل گئی لیکن 76ویں منٹ میں رونالڈو نے گول بنا کر مقابلہ برابر کیا۔

اگلے ہی منٹ میں اون گول پر بائرن کو پھر برتری مل گئی لیکن کھیل کے 84 ویں منٹ میں بائرن میونخ کے وائیڈل کو ریڈ کارڈ ددکھا دیا گیا۔

مقررہ وقت میں بائرن کو دو ایک کی برتری ضرور حاصل رہی ،لیکن یہ سیمی فائنل میں جانے کےلیے ناکافی تھی،میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہواجس میں کرسٹیانو رونالڈو نے دو گول بنائے۔

112 ویں منٹ میں اسینسیو نے گول بنا کر ریال میڈرڈ کو چار دو کی کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچا دیا، رونالڈو نے میچ میں ہیٹ ٹرک کے ساتھ لیگ میں گول کی سنچری بھی مکمل کی۔

کرس گیل ٹی 20 میں 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے

راجکوٹ: ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج اوپنر کرس گیل ٹی 20 کرکٹ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔

کرس گیل نے یہ کارنامہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے گجرات لائنز کے خلاف میچ میں سرانجام دیا۔ کرس گیل کو ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 18 سنچریز اور 60 نصف سنچریز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے جب کہ ٹی 20 کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 175 ناٹ آﺅٹ کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔

مختصر فارمیٹ کی تیزترین ففٹی میں وہ بھارت کے یووراج سنگھ کے شراکت دار ہیں دونوں نے 12 گیندوں پر نصف سنچری بنا رکھی ہے۔ سب سے زیادہ 736 چھکے اور 764 چوکے لگانے کا اعزاز بھی انہوں نے اپنے نام کر رکھا ہے۔

پی سی بی نے خالد لطیف اورشاہ زیب کو بازپرس کیلیے دوبارہ طلب کرلیا

لاہور: پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی نے خالدلطیف اور شاہ زیب حسن کو بازپرس کیلیے دوبارہ طلب کر لیا۔

بورڈ کی  جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شق 4.3 کے تحت تحقیقات اور کوڈ آف کنڈکٹ کی مزید ممکنہ خلاف ورزیوں کا سراغ لگانے کیلیے دونوں کھلاڑیوں کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، معاملہ حساس نوعیت کا ہونے کی وجہ سے اس معاملے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ خالد لطیف 26 اور شاہ زیب حسن 27اپریل کو اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونگے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل شرجیل خان اور خالد لطیف نے بکی کے رابطے پر پی سی بی کو مطلع نہ کرنے کے سوا تمام الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا، اب ان کا کیس جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سربراہی میں قائم اینٹی کرپشن ٹربیونل کررہا ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیلسی کو دو صفر سے ہرادیا

پریمیئر لیگ کے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے لیگ کی نمبر ون ٹیم کے خلاف دو گول داغے، جس کے نتیجے میں چیلسی کو دو صفر سے شکست ہوئی۔

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان نے ممکنہ 15رکنی ٹیم منتخب کرلی

سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ سابق ون ڈے کپتان اظہر علی کو انگلش کنڈیشنز میں اوپنر کی حیثیت سے احمد شہزاد کے ساتھ موقع دینے پر متفق ہوگئے ہیں۔

البتہ کامران اکمل کے چھوٹے بھائی عمر اکمل کو یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاور ہٹر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ عمر اکمل کو خراب فٹنس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز جانے والی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم سے اوپنر کامران اکمل ، بیٹسمین آصف ذاکر اور لیفٹ آرم اسپنر محمد اصغر کو ڈراپ کردیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پندرہ رکنی ٹیم کی فہرست آئی سی سی کو بھیج دی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر اس ٹیم میں تبدیلی 24مئی تک کی جاسکتی ہے۔24مئی سے ٹیمیں انگلینڈ پہنچنا شروع ہوجائیں گی جہاں وہ وارم اپ میچ کھیلیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد پندرہ رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اس فہرست میں کامران اکمل،آصف ذاکر اور محمد اصغر کا نام شامل نہیں ہے۔ جبکہ اظہر علی کو اوپنر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔

اظہر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کےدورے کے بعد کپتان سے ہٹا کر سرفراز احمد کو کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

اظہر علی ویسٹ انڈیز جانے والی ون ڈے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے تھے۔ اظہرعلی نے 31 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی جن میں سے ٹیم نے12میچ جیتے، 18 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔

ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے سری لنکا، زمبابوے، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتیں جبکہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف وہ فتح حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اب ان کو کامران اکمل کی جگہ ملی ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان کے پندرہ ممکنہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، عماد وسیم، جنید خان، محمد عامر، وہاب ریاض، جنید خان، محمد حفیظ ، اور شاداب خان شامل ہوں گے۔

آئی پی ایل :آج کولکتہ کا دہلی ،حیدر آباد کا پنجاب سے مقابلہ

آئی پی ایل ٹین میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں،ٹیموں میں ابھی پوزیشن کی جنگ تو نہیں ،لیکن ٹاپ فور میں رہنے کی جدوجہد ضرور جاری ہے۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز جس کے6 پوائنٹس ہیں اور آج اس کا مقابلہ دہلی ڈیئر ڈیولز سے ہےجو 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دن کے دوسرے میچ میں سن رائزرز حیدرآباد اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان مقابلہ ہے ، دونوں ٹیموں کے میچز بھی برابر ہیں اور پوائنٹس بھی یعنی 4 میچ کھیل کر 4،4پوائنٹس۔

پہلا میچ دوپہر ساڑھے 3 بجے جبکہ دوسرے میچ رات ساڑھے 7 بجےشروع ہوگا۔

وارم اپ مقابلہ؛ پاکستانی ٹیم کو ’’گیئر‘‘ بدلنے کا موقع ملے گا

جمیکا: پاکستانی کرکٹرز کو ہفتے کے روز شروع ہونے والے وارم میچ میں گیئر تبدیل کرنے کا موقع ملے گا۔

سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی20 اورون ڈے سیریز جیتی،اب کپتان کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کیلیے گیئر بھی تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے، مصباح الحق اپنے کیریئر کی آخری سیریز کو یادگار بنانے کیلیے بے تاب ہیں۔

گزشتہ روز مہمان کرکٹرز نے جمیکا میں 3گھنٹے کے پریکٹس سیشن میں صلاحیتوں کونکھارنے کیلیے محنت کی جبکہ احمد شہزاد، حسن علی اور محمد عامر نے آرام کیا، کپتان، ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے دوسرے سینئر بیٹسمین یونس خان، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، سرفراز احمد، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، شاداب خان، محمد اصغر، وہاب ریاض اور محمد عباس میدان میں موجود تھے۔

کھلاڑیوں نے وارم اپ کے بعد پش اپس سمیت مختلف مشقوں کے بعد فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن کی رہنمائی میں ڈرلز کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانا چاہی، سلپ میں مشکل کیچز لینے کی خاص طور پر پریکٹس کرائی گئی، نیٹ میں بیٹسمین اسپنرز کی گھومتی گیندوں پر اپنی تکنیک بہتر بنانے کیلیے کام کرتے رہے، عثمان صلاح الدین اور اسد شفیق نے طویل سیشن کیا، پاکستانی کرکٹرز ٹریلونی اسٹیڈیم میں ہفتے کو شروع ہونے والے سہ روزہ پریکٹس میچ میں ویسٹ انڈیز پریذیڈنٹ الیون کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ادھر اولیویا گرینج کے وزیر اسپورٹس علی میکنیب کا کہنا ہے کہ ٹریولی اسٹیڈیم میں پریکٹس کے لیے انٹرنیشنل ٹیموں کی میزبانی سے سیاحت کو فروغ دینے کے مواقع میں بھی اضافہ کرسکتے ہیں، یاد رہے کہ 3میچز پرمشتمل سیریزکا پہلا ٹیسٹ 21اپریل سے جمیکا میں شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیزکی سرزمین پرآج تک طویل فارمیٹ میں کوئی سیریزنہیں جیت سکی، گزشتہ 7 میں سے4 سیریز میں میزبان ٹیم فاتح رہی جبکہ 3ڈرا ہوئیں۔

Google Analytics Alternative